Tag: NISARALIKHAN

  • ملک بھرمیں انسانی اسمگلروں کے خلاف کاروائی، چھاپے اورگرفتاریاں

    ملک بھرمیں انسانی اسمگلروں کے خلاف کاروائی، چھاپے اورگرفتاریاں

    اسلام آباد: وزیرِداخلہ کے حکم پرایف آئی اے نے انسانی اسمگلروں کے گرد گھیرا تنگ کرتےہوئے ملک بھرمیں ایک درجن سے زائد انسانی اسمگلر گرفتارکرکے بڑی تعداد میں پاسپورٹس اوردیگر دستاویزات برآمد کرلی گئیں۔

    ایف آئی اے کے ہیومن ٹریفکنگ سیل نے انسانی اسمگلرز کے خلاف آپریشن کے پہلے مرحلے میں کراچی کے علاقے لیاری میں چھاپے مارکرمتعدد ملزمان کو گرفتار کرلیا، ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ملزمان سے نوے پاسپورٹس اور دیگر دستاویزات برآمد کی گئیں۔

    کراچی ہی میں اسٹار گیٹ کے قریب ایف آئی اے نے چھاپے مارکرانسانی اسمگلنگ میں ملوث دوافرادکوگرفتارکرلیا جن کے قبضے سے ساٹھ سےزائدپاسپورٹ برآمدکیے گئے۔

    راولپنڈی میں سات چھاپوں کے دوران سات انسانی اسمگلر گرفتارکرلیے گئے جبکہ اسلام آباد میں ایف سیون ٹو اور جی الیون میں چھاپوں کے دوران دو افراد کو گرفتار کر کے 57 پاسپورٹ اور دیگر دستاویزات بر آمد کرلی گئیں۔

    خانپورسے بھی انسانی اسمگلنگ میں ملوث دو افراد گرفتارکیے گئے ہیں۔

    فیصل آباد میں ایف آئی اے کے چھاپوں کے خلاف ٹریول ایجنٹس سڑکوں پرنکل آئے اور شدید نعرے بازی کی۔

    ٹریول ایجنٹس کا کہنا تھا اگروزیر داخلہ نے بلاجواز گرفتاریاں اورچھاپے نہ رکوائے تو ہفتے کو شٹر ڈاون ہڑتال اور ایف آئی اے کے دفترکے باہر دھرنا دیا جائے گا۔

  • وزارتِ داخلہ کا پاکستان میں 300 انسانی اسمگلروں کی موجودگی کا انکشاف

    وزارتِ داخلہ کا پاکستان میں 300 انسانی اسمگلروں کی موجودگی کا انکشاف

    اسلام آباد: وزیر داخلہ کی زیرصدارت منعقد ہونے والے اہم اجلاس میں پاکستان کے اندرتین سوانسانی اسمگلرز کی موجودگی کا انکشاف کیا ہے۔

    وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ان تین سوانسانی اسمگلرز اوران کے ایجنٹس کے پاسپورٹ فوری طور پر منسوخ کرنے کی ہدایت کردی۔

    چوہدری نثار نے ہدایات جاری کی کہ ان انسانی اسمگلرز کے شناختی کارڈ بلاک کئے جائیں اوربینک اکاؤنٹ منجمد کردیے جائیں۔

    وزارتِ داخلہ نے فیصلہ کیا ہے کہ انسانی اسمگلروں کوانٹرپول کے ذریعے گرفتارکیا جائے۔

    وزیرِداخلہ نے یہ بھی کہا کہ آئندہ کسی ڈی پورٹ شدہ شخص کو وزارتِ داخلہ کی واضح اجازت کے بغیرعارضی سفری دستاویزات کا اجراء نہ کیا جائے۔

  • چوہدری نثارنے پاکستانی ٹیم کے بھارت جانے کی مخالفت کردی

    چوہدری نثارنے پاکستانی ٹیم کے بھارت جانے کی مخالفت کردی

    اسلام آباد: وزیرِداخلہ چوہدری نثارعلی خان نے کرکٹ ٹیم کے بھارت جا کرپاک بھارت سیریزکھیلنے کی مخالفت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرداخلہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں کرکٹ کی دعوت کسی صورت قبول نہ کی جائے۔

    وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ بھارت میں ہمارے لوگوں کے ساتھ جو کچھ ہوا اس میں بھارتی حکومت ملوث تھی۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاک بھارت کرکٹ سیریزکا معاملہ وزیراعظم کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

    اس سے قبل چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت کے ساتھ سیریز کھیلنا چاہتے ہیں تاہم موجودہ حالات میں ایسا ہوتا ممکن نظرنہیں آرہا۔

    واضح رہے کہ بھارت نے پی سی بی کو دعوت دی تھی کہ پاک بھارت سیریز کھیلنے کی لئے پاکستانی ٹیم بھارت آجائے۔

    اس سے قبل پی سی بی نے بھارت کے سیکورٹی خدشات پریواے ای میں سیریز کھیلنے کی دعوت دی تھی۔