Tag: NLCC

  • ملک بھر میں ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے بڑے پیمانے پر آپریشن جاری

    ملک بھر میں ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے بڑے پیمانے پر آپریشن جاری

    اسلام آباد: ملک بھر میں ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے بڑے پیمانے پر اسپرے آپریشن اور سروے جاری ہے، اب تک 59.22 لاکھ ایکڑ پر کنٹرول آپریشن کیا جا چکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی انسداد ٹڈی دل سینٹر، این ایل سی سی (نیشنل لوکسٹ کنٹرول سینٹر) نے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ملک بھر میں 59.22 لاکھ ایکڑ پر کنٹرول آپریشن کیا جا چکا ہے۔

    کنٹرول سینٹر کا کہنا ہے کہ 41 اضلاع کے متاثرہ علاقوں میں 972 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ اب تک ملک بھر میں 24.9 کروڑ ایکڑ پر سروے کیا جا چکا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے میں 2 لاکھ 19 ہزار 328 ایکڑ پر سروے کیا گیا جبکہ 3 اضلاع میں ٹڈی دل کی موجودگی پر 469 ایکڑ پر آپریشن کیا گیا۔

    سندھ میں 24 گھنٹے میں 1 لاکھ 13 سو 75 ایکڑ پر سروے کیا گیا جبکہ 8 اضلاع میں ٹڈی دل کی موجودگی پر 6 ہزار 380 ایکڑ پر آپریشن کیا گیا۔

    صوبہ خیبر پختونخواہ میں 24 گھنٹے میں 2 لاکھ 12 ہزار 239 ایکڑ پر سروے اور 4 اضلاع میں ٹڈی دل کی موجودگی پر 551 ایکڑ پر آپریشن کیا گیا۔

    کنٹرول سینٹر کے مطابق بلوچستان میں 24 گھنٹے میں 3 لاکھ 75 ہزار 981 ایکڑ پر سروے کیا گیا جبکہ 26 اضلاع میں ٹڈی دل کی موجودگی پر 8 ہزار 345 ایکڑ پر آپریشن کیا گیا۔

  • این ڈی ایم اے نے وزیر اعلیٰ سندھ کے بیان کی تردید کر دی

    این ڈی ایم اے نے وزیر اعلیٰ سندھ کے بیان کی تردید کر دی

    اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے بیان کی تردید کر دی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا ٹڈی دل آپریشن کے لیے گاڑیوں کی خریداری کے حوالے سے بیان متنازع ہو گیا، این ڈی ایم اے کے ترجمان نے وضاحت کی ہے کہ حکومت سندھ کو گاڑیوں کی خریداری کے لیے کوئی لسٹ نہیں دی گئی۔

    این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ کا صوبائی اسمبلی میں دیا گیا بیان حقیت کے برعکس ہے، سندھ سمیت تمام صوبوں کو این ایل سی سی (نیشنل لوکسٹ کنٹرول سینٹر) کے تعاون سے گاڑیاں دی گئی ہیں، صوبوں کو دیگر وسائل بھی این ایل سی سی کی وساطت سے مہیا کیے گئے۔

    ترجمان نے کہا کہ این ڈی ایم اے پہلے بھی اس حوالے سے اپنا مؤقف دے چکا ہے، لوکسٹ کے خلاف نیشنل ایکشن پلان وزارتِ خوراک کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔

    انسدادٹڈی دل آپریشن، تازہ ترین صورتحال سامنے آگئی

    واضح رہے کہ پورے ملک میں ٹڈی دل کے حملوں سے فصلوں کو شدید خطرات لاحق ہیں، بڑے پیمانے پر اس خطرے سے نمٹنے کے لیے حکومت کی جانب سے اقدامات کیے گئے، چین سے بھی اس سلسلے میں درکار سامان منگوایا جا چکا ہے۔

    دو دن قبل بھی اندرون سندھ دادو میں شہر اور گرد و نواح میں ٹڈی دل نے حملہ کر کے گھاس اور کپاس کی فصلوں کو نقصان پہنچایا تھا، ٹڈی دل کے حملوں سے کاشت کار اور کسان سخت پریشان ہو چکے ہیں۔

    جمعرات کو قومی اسمبلی اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے بھی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ٹڈی دل کے مسئلے پر حکومت نے کوئی توجہ نہیں دی، ہر کسی کو نظر آ رہا ہے کہ حکومت کے پاس جہاز نہیں، وہ ٹڈی دل کو ختم نہیں کر سکتی۔

    یکم جون کو وزیر اعلیٰ سندھ نے وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھ کر مطالبہ کیا تھا کہ وفاق ٹڈی دل روکنے کے لیے طیارے، 110 ڈبل کیبن گاڑیاں اور سپرے فراہم کرے۔