Tag: Nigeria

  • افریقی ملک میں‌ اے ٹی ایمز کے سامنے قطاریں لگ گئیں، مگر کیوں؟

    افریقی ملک میں‌ اے ٹی ایمز کے سامنے قطاریں لگ گئیں، مگر کیوں؟

    ابوجا: افریقی ملک نائجیریا میں نقدی کا بحران شدید ہونے پر اے ٹی ایمز کے سامنے لوگوں کی قطاریں بن گئیں۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نائجیریا میں نئے نوٹوں کی شدید قلت کے باعث لوگوں کو اشیائے خورد و نوش کی فراہمی بھی مشکل ہو گئی ہے۔

    افریقہ کی سب سے بڑی معیشت نائجیریا میں کیش مشینوں کے سامنے قطار پہلے ایک غیر معمولی بات تھی، مگر اب کئی ہفتوں سے اس ملک میں یہ ایک معمول کا منظر بن چکا ہے، اور نقدی کے بحران نے ایک افراتفری کی سی شکل اختیار کر لی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق نائجیریا میں زیادہ تر لوگوں کی بچت بینکوں میں پھنسی ہوئی ہے، کرنسی کے ڈیزائن میں تبدیلی کی وجہ سے ملک صدارتی انتخابات سے عین قبل نقدی کے بحران میں مبتلا ہو گیا ہے، کیوں کہ یہ ملک نقدی پر انحصار کرتا ہے۔

    نوٹوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے شہریوں کو کھانے کے بھی لالے پڑ گئے ہیں، یہی وجہ ہے کہ نوٹوں کے حصول کے لیے کیش مشینوں کے باہر لمبی قطاریں لگی نظر آنے لگی ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ برس نائجیریا کے مرکزی بینک نے نئے کرنسی نوٹوں کے اجرا کا اعلان کیا تھا، شہریوں کے پاس رواں برس 31 جنوری تک کا وقت تھا کہ وہ پرانے کرنسی نوٹوں کو نئے نوٹوں سے تبدیل کروا لیں، یہ ڈیڈ لائن گزر گئی اور تمام افراد نئے نوٹوں کے حصول میں ناکام رہے تو سرکار نے 10 فروری کی دوسری ڈیڈ لائن دے دی۔

    تاہم نائجیریا کی سپریم کورٹ نے تین ریاستوں کی جانب سے اٹھائے گئے قانونی نکات کے بعد یہ ڈیڈ لائن معطل کر دی ہے، ان ریاستوں کا مؤقف تھا کہ نوٹوں کی تبدیلی کی وجہ سے انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔

  • افریقی ملک کا بڑا واقعہ، مسلح افراد ریلوے اسٹیشن سے 32 افراد کو اغوا کر کے لے گئے

    نائیجیریا: مغربی افریقی ملک نائیجیریا میں اغوا کا ایک بڑا واقعہ پیش آیا ہے، مسلح افراد نے ایک ریلوے اسٹیشن سے 32 افراد کو اغوا کر لیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کو یناگوا شہر کے گورنر آفس نے بتایا کہ AK-47 رائفلوں سے لیس مسلح افراد نے نائیجیریا کی جنوبی ایدو ریاست کے ایک ٹرین اسٹیشن سے 30 سے زائد افراد کو اغوا کر لیا ہے۔

    یہ حملہ بڑھتے ہوئے عدم تحفظ کی تازہ ترین مثال ہے، جو افریقہ کے سب سے زیادہ آبادی والے ملک نائیجیریا کے تقریباً ہر کونے میں پھیل چکا ہے، یہ بد امنی فروری میں ہونے والے صدارتی انتخابات سے قبل حکومت کے لیے ایک چیلنج بھی ہے۔

    پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ مسلح افراد نے شام 4 بجے ٹام اکیمی اسٹیشن پر حملہ کیا، جب مسافر تیل کے مرکز واری کے لیے ٹرین کا انتظار کر رہے تھے، پولیس نے بتایا کہ حملے میں اسٹیشن پر موجود کچھ لوگوں کو گولی بھی ماری گئی۔

    ریاست کے کمشنر اطلاعات نے بتایا کہ مغویوں کو بچانے کے لیے ریسکیو ٹیم تشکیل دی گئی ہے جس میں فوج اور پولیس اہل کاروں کے ساتھ ساتھ چوکس نیٹ ورک اور شکاری بھی شامل کیے گئے ہیں، انھوں نے کہا کہ آنے والے گھنٹوں میں متاثرین کو بچا لیا جائے گا۔

    وفاقی وزارت ٹرانسپورٹ نے اغوا کے اس واقعے کو ’مکمل وحشیانہ‘ قرار دیا۔

    واضح رہے کہ دارالحکومت ابوجا کو شمالی کڈونا ریاست سے جوڑنے والی اس ریل سروس کو گزشتہ ماہ ہی کھولا گیا تھا، کئی ماہ قبل مسلح افراد نے اس کی پٹریوں کو دھماکے سے اڑا دیا تھا اور درجنوں مسافروں کو اغوا اور 6 کو جان سے مار دیا تھا۔ مارچ کے اس حملے میں آخری یرغمالی کو اکتوبر میں رہا کیا گیا تھا۔

  • نائجیریا کے گاؤں میں مسلح افراد نے تباہی مچا دی، درجنوں ہلاک، گھر راکھ کے ڈھیر میں بدل گئے

    نائجیریا کے گاؤں میں مسلح افراد نے تباہی مچا دی، درجنوں ہلاک، گھر راکھ کے ڈھیر میں بدل گئے

    کڈونا: مغربی افریقی ملک نائجیریا کے ایک گاؤں میں مسلح افراد نے تباہی مچا دی، درجنوں ہلاک ہو گئے، اور دسیوں گھر راکھ کے ڈھیر میں بدل گئے۔

    روئٹرز کے مطابق شمال مغربی نائجیریا کی کڈونا ریاست میں گاؤں پر مسلح افراد نے دھاوا بول دیا، اندھا دھند فائرنگ سے 38 افراد اپنی جانوں سے محروم ہو گئے۔

    جنوبی کڈونا پیپلز یونین کے ترجمان لوکا بنیات نے میڈیا کو بتایا کہ حملہ اتوار کی رات دیر گئے شروع ہوا اور پیر کی صبح تک جاری رہا، اس دوران مسلح افراد نے لوگوں کو گولیاں مار کر ہلاک کیا اور کچھ افراد کو تیز دھار چھریوں سے قتل کیا گیا۔

    اس ہول ناک واقعے میں 12 افراد بچ گئے، جنھیں زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، حملہ آوروں نے 100 گھروں کو بھی جلا کر راکھ کر دیا۔

    ایک رہائشی نے روئٹرز کو بتایا کہ میں نے اس جگہ بہت سے دوستوں، ان کے والدین، چچاؤں، اور سرپرستوں کو کھو دیا، اگر آپ نیچے جائیں تو دو گلیوں میں آپ کو ہر طرف لاشیں نظر آئیں گی۔

    بنیات کے مطابق پیر سے 5 دنوں کے دوران جنوبی کڈونا میں بلا اشتعال حملوں میں مجموعی طور پر 46 افراد مارے جا چکے ہیں، کئی افراد لا پتا ہیں۔ گاؤں والوں نے حملے شروع ہونے سے چن دن پہلے اجنبی چرواہوں کو علاقے کے قریب کیمپ لگاتے دیکھا تھا۔

    واضح رہے کہ مسلح افراد کے گروہوں نے حالیہ برسوں میں شمال مغربی نائجیریا میں سینکڑوں مقامی کمیونٹیز پر حملے کیے ہیں، دوسری طرف شمال مشرقی نائجیریا مذہبی عسکریت پسندوں کے حملوں کی زد پر ہے۔

  • نائجیریا میں کشتی الٹنے سے 76 افراد ہلاک، متعدد لاپتا

    نائجیریا میں کشتی الٹنے سے 76 افراد ہلاک، متعدد لاپتا

    ابوجا: نائجیریا میں کشتی الٹنے سے 76 افراد ہلاک، اور متعدد لاپتا ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق نائجیریا کی جنوب مشرقی ریاست انامبرا میں کشتی ڈوبنے سے ہلاکتیں 76 ہو گئیں، کشتی میں 85 افراد سوار تھے، جب کہ 100 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش تھی۔

    خبر رساں ایجنسی کے مطابق حادثہ اُس وقت پیش آیا جب انجن خراب ہونے سے کشتی رک گئی اورسیلابی ریلے کی نذر ہو گئی، ڈوبنے والوں میں سے 15 افراد کو بچا لیا گیا اور 10 لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔

    نائجیریا کے صدر محمد بوہاری نے اپنے بیان میں چیہتر افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ لاپتا افراد کی لاشیں ڈھونڈی جا رہی ہیں۔

    صدر نے مزید کہا کہ انھوں نے سیکیورٹی حکام کو حفاظتی پروٹوکول پر مکمل عمل کروانے کی ہدایت کی ہے، تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کو روکا جا سکے۔

  • نائیجیریا: غیر قانونی آئل ریفائنری میں دھماکا، 100 سے زائد ہلاک

    نائیجیریا: غیر قانونی آئل ریفائنری میں دھماکا، 100 سے زائد ہلاک

    ابوجا: نائجیریا میں ایک غیر قانونی آئل ریفائنری میں دھماکے میں کم از کم 100 افراد ہلاک ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ایک مقامی حکومتی اہل کار اور ایک ماحولیاتی گروپ نے بتایا ہے کہ نائجیریا کی ریورز ریاست میں تیل صاف کرنے کے غیر قانونی ڈپو میں ہونے والے دھماکے میں رات بھر 100 سے زیادہ افراد ہلاک ہو گئے۔

    پیٹرولیم وسائل کے ریاستی کمشنر گڈ لک اوپیاہ نے ہفتے کے روز کہا کہ ایک غیر قانونی بنکرنگ سائٹ پر آتش زدگی سے سو سے زیادہ لوگ ہلاک ہو گئے ہیں جن کی لاشیں بھی ناقابل شناخت ہو گئی ہیں۔

    یوتھ اینڈ انوائرمینٹل ایڈووکیسی سینٹر کے مطابق کئی گاڑیاں جو غیر قانونی ایندھن خریدنے کے لیے قطار میں کھڑی تھیں، دھماکے میں جل کر تباہ ہو گئیں۔

    غیر قانونی ریفائنری کا مالک واقعے کے بعد فرار ہو گیا ہے، اور حکومت نے اسے مطلوب قرار دے دیا ہے، حکام کا کہنا ہے کہ اگر وہ پکڑا جاتا ہے تو امید ہے کہ یہ معلوم ہو سکے کہ ریفائنری میں کیا ہوا تھا۔

    عالمی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ تیل پیدا کرنے والے نائجر ڈیلٹا میں بے روزگاری اور غربت نے خام تیل کی غیر قانونی ریفائننگ کو ایک پرکشش لیکن مہلک کاروبار بنا دیا ہے۔

    خام تیل کو تیل کی بڑی کمپنیوں کی ملکیت والی پائپ لائنوں کے جال کے ذریعے عارضی ٹینکوں میں پہنچایا جاتا ہے جہاں اسے صاف کر کے مصنوعات میں بدلا جاتا ہے۔

    اس خطرناک عمل نے بہت سے مہلک حادثات کو جنم دیا ہے، اور علاقے کو بے انتہا آلودہ کر دیا ہے، کھیت کی زمینوں، کھاڑیوں اور جھیلوں میں تیل کے رساؤ سے بڑی مقدار میں آلودگی پائی جاتی ہے۔

  • پانی سے جلنے والا چولہا : حیرت انگیز ایجاد کی ویڈیو دیکھیں

    پانی سے جلنے والا چولہا : حیرت انگیز ایجاد کی ویڈیو دیکھیں

    ابوجا : ایک ایسے وقت میں جب گیس کی قیمت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، ایک 67 سالہ شخص کی طرف سے  پانی والے چولہے کی ایجاد پر عوام خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔

    پہلے تو لکڑیوں کی مدد سے آگ جلا کر کھانا بنایا جاتا تھا پھر قدرتی گیس کے ذخائر کا استعمال کر کے گھروں میں کھانا بنایا جانے لگا۔ بعدازاں بجلی کی مدد سے بھی جلنے والے چولہے متعارف کرادیئے گئے تھے۔

    لیکن اب یہاں ہم ایک ایسے چولہے کی بات کررہے ہیں جس کے استعمال میں نہ بجلی کا استعمال ہوتا ہے اور نہ ہی گیس کا اور اس کا خرچہ بھی بہت کم ہوتا ہے۔

    جی ہاں ! یہ افسانہ نہیں حقیقت ہے کہ اب چولہا جلانے کیلئے گیس سلنڈر کی ضرورت نہیں بلکہ یہ کام انتہائی کم خرچ پر پانی کے ذریعے کیا جاسکتا ہے۔

    نائجیریا کے ایک 67 سالہ شخص نے پانی سے جلنے والا چولہا ایجاد کیا ہے جس میں آگ لگانے کے لیے گیس بجلی یا مٹی کے تیل کی ضرورت نہیں پڑتی۔ ہادی عثمان نامی اس شخص نے ایک ویڈیو ریکارڈ کروائی ہے جس میں انہوں نے بتایا کہ یہ چولہا کیسے جلایا جاتا ہے۔

    انہوں نے حکومت سے اپیل کی اور کہا کہ میری خواہش ہے کہ وہ اس سستے چولہے کی عوام تک رسائی کیلئے مالی طور پر تعاون کرے تاکہ مزید پیداوار سے اس کا فائدہ عام شہریوں کو ہوسکے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک ضعیف شخص پانی کی ایک بوتل میں اوپر کی جانب سوراخ کرکے ایک پائپ داخل کرتا ہے اور ڈھکن والے حصے سے دوسرا پائپ داخل کرکے ہینڈ پمپ کے ذریعے ہوا بھری اور پائپ کا ایک سرا نوزل میں لگا کر چولہے میں آگ لگالی۔

    نائجیرین شخص کے مطابق ان کی ایجاد مٹی کے تیل اور گیس کی بجائے مکمل طور پر ہوا کے دباؤ اور پانی پر انحصار کرتی ہے، سوشل میڈیا پر ان کی ایجاد کو "عوام کی ایجاد” کا ٹیگ دیا جا رہا ہے کیونکہ اس سے بہت سے لوگوں کو سہولت ملے گی۔

  • ڈاکوؤں کے حملے میں 200 نائجیرین ہلاک

    ڈاکوؤں کے حملے میں 200 نائجیرین ہلاک

    ابوجا: نائجیریا میں ڈاکوؤں کے حملے میں 200 افراد ہلاک ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق نائجیریا میں مسلح ڈاکوؤں کے حملے میں دو سو سے زائد افراد جاں بحق ہو گئے ہیں، یہ واقعہ چند روز قبل شمال مغربی نائجیریا میں پیش آیا۔

    عالمی میڈیا کے مطابق نائجیریا کی ریاست زمفارا میں حکومتی کارروائی کے جواب میں موٹر سائیکل سوار مسلح ڈاکوؤں نے 10 سے زائد گاؤں پر دھاوا بول دیا تھا، ڈاکوؤں نے حملے کے دوران اندھا دھند فائرنگ کی، جس سے دو سو سے زائد دیہاتی جاں بحق ہو گئے۔

    ڈاکوؤں کے حملے میں 10 ہزار لوگ بے گھر بھی ہو گئے ہیں، کیوں کہ حملے میں انھوں نے لوٹ مار کے ساتھ ساتھ گھروں کو نذر آتش بھی کیا، حکومتی فورسز کی کارروائی کے جواب میں 300 سے زائد موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے زمفارا کے دس سے زائد دیہاتوں پر حملہ کیا تھا۔

    نائجیریا کی افواج اور فضائیہ نے گزشتہ پیر کو گوسامی کے جنگلات اور تسمیرے گاؤں میں ڈاکوؤں کی کمین گاہوں کو نشانہ بنایا تھا جس میں 100 سے زائد ڈاکو مارے گئے تھے جن میں ان کے 2 سرغنہ بھی شامل تھے۔

    میتوں کو اجتماعی طور پر دفن کرنے والے دیہاتیوں نے بتایا کہ اب بھی کئی افراد لاپتا ہیں جو یا تو قتل کر دیے گئے ہیں یا پھر ڈاکو انھیں ساتھ لے گئے۔

    نائجیرین حکومت نے ان ڈاکوؤں کو دہشت گرد قرار دیتے ہوئے فیصلہ کن کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔

  • نائجیریا:  مسلح افراد نے تین چینی انجینئرز کو اغوا کر لیا

    نائجیریا: مسلح افراد نے تین چینی انجینئرز کو اغوا کر لیا

    ابوجا: افریقی ملک نائیجریا میں مسلح افراد نے تین چینی انجینئرز کو اغوا کرلیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا نے مقامی پولیس ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ وسطی نائیجیریا میں ایک ہائیڈرو الیکٹرک ڈیم پراجیکٹ سے تین چینی کارکنوں کو اغوا کر لیا گیا ہے، مغوی چینی انجینئرز پیناگوا کے پاور پراجیکٹ میں کام کررہے تھے۔

    رپورٹ کے مطابق چینی انجینئرز کے اغوا سے قبل سیکیورٹی فورسز اور نامعلوم مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا،جس کے نتیجے میں دو مقامی ورکرز مارے گئے، واقعے میں تین افراد زخمی بھی ہوئے جبکہ چار مزید تارکین وطن کو اغوا ہونے سے بچالیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں: نائجیریا میں مسلح افراد کی مسجد پر فائرنگ، 18 نمازی جاں بحق، متعدد زخمی

    واضح رہے کہ چینی ملازمین کو گزشتہ چند مہینوں میں نائجیریا میں متعدد بار نشانہ بنایا گیا ہے کیونکہ وہ اربوں ڈالر کے انفراسٹرکچر کے منصوبوں پر کام کرتے ہیں جن میں کان کنی، ریلوے، ہوائی اڈے اور سڑکیں شامل ہیں۔

    مغویوں کو عام طور پر تاوان کی ادائیگی کے بعد رہا کردیا جاتا ہے جبکہ حکام شاذ و نادر ہی اس بات کی تصدیق کرتے ہیں، تاوان کی ادائیگی کے لیے تلاش کرنے والے مجرم گروہ اکثر افریقا کے سب سے زیادہ آبادی والے ملک کے کچھ حصوں میں انفراسٹرکچر کے منصوبوں میں غیر ملکی کارکنوں کو نشانہ بناتے ہیں۔

  • نائجیریا نے 10 لاکھ آسٹرازینیکا ویکسینز تلف کر دیں

    نائجیریا نے 10 لاکھ آسٹرازینیکا ویکسینز تلف کر دیں

    ابوجا: مغربی افریقی ملک نائجیریا نے 10 لاکھ سے زائد کرونا ویکسین تلف کر دی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق نائجیریا میں حکومت نے میعاد (ایکسپائری) ختم ہونے پر آسٹرازینیکا کی ایک ملین سے زائد ڈوزز تلف کر دی ہیں، پریشانی میں مبتلا عوام کو یہ یقین دلانے کے لیے کہ اب کوئی ایکسپائر ویکسین زیر گردش نہیں پائی جائے گی۔

    حکومت نے ویکسینز گزشتہ روز بدھ کو تلف کی ہیں، رواں ماہ صحت حکام نے کہا تھا کہ امیر مغربی ممالک کی جانب سے عطیہ شدہ کرونا ویکسینز کی بڑی تعداد کی شیلف لائف پوری ہونے والی ہے، اور اس میں محض دو تین ہفتے رہ گئے ہیں۔

    خبر رساں ادارے روئٹرز نے 7 دسمبر کو اطلاع دی تھی کہ نائجیریا میں تقریباً 10 لاکھ کووِڈ ویکسینز استعمال کیے بغیر ہی نومبر میں ختم ہو چکی ہیں۔

    دارالحکومت ابوجا میں ایک ڈمپ سائٹ پر محکمہ صحت کے حکام اور رپورٹرز کی موجودگی میں ایک بلڈوزر کے ذریعے آسٹرازینیکا شاٹس کو تلف کیا گیا، جو کہ گتے کے ڈبوں اور پلاسٹک میں پیک کیے گئے تھے۔

    نائجیریا قومی محکمہ خوراک و ادویات کنٹرول مرکز کے ڈائریکٹر موجیسولا آدییے نے کہا کہ 11 سے 19 اکتوبر کی تاریخوں میں نائجیریا کو بھیجی گئی 2 سے 6 ملین کے لگ بھگ آسٹرا زینیکا ویکسین میں سے زیادہ تر کی مدت استعمال ختم ہو چکی ہے۔

    انھوں نے کہا ہے کہ بعض ٹیسٹوں کے بعد ویکسین کو ضائع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، نائجیریا کے عوام کو نقصان سے بچانے کے لیے ویکسین کو ضائع کرنا ضروری ہے۔

    نائجیریا قومی ایجنسی برائے خدماتِ صحت کے ڈائریکٹر فیصل شعیب نے کہا ہے کہ اب کے بعد حکومت مدت استعمال ختم ہونے کے قریب ویکسین قبول نہیں کرے گی۔

  • نائیجیریا میں بھی اومیکرون کے 3 کیسز رپورٹ

    نائیجیریا میں بھی اومیکرون کے 3 کیسز رپورٹ

    ابوجا: کرونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کا مختلف ممالک میں پھیلنے کا سلسلہ جاری ہے، نائیجیریا میں بھی 3 کیسز سامنے آگئے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق نائیجیریا میں کرونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کے 3 کیسز سامنے آگئے، حکام کا کہنا ہے کہ اومیکرون جنوبی افریقہ سے آنے والے 3 مسافروں میں پایا گیا۔

    دوسری جانب جاپان میں بھی اومیکرون کا ایک اور کیس سامنے آگیا جس کے بعد نئے ویرینٹ سے متاثر کیسز کی تعداد 2 ہوگئی۔

    خیال رہے کہ جنوبی افریقہ سے شروع ہونے والی کرونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون اب تک متعدد ممالک میں پھیل چکی ہے جن میں آسٹریا، بیلجیئم، چیک ری پبلک، اٹلی، جاپان، اسرائیل، نیدر لینڈز، پرتگال اور سعودی عرب شامل ہیں۔

    سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ اومیکرون نے انہیں حیران کر دیا ہے، اس میں 50 تبدیلیاں دیکھی گئی ہیں، سب سے زیادہ خطرناک سمجھی جانے والی قسم ڈیلٹا میں صرف 2 تبدیلیاں پائی گئی تھیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ اومیکرون میں موجود مخصوص اسپائک پروٹین میں 30 جینیاتی تبدیلیاں دیکھی گئیں۔