Tag: Nishwa

  • نشوہ سے متعلق رپورٹ کل پیش کریں گے: سی ای او سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن

    نشوہ سے متعلق رپورٹ کل پیش کریں گے: سی ای او سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن

    کراچی: سی ای او سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن، منہاج قدوائی کہتے ہیں کہ نشوہ سے متعلق رپورٹ کل پیش کی جائے گی، دارالصحت اسپتال کے سی ای او نے استعفیٰ دے دیا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں‌ گفتگو کرتے ہوئے کیا، انھوں نے  کہا کہ اسپتال کو  معیار بہتر کرنے کے لئے وقت دیں گے.

    ان کا کہنا تھا کہ ہیلتھ کیئر کمیشن کا قیام 2018 فروری میں ہوا، ہیلتھ کیئر کمیشن کو سندھ بھر سے 50 شکایتیں آئیں، 29 شکایتوں کا ازالہ کیا، 16 پر کام چل رہا ہے، اسپتالوں سے متعلق چار ریگولیٹری اتھارٹی ہیں، جو کام کر رہی ہیں.

    مزید پڑھیں: کراچی: کورنگی میں غلط انجکشن لگنے سے 4 سالہ بچی جاں بحق

    انھوں نے کہا کہ نشوہ سے متعلق رپورٹ حتمی مراحل میں ہے، کل پیش کریں گے، نشوا کو متعلقہ ڈاکٹر کی ہدایت پرنرسنگ اسسٹنٹ نے انجکشن لگایا، غیرتربیت یافتہ اسپتال کے عملے کو فارغ کرنے کی سفارش کریں گے، اسپتال کے معیار کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے.

    انھوں نے کہا کہ 19 سالہ عصمت کیس کاعلم ہے، مگر براہ راست ہمارے پاس نہیں آیا.

    یاد رہے کہ آج شہر قائد کے علاقے کورنگی میں ایک اور افسوس ناک واقعہ پیش آیا، جب غلط انجکشن لگنے سے 4 سالہ بچی جاں بحق ہوگئی۔

    پولیس حکام نے واقعے میں ملوث نجی کلینک کے ڈاکٹرکوحراست میں لے لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شام کے وقت بچی کوکلینک لایا گیا تھا، ڈاکٹرنے بچی کو سیپوٹیکس کا انجکشن لگایا تھا۔

  • کراچی: نشوہ کے انتقال پر سندھ اسمبلی میں قرارداد اتفاق رائے سے منظور

    کراچی: نشوہ کے انتقال پر سندھ اسمبلی میں قرارداد اتفاق رائے سے منظور

    کراچی: نشوہ کے انتقال پر سندھ اسمبلی میں قرارداد اتفاق رائے سے منظور کر لی گئی.

    تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی میں پیش کر دہ اس قرارداد کو منظور کر لیا گیا. قرار داد میں ننھی   نشوہ کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی مذمت کی گئی.

    قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ تمام ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے، اسپتالوں میں غیر ذمہ داری کے باعث لوگ جان سے چلے جاتے ہیں.

    قرارداد کے متن کے مطابق اسپتالوں اور ڈاکٹرزکی مانیٹرنگ بہت ضروری ہے، سندھ حکومت کے متعلقہ محکمے، اسپتالوں کی حالت کب بہتر ہوگی، اب سندھ حکومت کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس ہوجانا چاہیے، سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کے اقدامات نظر آنے چاہییں.

    نشوہ کے والدین کو احتجاج سے نہیں روک سکتے: وزیر بلدیات سندھ


    وزیر بلدیات سعیدغنی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ نشوہ کے والدین کو احتجاج سے نہیں روک سکتے، ہم سب کو یقینی بنانا چاہیے کہ آئندہ ایسے واقعات نہ ہوں.

    سعید غنی نے کہا کہ پولیس افسر بچی کے والد کو ہراساں کررہا تھا، ایسے واقعات پر سیاست نہیں کرنی چاہیے.

  • غلط انجکشن سے متاثر ہونے والی 9 ماہ کی بچی نشوہ زندگی کی بازی ہار گئی

    غلط انجکشن سے متاثر ہونے والی 9 ماہ کی بچی نشوہ زندگی کی بازی ہار گئی

    کراچی : غلط انجکشن سےمتاثرہونےوالی 9ماہ کی بچی نشوہ زندگی کی بازی ہار گئی ، نشوہ  لیاقت نیشنل اسپتال کے  آئی سی یو میں زیرعلاج تھی، اسکودارالصحت اسپتال میں غلط انجکشن لگا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں غلط انجکشن سےمتاثرہونےوالی 9ماہ کی بچی نشوہ انتقال کرگئی، نشوا لیاقت نیشنل اسپتال کے آئی سی یو میں زیر علاج تھی۔

    گذشتہ روز نشوہ کیس میں غفلت برتنے والے دارالصحت اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر شہزاد عالم نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا اور انتظامیہ نے اعلان کیا تھا کہ بچی کے والدین کی ہر طرح سے مدد کی جائے گی۔

    یاد رہے گزشتہ ہفتے شہر قائد کے علاقے گلستان ِ جوہر میں واقع دارالصحت اسپتال میں پیش آیا، جب قیصر نامی شخص اپنی جڑواں بچیوں کو ڈائیریا کی شکایت میں لے کر اسپتال پہنچا۔

    مزید پڑھیں : نشوہ کیس: دارالصحت اسپتال انتظامیہ نے بچی کے علاج کا بیڑہ اٹھا لیا، ہر طرح تعاون کی یقین دہانی

    بچی کے والد کے مطابق 3مختلف اوقات میں دونوں بیٹیوں کوڈرپس لگائی گئیں، جب بیٹیوں کوگھرلےجانےلگےتونشوہ کی حالت خراب ہونےلگی، جس کے بعد اسپتال نے تصدیق کی کہ بچی کو غلط انجکشن کی وجہ سے اس کی طبیعت بگڑ گئی، نشوہ ایک ہفتے تک وینٹی لیٹرپراسپتال میں ہی ایڈمٹ رہی اور گزشتہ رات جب وینٹی لیٹر ہٹایا گیا تو بچی پیرالائز ہوچکی تھی۔

    بعد ازاں کراچی کے دارالصحت اسپتال انتظامیہ نے انجیکشن کے اوور ڈوز کی غلطی تسلیم کر لی تھی ، انتظامیہ کا کہنا تھا کہ کہ متعلقہ ملازم کو معطل کر دیا گیا ہے۔

    خیال رہے ایڈیشنل آئی جی کراچی امیر شیخ نے ایس پی طاہر نورانی کو ان کے عہدے سے ہٹانے کے احکامات صادر کئے تھے، ایس پی نورانی نے نشوہ کے والد کو اسپتال انتظامیہ کے خلاف کارروائی سے روکنے کے لیے دھمکیاں دی تھیں۔

  • نشوہ کے والد کو دھمکیاں، ایس پی طاہرنورانی عہدے سے برطرف

    نشوہ کے والد کو دھمکیاں، ایس پی طاہرنورانی عہدے سے برطرف

    کراچی: دارلصحت اسپتال میں غلط علاج کے سبب معذور ہوجانے والی بچی نشوہ کے والد کو دھمکیاں دینا ایس پی گلشن ِ اقبال کو مہنگا پڑگیا، طاہرنورانی کو عہدے سےبرطرف کردیاگیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی امیر شیخ نے ایس پی طاہر نورانی کو ان کے عہدے سے ہٹانے کے احکامات صادر کردیے ہیں، ایس پی نورانی نے نشوہ کے والد کو اسپتال انتظامیہ کے خلاف کارروائی سے روکنے کے لیے دھمکیاں دی تھیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ احکامات ڈی آئی جی ایسٹ عامر فاروقی کی رپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے دیے گئے ہیں ، ایس پی نوعرانی کو سنٹرل پولیس آفس میں رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

    دوسری جانب ایڈیشنل آئی جی نے آئی جی سندھ کلیم امام کے نام بھی خط لکھ دیا ہے کہ جس میں سفارش کی گئی ہے کہ سابق ایس پی گلشن طاہرنورانی کےخلاف محکمہ جاتی کارروائی کی جائے۔ خط میں بتایا گیا ہے کہ نشوہ کےوالدکودھمکیاں دی گئیں، جو کہ انتہائی غلط عمل تھا، اس کے خلاف ایکشن لیاجائے۔

    یاد رہے کہ نشوہ نامی بچی جس کی عمر 9 ماہ ہے ، وہ دارالصحت اسپتال میں ڈائیریا کے مرض میں ایڈمت ہوئی تھی ، کہ اس کی حالت بگڑ گئی ، اسپتال نے تصدیق کی کہ بچی کو غلط انجکشن کی وجہ سے اس کی طبیعت بگڑ گئی۔ نشوہ ایک ہفتے تک وینٹی لیٹرپراسپتال میں ہی ایڈمٹ رہی اور گزشتہ رات جب وینٹی لیٹر ہٹایا گیا تو بچی پیرالائز ہوچکی تھی۔

    تین روز قبل ایس پی گلشن طاہر نورانی دارالصحت اسپتال پہنچے تھے ، جہاں انہوں نے بچی کا معائنہ بھی کیا تھا ، اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بچی ابھی کومے کی حالت میں ہے اسپتال انتظامیہ کی غفلت نظر آ رہی ہے، کیس کو مانیٹر کر رہے ہیں، ملوث افراد کے خلاف کارروائی کریں گے۔

    تاہم بعد میں ان کی ویڈیو منظر عام پر آئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایس پی نورانی ، بچی کے والد کو دھمکیاں دے رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ مقدمہ درج کرنےسےان کوکچھ نہیں ہوگا۔

    ایس پی کہہ رہے تھے کہ آپ کوبتارہاہوں آخرمیں نقصان آپ کاہی ہوگا،ایس پی گلشن اقبال گفتگومیں بارباروالدنشواکوڈرانےکی کوشش کرتےرہے۔مقدمےکےبعدہم زیادہ سےزیادہ سوالات کریں گے اورکچھ نہیں ہوگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ آپ کوپھرکہتاہوں ان کاکچھ نہیں ہوگا آپ کاہی نقصان ہوگا،جوتکلیف ہوگی وہ آپ کوہی ہوگی اورکسی کونہیں ہوگی۔آپ کوپھربتارہاہوں یہاں جتنےلوگ کھڑےہیں کسی کانقصان نہیں ہوگا۔

    یاد رہے کہ کراچی کے دارالصحت اسپتال انتظامیہ نے انجیکشن کے اوور ڈوز کی غلطی تسلیم کر لی تھی ، انتظامیہ کا کہنا تھا کہ کہ متعلقہ ملازم کو معطل کر دیا گیا ہے اور اس کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔

    اسپتال انتظامیہ کی جانب سے نشوا کے اہل خانہ کو تحریری طور پر یقین دہانی کرا دی گئی تھی ، انتظامیہ کا کہنا تھا کہ بچی کے اہل خانہ جہاں بھی علاج کرانا چاہیں اخراجات دارالصحت اسپتال اٹھائے گا۔

  • نشوا واقعے پر بہت دکھ ہے، سندھ حکومت والدین کے ساتھ ہے: مراد علی شاہ

    نشوا واقعے پر بہت دکھ ہے، سندھ حکومت والدین کے ساتھ ہے: مراد علی شاہ

    کراچی: وزیر  اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ نشوا کے واقعے پر بہت دکھ اور تکلیف پہنچی، والدین کو یقین دلایا ہے کہ سندھ حکومت ان کے ساتھ ہے.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے ننھی نشوا کے والد سے ملاقات کے بعد کیا. ان کا کہنا تھا کہ جوبھی ایسے اسپتال چل رہے ہیں، ان کے خلاف کارروائی ہوگی، نشوا واقعےمیں پولیس کی بے حسی، مجرمانہ غفلت پتا چلی ہے.

    انتظارکررہا تھا کہ پولیس خود ہی ایکشن لے گی، لیکن ایسا نہیں ہوا، ٹکرز کی حد تک کارروائی کا نوٹس دیکھا تھا، مگر جب رپورٹ طلب کی، تو آج ملی ہے، مجھے آج معلوم ہواکہ پولیس نے ایکشن لیا ہے.

    ہیلتھ کیئرکمیشن کو ذمہ داری نبھانے سے نہیں روکا، اسمبلی میں بھی کہہ دیا تھا کہ اٹھارویں ترمیم کہیں نہیں جارہی، اٹھارویں ترمیم پربحث اب ختم ہوجانی چاہیے، وفاق کسی بھی معاملےمیں مداخلت نہیں کرسکتا.

    مزید پڑھیں: نشوا کی صحت بدستور خراب ہے، ایف آئی آر میں اسپتال انتظامیہ کو نامزد کیا، والد قیصر

    انھوں نے کہا کہ وفاق ڈائریکشن دے سکتا ہے مداخلت نہیں کرسکتا، حکمران اپنی نااہلی چھپانے کے لئے شوشہ چھوڑ دیتے ہیں، حکومت عوام کی توجہ تبدیل کرنے کی کوشش کررہی ہے.

    آرٹیکل 149 کے تحت صوبائی معاملات میں مداخلت نہیں ہو سکتی، ایسا تو2008 میں تھا، جب دہشت گردی عروج پرتھی، اب ایسا کچھ نہیں، میں آپ سےعرض کروں گا کہ مداخلت کا لفظ غلط ہے، کوئی اپنے صوبے میں کسی کومداخلت کی اجازت نہیں دیتا.

  • دارالصحت اسپتال کی غفلت کے سبب مفلوج ہونے والی نشوا کی حالت میں بہتری

    دارالصحت اسپتال کی غفلت کے سبب مفلوج ہونے والی نشوا کی حالت میں بہتری

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں دارالصحت اسپتال میں غفلت کے سبب مفلوج ہونے والی 9 ماہ کی بچی نشوا کی حالت میں بہتری آنے لگی۔

    تفصیلات کے مطابق لیاقت نیشنل اسپتال کے ترجمان انجم رضوی کا کہنا ہے کہ نشوا کی حالت بتدریج بہتر ہو رہی ہے، بچی کو ٹیوب کے ذریعے غذا دینا شروع کردی ہے۔

    ترجمان کے مطابق آج صبح بھی بچی کا سی ٹی اسکین اور دیگر ٹیسٹ کیے گئے، نشوا کے دماغ کی سوجن بھی کم ہو رہی ہے۔ سوجن ختم ہونے پر پتہ چلے گا دماغ کا کتنا حصہ متاثر ہوا۔

    انہوں نے بتایا کہ نشوا کا سی ٹی اسکین اور ایم آر آئی کیا گیا تھا، رپورٹس درست آئی ہیں۔ ایک دو روز میں نشوا کو وارڈ منتقل کر دیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ کراچی کے دارالصحت اسپتال میں نشوا کو ہائی پوٹینسی دوا کی اوور ڈوز دے دی گئی تھی۔ غلط انجکشن کی وجہ سے بچی کی طبیعت بگڑ گئی۔ نشوا ایک ہفتے تک وینٹی لیٹر پر اسپتال میں ہی ایڈمٹ رہی اور ایک ہفتے بعد جب وینٹی لیٹر ہٹایا گیا تو بچی پیرالائزڈ ہوچکی تھی۔

    اسپتال انتظامیہ نے انجیکشن کے اوور ڈوز کی غلطی تسلیم کر لی تھی، انتظامیہ کا کہنا تھا کہ متعلقہ ملازم کو معطل کر دیا گیا ہے اور اس کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا تھا کہ بچی کے اہلخانہ جہاں بھی علاج کروانا چاہیں اخراجات دارالصحت اسپتال اٹھائے گا۔

    گزشتہ روز ایس پی گلشنِ اقبال طاہر نورانی کی بچی کے والد کو دھمکیاں دینے کی فوٹیج بھی منظر عام پر آئی تھی۔

    ایس پی نورانی نے بچی کے والد کو دھمکیاں دیتے ہوئے کہا تھا کہ مقدمہ درج کرنے سے ان کو کچھ نہیں ہوگا۔ آخر میں نقصان آپ کا ہی ہوگا۔

    ایڈیشنل آئی جی کراچی امیر شیخ نے نشوا کے والد کو ایس پی گلشن جانب سے دھمکیاں دیے جانے کا نوٹس لیتے ہوئے آئندہ 48 گھنٹوں میں تحقیقاتی رپورٹ طلب کرلی تھی۔ انہوں نے ایس پی گلشن اقبال طاہر نورانی کو رپورٹ ملنے تک عہدہ چھوڑنے کی ہدایت بھی کی تھی۔