Tag: NIRC

  • پی آئی اے کے 3 سنیئر افسران کو قید اور جرمانے کی سزائیں

    پی آئی اے کے 3 سنیئر افسران کو قید اور جرمانے کی سزائیں

    اسلام آباد: این آئی آر سی بلوچستان نے پی آئی اے کے 3 سنیئر افسران کو سزا سنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل انڈسٹریل ریلیشنز کمیشن کوئٹہ بینچ کے ممبر عبدالغنی مینگل نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کوئٹہ کے ملازمین کی مستقلی سے متعلق کیس کی سماعت کرتے ہوئے تفصیلی فیصلہ سنا دیا۔

    پی آئی اے افسران کو یومیہ اجرت والے 17 ملازمین کو مستقل نہ کرنے کے عدالتی فیصلے کی حکم عدولی پر سزا سنائی گئی ہے۔ پی آئی اے کے ڈپٹی سی ای او، ہیومن ریسورس ڈپارٹمنٹ کے سربراہ اور جی ایم پی آئی اے بلوچستان کو 6,6 ماہ قید 50،50 ہزار جرمانے کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔

    عدالت نے تمام افسران کو سرکاری عہدوں کے لیے نااہل بھی قرار دے دیا ہے، عدالت کی جانب سے افسران کی تنخواہیں اور مراعات فی الفور روکنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں، اور آئی جی اسلام آباد، آئی جی بلوچستان کو فیصلے پر عمل درآمد کا حکم دے دیا۔

    فیصلے میں ہدایت کی گئی کہ آئی جی اسلام آباد اور آئی جی بلوچستان تینوں افسران کو جیل منتقل کریں۔

    ترجمان پی آئی اے نے کہا ہے کہ وہ عدالتی فیصلوں کا احترام کرتے ہیں، تاہم فیصلے سے کئی اہم قانونی نکات سماعت میں شامل ہونے سے رہ گئے ہیں، موجودہ نجکاری عمل اور اس ضمن میں انتظامی پیچیدگیوں سے متعلق عدالت کو آگاہ کرنا پی آئی اے کے دفاع کے لیے ضروری تھا۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ قومی ایئرلائن نے فیصلے کے خلاف متعلقہ فورم پر نظر ثانی اپیل دائر کر دی ہے۔

  • قومی صنعتی تعلقات کمیشن کے 8 ارکان کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری

    قومی صنعتی تعلقات کمیشن کے 8 ارکان کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے قومی صنعتی تعلقات کمیشن (این آئی آر سی) کے 8 ارکان کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت اطلاعات نے وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد قومی صنعتی تعلقات کمیشن کے 8 ارکان کی تقرری کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

    ارکان میں ریٹائرڈ سول سرونٹ سید نور الحسنین، ریٹائرڈ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عبدالقیوم، سہیل اکرم، محمد زبیر، وکلا محمد سراج الاسلام خان، عبدالغنی اور منور حسین طوری شامل ہیں۔

    کابینہ نے وزارت اطلاعات کی سمری پر خالی عہدوں پر تقرریوں کی منظوری دی تھی، قومی صنعتی تعلقات کمیشن کے یہ عہدے گزشتہ 9 ماہ سے خالی تھے۔

    قومی صنعتی تعلقات کمیشن وزارت اطلاعات سے ملحقہ ادارہ ہے، جس کا قیام صنعتی تعلقات کمیشن ایکٹ 2012 کی شق 53 کے تحت عمل میں لایا گیا تھا۔ صنعتی تعلقات کمیشن کی ذمہ داری صنعتی تنازعات نمٹانا، تجارتی تنظیموں کا اندراج، بارگنگ ایجنٹوں کی وصولی کا تعین، محنت کشوں سے غیر منصفانہ سلوک کا خاتمہ اور ایک دوسرے کے صوبوں کی اسٹیبلشمنٹس اور اسلام آباد میں انفرادی تحفظات کا ازالہ کرنا ہے۔

  • پی آئی اے میں ریفرنڈم کا حکم نامہ مسترد، یونین رہنماؤں کی اسلام آباد طلبی

    پی آئی اے میں ریفرنڈم کا حکم نامہ مسترد، یونین رہنماؤں کی اسلام آباد طلبی

    کراچی : پی آئی اے میں نئے ریفرنڈم کے احکامات مسترد کر دیئے گئے، ایئر لیگ کی جانب سے دائر درخواست پر این آئی آر سی نے نیا حکم نامہ جاری کر دیا۔

    این آئی آر سی کی جانب سے پہلے جاری کی گئی ججمنٹ کو دوبارہ غور کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ایئر لیگ کے کارکنوں کا سی بی اے آفس میں رش لگا ہوا ہے، این آئی آر سی نے 12 فروری کو تمام یونین رہنماؤں کو اسلام آباد طلب کرلیا۔

    این آئی آر سی اسلام آباد بینچ کی جانب سے پی آئی اے میں نئے ریفرنڈم نہیں کرائے جاسکے، گزشتہ پیپلزیونٹی کےعہدیداروں نے جنرل مینجر آئی آر راشد ظفر کے دفتر کا گھیراؤ کرلیا تھا، موجودہ سی بی اے ائیرلیگ اورپیپلزیونٹی کے کارکنوں کے درمیان لڑائی کی نوبت تک آگئی تھی۔

    پی آئی اے ہیڈ آفس میں دونوں گروپ آمنے سامنے آگئے، پی آئی اے سیکیورٹی اور پولیس کی بھاری نفری طلب کرلی گئی۔


    مزید پڑھیں: قانون کے تحت ریفرنڈم کا انعقاد چاہتے ہیں، صدرائیرلیگ


    پیپلزیونٹی نے عدالت کے حکم کے مطابق نئے ریفرنڈم کرانے کا مطالبہ کیا، جبکہ جنرل مینجر آئی آر راشد ظفر نئے ریفرنڈم کے احکامات دینے سے گریزاں ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔