Tag: Nigeria

  • نائجیریا میں ڈاکوؤں نے مسجد اور قریبی دیہات میں 50 افراد مار دیے

    نائجیریا میں ڈاکوؤں نے مسجد اور قریبی دیہات میں 50 افراد مار دیے

    ابوجا: نائجیریا میں ڈاکوؤں نے مسجد اور قریبی دیہات میں حملہ کر کے 50 افراد مار دیے، متعدد افراد کو زندہ جلایا گیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شمال مغربی نائجیریا میں مسلح افراد نے ایک ہولناک حملے میں مسجد میں 30 نمازیوں کو شہید کر دیا، دیہات میں کیے گئے حملے میں 20 افراد کو بھی قتل کر دیا گیا۔

    نمازیوں پر یہ حملہ نمازِ فجر کے وقت کیا گیا، ڈاکوؤں نے نمازیوں پر فائرنگ کی اور فرار ہو گئے، واضح رہے ڈاکو کئی سالوں سے نائجیریا کے شمال مغرب اور وسطی حصوں کی دیہی آبادی کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

    مالٹا میں ملازمت کا سنہری موقع : ورک ویزا کیسے ملے گا؟ جانیے

    دیہات پر چھاپے مارنا، رہائشیوں کو تاوان کے لیے اغوا کرنا اور گھروں کو لوٹ کر آگ لگانا ان کے معمولات میں شامل ہے۔ زمین اور پانی کے حقوق پر چرواہوں اور کسانوں کے درمیان تنازعات سے شروع ہونے والا تنازع اب منظم جرائم میں تبدیل ہو چکا ہے۔

    یہ گروہ مویشی چوری، اغوا برائے تاوان اور کسانوں پر ٹیکس عائد کر کے بھاری منافع کما رہے ہیں، خاص طور پر ان غریب دیہی علاقوں میں جہاں حکومت رٹ نہ ہونے کے برابر ہے۔ وہ کمیونٹیز جو ڈاکوؤں سے امن معاہدے کر لیتی ہیں، ان کے لیے یہ سکون عارضی ثابت ہو سکتا ہے اگر حملہ آور یا حکام اس معاہدے پر قائم نہ رہیں۔

  • امریکا جانے والی مسافر پرواز کو زبردست جھٹکا، طیارہ 185 فٹ نیچے آ گیا، ہولناک ویڈیو

    امریکا جانے والی مسافر پرواز کو زبردست جھٹکا، طیارہ 185 فٹ نیچے آ گیا، ہولناک ویڈیو

    نائجیریا سے امریکا جانے والی مسافر پرواز کو زبردست جھٹکا لگنے سے 6 مسافر شدید زخمی ہو گئے ہیں، اور طیارہ اچانک 185 فٹ نیچے آ گیا، جس پر طیارے کو ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعہ کو نائجیریا سے واشنگٹن ڈی سی جانے والی امریکا کی یونائیٹڈ ایئرلائنز کی پرواز کو تکنیکی خرابی کے سبب لاگوس میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑ گئی۔

    فلائٹ ریڈار 24 سے حاصل کردہ پرواز کے ڈیٹا سے پتا چلتا ہے کہ پرواز 613 ٹیک آف کے تقریباً 93 منٹ بعد طے شدہ اونچائی سے اچانک نیچے اترنے لگی تھی، اور اس سے قبل پرواز کو اچانک زبردست جھٹکا لگا تھا، جس سے طیارے کے اندر افراتفری پھیل گئی۔

    جھٹکے کے باعث 4 مسافروں اور 2 فلائٹ اٹینڈنٹ شدید زخمی ہوئے، جنھیں اسپتال لے جایا گیا، تاہم انھیں طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا ہے۔ یونائیٹڈ ایئرلائن نے ایک بیان میں کہا کہ حادثہ ایک ’تکنیکی مسئلے‘ کی وجہ سے پیش آیا، جس کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔

    ’سوری سوری‘ امریکی گلوکارہ سیلینا گومز تارکین وطن کی ملک بدری پر رو پڑیں (ویڈیو)

    رپورٹس کے مطابق میں دوران پرواز اچانک 185 فٹ نیچے جانے پر طیارے میں شدید جھٹکوں سے 40 مسافر زخمی ہوئے تھے، دوران پرواز طیارے کے ہچکولے کھانے اور مسافروں کی چیخ و پکار کی ویڈیو بھی وائرل ہو گئی ہے۔

    طیارے میں عملے کے 11 ارکان سمیت 245 افراد سوار تھے، پرواز نائجیریا کے مورطالا محمد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہوئی تھی، تاہم پریشر نہ ہونے کے باعث اس نے واپس ہنگامی لینڈنگ کی۔

    سامنے آنے والی ویڈیوز اور تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جھٹکوں کی وجہ سے طیارے کے اندر سامان بکھرا پڑا ہے۔

  • اسکول میں بھگدڑ مچنے سے 35 بچے جاں بحق

    اسکول میں بھگدڑ مچنے سے 35 بچے جاں بحق

    لاگوس: نائجیریا میں اسکول کے میلے میں بھگدڑ مچنے سے 35 بچے لقمہ اجل بن گئے جبکہ 6 زخمی ہوگئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حادثہ جنوب مغربی نائجیریا کے شہر عبادان میں رونما ہوا، پولیس ترجمان نے بتایا کہ اسکول میلے میں بھگدڑکی تحقیقات کے لیے 8 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

    پولیس ترجمان کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اس معاملے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

    اس سے قبل نمیبیا میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں کھیل کے دوران 4 کمسن بچے فریزر میں دم گھٹنے سے زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔

    نمیبیا کے کاتیما ملیلو قصبے میں ایک گھر کے باہر موجود غیر استعمال شدہ فریزر میں دم گھٹنے سے 3 سے 6 سال کی عمر کے درمیان کے 4 بچے جاں بحق ہوگئے تھے۔

    پولیس ذرائع کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ بچے کھیلتے ہوئے حادثاتی طور پر فریزر میں پھنس گئے تھے جہاں دم گھٹنے کی وجہ سے جاں بحق ہوگئے۔

    رپورٹس کے مطابق 2 بچے فریزر کے اندر ہی جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ باقی 2 کو بے ہوشی کی حالت میں اسپتال پہنچایا گیا، مگر وہ بھی جانبر نہ ہوسکے۔

    نایاب مرض میں مبتلا 11 ماہ کی بچی کو انجکشن کے لیے چاہیے 14 کروڑ روپے

    پولیس کا کہنا ہے کہ فریزر کے باہر صرف ایک ہینڈل تھا، بچے تقریباً ایک سے ڈیڑھ گھنٹے فریزر میں پھنسے رہے، یہ واضح نہیں ہوسکا کہ غیر استعمال شدہ فریزر گھر کے باہر کیوں رکھا گیا تھا۔

  • امتحان دیتے طلبہ پر اسکول کی عمارت ڈھ گئی، قیامت خیز منظر

    امتحان دیتے طلبہ پر اسکول کی عمارت ڈھ گئی، قیامت خیز منظر

    ابوجا: مغربی افریقی ملک نائیجیریا کے اسکول میں بچے امتحان دے رہے تھے کہ اچانک ان پر چھت گرنے کی صورت میں قیامت ٹوٹ پڑی۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعہ کو پلیٹیو اسٹیٹ کے مقامی سینٹ اکیڈمی اسکول میں صبح کے وقت طلبہ امتحان دینے میں مصروف تھے کہ اچانک اسکول کی چھت ڈھ گئی، جس سے 22 بچے ہلاک اور 130 سے ​​زائد زخمی ہو گئے۔

    یہ افسوس ناک واقعہ ریاست کے دارالحکومت جوس میں پیش آیا، اسکول دو منزلہ تھا جس کی چھت خستہ حالی کے باعث منہدم ہو گئی، پھنسے ہوئے طلبہ ملبے کے نیچے سے مدد کے لیے پکارتے رہے، مقامی حکام کے مطابق اسکول میں ایک ہزار سے زائد بچے زیر تعلیم ہیں۔

    رضاکار کنکریٹ کے ڈھیر اور لوہے کی سلاخوں کو توڑنے کے لیے ایکسکویٹرز، ہتھوڑوں اور خالی ہاتھوں کا استعمال کرتے ہوئے بچوں کو بچانے کی کوشش میں مصروف رہے، جب کہ اس دوران موقع پر موجود والدین بھی اپنے بچوں کو ڈھونڈنے کے لیے بھاگ دوڑ کرتے رہے۔

    حکام کی جانب سے عمارت گرنے کی اصل وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے، تاہم رہائشیوں کا کہنا ہے کہ تین دن کی شدید بارشوں کے بعد یہ حادثہ پیش آیا ہے۔ ایک زخمی طالب علم نے اسپتال سے اے ایف پی کے نمائندے کو بتایا ’’میں کلاس میں داخل ہوا اور پانچ منٹ سے زیادہ نہیں ہوا ہوگا، جب میں نے ایک زوردار آواز سنی، اور پھر میں نے خود کو اسپتال میں پایا۔‘‘

  • کسی اور کے پاسپورٹ پر اپنی تصویر لگا کر پاکستان لوٹنے والا شہری ایئرپورٹ ہی پر پکڑا گیا

    کسی اور کے پاسپورٹ پر اپنی تصویر لگا کر پاکستان لوٹنے والا شہری ایئرپورٹ ہی پر پکڑا گیا

    کراچی: نائجیریا سے کسی اور کے پاسپورٹ پر اپنی تصویر لگا کر پاکستان لوٹنے والا شہری ایئرپورٹ ہی پر پکڑا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ایئرپورٹ پر ایک کارروائی میں نائجیریا سے آنے والے حامد سفیر نامی مسافر کو گرفتار کر لیا۔

    مسافر حامد سفیر بین الااقوامی پرواز کے ذریعے پاکستان پہنچا تھا، تاہم پکڑے جانے کے بعد انکشاف ہوا کہ ملزم کا اصل نام قیصر شہباز ہے اور اس کا تعلق منڈی بہاؤالدین سے ہے۔

    ایف آئی اے ترجمان کے مطابق ملزم نے حامد سفیر کے پاسپورٹ پر ٹمپرنگ کر کے اپنی تصویر لگائی تھی، مذکورہ پاسپورٹ پر بارسلونا کی جعلی اسٹمپ لگی ہوئی تھی اور بیرون ملک روانگی کی بھی جعلی اسٹمپ لگی تھی۔

    ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم اپنے پاسپورٹ پر پاکستان سے یو اے ای گیا تھا، جہاں سے اس نے ٹمپرڈ پاسپورٹ پر اسپین جانے کی کوشش کی، ملزم نے ایجنٹ سے بھاری رقم کے عوض مذکورہ پاسپورٹ حاصل کیا تھا۔

    ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔

  • نائیجیریا میں خوفناک بس حادثہ، 16 افراد جان سے گئے

    نائیجیریا میں خوفناک بس حادثہ، 16 افراد جان سے گئے

    نائیجیریا میں پیش آنے والے خوفناک بس حادثے کے نتیجے میں 16 افراد لقمہ اجل بن گئے، حادثہ ملک کے جنوب مشرقی صوبے ‘اینوگو’ میں پیش آیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، بے قابو مسافر بس دیوار سے ٹکرا گئی اور حادثے میں 16 مسافر زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

    پولیس ترجمان کے مطابق خوفناک حادثے میں زخمی ہونے والوں میں سے بعض کی حالت تشویش ہے، جس سے اموات میں اضافے کا خدشہ ہے۔

    اس سے قبل نائیجیریا کے شہر میدوگوری میں خوفناک ٹریفک حادثے پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں 37 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

    لندن ریلوے اسٹیشن کے باہر جنونی شخص کا تلوار سے حملہ، متعدد زخمی

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق میدوگوری میں پہلے دو مسافر بسیں آپس میں ٹکرائیں اور پھر تیسری تیز رفتار بس بھی ان میں جا گھسی۔ حادثے میں 37 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

  • نائجیریا میں بچے پیدا کرنے والی فیکٹریوں کا کاروبار عروج پر

    نائجیریا میں بچے پیدا کرنے والی فیکٹریوں کا کاروبار عروج پر

    نائجیریا میں بچے پیدا کرنے والی فیکٹریوں کا کاروبار عروج پر اپنے عروج پر پہنچ گیا، انسانی اسمگلرز کی جانب سے لڑکیوں کو اغواء کرکے مختلف مقامات پر لے جایا جاتا ہے اور زبردستی انہیں حاملہ کردیا جاتا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اغواء کی گئی خواتین جب بچوں کو جنم دیتی ہیں تو ان کے بچوں کو بے اولاد جوڑوں کو فروخت کردیا جاتا ہے۔

    اغواء شدہ لڑکیوں اور نوجوان خواتین کو کوئی نا کوئی لالچ دلا کر انہیں حاملہ کر کے اُس وقت تک رکھا جاتا ہے جب تک وہ بچہ نہیں جن دیتیں۔ یہ سب ان کی مرضی کے برخلاف ہوتا ہے، جبکہ یہ سلسلہ کئی سالوں سے جاری ہے۔

    یہ فیکٹریاں پرائیوٹ میڈیکل کلینیکس کے طور پر امور انجام دیتی ہیں، خواتین کو ان کی مرضی کے خلاف رکھا جاتا ہے اور ان کے بچوں کو بلیک مارکیٹ میں فروخت کرنے سے پہلے انہیں زیادتی کا نشانہ بھی بنایا جاتا ہے۔

    رپورٹس میں انکشاف ہوا ہے کہ نائجیریا میں یہ رواج جنوب مشرقی ریاستوں انامبرا، ایبونی، ابیا، لاگوس، اینوگو اور امو میں بڑے پیمانے پر رائج ہے۔

    پولیس نے رواں ماہ کے آغاز میں ایک ٹھکانے پر چھاپہ مار کارروائی کی اور اس دوران 16 حاملہ لڑکیوں اور آٹھ کمسن بچوں کو بازیاب کرالیا گیا۔

    پولیس کے مطابق بازیاب کرائی جانے والی لڑکیوں کی عمریں 17 سے 27 سال کے درمیان تھیں، گزشتہ سال جون میں 22 حاملہ نوجوان لڑکیوں اور دو بچوں کوبازیاب کرایا گیا تھا۔

    گیارہ سال بعد شامی خاتون کی مکہ میں بچوں سے ملاقات، رقت آمیز مناظر

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نائجیریا میں ایسے جوڑوں میں ان ‘ بچوں کی فیکٹریوں‘ پر بہت زیادہ انحصار کیا جاتا ہے، جو لوگ اولاد کی دیرینہ خواہش رکھتے ہیں ایسے جوڑے فی بچہ ایک سے دو ملین ”نائیرا“ یا 576 ڈالر تک دینے کے لیے تیار ہوتے ہیں۔

  • مہنگائی کی وجہ سے نائیجیریا میں ایمرجنسی کا اعلان

    مہنگائی کی وجہ سے نائیجیریا میں ایمرجنسی کا اعلان

    ابوجا: نائیجیریا میں مہنگائی کی وجہ سے ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان کر دیا گیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نائیجریا کے صدر بولاتی نوبو نے جمعرات کو ملک میں فوڈ سیفٹی کو خطرے میں ڈالنے والے افراط زر کی وجہ سے ایمرجنسی کا اعلان کر دیا ہے۔

    صدارتی ترجمان نے ابوجا میں پریس کانفرنس میں کہا ملک بھر کے عوام اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں بے پناہ اضافے کی وجہ سے شدید پریشان ہیں، اور صدر مملکت اس سے ناواقف نہیں ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ حکومت افراز زر کو روکنے اور عوام کو سستی اشیا کی بغیر رکے فراہمی جاری رکھنے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے، انھوں نے مزید کہا کہ ایمرجنسی کے اعلان کا مقصد اس بحران کو کم کرنے کے لیے دستیاب تمام وسائل کو جمع کرنا ہے۔

    نائیجیرین حکومت کا کہنا تھا کہ زرعی شعبے کے لیے اسکیم بنائی جا رہی ہے جس کے لیے فنڈز کی فراہمی کے لیے ایندھن پر سبسڈی ختم کی جائے گی، کسانوں اور خاندانوں کو فوری طور پر کھاد اور اناج دیا جائے گا۔

  • نائجیریا: باراتیوں‌ کو واپس لانے والی کشتی الٹنے سے 100 سے زائد ہلاک

    نائجیریا: باراتیوں‌ کو واپس لانے والی کشتی الٹنے سے 100 سے زائد ہلاک

    ابوجا: افریقی ملک نائجیریا میں باراتیوں‌ کو واپس لانے والی ایک کشتی الٹنے سے 100 سے زائد افراد ڈوب کر ہلاک ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق نائجیریا کی مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ دریائے نائجر میں کشتی الٹنے سے سو سے زائد افراد ہلاک ہو گئے ہیں، کشتی کے حادثے کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

    ریاست کی پولیس کے ترجمان اوکاسانمی اجے نے منگل کو بتایا کہ کشتی پیر کی صبح کوارا ریاست کے پتیگی ضلع میں دریائے نائجر میں الٹی، اب تک 103 افراد ہلاک اور 100 سے زیادہ کو بچا لیا گیا ہے، انھوں نے کہا تلاش اور بچاؤ کی کوششیں ابھی بھی جاری ہیں، جس کا مطلب ہے کہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

    باراتی نائجر ریاست کے گاؤں ایگبوٹی میں ایک شادی میں شرکت کے بعد واپس گھروں کو جا رہے تھے، متاثرین میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق یہ حادثہ صبح 3 بجے پیش آیا جس کی وجہ سے کئی گھنٹوں تک حادثے کے بارے میں کسی کو پتا نہیں چلا، مقامی روزنامہ نائجیرین ٹریبیون کا کہنا تھا کہ مسافروں کا تعلق کوارا کے کپڈا، ایگبو اور گاکپن گاؤں سے تھا، الجزیرہ کے رپورٹر کے مطابق 64 لوگ ایک گاؤں سے اور تقریباً 40 دوسرے گاؤں سے آئے تھے۔

    واضح رہے کہ اس علاقے میں ماضی میں بھی اسی طرح کے حادثات ہوتے رہے ہیں، جو افریقہ کے دو طویل ترین دریاؤں نائجر اور بینو کے درمیان سنگم کے قریب ہے، مئی 2021 میں اسی علاقے کے آس پاس دریائے نائجر میں ایک کشتی ڈوبی تھی جس میں 160 لوگوں کی موت ہو گئی تھی۔

  • نائجیریا: تیل پائپ لائن میں دھماکے نے 12 زندگیاں نگل لیں

    نائجیریا: تیل پائپ لائن میں دھماکے نے 12 زندگیاں نگل لیں

    ابوجا: مغربی افریقی ملک نائجیریا میں ایک غیر قانونی ریفائنری دھماکے میں 12 افراد ہلاک ہو گئے، دھماکا اتنا زور دار تھا کہ قریبی عمارتیں بھی دہل گئی تھیں۔

    امریکی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق نائجیریا کے نائجر ڈیلٹا کے علاقے میں ایک غیر قانونی آئل ریفائنری سائٹ کے قریب ہونے والے دھماکے اور آگ میں پولیس حکام کے مطابق جمعہ کو کم از کم بارہ افراد ہلاک ہو گئے۔

    مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد بہت زیادہ ہے، دھماکا تیل پائپ لائن میں آگ لگنے کے نتیجے میں ہوا، پولیس کا کہنا ہے کہ کھجور کے جنگل میں لگنے والی آگ کے باعث تیل کی پائپ لائن میں بھی آگ بھڑک اٹھی تھی، آتش زدگی سے 5 گاڑیاں بھی جل کر راکھ ہو گئیں۔

    ریاستی پولیس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ایموہا کونسل کے علاقے میں دھماکا ایک پائپ لائن کے ساتھ ہوا، جس کو غیر قانونی ریفائنری آپریٹرز نے نشانہ بنایا، جو تیل چوری کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

    آگ کیسے بھڑکی؟

    ترجمان نے بتایا کہ پولیس کمانڈ کی ابتدائی تحقیقات سے پتا چلتا ہے کہ متاثرین خام تیل اٹھا رہے تھے جب سائٹ پر آگ لگی، انھوں نے کہا کہ حکام اس بات کا تعین کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں کہ کتنے لوگ ہلاک ہوئے۔

    ماحولیاتی حکام کے مطابق آگ اس وقت بھڑک اٹھی جب خام تیل کے گیلنوں سے بھری ایک بس کے ڈرائیور نے وہاں سے جانے کے لیے بس اسٹارٹ کی، بس کے ایگزاسٹ پائپ سے ایک چنگاری نکلی، جس کی وجہ سے آگ بھڑک اٹھی، اور وہاں موجود گاڑیوں میں بیٹھے سبھی لوگ جل کر مر گئے۔

    علاقے کے لوگوں نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ گھنٹوں تک جاری رہنے والی آگ میں درجنوں افراد ہلاک ہو سکتے ہیں، متاثرین زیادہ تر نوجوان تھے جنھوں نے پائپ لائن سے تیل نکالنے اور کم از کم پانچ گاڑیوں میں غیر قانونی ریفائنری سائٹ تک لے جانے کا منصوبہ بنایا تھا۔

    نائجیریا میں تیل کی چوری

    رپورٹ کے مطابق نائجیریا میں تیل کی چوری اور پائپ لائن میں تخریب کاری عام ہے، تیل کی چوری کے لیے اختیار کیے جانے والے طریقے اکثر حادثات کا باعث بنتے ہیں۔ گزشتہ سال اپریل میں اسی طرح کے واقعے میں 100 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

    افریقہ کے تیل پیدا کرنے والے سرفہرست ممالک میں سے ایک نائجیریا میں غیر قانونی ریفائنریز ایک منافع بخش کاروبار ہے، وہ تیل سے مالا مال نائجر ڈیلٹا کے علاقے میں زیادہ پھیلے ہوئے ہیں، جہاں ملک کی تیل کی زیادہ تر تنصیبات واقع ہیں۔

    ایک رپورٹ کے مطابق نائجیریا میں جنوری 2021 اور فروری 2022 کے درمیان کم از کم 3 بلین ڈالر مالیت کا خام تیل چوری ہوا۔