Tag: Nida Dar

  • ندا ڈار ذہنی مسائل کا شکار، کرکٹ سے بریک لے لیا

    ندا ڈار ذہنی مسائل کا شکار، کرکٹ سے بریک لے لیا

    پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سابقہ کپتان ندا ڈار ذہنی مسائل کا شکار ہو گئیں۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم کی سابقہ کپتان نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام جاری کیا ہے جس میں ندا ڈار نے بتایا کہ انہوں نے مینٹل ہیلتھ کے ایشو پر کرکٹ سے بریک لے لیا۔

    ندا ڈار ذہنی مسائل کا شکار، کرکٹ سے بریک لے لیا

    ندا ڈار نے کہا کہ پچھلے کچھ عرصے میں میری ذات اور پروفیشن کے حوالے سے بہت کچھ ہوا، ان معاملات کی وجہ سے میری ذہنی صحت پر بہت اثر پڑا ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ اس وجہ سے میں کرکٹ سے بریک لے رہی ہوں تاکہ اپنے اوپر فوکس کرسکوں، میری پرائیویسی کا خیال رکھنے کی درخواست ہے۔

    واضح رہے کہ سابق کپتان کو آئی سی سی ویمن کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر کے لیے کیمپ میں بلایا گیا تھا جس کے لیے ان کا فٹنس ٹیسٹ لیا گیا  اور فٹنس کی بنیاد پر ندا ڈار کو ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔

  • ندا ڈار نے ٹی ٹوئنٹی میں اہم اعزاز اپنے نام کرلیا

    ندا ڈار نے ٹی ٹوئنٹی میں اہم اعزاز اپنے نام کرلیا

    پاکستانی قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان ندا ڈار نے انگلینڈ ویمن کرکٹ ٹیم کے خلاف سیریز کے دوسرے میچ میں بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا ایک اہم اعزاز اپنے نام کرلیا۔

    نارتھمپٹن میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی کپتان ندا ڈار ویمنز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ 137 وکٹیں حاصل کرنے والی بولر بن گئیں۔

    قومی ویمنز ٹیم کی کپتان ندا ڈار نے 137 ویں وکٹ حاصل کرنے کے بعد آسٹریلیا کی میگن شوٹ کی 136 وکٹوں کا ریکارڈ توڑا ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ ویمنز ٹی 20 سیریز کے دوسرے میچ میں انگلش ٹیم نے پاکستان کو 65 رنز سے شکست دے دی۔

    انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم نے پاکستان کو جیت کیلئے 145 رنز کا ہدف دیا تھا، انگلینڈ کو 3میچوں کی سیریزمیں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہوگئی۔

    لیڈز کے کاؤنٹی گراؤنڈ نارتھمپٹن میں ہونے والی پاک انگلینڈ ٹی 20 سیریز کے دوسرے میچ میں میزبان ٹیم نے پاکستان کو جیت کیلئے 145 رنز کا ہدف دیا تھا۔

    انگلینڈ ویمنز نے پاکستان کو 65 رنز سے شکست دے دی

    جواب میں پاکستان کی ٹیم 145 رنز کے تعاقب میں 79 رنز پر ڈھیر ہوگئی، عالیہ ریاض19، منیبہ علی 18، سدرہ امین 11 رنز بنا سکیں۔

  • ندا ڈار قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان مقرر

    ندا ڈار قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان مقرر

    لاہور: ندا ڈار کو قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے خواتین کی قومی کرکٹ ٹیم کی ذمہ داری ندا ڈار پر ڈال دی، مارک کولز خواتین کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ہوں گے۔

    پی سی بی کے مطابق سابق ٹیسٹ کرکٹر سلیم جعفر خواتین ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین مقرر کر دیے گئے، یہ تقرریاں منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کی منظوری کے بعد کی گئیں ہیں۔

    ندا ڈار 2021 میں پی سی بی وومن کرکٹر آف دی ایئر کا اعزاز جیت چکی ہیں، کپتانی کی ذمہ داری سونپے جانے کے بعد ندا ڈار نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ’’کپتان بننا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، کپتانی سونپنے پر پی سی بی کی شکر گزار ہوں۔‘‘

    ہیڈ کوچ مارک کولز نے کہا کہ ٹیم میں باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں، امید ہے کھلاڑی عالمی سطح پر اچھا کھیل پیش کریں گی۔

  • ٹی 20 کرکٹ: سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والی پاکستانی خاتون بولر

    ٹی 20 کرکٹ: سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والی پاکستانی خاتون بولر

    پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی آل راؤنڈر ندا ڈار ٹی 20 میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والی بولر بن گئیں، انہوں نے 129 ٹی 20 میچز میں 125 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

    پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی آل راؤنڈر ندا ڈار ٹی 20 کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والی بولر بن گئی ہیں۔

    ندا ڈار نے یہ اعزاز اتوار کو آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 2 وکٹیں حاصل کر کے اپنے نام کیا۔

    36 سالہ آل راؤنڈر نے 129 ٹی 20 میچز کھیل کر 125 وکٹیں حاصل کر لی ہیں جس کے بعد وہ ویسٹ انڈیز کی بولر انیسہ محمد کے ساتھ ویمنز ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی مشترکہ بولر بن گئی ہیں۔

    ندا ڈار جنوبی افریقہ میں جاری ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ میں اب تک 3 میچز کھیل کر 4 وکٹیں حاصل کر چکی ہیں۔

    ویمنز ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں ندا ڈار اور انیسہ محمد کے ساتھ آسٹریلیا کی میگن شوٹ اور ایلیس پیری 122، 122 وکٹیں حاصل کر کے تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں۔

    گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والی ندا ڈار گزشتہ 13 برسوں سے پاکستان ویمنز ٹیم کا مستقل حصہ ہیں۔

    انہوں نے ستمبر 2010 میں ویسٹ انڈیز میں سری لنکا کے خلاف اپنا ٹی 20 ڈیبیو کیا تھا جس کے بعد وہ 129 ٹی 20 مقابلوں میں 125 وکٹیں اور 16 سو 76 رنز بنا چکی ہیں۔

    ندا ڈار ٹی 20 میچز میں پاکستان کی جانب سے تیز ترین 100 وکٹیں لینے والی بھی پہلی کھلاڑی تھیں۔

    لیڈی بوم بوم کے نام سے مشہور ندا ڈار نے 2021 میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا ویمن کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ بھی جیتا تھا، اسی طرح انہوں نے رواں سال آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ٹیم آف دی ایئر میں بھی جگہ بنائی تھی۔

    گزشتہ سال انہوں نے مختصر فارمیٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 18 کی اوسط سے 15 وکٹیں حاصل کیں۔

    سال 2022 میں انہوں نے 14 ٹی 20 میچز کھیلے جن میں صرف 3 میچز ایسے تھے جب وہ کوئی وکٹ نہ حاصل کر سکیں۔

    ندا ڈار نے گزشتہ سال بنگلہ دیش میں ہونے والے ویمنز ایشیا کپ میں روایتی حریف انڈیا کے خلاف 37 گیندوں پر 56 رنز بنانے کے ساتھ 23 رنز دے کر 2 وکٹیں بھی حاصل کیں جس کے باعث پاکستان نے انڈیا کو شکست دے دی تھی۔

  • نئے سال میں بھی اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گی، ندا ڈار

    کراچی : پاکستان ویمن ٹیم کی کھلاڑی ندا ڈار نے کہا ہے کہ سال 2022 میرے لیے بہت اچھا ثابت ہوا، آئندہ بھی ایسی کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گی۔

    ویمن ٹیم کی آل راؤنڈر ندا ڈار نے کہا کہ کرکٹ بورڈ کے کوچنگ اسٹاف اور دیگر ساتھی کھلاڑیوں نے مجھے بہت سپورٹ کیا۔

    نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میری کارکردگی میں بسمہ معروف کا بھی اہم کردار ہے، بسمہ کے ساتھ کافی پارٹنر شپس لگیں، عالیہ کے ساتھ بھی شراکت رہی، دوسری لڑکیوں کو بھی میری کارکردگی سے حوصلہ ملا۔

    انہوں نے کہا کہ میری ہمیشہ اپنے ملک کیلئے اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش رہی ہے، سال 2019 کے بعد سے بہت سی کامیابیاں ملیں، ایوارڈز اور اس کیلئے نامزدگی سے ہمیشہ مزید بہتر کرنے کا حوصلہ ملتا ہے، کوشش ہے کہ آئندہ آنے والے برسوں میں بھی ایسی کارکردگی دکھاؤں۔

    انہوں نے کہا کہ بہترین پلیئر کیلئے نامزد ہونا بھی بڑی بات ہے، اللہ نے چاہا تو ایوارڈ بھی ملے گا، 2022 میں ایشیا کپ میں انڈیا اور کامن ویلتھ گیمز میں بارباڈوس کیخلاف پرفارمنس یادگار ہیں، کوشش ہوگی کہ ورلڈ کپ میں پاکستان کی بہترین آل راؤنڈر بنوں۔

    ندا ڈار نے مزید کہا کہ عالمی آل راؤنڈر رینکنگ میں میرا ساتواں نمبر ہے خواہش ہے کہ ٹاپ ٹو میں آؤں اور پاکستان کیلئے مزید دو سال کھیلوں۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ سے قبل آسٹریلیا سے سیریز تیاریوں میں مددگار ثابت ہوگی، اچھی ٹیم کیخلاف کھیل کر ہمیں اعتماد بھی ملے گا اور کھیل بہتر ہوگا۔