Tag: nimra

  • اللہ پاک انسانوں کو وباؤں اورآفات سے دور رکھے، خطبہ حج

    اللہ پاک انسانوں کو وباؤں اورآفات سے دور رکھے، خطبہ حج

    مکہ مکرمہ : میدان عرفات میں خطبہ حج دیتے ہوئے شیخ عبداللہ بن سلیمان نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انسانوں کو وباؤں اورآفات سے دور رکھے، تقویٰ اختیار کرنے والے کی ہرتنگ دستی دورکردی جاتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جو ایک دوسرے کاحق ہے وہ دیا جائے، بدن کی سلامتی کیلئے اپنی صحت کاخیال رکھنا بھی بہت ضروری ہے، ہم پر امراض کو پھیلنے سے روکنا لازمی امر ہے۔

    اللہ نے جو بیماری دی ہے اس کی دوا بھی رکھی ہے، نبی کریم نے فرمایا جہاں طاعون پھیلے وہاں سے باہر نہ نکلو، امراض کو پھیلنے سے بچانے کے لیے حکومت کے اقدام سب کے سامنے ہیں ،

    حج کارکن اعظم وقوف عرفہ آج ادا ہوگا، میدان عرفات میں سعودی عرب کے مفتیِ اعظم خطبہ حج دیں گے، عازمین منی پہنچ گئے، خطبہ حج مسجد نمرہ میں دیا جائے گا۔

    شیخ عبداللہ بن سلیمان نے کہا کہ ہم گواہی دیتے ہیں کہ اللہ کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں اور وہ واحد ہے، اللہ کےسوا کوئی شریک نہیں، اللہ شرک کرنیوالے کی زندگی کے تمام اعمال کوضائع کردیتاہے۔

    شیخ عبداللہ بن سلیمان نے خطبہ حج دیتے ہوئے تقویٰ اختیار کرنے پر زور دیا اور کہا کہ اللہ کے سوا کسی کی عبادت نہیں کرنی چاہیے اور صرف اسی سے مدد مانگنی چاہیے۔

    شیخ عبداللہ بن سلیمان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا ارشاد پاک ہے کہ میری عبادت کرو اور میرے ساتھ کسی کو شریک نہ کرو، اللہ تعالیٰ نے حضرت محمد کو آخری نبی بنا کر بھیجا ہے۔

    مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اللہ اپنے بندوں کا امتحان لیتا ہے اور اگر وہ آزمائش میں پورے ہوجائیں تو اللہ کی جانب سے انہیں نوازا جاتا ہے، قرآن میں اللہ نے ارشاد فرمایا کہ تم میرے نعمتوں کو گننا چاہو تو گن نہیں سکتے۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت نے امراض کو پھیلنے سے روکنے کے بہترین اقدام کیے، بیماری کو پھیلنے سے بچاؤ کے لیے اقدام کیے گیے ہیں، حفاظتی اقدامات کا سہرا شاہ سلمان کے سرجاتا ہے۔

    ضروری ہے کہ ہم اپنے لیے اور اپنی سرزمین کی حفاظت کے لیے دعا کریں، آج کے دن دعا کی جائے جہاں وبا ہے وہاں اللہ سلامتی رکھے،

    آج کے دن اللہ حاجیوں کے عمل پر فرشتوں کے سامنے فخر فرماتا ہے، آج کے دن اللہ کے نبی نے حضرت بلال کو اذان کا حکم دیا، نماز ادا کی گئی، احادیث میں ہمیں تمام مناسک حج نظر آتے ہیں۔

    شیخ عبداللہ بن سلیمان نے خطبہ دیتے ہوئے کہا کہ اپنے ماں باپ کے ساتھ حسن سلوک کا معاملہ کریں، اللہ تعالیٰ کے ساتھ ساتھ والدین کے حقوق بھی ادا کرنے چاہئیں،رشتہ داروں کے ساتھ صلح رحمی سے پیش آؤ ، ہمیشہ سیدھی اور صاف بات کیا کریں، اللہ تعالیٰ نے عدل اوراحسان کا حکم فرمایا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اپنی بیویوں کے ساتھ حسن سلوک کے ساتھ پیش آؤ، ناحق قتل پر اللہ کا غضب نازل ہوتا ہے۔ اپنی بیویوں کے ساتھ حسن سلوک کے ساتھ پیش آؤ، اپنے بھائی بہنوں اور رشتہ داروں کا خیال کیا جائے، اللہ رب العزت نے قتل کو حرام قرار دیا، ناحق قتل کرنے والوں کیلئے اللہ نے دردناک عذاب رکھا ہے۔

    یاد رہے کہ اس سال مزدلفہ میں حاجی شیطان کو مارنے کیلئے کنکریاں نہیں چنیں گے، کنکریاں حکومت کی جانب سے دی جائیں گی، کل صبح نماز فجر کے بعد حجاج کرام شیطان کو کنکریاں ماریں گے، قربانی کریں گے اوربال منڈوا کر احرام کھول دیں گے۔

    حج کے موقع پر مکہ مکرمہ اور منیٰ،عرفات کے میدان میں باران رحمت برس گئی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا، بارش کے دوران مسجدالحرام میں خانہ کعبہ کا غلاف تبدیل کیا گیا، سعودی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ حج کے دوران بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔

    حج کے موقع پر کوروناوائرس سےبچاؤ کیلئےایس اوپیز پرسختی سے عملدرآمد کیا جارہا ہے، سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بغیر اجازت حج مقامات میں داخل ہونے پر اب تک 244افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔

    بغیراجازت حج مقامات پرداخلے پر12 ذوالحج تک پابندی ہے، بغیراجازت نامہ مشاعر مقدسہ جانے پر 10ہزار ریال جرمانے کی سزا ہے۔ ترجمان سیکیورٹی فورس کا کہنا ہے کہ حفاظتی تدابیر کی پابندی سب پر لازم ہے۔

    میدان عرفات میں مسجد نمرہ کو پہلے ہی سینیٹائز کردیا گیا تھا اور صفائی کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے، نمازیوں کے درمیان سماجی فاصلے کے لیے نشانات بھی لگے ہوئے ہیں، قافلے سورج غروب ہونے کے بعد میدان عرفات سے مزدلفہ روانہ ہوں گے، مغرب اور عشا کی نمازیں ایک اذان اور دو تکبیروں کے ساتھ مزدلفہ میں ادا کی جائیں گی۔

  • کراچی پولیس مقابلہ، مقتول طالبہ نمرہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی

    کراچی پولیس مقابلہ، مقتول طالبہ نمرہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے میں واقع انڈا موڑ پر پولیس مقابلے کی زد میں آکر جاں بحق طالبہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی جس کے مطابق نمرہ کے سر پر لگنے والی گولی رائفل کی تھی۔

    پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق 23سال کی نمرہ کو رات 10بجکر21 منٹ پرجس وقت جناح اسپتال کراچی لایاگیا وہ دم توڑ چکی تھی، طالبہ کے سر کے سیدھے حصے پر گولی لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رائفل فائر آرم کی گولی لگنے سے سرپر ڈھائی سینٹی میٹر لمبا اور گہرا زخم آیا جس کی وجہ سے سر  کی ہڈی میں فریکچر ہوا، مقتولہ کے متعدد ایکسرے اور سی ٹی اسکین بھی کرائے گئے۔

    ڈاکٹر ذکیہ کے مطابق نمرہ کو گولی قریب سے لگنے کے کوئی شواہد نہیں ملے، مقتولہ کےجسم میں لگنے والی گولی کا ثبوت نہیں ملا البتہ سر کی ہڈی ٹوٹنےسےمقتولہ کےدماغ کونقصان پہنچا جس کی وجہ سے وہ جان سے گئی، بظاہرمعلوم ہوتاہےنمرہ کوچھوٹےہتھیارکی گولی لگی۔

    مزید پڑھیں: کراچی میں پولیس مقابلہ: میڈیکل طالبہ سپرد خاک، وزیرِ اعلیٰ سندھ کا نوٹس

    یاد رہے کہ 22 فروری کی رات نارتھ کراچی میں واقع انڈا موڑ کے قریب پولیس اور اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان مقابلہ ہوا تھا جس کی زد میں میڈیکل کالج کی طالبہ آگئی تھی، نمرہ کو زخمی ہونے کے بعد عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وینٹی لیٹر نہ ہونے کی وجہ سے اُسے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

    جناح اسپتال منتقل کرنے کے دوران نمرہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی تھی جس کے بعد وہاں کی خاتون ایم ایل او (میڈیکل لیگو آفیسر) نے پوسٹ مارٹم کرنے میں تاخیر کی۔

    اہل خانہ نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ نمرہ کو پولیس اہلکار کی گولی لگی، وزیر اعلیٰ سندھ نے طالبہ کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ کو ہدایت کی کہ وہ تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ جمع کرائیں اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کریں۔

    دوسری جانب آئی جی سندھ نے قتل کی تحقیقات کے لیے دو ڈی آئی جیز عارف حنیف، امین یوسفزئی اور دو ایس پیز نعمان صدیقی، سمیع اللہ سومرو پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی جس نے جائے وقوعہ کا دورہ کر کے عینی شاہدین کے واقعات قلم بند کیے۔

    یہ بھی پڑھیں: کراچی: میڈیکل کی طالبہ کی ہلاکت، معمہ حل نہ ہوسکا، واقعہ کئی سوالات چھوڑ گیا

    تحقیقاتی کمیٹی کے اراکین نے متوفیہ کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ نمرہ کا تعلق پولیس کے خاندان سے ہے مقتولہ کے دادا اور والد سندھ پولیس میں ملازم تھے۔ کمیٹی کے اراکین نے مقتولہ کے اہل خانہ اور ماموں کے بیانات بھی قلم بند کیے۔

    ڈی آئی جی سندھ نے تحقیقاتی کمیٹی کو تین روز میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

  • گھریلو ملازمہ کی پُراسرارموت معمہ بن گئی

    گھریلو ملازمہ کی پُراسرارموت معمہ بن گئی

    گوجرنوالہ : گھریلو ملازمہ کی پُراسرار موت معمہ بن گئی۔ تفصیلات کے مطابق  لڑکی کو ملازم رکھنے والے خاندان کے سربراہ کا کہناہے کہ لڑکی نے خود کشی کی جبکہ لواحقین نے قتل کاالزام عائد کیاہے۔

    گوجرانوالہ کی سترہ سالہ نمرہ آٹھ ماہ سے واپڈا ٹاون کے علاقے میں تاجرعظیم کے گھرپرکام کرتی تھی۔ گھر کے مالک کا کہنا ہے کہ صبح جب نمرہ کو جگانے گئے تو وہاں سے اس کی لاش ملی ۔

    تاجر کا کہنا ہے کہ ملازمہ نے خودکشی کی ہے۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لے کر سول اسپتال منتقل کردیا۔

    لواحقین کا مؤقف ہے کہ نمرہ نے خودکشی نہیں کی بلکہ اس کا قتل ہواہے، پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد مقدمہ درج کرلیا جائے گا۔