Tag: nisar ali Khan

  • مریم نوازکو لیڈر تسلیم نہیں کرتا، بچے بچے ہوتے ہیں، چوہدری نثار

    مریم نوازکو لیڈر تسلیم نہیں کرتا، بچے بچے ہوتے ہیں، چوہدری نثار

    اسلام آباد : سابق وزیر داخلہ اورمسلم لیگ نون کے رہنما چوہدری نثارعلی خان نے کہا ہے کہ مریم نواز کو لیڈر تسلیم نہیں کرتا، بچے بچے ہوتے ہیں انہیں لیڈر کیسے مانا جاسکتا ہے، اختلافات کے باوجود نواز شریف کے ساتھ چلا جاسکتا ہے۔

    مریم نواز اور بے نظیر بھٹو میں بہت فرق ہے

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، چوہدری نثار نے کہا کہ مریم نواز کا کردارصرف نوازشریف کی بیٹی کا ہے، جب مریم باضابطہ سیاست میں آئیں گی، ان کا پروفائل بنے گا تو لوگ فیصلہ کرینگے، مریم نواز اور بے نظیر بھٹو میں بہت فرق ہے، بےنظیر بھٹو کا معاملہ مریم نواز سے قطعاً مختلف ہے، بےنظیر بھٹو نے ذوالفقار علی بھٹو کے قتل کے بعد گیارہ سال تک مصبیتیں جھیلیں۔

    مخصوص وجہ پر وزارت چھوڑنے کا فیصلہ کیا

    چوہدری نثار نے انکشاف کیا کہ شاہد خاقان عباسی کو ان کی مشاورت سے وزیر اعظم بنایا گیا, ان کا کہنا تھا کہ مخصوص وجہ پر میں نے وزارت چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا، ایک خاص موقع پر بہت مایوس ہوا تو سیاست چھوڑنے کا کہہ دیا تھا.

    اس بیان کو سیاق وسباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، اس وقت مجھے کہا گیا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے دیں، میں نے کہا تھا کہ فیصلہ نوازشریف کےحق میں آئے یا ان کے خلاف، استعفیٰ دے دونگا، پہلے مجھے آسمان پر پہنچایا گیا، پھر تنقید شروع ہوگئی، وزارت داخلہ کس کواچھی نہیں لگتی؟

    شہبازشریف پارٹی صدارت کیلئے موزوں امیدوار ہیں

    چوہدری نثار کے بقول وہ نواز شریف کے بعد پارٹی کا سینیر ترین رکن ہیں، پارٹی میں گروپ بندی کا سوچ بھی نہیں سکتے۔ چوہدری نثار نے کہا کہ نوازشریف کے بعد شہبازشریف پارٹی صدارت کیلئے موزوں امیدوار ہیں۔ ووٹ کے تقدس پر نواز شریف کے ساتھ ہوں لیکن طریقہ کارسے متفق نہیں، میری کوشش رہی ہے کہ نوازشریف کو صحیح ان پٹ دیا جائے۔

    عمران خان پرانے دوست اور شریف آدمی ہیں

    چوہدری نثار نے عمران خان کو پرانا دوست اور شریف آدمی قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان سے کافی قربت رہی ہے اسکول کے زمانے سے ہم ساتھ ہیں، ہماری بہت سی چیزیں مشترک ہیں، اس بات پر پارٹی میں بھی مجھے پیٹھ پیچھے تنقید کا سامنا رہا۔

    پرویز مشرف کو ہم نے باہر نہیں جانےدیا

    ایک سوال کے جواب میں چوہدری نثار نے بتایا کہ پرویز مشرف کو سب سے پہلےٹرائل کورٹ نے باہرجانےکی اجازت دی، سپریم کورٹ نے بھی مشرف کو باہرجانے کی اجازت دے دی تھی، اس فیصلے کے اگلے روز مشرف نے باہر جانے کی تیاری کی، تیاری کےباوجود مشرف کو ہم نے باہر نہیں جانےدیا۔

    نیشنل ایکشن پلان اور کراچی آپریشن میں نے شروع کیا

    چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان کسی نے نہیں بلکہ میں نے بنایا، پلان کی تیاری کیلیے ایک ہفتہ ملا،5 دن میں کام مکمل کیا، وزیرستان کا آپریشن نیشنل ایکشن پلان میں نہیں ہے، اس کے علاوہ کراچی کا آپریشن فوج یا رینجرز نے نہیں بلکہ میں نے ہی شروع کیا، پہلےجنرل رضوان اختر اور پھر میجر جنرل بلال اکبر کراچی آپریشن کو اچھے طریقے سے آگے لے کرگئے۔

    پاکستان کی سالمیت کو اندرونی و بیرونی دونوں خطرات لاحق ہیں

    چوہدری نثار کا مزید کہنا تھا کہ آرمی چیف اگر میرا بھائی بھی آئے تو وہ پہلا کام ادارے کےمفاد میں کرے گا۔
    آرمی چیف کو ادارے کیلیے بھی کام کرنا پڑتاہے اور حکومت کےساتھ بھی ۔نوازشریف کو سمجھانے کی کوشش کی تھی کہ کوئی آرمی چیف’اپنابندا‘نہیں ہوسکتا، سول ملٹری تعلقات کو مشاورت سے بہتری کی طرف لے جا سکتےہیں، وزیراعظم سمیت 5 افراد جانتےہیں کہ پاکستان کی سالمیت کو اندرونی و بیرونی دونوں خطرات لاحق ہیں، یہ بلیک اینڈ وائٹ ہائی پروفائل انٹیلی جنس رپورٹ ہے۔

    وزیر خارجہ کے بیان کے بعد ملک کو کسی دشمن کی ضرورت نہیں

    وزیرخارجہ کے اپنے گھر کی درستگی سے متعلق بیان سے اختلاف ہے، ایسے بیان کے بعد پاکستان کو کسی دشمن کی کیاضرورت رہ گئی، میرا بطور وزیرداخلہ سب سے رابطہ رہتا تھا، سب سےتعلقات ہیں، کبھی وزارت خارجہ کا امیدوارنہیں رہا، میں نے کبھی نوازشریف سے وزارت خارجہ کی ڈیمانڈ نہیں کی۔

     


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • وزیراعظم سے اختلافات، چوہدری نثار کے مستعفی ہونے کا امکان

    وزیراعظم سے اختلافات، چوہدری نثار کے مستعفی ہونے کا امکان

    اسلام آباد: وزیر داخلہ چوہدری نثار اور وزیراعظم کے درمیان اختلافات شدت اختیار کرگئے، چوہدری نثار کی جانب سے وزارت سے مستعفی ہونے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاناما کیس کے معاملے پر وزیر داخلہ چوہدری نثار کے ن لیگ کی اعلیٰ قیادت سے اختلافات بڑھ گئے،اطلاعات ہیں کہ وہ جلد وزیر داخلہ کے عہدے دے مستعفی ہونے کا اعلان کرسکتے ہیں۔

    خیال رہے کہ چوہدری نثار اتوار کو شام 5 بجے پریس کانفرنس کرنے کا پہلے ہی اعلان کرچکے ہیں، وہ پاناما کیس سے متعلق ہونے والے ن لیگ کے اجلاسوں سے مسلسل غیر حاضر ہیں اور میڈیا پر بھی پاناما کیس سے متعلق کافی دنوں سے نثار کے بیانات سامنے نہیں آرہے۔

    اے آر وائی نیوز اسلام آباد کے بیورو چیف صابر شاکر نے کہا کہ نثار کے وزیراعظم سے اختلافات اس وقت شروع ہوئے جب ن لیگ کی قیادت نے اداروں سے ٹکراؤ کی پالیسی اختیار کی، نثار کچھ دنوں سے پارٹی کی سیاسی سرگرمیوں میں حصہ نہیں لے رہے تھے۔

    صابر شاکر کے مطابق چوہدری نثار کو منانے کی کوششیں کی جاتی رہیں، آج بھی پنجاب ہاؤس انہیں منانے کے لیے ن لیگی رہنما گئے تھے لیکن انہیں منانے کی کوششیں کامیاب نہ ہوئیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ چوہدری نثار نے اتوار کو پریس کانفرنس کرنے کا اعلان کر رکھا ہے جس میں وہ اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے جس میں وہ وزارت سے تو مستعفی ہوجائیں گے تاہم ن لیگ کی رکنیت سے علیحدہ نہیں ہوں گے۔

    واضح رہے کہ قبل ازیں یہ بھی اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کی صورت میں خواجہ آصف، احسن اقبال، ایاز صادق اور شاہد خاقان عباسی نئے وزیراعظم بننے کے لیے مضبوط امیدوار ہیں لیکن ان امیدواروں میں نثار کا نام شامل نہیں۔

    یہ پڑھیں: کون ہوگا نیا وزیراعظم ؟ ن لیگ میں تلاش شروع

  • سعودی عرب میں جعلی پاسپورٹ کے سبب 20 ہزارپاکستانی جیل گئے

    سعودی عرب میں جعلی پاسپورٹ کے سبب 20 ہزارپاکستانی جیل گئے

    اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارنے انکشاف کیا ہے کہ سعودی عرب میں بیس ہزار پاکستانی جعلی پاسپورٹ پرجیلوں میں قید ہیں۔

    قومی اسمبلی میں گفتگو کرے ہوئے وزیر داخلہ چوہدری نثارکا کہنا تھا کہ اراکین پارلیمنٹ غیرملکیوں کے شناختی کارڈز کے اجرا کے لیے سفارشیں کرتے رہےہیں۔

    ،انہوں نے کہا کہ ماضی میں جعلی شناختی کارڈز اورپاسپورٹس کا اجرا ہوتا رہا اورسعودی عرب میں جعلی پاسپورٹ پر بیس ہزار پاکستانی جیلوں میں گئے۔

    قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے چوہدری نثار نے کہا پارلیمنٹ پرارکان اورعوام کااعتماد اٹھتاجارہا ہے۔

    انہوں نے حکومتی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے تجویز دی کہ تمام وزراء اپنی وزارتوں کی کارکردگی ایوان میں پیش کریں۔

  • ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کو کچل دیا جائے گا: چوہدری نثار

    ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کو کچل دیا جائے گا: چوہدری نثار

    اسلام آباد: نیشنل ایکشن پلان پرعملدرآمد کےسلسلے میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں ملک میں قیامِ امن کے لئے اہم فیصلے کئے گئے۔

    اجلاس میں وزیراعظم نواز شریف، وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار، چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ، آرمی چیف اور اہم ملکی شخصیات شریک تھیں۔

    اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے چوہدری نثار نے کہا کہ اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان کے علاوہ کچھ اہم ایشوز ہیں جن پر صوبوں اور وفاق کو ایک پالیسی اختیار کرنی چاہئے۔

    این جی اوز

    غیر ملکی این جی اوز کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کچھ عرصے سے این جی اوز کو مادر پدر آزادی ملی ہوئی ہے اور بہت سی ایسی این جی اوز ہیں جنہوں نے پاکستان میں کام کرنے کی درخواست تک نہیں دی اور انہیں ویزے ملے ہوئے ہیں اوران کے دفاتر یہاں قائم ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ غیر ملکی این جی اوز کو قانون کے دائرہ کار میں لانا مکمل طور پر وفاق کی ذمہ داری ہے اور اس پر ڈھائی ماہ سے کام کررہے تھے اور اب ایک جامع پالیسی تیار ہے۔

    مقامی این جی اوز کے بارے میں گفتگوکرتےہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ صوبائی دائرہ کار میں آتی ہیں اور کسی کو نہیں معلوم کہ کس این جی او کو کتنی فنڈنگ ہورہی ہے اور ان کے اغراض و مقاصد کیا ہیں۔

    این جی اوز کو قانون کے دائرہ کار میں لانے کے لئے نادرا کے تعاون سے ڈیٹا بینک تشکیل دیا جائے گا اور ایک قانون کے تحت ملکی اور غیر ملکی این جی اوز کی رجسٹریشن ہوگی تاکہ ایک سسٹم کے تحت این جی اوز کی مانیٹرنگ کی جا سکے۔

    اسلحہ لائسنس کا اجراء

    چوہدری نثار نے اسلحہ لائسنس کے اجرا کے حوالے سے کہا کہ ماضی میں بے حساب لائسنس جاری کئے گئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پنجاب اور سندھ نادرا کے تعاون سے کمپیوٹرائز لائسنس کا اجرا کررہے ہیں اور باقی صوبوں سے بھی کہا گیا ہے کہ اسی سسٹم کے تحت کمپیوٹرائز لائسنن جاری کرنے کا عمل شروع کریں۔

    سیکیورٹی کمپینیز

    وفاقی وزیرِ داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کام کرنے والی زیادہ ترسیکیورٹی کمپینیز نام کی ہیں ان کے اہلکاروں کو ہتھیار چلانے کی باضابطہ تربیت حاصل نہیں اورہتھیار ہیں تو چلتے نہیں ہیں۔دوسری جانب اہلکاروں کو ہیلتھ انشورنس اورلائف انشورنس بھی میسر نہیں ہے۔ سیکیورٹی کمپینیزکو ان کے چارٹر کے مطابق اپ ڈیٹ کیا جائے گا تاکہ وہ معاشرے میں قیام امن میں اپنا کردا ادا کرسکیں۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ گاڑیوں کی جعلی بلٹ پروفنگ اپنے آپ سے دشمنی ہے ایسی تمام کمپینیز جو کہ جعلی بلٹ پروفنگ کررہے ہیں ان کے خلاف کاروائی ہونی چاہئیے کیونکہ ان کی تیار کردہ گاڑیاں معیار کے مطابق نہیں ہوتیں۔

    افغان مہاجرین

    افغان مہاجرین کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ قانون کے مطابق مہاجرین کو کیمپوں تک محدود رہنا چاہئے نہ تو وہ یہاں کاروبار کرسکتے ہیں اور نہ پراپرٹی خرید سکتے ہیں لیکن یہ سب ہورہا ہے اور انہیں جعلی شناختی دستاویز بھی جاری کی گئی ہیں جن پر کام ہورہا ہے اور بہت سے ایسے افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جن کی شناختی دستاویز مستند نہیں تھیں۔

    مدارس کی رجسٹریشن

    مدارس کی رجسٹریشن اور نصاب کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ مدارس کے نصاب کی اصلاح کرکے وہاں پاکستان کا نصاب رائج کی جائے گا۔

    رجسٹریشن کے حوالے سے انکا کہنا تھا کہ تمام مسالک کے علمائے کرام سے مشاورت کرکے ایک جامع اور آسان رجسٹریشن فارم تشکیل دیا جارہاہے۔

    فنڈنگ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ آئندہ مدارس کی تمام فنڈنگ بینکوں کے ذریعے ہوگی اور ان کا باقاعدہ آڈٹ کیا جائے گا۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ نفرت آمیز تقاریر میں ملوث مدرسوں میں کیمرے نصب کئے جائیں گے اور ثبوت کی بنا پر کاروائی ہوگی۔

    قومی ایکشن پلان

    قومی ایکشن پلان جو کہ آج کے اجلاس کا خاص ایجنڈا تھا جس پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست کے خلاف کھڑے ہونے والوں کو بزورِ قوت کچل دیا جائے گا۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ مذہب کے نام پرفساد پھیلانے والوں کوعلماء کے تعاون سے ان کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کی آمد قریب ہے اور کسی کو بھی اشتعال انگیز تقاریرکرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اورایسے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ گزشتہ 08 مہینوں میں عوام ، میڈیا اوراداروں کے تعاون سے سیکیورٹی کی صورتحال کافی بہتر ہوئی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان کے 15 نکات پرکام ہورہا ہے، مل جل کر سب ہی کام کررہے ہیں جبھی اب ہفتوں امن رہتا ہے اور بہت بڑے بڑے افراد ہتھیار ڈالنے پرآمادہ ہورہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ صحافیوں پرحملے دہشت گردی کے خلاف جنگ کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے اکا دکا واقعات سے آپریشن پر سوالیہ نشان نہیں اٹھنا چاہئے۔

    انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 9 مہینوں میں 5 ہزارآپریشن انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیادوں پر کئے گئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہم ہرجگہ ناکے نہیں لگا سکتے اوراپنے بازار اور اسکول بند نہیں کرسکتے لیکن وہ دن نزدیک ہے جب ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہوجائے گا۔

  • عمران فاروق قتل کیس کو سیاسی ایشو نہیں بنایا جائے: چوہدری نثار

    عمران فاروق قتل کیس کو سیاسی ایشو نہیں بنایا جائے: چوہدری نثار

    اسلام آباد: وفاقی وزیرِ داخلہ چوہدری نثارکا کہنا تھا کہ عمران فاروق قتل کیس کو سیاسی ایشونہیں بنانا چاہیئے۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ عمران فاروق قتل کیس سے متعلق لندن میں اہم ملاقاتیں ہوئیں ہیں،کیس ابھی عدالت میں ہےلہذااس پرزیادہ بات نہ کی جائے۔

    چوہدری نثارنے قبضہ گروپوں کےخلاف آپریشن کا حکم دیتے ہوئے معاملے میں ملوث سی ڈی اے افسران اور اہلکاروں کوگرفتار کرنے کی ہدایات بھی دیں۔

    چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ جعلی شناختی کارڈ بنانے میں ملوث نادراافسران کونوکری سےفارغ کرناکافی نہیں،ان افسران کوگرفتارکرکےقانونی کارروائی کی جائےگی اور اس سلسلے میں ڈی جی ایف آئی اے کو جامع تحقیقات کرنے کابھی حکم دے دیا ہے۔

  • فرقہ واریت پھیلانے والوں کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات قائم ہوں گے:چوہدری نثار

    فرقہ واریت پھیلانے والوں کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات قائم ہوں گے:چوہدری نثار

    اسلام آباد: وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی میں مدارس سمیت ملک بھرکے تعلیمی نصاب میں اصلاحات لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج بروز پیر وزیراعظم کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیرِداخلہ چوہدری نثارعلی خان، آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور مختلف مکاتبِ فکرکے علما کرام شریک تھے۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مدارس سمیت ملک بھر کے تعلیمی نصاب میں اصلاحات کی جائیں گی۔

    اس موقع پرجنرل راحیل شریف نے اجلاس کے شرکاء سے مخاطب ہوکرکہا کہ دہشت گردی اورکرپشن کے خلاف جنگ جاری رہے گی جبکہ مدارس کے خلاف بلا جوازکاروائی نہیں کی جائے گی۔

    وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت دہشت گردی کے خاتمے کیلئےتمام وسائل بروئےکارلائےگی۔

    اجلاس میں وفاقی وزیرداخلہ نثار علی خان کو ملک بھر کے مدارس کا نگران مقرر کیا گیا ہے۔

    اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ریاست فرقہ واریت کو کسی صورت برداشت نہیں کرے گی اور دوسرے مسالک کے افراد کو کافر اور واجب القتل کہنے والوں کے خلاف دہشت گردی کےمقدمات قائم کئے جائیں گے۔

    اجلاس کے بعد چوہدری نثار نے میڈیا کو اجلاس سے متعلق بریفنگ دی جس میں بتایا گیا کہ تمام مکاتب فکر کے علماء کرام نے دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رکھنے پراتفاق کیا ہے۔

    میڈیا بریفنگ میں چوہدری نثارنےبتایاکہ 10 ستمبر کو تمام وزراء اعلیٰ کا اجلاس طلب کیا گیا ہے اور آزاد کشمیر کے وزیراعظم کو بھی شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ اجلاس میں ملکی نوعیت کے تمام معاملات کا احاطہ کیا جائے گا اور اہم معاملات پر وزیراعظم فیصلوں کی منظوری دیں گے۔

    مدارس کے حوالےسے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام مکاتب کے علماء کرام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھنے پراتفاق کیا ہے اور مدارس کی رجسٹریشن کے عمل کو آسان بنانے کے لئے کمیٹی بھی تشکیل دی جائے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ رجسٹریشن کے عمل کو مزید آسان اور شفاف بنانے کے لئے آسان اور جامع فارم تشکیل دیا جائے گا۔

    چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ مدارس کی بیرونی فنڈنگ کا طریقہ کار حکومت وضع کرے گی اور مدارس فنڈنگ کی آڈٹ رپورٹ بھی پیش کریں گے۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ مدارس کا آئندہ لین دین صرف بنکوں کے ذریعے ہی کیا جائے گا۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ مدارس کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں اوراگرکوئی مدرسہ غلط کام کررہا ہوگا تو اس کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا اور اس کے لئے تین ماہ کے اندر مدارس کے کوائف اکھٹے کئے جائیں گے۔

    ان کا کہناتھا کہ سانحہ صفورا کے ملزمان مدرسے کے نہیں بلکہ یونیورسٹی کے طالب علم تھے اور یہ بھی حقیقت ہے کہ دہشت گردی کے خلاف سب سے زیادہ مدد علماء سے ملی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی آپریشن ہم نے شروع کیا دوسال کی ہماری کارکردگی سب کے سامنے ہے، کچھ لوگوں نےآنکھ کان بندکئےہوئےہیں لیکن اس سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔

  • بھارت امن کی کوششوں کو سبوتاژ کررہا ہے ،چوہدری نثار

    بھارت امن کی کوششوں کو سبوتاژ کررہا ہے ،چوہدری نثار

    لندن: وزیرِداخلہ چوہدری نثارعلی خان کہتے ہیں کہ بھارت بہانے بنا کر امن کی تمام کوششوں کو سبوتاژ کررہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لندن میں برطانوی وزیر خارجہ فلپ ہیمنڈ سے ملاقات کے موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

    خطے کے دوسرے ممالک اپنی کمزوریوں اورکوتاہیوں کا بوجھ پاکستان پرنہ ڈالیں۔

    اس موقع پربرطانوی وزیرخارجہ نے کہا کہ برطانیہ نئی دہلی اوراسلام آباد سے امید رکھتا ہے کہ وہ بات چیت کی میز پرآکر تمام مسائل حل کریں۔

    اس سے قبل وزیرِداخلہ چوہدری نثار نے برطانوی ہم منصب تھریساسے بھی ملاقات کی تھی جس میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سمیت دیگر معاملات پر گفتگو کی گئی تھی۔

  • کراچی میں آپریشن سے ٹارگٹ کلنگ میں 43 فیصد کمی آئی : نثار

    کراچی میں آپریشن سے ٹارگٹ کلنگ میں 43 فیصد کمی آئی : نثار

    اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار نے کہاہے کہ کراچی میں رینجرز کے آپریشن کی بدولت ٹارگٹ کلنگ میں 43 فیصد کمی آئی ہے۔

    وزیرداخلہ نے قومی اسمبلی میں اظہارخیال کرتے ہوئے کہاکہ کراچی میں رینجرز کے آپریشن کے باعث امن قائم ہواہے اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں واضح کمی آئی ہے ۔

    ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں 630اشتہاری ملزموں کو گرفتار کیا گیاہے،713بھتہ خور،118اغواءکاراور517بھتہ خور وں کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔

    چوہدری نثارنے کہاکہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث غیرملکی پاکستان کا پاسپورٹ اورشناختی کارڈ حاصل کرلیتے ہیں،کسی بھی ملک میں مقیم غیرملکیوں کو ملک کے قوانین کا احترام کرنا ہو گا، قواعد ضوابط مکمل کرکے آنے جانے پرکوئی پابندی نہیں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ قحبہ خانو ں کی سرپرستی کی جارہی تھی اور اس میں چند سفارتخانے ملوث تھے ،منشیات ،انسانی سمگلنگ اور جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کارروائی کی جارہی۔

  • اپوزیشن کے تمام مطالبات سرآنکھوں پر: چوہدری نثار

    اپوزیشن کے تمام مطالبات سرآنکھوں پر: چوہدری نثار

    اسلام آباد: وفاقی وزیرِداخلہ چوہدری نثارکا کہناہے کہ دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات پراپوزیشن جماعتوں کی تمام سفارشات منظورہیں اورانتخابات جماعتی بنیادوں پرہی ہوں گے۔

    قومی اسمبلی میں بلدیاتی انتخابات کا بل 2015متفقہ رائے سے منظور کرلیا گیاہے جس کے مطابق دارالحکومت میں انتخابات جماعتی بنیادوں پر ہوں گے۔

    قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے چوہدری نثار نے کہا کہ یہ نہیں ہوسکتا کہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا ڈھانچہ موجود نہ ہو، دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پرہوں گے اوربل پرسینٹ میں اپوزیشن کی تمام سفارشات منظور ہیں۔

    چوہدری نثارکا کہناتھا کہ بلدیاتی انتخابات ملک کی ضرورت ہیں اوردارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد تمام سیاسی جماعتوں کی بڑی کامیابی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن چار مرتبہ اقتدار میں آئی ہے اورچاروں مرتبہ بلدیاتی انتخابات ہوئے ہیں اوردارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد پہلی مرتبہ ہونے جارہاہے۔

    قومی اسمبلی میں منظور کیے جانے والے بل کے مطابق یوتھ کی سیٹ کیلئے 25 سال سےکم عمر انتخاب میں حصہ لینے کا اہل نہیں ہو گا۔

  • سندھ حکومت رینجرز کے اختیارات میں توسیع پرآمادہ ہے: چوہدری نثار

    سندھ حکومت رینجرز کے اختیارات میں توسیع پرآمادہ ہے: چوہدری نثار

    اسلام آباد: وفاقی وزیرِداخلہ چوہدری نثارعلی خان کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سے بات چیت کے بعدامید ہے کہ رینجرز کے اختیارات میں توسیع کردی جائے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت اگررینجرز کے اختیارات میں توسیع کا فیصلہ نہیں کرتی تو وفاقی حکومت اپنی صوابدید استعمال کرتے ہوئے یومِ علیؓ کے موقع پر رینجرز کے اختیارات میں مزید 24 گھنٹے کی توسیع کی جاتی۔

    ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ اس معاملے میں گفتگو ہوچکی ہے اور امید ہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے رینجرز کے اختیارات میں توسیع کی درخواست آجائے گی۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر سندھ حکومت اس معاملے پردرخواست نہیں کرتی تو پھررینجرز اپنی ذمہ داریاں انجام نہیں دے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ رینجرز پاکستان کی فورس ہے اوراپنی تربیت سے ہٹ کرشہروں اورقصبوں میں اضافی ذمہ داریاں نبھا رہی ہے اسے بے یارومددگارنہیں چھوڑا جاسکتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ کئی دنوں سے رینجرز کے بارے میں قیاس آرائیاں ہورہی تھیں اورایسا ماحول پیدا کیا جارہا تھا جیسے رینجرز کرائے کی فوج ہے۔

    وزیرِ داخلہ نے مزید کہا کہ رینجرز کی کارکردگی کے بارے میں کسی کو جاننا ہے تو کراچی کے عوام اورتاجر سے پوچھے کس طرح رینجرز نے اپنی جان ہتھیلی پرڈال کرشہر میں بھتہ خوری اورٹارگٹ کلنگ کا خاتمہ کیا ہے۔

    انہوں نے یہ بھی کسی بھی صوبائی ادارے کے دائرہ کار میں مداخلت نہیں کی جارہی ، ایف آئی اے اور رینجرز کے اختیارات میں توسیع ان معاملات میں کی گئی ہے جہاں صوبائی پولیس کاروائی نہیں کرسکتی۔

    عمران فاروق قتل کیس کے متعلق انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ ایک ملزم سے تفتیش مکمل ہوچکی ہے، جبکہ دو تک رسائی دینا باقی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میٹروپولیٹن پولیس کہیں نہیں گئی بلکہ یہیں پاکستان میں موجود ہے۔