Tag: night

  • آدھی رات کو اچانک آنکھ کھلنے کی وجہ کیا ہوتی ہے؟

    آدھی رات کو اچانک آنکھ کھلنے کی وجہ کیا ہوتی ہے؟

    ہم میں سے اکثر افراد رات کے کسی وقت اچانک جاگ جاتے ہیں، رات کے اس پہر جاگنے کی وجہ بظاہر کوئی نہیں ہوتی اور سمجھ نہیں آتا کہ آنکھ کیوں کھلی ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے میں اکثر لوگوں کی جانب سے ایک ہی طرح کے سوالات ہی پوچھے جاتے ہیں کہ میں صبح کے 3 بجے کیوں اچانک بیدار ہو جاتا ہوں؟ ایسے میں کیا کروں؟

    ماہرین کے مطابق مذکورہ حالات سے بیشتر لوگ گزرتے ہیں، اس حوالے سے کی جانے والی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ ایک تہائی سے زائد افراد اچانک نیند سے بیدار ہو جاتے ہیں۔ اچانک بیداری کا یہ عمل ہفتے میں تین یا اس سے زیادہ دنوں تک ہو سکتا ہے۔

    اس حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ اچھی بات یہ ہے کہ اس میں کوئی پریشانی کا پہلو نہیں اورنہ ہی یہ کسی بڑی بیماری کا سبب ہو سکتا ہے۔

    ماہرین نفسیات کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ بیشتر افراد اچانک نیند سے بیدار ہو جاتے ہیں بلکہ ایک ہی رات میں کئی بار ان کی آنکھ کھل جاتی ہے۔ بعض اوقات تو انہیں یہ بات یاد بھی نہیں رہتی کہ وہ سوتے ہوئے اچانک بیدار ہو گئے تھے۔

    تاہم اگر آپ کے ساتھ یہ بلاناغہ ہوتا ہے اور آپ یہ محسوس کریں کہ آپ پرسکون نیند نہیں لے سکتے تو اس صورت میں آپ کے لیے ان اسباب کا جاننا ضروری ہے جو اس بیداری کا سبب بن رہے ہیں۔

    اس کی وجوہات مندرجہ ذیل ہوسکتی ہیں۔

    تناؤ

    انسان جب کسی دباؤ یا تناؤ کا شکار ہوتا ہے تو اس صورت میں انسانی دماغ بھی الجھ جاتا ہے جس کی وجہ سے ذہنی اور جسمانی ردعمل ہوتا ہے، اسی تناؤ میں جسم اور دماغ کے مابین ایک لڑائی کی صورت پیدا ہو جاتی ہے۔

    اس صورت میں جسم کے ہارمونز بشمول ایڈرینالین اور کورٹیزول زیادہ ایکٹیو ہو جاتے ہیں جس کی وجہ سے جسم میں تناؤ کی کیفیت پیدا ہو جاتی ہے، اور ذہن بھی بیداری کی جانب چلا جاتا ہے۔ اس کے اثرات میں منہ کا خشک ہونا، چکر آنا یا دل کی دھڑکن زیادہ ہونا شامل ہیں۔

    کورٹیزول نامی ہارمون جسم کے تناؤ اور بیداری کے لیے فعال ہوتا ہے، تاہم یہ ہارمون ہماری نیند کے مکینزم کو بھی منظم کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

    کورٹیزول کی سطح ذہنی تناؤ کی صورت میں صبح کے 2 سے 3 بجے کے درمیان بڑھنا شروع ہو جاتی ہے جو بیداری کا سبب بنتا ہے۔ تاہم یہ کوئی تعجب کی بات نہیں کہ رات گئے اچانک آپ نیند سے بیدار ہو گئے ہوں۔

    دراصل یہ ذہنی دباؤ کا نتیجہ ہو سکتا ہے جس سے آپ سارا دن گزرے ہوں، جس کی وجہ سے نیند میں آپ کے بلڈ پریشر اور دل کی دھڑکن میں اضافہ ہو جاتا ہے اور آپ کے لیے دوبارہ سونا مشکل ہو جاتا ہے۔

    بے چینی

    اگر کوئی فکر یا سوچ آپ کے ذہن پر سوار ہے تو اس صورت میں سونے کے بعد وہی سوچ آپ کے دماغ کو اسی جانب لے جاتی ہے جس سے غیرمرئی خوف دماغ پر اثر انداز ہوتا ہے جو آپ کی نیند کو بھی متاثر کرتا ہے۔

    مذکورہ صورت میں بے چینی سے چھٹکارے کے لیے ضروری ہے کہ آپ تمام سوچیں اور فکر و بے چینی کو اپنے بیڈ روم سے باہر ہی رکھیں اور جب بیڈ پر آئیں تو آپ کا ذہن ان سوچوں سے خالی ہو۔

    اس کے لیے آپ کو چاہیئے کہ سونے سے قبل تمام سوچوں کو تحریر کریں اور اس بات کا عزم کریں کہ ان کا حل صبح بہتر طور پر نکال لیں گے۔

    اس کے بعد خالی ذہن کے ساتھ بستر پر جائیں تاکہ دماغ میں کسی قسم کے پریشان کن خیالات نہ ہوں، اس کے لیے ماہرین ایک اصطلاح استعمال کرتے ہیں جسے ذہنی ڈسٹ بن کہا جاتا ہے یعنی سونے سے قبل آپ تمام سوچوں کو اس ڈسٹ بن کی نذر کریں اور پر سکون ہو کر بستر پر جائیں۔

    نیند کے مراحل میں تبدیلی

    عام طور پر نیند کے مختلف مراحل ہوتے ہیں جو ابتدائی مرحلے سے لے کر گہری نیند تک ہوتے ہیں۔ ہر مرحلہ دوسرے سے مختلف ہوتا ہے جس کا انحصار رات کے دورانیے پر ہوتا ہے۔ رات کے ابتدائی پہر میں نیند گہری ہونے لگتی ہے جو درمیان میں مزید گہری ہو جاتی ہے جبکہ صبح کے قریب نیند ہلکے مرحلے میں داخل ہونے لگتی ہے۔

    خواب دیکھتے وقت بھی نیند کا مرحلہ ہلکا ہو جاتا ہے جو بیداری کی طرف مائل ہوتا ہے۔

    جب آپ کا ذہن زیادہ بیدار ہوتا ہے تو اس صورت میں جسم کی حرکت میں بھی اضافہ ہو جاتا ہے اور آپ کی نیند دوبارہ ابتدائی مرحلے میں داخل ہو جاتی ہے جس سے آپ آسانی سے بیدار ہو جاتے ہیں۔

    گہری نیند سے بیدار ہونے کے بعد دوبارہ نیند کے لیے بہتر ہے کہ اگر آپ کے اطراف میں شور و غل نہ ہو، مثال کے طور پر سڑک پر گزرنے والے ٹرک یا شور مچاتی بسیں وغیرہ۔

    بہتر ہے کہ ماحول کو مناسب رکھنے کی کوشش کریں، اگر گرمی زیادہ ہے تو اس کے لیے ایئر کنڈیشن یا پنکھے کی رفتار کو بڑھا دیں اور کوشش کریں کہ بیڈروم میں اندھیرا ہو، شور سے بچنے کے لیے کانوں کو بند کر لیں جس کے لیے مخصوص ایئر پیڈ مارکیٹ میں آسانی سے دستیاب ہوتے ہیں۔

    کم خوابی

    اس بارے میں ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر بیداری مستقل طور پر یعنی بار بار ہوتی ہے اور باوجود کوشش کے آپ نیند پوری نہیں کر سکتے تو اس صورت میں کسی ماہر طب سے رجوع کریں تاکہ وہ اس مسئلے کا مناسب طور پر حل تجویز کر سکے۔

  • رات میں پھل کھانا صحت کے لیے نقصان دہ؟

    رات میں پھل کھانا صحت کے لیے نقصان دہ؟

    پھل کھانا انسانی صحت کے لیے نہایت ضروری ہے جو جسم کو توانائی فراہم کر کے اسے مختلف بیماریوں سے بچاتے ہیں، تاہم کیا پھل کھانے کا کوئی وقت بھی ہوسکتا ہے؟

    ویسے تو پھلوں کو کسی بھی وقت کھایا جاسکتا ہے تاہم اکثر لوگ انہیں رات میں کھانے سے منع کرتے ہیں۔

    اس بات کے کوئی سائنسی ثبوت نہیں کہ رات میں پھل کھانے سے صحت متاثر ہوتی ہے تاہم کچھ لوگوں کو رات میں پھل کھانے سے کوئی طبی مسئلہ ہوسکتا ہو۔

    جیسے کہ نیند میں خلل، سونے سے قبل کچھ بھی کھانا نیند میں خلل کا سبب بن سکتا ہے اور پھل ان سے مختلف نہیں ہیں، تو کوشش کریں کہ سونے سے تین گھنٹے قبل انہیں کھانے سے گریز کریں۔

    رات گئے پھل کھانے سے ان میں موجود چینی خون میں شامل ہونے لگتی ہے جس سے خون میں گلوکوز کی سطح بڑھ سکتی ہے تاہم اس کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ سونے سے 3 گھنٹے قبل کھانا اور پھل وغیرہ کھا لیں، تاکہ انہیں ہضم ہون ے کا وقت مل سکے اور وہ ہاضمے پر بوجھ نہ بنیں جس سے آپ کی نیند متاثر ہوسکتی ہے۔

  • کیا اچانک نیند سے اٹھنے پر موت واقع ہوسکتی ہے؟

    کیا اچانک نیند سے اٹھنے پر موت واقع ہوسکتی ہے؟

    آپ نے اکثر ایسے واقعات سنے ہوں گے جس میں کوئی صحت مند بھلا چنگا شخص اچانک موت سے ہمکنار ہوجاتا ہے، کسی ناگہانی حادثے کے علاوہ یہ موت گھر میں عموماً رات کے وقت ہوتی ہے۔

    ایسے افراد بظاہر بالکل صحت مند ہوتے ہیں اور انہیں کوئی جان لیوا بیماری نہیں ہوتی لہٰذا ان کی اچانک موت نہایت حیران کن ہوتی ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ہماری روزمرہ کی زندگی میں ایک نہایت ہی عام سا عمل بے خبری میں ہمیں موت کا شکار بنا سکتا ہے۔ یہ عمل رات سوتے میں جاگ کر اچانک بستر سے کھڑا ہوجانا ہے۔

    ہم میں سے اکثر افراد رات میں گہری نیند سے جاگ جاتے ہیں کیونکہ ہمیں واش روم جانے یا پانی پینے کی ضرورت پڑتی ہے۔ ایسے میں اچانک تیزی سے بستر سے کھڑا ہوجانا نہایت خطرناک عمل ہوسکتا ہے۔

    رات میں کئی گھنٹے سوتے ہوئے گزارنے کے دوران ہمارے دل کی دھڑکن بہت سست ہوجاتی ہے اور ہمارے دماغ تک خون کا بہاؤ بھی بے حد کم ہوجاتا ہے۔ ایسے میں اچانک اٹھنے سے دل کی دھڑکن بے ترتیب ہوسکتی ہے جبکہ دماغ تک خون کی کم رسائی کی وجہ سے دل اچانک رک بھی سکتا ہے۔

    اس صورتحال سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ نیند سے جاگنے کے بعد فوری طور پر کھڑا ہونے سے گریز کیا جائے۔ اچانک نیند سے اٹھنے کے بعد یہ عمل کریں۔

    جب آپ کی آنکھ کھلے تو کم از کم ڈیڑھ منٹ تک بستر پر ہی لیٹے رہیں۔ اس کے بعد بستر پر اٹھ کر بیٹھ جائیں اور 30 سیکنڈ تک اسی پوزیشن میں بیٹھے رہیں۔ اس کے بعد ٹانگیں بستر سے نیچے لٹکائیں اور اسی حالت میں اگلا آدھا منٹ گزاریں۔

    ان ڈھائی منٹوں کے اندر آپ کے دماغ اور جسم کے دیگر تمام حصوں میں خون کی روانی بحال ہوجائے گی اور کھڑے ہونے پر گرنے یا کسی اور سنگین صورتحال کا خطرہ نہیں ہوگا۔

  • کراچی میں قتل وغاری کا سلسہ جاری،گیارہ افراد ہلاک،نو زخمی

    کراچی میں قتل وغاری کا سلسہ جاری،گیارہ افراد ہلاک،نو زخمی

    کراچی:شہر قائد میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں تیرہ افراد جاں بحق اورنو افرا د زخمی ہوگئے،جبکہ رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی میں گینگ وار کے اہم کارندے ڈاکٹرشعیب سمیت چھ دہشت گرد مارے گئے۔

     کراچی میں قتل و غارت گری کا سلسلہ رک نہ سکا،ملیر میمن گوٹھ کے قریب رینجرز اور پولیس نےجرائم پیشہ افراد کے ٹھکانےپرچھاپہ مارا تو مسلح افراد نےاہلکاروں پر فائرنگ کردی،جوابی فائرنگ کے نتیجے میں گینگ وار کےپانچ کارندے مارے گئے، ترجمان رینجرز کے مطابق مقابلے کے دوران گینگ وار بابا لاڈلہ گروپ کا اہم کارندہ ڈاکٹر شعیب بھی ہلاک ہوا،ملزمان کے قبضے سے جدید اسلحہ،آوان بم،پولیس اور رینجرز کی وردیاں بھی برآمد کرلی گئیں۔

    لیاری رانگی واڑہ میں خفیہ اطلاع پرملزمان کی گرفتاری کیلئے رینجرز نے چھاپہ مارا تو عزیربلوچ گروپ کے کارندوں نےفائرنگ شروع کردی،جوابی کارروائی میں ملزم سلمان لال مارا گیا،رات گئے اورنگی ٹاون چشتی نگر میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جان کی بازی ہارگیا،نارتھ کراچی میں نجی اسپتال کے قریب فائرنگ سے ایک شخص کو قتل کردیا گیا،قصبہ کالونی کےعلاقےمیں نامعلوم افراد کی دکان پر فائرنگ سے شخص کو قتل کردیا،واقعے کا عینی شاہد اور مقتول کا دوست یہ منظر دیکھ کر ہارٹ اٹیک کے باعث انتقال کرگیا،گلستان جوہر بلاک بارہ سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی۔

    خاموش کالونی کے قریب فائرنگ سے ایک شخص مارا گیا،لانڈھی نمبر چھ میں مسلح افراد نے الیکٹرونکس کی دکان پر فائرنگ کرکے اقبال نامی شخص کو موت کے گھاٹ اتار دیا،پولیس کے مطابق واقعہ بھتہ نا دینے کےباعث پیش آیا،ادھر شاہ لطیف ٹاون میں زمین کے تنازعے پر دو گروپوں میں مسلح تصادم میں چار افراد زخمی ہوگئے۔

  • کراچی:موت کا رقص،پروفیسرشکیل سمیت9افراد جاں بحق

    کراچی:موت کا رقص،پروفیسرشکیل سمیت9افراد جاں بحق

    کراچی:شہر قائد کےمختلف علاقوں میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات کےدوران جامعہ کراچی کے پروفیسر ڈاکٹرشکیل اوج سمیت نو افراد جاں بحق ہوگئے۔

     کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں بیت المکرم مسجد کےقریب کارمیں سوار ڈاکٹر شکیل اوج کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا،ڈاکرشکیل اوج کی کنپٹی پرلگنے والی گولی جان لیوا ثابت ہوئی۔

    سرجانی ٹاؤن میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے تین افراد نشانہ بنے جس سے ایک شخص موقعے پردم توڑ گیا جبکہ دوافراد اسپتال میں دوران علاج جاں بحق ہوگئے ،پولیس کے مطابق جاں بحق افراد کاتعلق سیاسی جماعت سے ہے شفیق موڑ کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے محمد معراج نامی شخص کو قتل کردیا، گبول ٹاون میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ندیم احمد جان کی بازی ہار گیا،جس کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے تھا،اورنگی ٹاون میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے محمد ریاض کو قتل کردیا،لیاری سے ایک شخص کی لاش ملی۔

    گزشتہ روز سہراب گوٹھ میں فائرنگ سے زخمی ہونے والے ایک شخص نے اسپتال میں دوران علاج دم توڑ دیا،۔گلستان جوہر میں پولیس نےکاروائی کرتے ہوئے چالیس سے زائد وارداتوں میں مطلوب ملزم کو گرفتا کرلیا۔