Tag: nishtar hospital

  • نشتر اسپتال کے مریضوں میں ایڈز منتقلی پر انکریمنٹ روکنے اور دیگر اقدامات کی سفارش

    نشتر اسپتال کے مریضوں میں ایڈز منتقلی پر انکریمنٹ روکنے اور دیگر اقدامات کی سفارش

    ملتان: نشتر اسپتال کے مریضوں میں ایڈز کی منتقلی کے معاملے میں ہیلتھ کیئر کمیشن پنجاب نے اپنی رپورٹ جاری کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ہیلتھ کیئر کمیشن نے ملتان کے نشتر اسپتال کے مریضوں میں ایڈز کی منتقلی کے معاملے میں انکوائری رپورٹ جاری کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر مہناز خاکوانی کو عہدے سے برطرف کرنے کی سفارش کی ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایڈز پھیلنے میں ایم ایس نشتر اسپتال پر غفلت ثابت ہو گئی ہے، ان کا انکریمنٹ روکنے کی سفارش کی جاتی ہے. ذرائع کا کہنا ہے کہ رپورٹ کی روشنی میں ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر غلام عباس کو ریٹائرڈ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔


    پاکستان کی کتنے فیصد آبادی موٹاپے کا شکار؟ ماہرین صحت نے انتباہ جاری کر دیا!


    انکوائری رپورٹ میں ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر پونم کو ایک درجہ تنزلی کے بعد اسسٹنٹ پروفیسر بنانے کی سفارش کی گئی ہے، جب کہ رجسٹرار ڈاکٹر عالمگیر ملک، اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر ملیحہ اور ہیڈ نرس ناہید کو کیس سے باعزت بری کر دیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ اس افسوس ناک واقعے میں ڈائیلیسز کے دوران 25 سے زائد مریضوں میں ایچ آئی وی وائرس منتقل ہوا تھا۔

  • نشتر اسپتال کی چھت سے ملنے والی 56 لاوارث لاشوں کی تدفین ہو گئی

    نشتر اسپتال کی چھت سے ملنے والی 56 لاوارث لاشوں کی تدفین ہو گئی

    ملتان: نشتر اسپتال کی چھت پر ملنے والی 56 لاوارث لاشوں کی تدفین ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق نشتر اسپتال کی چھت پر لاوارث لاشوں کی موجودگی کا معاملہ سامنے آیا تھا، ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے فلاحی ادارے کے تعاون سے 56 میتوں کی تدفین کر دی۔

    میتوں کو نشتر اسپتال سے ملحقہ قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔

    گزشتہ روز نشتراسپتال میں لاشوں کی بے حرمتی کے معاملے پر لاہور ہائیکورٹ میں درخواست بھی دائر کی گئی ہے، جس میں چیف سیکریٹری پنجاب، اور سیکریٹری ہیلتھ سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

    عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ لاشوں کی بے حرمتی کی گئی، فریقین کو تحقیقات کا حکم دیا جائے، یہ درخواست مقامی وکیل سردار فرحت منظور ایڈووکیٹ نے دائر کی ہے۔

    پیر کو وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے قائم کی گئی کمیٹی نے بھی ابتدائی رپورٹ پیش کر دی ہے، رپورٹ کی روشنی میں واقعے میں ملوث 3 ڈاکٹرز، 2 تھانوں کے ایس ایچ اوز، اور 3 ملازمین کو معطل کر دیا گیا ہے۔

    رپورٹ کے بعد نشتر یونیورسٹی شعبہ اناٹومی کی سربراہ پروفیسر مریم اشرف کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا گیا، ڈیموسٹیٹر ڈاکٹر عبدالوہاب اور ڈیموسٹیٹر ڈاکٹر سیرت کو بھی عہدوں سے ہٹانے کا حکم دیا گیا ہے۔

    ایس ایچ او تھانہ شاہ رکن عالم کالونی عمرفاروق، اور ایس ایچ او تھانہ سیتل ماڑی سعید سیال کو معطل کر دیا گیا ہے، جب کہ نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے ملازمین غلام عباس، محمد سجاد، ناصر عبدالرؤف کو بھی معطل کیا گیا۔

    وزیر اعلیٰ پرویز الہٰی نے غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت بھی کارروائی کا حکم دیا ہے، انھوں نے کہا کسی بھی صورت لاشوں کے ساتھ ایسا برتاؤ قبول نہیں، اس گھناؤنے واقعے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، دین اسلام میں لاشوں کی تجہیز و تدفین کی تعلیمات بالکل واضح ہیں۔

    انھوں نے کہا لاشیں چھت پر پھینک کر غیر انسانی فعل کا ارتکاب کیا گیا ہے۔

  • ملتان کے نشتر اسپتال پر چوہوں نے یلغار کر دی

    ملتان کے نشتر اسپتال پر چوہوں نے یلغار کر دی

    ملتان: ملک میں سرکاری اسپتالوں کی حالت زار سے متعلق میڈیا رپورٹس سامنے آتی رہتی ہیں، اب ملتان کے نشتر اسپتال سے متعلق رپورٹ آئی ہے کہ اسپتال پر چوہوں نے یلغار کر کے مریضوں کو پریشان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نشتر اسپتال ملتان پر چوہوں نے حملہ کر کے مریضوں کو پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے، تاہم اس معاملے کا نازک پہلو یہ ہے کہ مریض آپریشن کے بعد انفیکشن میں مبتلا ہونے لگے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق چوہوں کی بڑی تعداد پورے اسپتال میں دوڑتی پھرتی دکھائی دیتی ہے، چوہوں سے آپریشن تھیٹر بھی نہیں بچے، وارڈز میں بھی ہر جگہ چوہے دوڑتے دکھائی دیتے ہیں۔

    اطلاعات کے مطابق اسپتال انتظامیہ کی جانب سے چوہوں کے تدارک کے لیے کوئی سنجیدہ قدم نہیں اٹھایا گیا، مریض چوہوں کی شکایت کر رہے ہیں لیکن ان کی شکایت سننے والا کوئی نہیں ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  نشتر اسپتال میں ادویات اور ڈرپ کے بعد آکسیجن سلنڈر بھی نایاب

    جنوبی پنجاب کے نشتر اسپتال کی او پی ڈی میں روزانہ 6 ہزار مریضوں کو چیک کیا جاتا ہے، اسپتال میں بلوچستان اور خیبر پختون خوا سے بھی مریض بڑی تعداد میں علاج کے لیے آتے ہیں۔

    یاد رہے کہ 9 نومبر کو اے آر وائی نیوز کے نمایندے نے رپورٹ دی تھی کہ نشتر اسپتال میں مریضوں کے لیے ادویہ اور ڈرپ اسٹینڈز کے بعد آکسیجن سلنڈر بھی نایاب ہو گئے ہیں، بچوں کے ایمرجنسی وارڈ میں تین تین بچوں کو ایک ہی سلنڈر سے آکسیجن دی جا رہی ہے، جس سے بچوں میں انفکیشن پھیلنے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔

  • ملتان میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 367 ہوگئی، دوجاں بحق

    ملتان میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 367 ہوگئی، دوجاں بحق

    ملتان:اولیاء کے شہر ملتان میں مزید 4 مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوگئی ہے جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 367 تک پہنچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان شہراوراس سے ملحقہ علاقوں میں ڈینگی وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اورمتاثرہ مریضوں کی تعداد بڑھتی ہی جارہی ہے۔

    ذرائع کے مطابق ملتان کے سب سے بڑے سرکاری اسپتال نشتر میں 44 کے قریب مریض زیرعلاج ہیں۔

    محکمہ صحت اور ضلعی حکومت کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں، اسکولوں اور سرکاری دفاتر میں خصوصی طور پر انسداد ڈینگی اسپرے کیے جارہے ہیں جبکہ شہریوں میں شعورو آگاہی کیلئے نشتر ہسپتال میں ڈینگی کاؤنٹرز بھی لگائے گئے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق ڈینگی سے متاثرہ مریضوں میں 2 ہلاکتیں بھی ہوچکی ہیں جن میں 1 خاتون اور1 لڑکا بھی شامل ہیں تاہم حکومت اس کی سرکاری سطح پرتصدیق کرنے سے گریزاں ہے۔