Tag: Nigeria

  • بڑا سانحہ، نائجیریا میں 21 منزلہ عمارت گر گئی

    بڑا سانحہ، نائجیریا میں 21 منزلہ عمارت گر گئی

    لاگوس: نائجیریا میں ملک کے بڑے شہر لاگوس میں ایک 21 منزلہ عمارت منہدم ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق نائجیریا میں ایک زیر تعمیر 21 منزلہ عمارت زمیں بوس ہوگئی، واقعے میں متعدد افراد کا ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔

    یہ واقعہ پیر کی دوپہر کو شہر کے ایک متمول علاقے آئیکوئی میں پیش آیا، عمارت لگژری اپارٹمنٹس پر مشتمل اور زیر تعمیر تھی، فی الحال یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ انہدام کے وقت عمارت میں کتنے لوگ موجود تھے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق قریبی عمارتوں میں رہائش پذیر شہریوں کا کہنا تھا کہ انھیں لگا جیسے زلزلہ آ گیا ہو، انھوں نے دیکھا کہ گیارہ منزلہ عمارت ڈھہ گئی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق منہدم ہونے والی عمارت گزشتہ دو برس سے زیر تعمیر تھی، آج صبح ڈویلپر نے ممکنہ خریداروں کے ساتھ اس عمارت میں میٹنگ بھی کی تھی۔

    سوشل میڈیا پر تصاویر اور ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سائٹ پر کنکریٹ ملبے کا ایک بڑا ڈھیر پڑا ہوا ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق نائجیریا کے 2 کروڑ آبادی والے سب سے بڑے شہر لاگوس میں عمارتوں کا انہدام نسبتاً ایک عام واقعہ بن چکا ہے۔ 2019 میں دو عمارتیں گر گئی تھیں، جن میں سے ایک اسکول بھی قائم تھا، جس میں درجنوں لوگ ہلاک ہو گئے تھے۔

    اس وقت ایک مقامی ماہر تعمیرات نے امریکی ٹی وی کو بتایا تھا کہ لاگوس میں تقریباً ایک ہزار عمارتوں کو گرنے کا خطرہ لاحق ہے۔

  • انوکھا گاؤں، جہاں مرد و خواتین مختلف زبانیں بولتے ہیں

    انوکھا گاؤں، جہاں مرد و خواتین مختلف زبانیں بولتے ہیں

    کہا جاتا ہے کہ خواتین اور مردوں کی الگ دنیا ہوتی ہے، یہ بات نائیجریا پر صادق آتی ہے، کیونکہ یہاں ایسی برادری موجود ہے جس کی خواتین اور مرد الگ الگ زبانیں بولتے ہیں۔

    یہ برادری نائیجریا کی کراس ریور اسٹیٹ میں رپائش پزیر ہے اس کا نام ‘ اوبانگ’ ہے۔

    مرد اور عورتوں کی زبانوں میں کتنے الفاظ مختلف ہیں اس کا مکمل اندازہ تو نہیں ہے، لیکن کئی مثالیں ایسی ہیں جن میں مرد اور عورتیں اپنی گفتگو کے جملےاپنے حساب سے بناتے ہیں۔

    مثلاً کپڑوں کے لیے مرد ‘نکی’ کا لفظ استعمال کرتے ہیں جبکہ خواتین ‘اریگا’ کا، ‘کچی’ کا مطلب مردوں کے لیے درخت ہے جبکہ عورتیں اسے ‘اوکوینگ’ بولتی ہیں۔ نہ صرف دونوں کا تلفظ بالکل جدا ہے، بلکہ الفاظ ہی مکمل طور پر الگ ہیں اور مقامی افراد کا کہنا ہے کہ وہ ہمیشہ سے ایسا ہی دیکھتے آئے ہیں یعنی یہ سلسلہ نسل در نسل سے چل رہا ہے۔

    دلچسپ بات یہ ہے کہ اوبانگ مرد اور خواتین ایک دوسرے کی باتیں بخوبی سمجھتے ہیں کیونکہ لڑکیاں اور لڑکے اپنے والدین کے ساتھ ہی رہتے ہیں اس لیے وہ دونوں زبانیں سیکھ جاتے ہیں لیکن دس سال کی عمر کو پہنچنے کے بعد لڑکوں سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ مردانہ زبان استعمال کریں گے۔

    کوئی نہیں جانتا کہ اوبانگ میں یہ دو زبانوں کا رواج کیسے اور کیوں آیا؟ لیکن بہت سے مقامی افراد اس نظریے کو مانتے ہیں کہ خدا نے آدم و حوا کو ان کے قبیلے میں پیدا کیا تھا اور انہیں دو مختلف زبانیں عطا کی تھیں۔ ان کے بعد ہر نسلی گروہ کو بھی دو، دو زبانیں ملنا تھیں لیکن اتنی زبانیں تھی ہی نہیں، اس لیے یہ معاملہ صرف اوبانگ تک ہی محدود رہ گیا، یوں یہ گاؤں دنیا بھر سے منفردہے۔

    آج جیسے جیسے انگریزی زبان نائیجیریا کے نوجوانوں کی زندگیوں میں داخل ہوتی جا رہی ہے، اوبانگ زبانیں خطرے سے دوچار ہیں، کیونکہ مردانہ اور زنانہ دونوں زبانیں تحریری صورت میں موجود نہیں ہیں، یعنی یہ صرف بولیاں ہیں، اس لیے ان کی اگلی نسل میں منتقلی کا انحصار بڑوں کے سکھانے پر ہے۔

  • نائجیریا: ٹوئٹر نے صدر مملکت کا ٹوئٹ ڈیلیٹ کر دیا

    نائجیریا: ٹوئٹر نے صدر مملکت کا ٹوئٹ ڈیلیٹ کر دیا

    ابوجہ: سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے نائجیریا کے صدر کا ٹوئٹ پالیسی کے خلاف قرار دیتے ہوئے ڈیلیٹ کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ٹوئٹر نے کمپنی کے قانون کی خلاف وزری کا حوالہ دے کر نائجیریا کے صدر محمدو بوحاری کا منگل کو کیا گیا ایک ٹوئٹ حذف کر دیا ہے، ٹوئٹ میں بوحاری نے ملک کے جنوب مشرقی علاقے کی صورت حال پر مخالفین کے لیے دھمکی آمیز زبان استعمال کی تھی۔

    محمد بوحاری کا یہ ٹوئٹ ایک ایسی صورت حال میں سامنے آیا تھا جب ملک میں علیحدگی پسندی کے جذبات اور تشدد کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے، صدر نے ٹوئٹ میں ریاست بیافرا کے حامیوں کو سیکیورٹی حکام اور حکومت پر بڑھتے حملوں پر سزا دینے کی دھمکی دی تھی۔

    بوحاری نے ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ بیافرا خانہ جنگی کے دوران جو تباہی اور ہلاکتیں ہوئیں، انھیں سمجھنے کے لیے آج یہ برا سلوک کرنے والے ابھی بہت کم عمر ہیں، اور ہم میں سے وہ جنھوں نے 30 ماہ تک جنگ کا سامنا کیا، وہ ان لوگوں سے اسی زبان میں بات کریں گے جو یہ سمجھتے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ بوحاری کا یہ ٹوئٹ ملک کے جنوب مشرقی علاقوں میں آتش زدگی اور حملوں کا رد عمل ظاہر ہوتا ہے، تاہم ابھی تک کسی بھی گروپ نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

    سوشل میڈیا کمپنی نے کہا کہ بوحاری کا ٹوئٹ ناروا سلوک والی پالیسی کی خلاف ورزی پر مبنی تھا، جس کی وجہ سے صدر کا اکاؤنٹ بھی 12 گھنٹوں کے لیے معطل کیا گیا۔

    بوحاری کے ڈیلیٹ کیے گئے ٹوئٹ میں 1967-1970 کے دوران کے نائجیریائی خانہ جنگی کا بھی ذکر کیا گیا تھا، واضح رہے کہ اس عرصے کے دوران ملک کے فوجیوں نے خود ساختہ جمہوریہ بیافرا کو ہرایا تھا، جس نے نائجیریا کے جنوب مشرقی حصے پر قبضہ کر رکھا تھا۔

  • کرونا وائرس: افریقی ملک کے سائنس دانوں کا بڑا کارنامہ

    کرونا وائرس: افریقی ملک کے سائنس دانوں کا بڑا کارنامہ

    ابوجا: مغربی افریقا کے ملک نائیجیریا نے کرونا وائرس کی 2 ویکسینز تیار کر لی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق نائیجیریا حکومت کے سیکریٹری اور کو وِڈ 19 کے خلاف جدوجہد کمیٹی کے سربراہ بوس مصطفیٰ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملک کے سائنس دانوں نے کرونا وائرس کے خلاف بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے مقامی ویکسینز تیار کر لی ہیں۔

    بوس مصطفیٰ نے میڈیا کو بتایا کہ مقامی طور پر تیار کردہ کرونا ویکسینز کے کلینیکل تجربات جاری ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کلینیکل تجربات مکمل ہونے اور منظوری سرٹیفیکیٹ حاصل ہونے کے بعد مقامی ویکسینز کا استعمال شروع کر دیا جائے گا۔

    انھوں نے کہا یہ کامیابی سائنسی میدان میں ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوگی، اور اس سے ملک کی میڈیکل انڈسٹری کے حوصلے بڑھیں گے، متعلقہ اداروں سے اپیل ہے کہ ملکی محققین کے ساتھ تعاون کریں، تاکہ ان کی بھرپور حوصلہ افزائی ہو۔

    خیال رہے کہ کرونا ویکسین کے سلسلے میں ڈبلیو ایچ او اور دیگر اداروں کے تحت شروع ہونے والے عالمی رسائی پروگرام ’کوویکس‘ کے تحت نائیجیریا آسٹرا زینیکا ویکسین کی 42 لاکھ 24 ہزار خوراکیں وصول کر چکا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ برس اپریل میں ایک افریقی ملک مڈغاسکر کے صدر آنڈری رجولینا نے کرونا وائرس کی مؤثر شافی دوا کے طور پر مقامی طور پر تیار کردہ ایک مشروب Covid Organics لانچ کیا تھا، اسے مڈغاسکر کے سائنسی ادارے مالاگاسی انسٹی ٹیوٹ آف اپلائیڈ ریسرچ نے تیار کیا تھا۔

  • نائجیریا : مسلح افراد نے اسکول کی سینکڑوں طالبات کو اغواء کرلیا

    نائجیریا : مسلح افراد نے اسکول کی سینکڑوں طالبات کو اغواء کرلیا

    ابوجا: نائجیریا کی ریاست زمفرا میں شدت پسندوں نے تعلیمی درس گاہ پر حملہ کرتے ہوئے تین سو سے زائد طالبات کو اغواء کرلیا جن کی بازیابی کے لیے حکومت سرگرم ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق نائیجیریا کی مغربی ریاست زمفرا میں اسکول سے طالبات کو اغواء کرنے کا ایک اور واقعہ پیش آیا ہے۔ اسکول انتطامیہ کا کہنا ہے کہ مسلح افراد کے حملے کے بعد 300 سے زائد طالبات غائب ہیں۔

    اس حوالے سے غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شدت پسندوں کی جانب سے مسلح حملہ اس وقت کیا گیا جب اسکول میں درس و تدریس کا عمل معمول کے مطابق جاری تھا۔

    مسلح افراد نے اسکول پر حملہ کیا، جس کے بعد وہ طالبات کو اغوا کرکے لے گئے جن کی تلاش جاری ہے، اسکول ٹیچرز نے میڈیا کو بتایا کہ اسکول سے300سے زائد لڑکیاں لاپتہ ہیں۔

    اس سلسلے میں نائجیریا کے حکومتی عہدیداران کا کہنا ہے کہ معاملے کو سنجیدگی سے لے رہے ہیں، سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے مغویوں کی بازیابی کیلیے چھاپہ مار کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔

    مزید پڑھیں : شدت پسندوں کا تعلیمی درس گاہ پر حملہ، سو سے زائد طالبات اغواء

    یاد رہے کہ اس سے قبل فروری 2018 میں شدت پسندوں نے تعلیمی درس گاہ پر حملہ کرکے سو سے زائد طالبات کو اغواء کیا تھا۔

    اس کے علاوہ تقریبا چار سال قبل اسی شدت پسند تنظیم نے چیبوک کے ایک اسکول سے 276 لڑکیوں کو اغوا کر لیا تھا جس کے نتیجے میں دنیا بھر میں برنگ بیک آور گرلز کی مہم نظر آئی تھی۔ ان میں سے ابھی بھی ایک سو سے زیادہ لڑکیوں کے بارے میں تاحال کوئی علم نہیں ہے۔

  • نائیجیریا میں سرکاری قافلے پر حملہ، 8 افراد ہلاک

    نائیجیریا میں سرکاری قافلے پر حملہ، 8 افراد ہلاک

    جامفارہ : نائیجیریا میں ریجنل افسر کے قافلہ پر مسلح افراد کے حملے میں8افراد ہلاک ہوگئے، ہلاک ہونے والوں میں تین پولیس افسران بھی شامل ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نائیجیریا کی ریاست  زیمفارہ کے علاقے کورا نمودہ میں ریجنل افسر کے قافلہ پر شدت پسندوں کے حملے میں8 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    نائیجیریا کے ذرائع ابلاغ نے بتایا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں تین پولیس افسران شامل ہیں جبکہ علاقائی افسر کو بچالیا گیا۔ یہ واقعہ ریاست کتسینا کے قریب پیش آیا جہاں سینکڑوں طلباء کو حال ہی میں شدت پسند تنظیم بوکو حرام نے یرغمال بنا لیا تھا۔

    یہ حملہ گزشتہ روز رات کے وقت اس وقت ہوا جب کورا نمودہ کے امیر الحاجی سنوسی محمد آشا اپنے قافلے کے ساتھ وفاقی دارالحکومت ابوجا سے واپس زیمفارہ اسٹیٹ جارہے تھے۔

    رپورٹ کے مطابق ہلاک ہونے والے قافلے کے8 افراد میں ڈرائیور کے ساتھ دو سیکیورٹی گارڈ ، تین پولیس افسران اور ایک شہری شامل ہیں۔ رپورٹ میں حملہ آوروں کی شناخت سے متعلق تفصیلات شامل نہیں ہیں۔

  • نائجیریا میں گیس ٹینکر میں خوفناک دھماکہ، 28 سے زائد افراد ہلاک

    نائجیریا میں گیس ٹینکر میں خوفناک دھماکہ، 28 سے زائد افراد ہلاک

    ابوجا : نائیجیریا میں گیس ٹینکر میں زور دار دھماکے کے بعد آگ لگ گئی، واقعے میں9 بچوں سمیت 28 افراد ہلاک ہوگئے، دھماکے اور آتشزدگی سے کئی گاڑیاں بھی جل کر خاکستر ہوگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق نائیجیریا کے دارالحکومت ابوجا میں ایک گاڑی سے ٹکرانے کے بعد گیس ٹینکر میں زوردار دھماکہ ہوا، دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دھماکا کے بعد ہونے والی آتشزدگی سے آس پاس کھڑی درجن سے زائد گاڑیوں میں بھی آگ لگ گئی، اندوہناک حادثے میں اب تک 28افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں مرنے والوں میں نو بچے بھی شامل ہیں۔

    اس حوالے سے روڈ سیفٹی ایجنسی کے عہدیدار نے میڈیا کو بتایا کہ وسطی نائیجیریا کی ریاست میں ٹرک بریک فیل ہونے کے بعد 5کاروں، 3رکشوں اور متعدد موٹرسائیکلوں سے ٹکرانے کے بعد الٹ کر دھماکے سے پھٹ گیا جس کے بعد خوفناک آگ لگ گئی۔

    عہدیدار کے مطابق حادثے میں28افراد جاں بحق ہوئے متعدد افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں قریبی ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔

    فیڈرل روڈ سیفٹی کارپوریشن کے ترجمان کے مطابق واقعہ ہائی وے پر واقع ایک پیٹرول اسٹیشن کے سامنے پیش آیا، ریاستی گورنر کا کہنا ہے کہ حادثے میں متعدد جانوں کا زیاں ہوا، ٹینکر میں آگ لگنے کے نتیجے میں متعدد گاڑیاں، املاک اور دیگر قیمتی سامان بھی تباہ ہوگیا۔

  • افریقہ سے پولیو کا مکمل خاتمہ، عالمی ادارہ صحت کی تصدیق

    افریقہ سے پولیو کا مکمل خاتمہ، عالمی ادارہ صحت کی تصدیق

    جنیوا : عالمی ادارہ صحت نے  بر اعظم افریقہ کو پولیو فری قرار دینے کا باقاعدہ اعلان کردیا ہے، جس کے بعد دنیا بھر میں صرف پاکستان اور افغانستان میں پولیو وائرس موجود ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا میں پولیو سے متاثرہ تین ممالک میں سے ایک افریقہ  میں بھی پولیو کے کیسز ختم ہوگئے جس کے بعد براعظم افریقا کو پولیو سے پاک قرار دے دیا گیا۔

    عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)  کے عہدیداران نے اعلان کیا کہ افریقہ میں وائلڈ پولیو کا خاتمہ ہوگیا ہے جس کے بعد افریقا کو پولیو فری قرار دے دیا گیاہے۔

    عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے بعد افریقی ریجنل سرٹیفکیشن کمیشن برائے انسداد پولیو نے بھی تصدیق کر دی ہے اور کہا ہے کہ طویل ویکسی نیشن پروگرام کے بعد افریقا کی 95 فیصد آبادی میں پولیو کے خلاف مدافعت پیدا ہوگئی ہے۔

    واضح رہے کہ اب دنیا بھر میں صرف پاکستان اور افغانستان میں پولیو وائرس موجود ہے اور پاکستان میں پولیو کے کیسز سب سے زیادہ ہیں تاہم پاکستان کی انسداد پولیو مہم نے مقررہ ہدف کا 95 اعشاریہ تین فیصد حاصل کرلیا ہے۔

  • 2 سال سے جانوروں کے ساتھ بندھا ہوا بچہ بازیاب کرلیا گیا

    2 سال سے جانوروں کے ساتھ بندھا ہوا بچہ بازیاب کرلیا گیا

    نائیجیریا میں ایک 12 سالہ بچے کو، جسے اس کے والدین نے جانوروں کے ساتھ 2 سال تک باندھ کر رکھا تھا، ریسکیو ٹیم کی جانب سے بازیاب کرلیا گیا۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ریسکیو ٹیم بچے کو بچانے پہنچی تو وہ فاقوں کا شکار تھا اور لکڑی کے ایک ستون سے بندھا ہوا تھا، بچہ بمشکل کھڑا ہو پارہا تھا۔

    مذکورہ گھر میں باپ، اس کی 3 بیویاں اور 17 بچے رہائش پذیر تھے جو آرام سے گھر کے اندر رہ رہے تھے۔ 12 سالہ بچے کو 2 سال سے جانوروں کے ساتھ شیڈ میں باندھ کر رکھا گیا تھا اور وہ صرف بکری کے دودھ پر زندہ تھا۔

    بچے کی ماں 2 سال قبل دار فانی سے کوچ کرگئی تھی، ریسکیو ٹیم ایک گمنام اطلاع پر بچے تک پہنچی تھی۔

    ٹیم کے چھاپے کے بعد بچے کو فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا جہاں اسے انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل کرلیا گیا، ریسکیو ٹیم کے ترجمان کے مطابق بچے کو 2 سال تک باندھنے کے جرم میں اس کے والد اور تینوں سوتیلی ماؤں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے گھر کے تمام افراد سے تفتیش کی جارہی ہے۔

    ترجمان کے مطابق دوران تفتیش بچے کے سب سے بڑے سوتیلے بھائی نے دعویٰ کیا کہ بچہ مرگی کا شکار تھا اور گھر والوں نے اسے کہیں کھو جانے سے بچانے کے لیے وہاں باندھ رکھا تھا۔

    اس کا یہ بھی کہنا تھا کہ بچے کی مرگی کے علاج کے لیے گھر اور ایک گاڑی بھی فروخت کی جاچکی ہے۔

    ریسکیو ترجمان کے مطابق بچے کی حالت بتدریج بہتر ہورہی ہے اور جلد وہ نارمل زندگی گزارنے کے قابل ہوجائے گا۔

  • نائجیریا کے شمال مغربی حصے میں حملہ، 47 افراد ہلاک

    نائجیریا کے شمال مغربی حصے میں حملہ، 47 افراد ہلاک

    نائجیریا: افریقی ملک نائجیریا میں مسلح ڈاکوؤں نے ایک گاؤں پر حملہ کر کے 47 افراد کو گولیوں سے بھون دیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہفتے کی صبح نائجیریا کی شمال مغربی ریاست کٹسینا کے ایک گاؤں میں مسلح ڈاکوؤں نے حملہ کر کے 47 افراد کو ہلاک کر دیا۔

    کٹسینا پولیس کا کہنا تھا کہ حملہ 300 سے زائد مبینہ ڈاکوؤں نے کیا، یہ حملہ غذائی اجناس چوری کرنے کے لیے کیا گیا تھا، جو حکومت نے کٹسینا کے علاقے میں تقسیم کی تھی۔

    واقعے کے بعد پولیس، نائجیرین آرمی، ایئر فورس اور سول ڈیفنس کے اہل کار علاقے میں بھیجے گئے، پولیس ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ حملہ آوروں کو گرفتار کرنے کے لیے جنگل میں کومبنگ آپریشن کیا جا رہا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق حکومت نے کرونا وائرس لاک ڈاؤن میں مقامی افراد کی مدد کے لیے ریلیف کا سامان پہنچایا تھا، ڈاکوؤں نے گاؤں والوں سے اس سامان کا مطالبہ کیا تھا۔

    خیال رہے کہ شمال مغربی نائجیریا میں گزشتہ ایک برس میں جرائم پیشہ گروہوں کے ہاتھوں سیکڑوں لوگ ڈکیتیوں کے دوران یا اغوا کر کے ہلاک کیے جا چکے ہیں، افریقا کے اس گنجان آباد ملک میں ایسے حملے سیکورٹی چیلنج بن چکے ہیں، کیوں کہ سیکورٹی فورسز بوکو حرام کے حملوں سے بھی نمٹ رہی ہیں۔