Tag: Nobel Prize 2021

  • اقتصادیات کا نوبل انعام مشترکہ طور پر 3 معاشی سائنس دانوں کے نام

    اقتصادیات کا نوبل انعام مشترکہ طور پر 3 معاشی سائنس دانوں کے نام

    اقتصادیات کا نوبل انعام 2021 معاشیات کے 3 سائنس دانوں کو مشترکہ طور پر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق الفریڈ نوبل کی یاد میں اقتصادی علوم میں سیورجیز رسبینک 2021 پرائز، اس بار تین سائنس دانوں کو دے دیا گیا، ان میں سے نصف انعام ڈیوڈ کارڈ کو دیا گیا ہے، جب کہ بقیہ نصف مشترکہ طور پر جوشوا ڈی اینگرِسٹ اور گوئیڈو ڈبلیو امبینز کو دیا گیا ہے۔

    ان تین سائنس دانوں میں ڈیوڈ کارڈ کا تعلق کینیڈا سے ہے، جوشوا امریکی نژاد اسرائیلی سائنس دان ہیں، جب کہ گوئیڈو امریکی نژاد ڈچ باشندے ہیں۔

    کیلیفورنیا یونیورسٹی کے پروفیسر ڈیوڈ کارڈ کو یہ انعام لیبر اکنامکس میں ان کی تجرباتی خدمات کے لیے دیا گیا ہے۔

    ادب کا نوبل انعام تنزانیہ کے ناول نگار عبدالرزاق گُرناہ نے حاصل کر لیا

    میساچوسٹس انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے پروفیسر جوشوا اور اسٹینفورڈ یونیورسٹی کے پروفیسر گوئیڈو کو یہ انعام علت و معلول کے تعلق کے تجزیے کے لیے مختلف طریقہ ہائے کار پیش کرنے کے لیے دیا گیا۔

    جیوری کا کہنا تھا کہ ان سائنس دانوں نے ہمیں لیبر مارکیٹ کے بارے میں نئی بصیرت فراہم کی ہے، اور یہ دکھایا ہے کہ فطری تجربوں سے علت اور معلول کے بارے میں کیا نتائج اخذ کیے جا سکتے ہیں۔ ان کا یہ نقطہ نظر دوسرے شعبوں تک بھی پھیلا ہے، اور اس نے تجرباتی تحقیق میں انقلاب برپا کر دیا ہے۔

    سماجی علوم میں اکثر بڑے سوالات کا تعلق علت و معلول سے جڑا ہے۔ یہ سوال کہ امیگریشن کسی ملک کی تنخواہ اور روزگار کی سطح کو کیسے متاثر کرتی ہے؟ طویل تعلیم کسی کی مستقبل کی آمدنی کو کیسے متاثر کرتی ہے؟ ان سوالات کا جواب دینا مشکل ہے کیوں کہ ہمارے پاس موازنے کے لیے مواد موجود نہیں ہے۔ ہم نہیں جانتے کہ اگر امیگریشن کم ہوتی ہے، یا اُس شخص نے تعلیم جاری نہ رکھی ہوتی، تو اس صورت میں کیا ہوا ہوتا۔

    تاہم، اب اس سال کے نوبل فاتحین نے دکھایا ہے کہ فطری تجربات کا استعمال کرتے ہوئے ان اور اسی طرح کے دیگر سوالات کا جواب دینا ممکن ہے۔

    اس کی کلید ان حالات کو استعمال کرنا ہے، جن میں بے ترتیب یا اتفاقی واقعات، یا پالیسی کے تحت لائی گئی تبدیلیوں کی وجہ سے لوگ مختلف گروہوں میں بٹ جاتے ہیں، یعنی وہ جن کے ساتھ مختلف سلوک روا رکھا گیا، یہ ایسا طریقہ ہے جو طب میں کلینیکل ٹرائلز سے مشابہت رکھتا ہے۔

  • کیمیا کا نوبل انعام جرمن اور برطانوی سائنس دانوں کے نام

    کیمیا کا نوبل انعام جرمن اور برطانوی سائنس دانوں کے نام

    کیمیا کا نوبل انعام مشترکہ طور پر جرمن اور برطانوی سائنس دانوں کے نام رہا۔

    تفصیلات کے مطابق کیمسٹری کے نوبل انعام 2021 کا اعلان کر دیا گیا، یہ انعام جرمنی کے بینجمن لِسٹ اور برطانیہ کے ڈیوڈ ڈبلیو سی میک ملن نے حاصل کیا ہے۔

    نوبل انعام مالیکیولز کو بنانے کے لیے ایک نئے طریقہ کار کی تیاری، جس سے دوا سازی کی تحقیق میں پیش رفت اور ماحول پر کیمیا کے اثرات کم کرنے کے لیے سائنس دانوں کی خدمات کا اعتراف ہے۔

    اس ایوارڈ کے ساتھ سائنس دانوں کو گولڈ میڈل اور 10 ملین سویڈش کرونر بھی دیے گئے ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز فزکس کا نوبل انعام 2021 طبیعیات دانوں سیوکورو منابے، کلاؤس ہاسل مین اور جارجیو پریسی کو دیا گیا تھا۔

    ان سائنس دانوں کا تعلق اٹلی، جاپان اور جرمنی سے ہے، یہ انعام مذکورہ سائنس دانوں کو پیچیدہ جسمانی سسٹمز کو سمجھنے میں خدمات انجام دینے پر دیا گیا۔

    طب یا فزیالوجی کا نوبل انعام 2021 بھی مشترکہ طور پر 2 امریکی سائنس دانوں ڈیوڈ جولیئس اور آرڈیم پاٹاپوٹیم نے حاصل کیا ہے۔

    دونوں طبی سائنس دانوں کو اس انعام کا حق دار انسانی جسم میں درجۂ حرارت سے متعلق اعصابی نظام پر تحقیقات کرنے پر قرار دیا گیا۔

  • فزکس کا نوبل انعام تین ممالک کے 3 سائنس دانوں کے نام

    فزکس کا نوبل انعام تین ممالک کے 3 سائنس دانوں کے نام

    فزکس کا نوبل پرائز مشترکہ طور تین ممالک کے 3 سائنس دانوں کے نام رہا۔

    تفصیلات کے مطابق فزکس کے نوبل انعام 2021 کا اعلان کر دیا گیا، طبیعیات میں نوبل پرائز سیوکورو منابے، کلاؤس ہاسل مین اور جارجیو پریسی کے نام رہا ہے۔

    نوبل انعام حاصل کرنے والے ان سائنس دانوں کا تعلق اٹلی، جاپان اور جرمنی سے ہے۔ یہ انعام مذکورہ سائنس دانوں کو پیچیدہ جسمانی سسٹمز کو سمجھنے میں خدمات انجام دینے پر دیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز طب یا فزیالوجی کے نوبل انعام کا اعلان کیا گیا تھا، یہ انعام مشترکہ طور پر 2 امریکی سائنس دانوں ڈیوڈ جولیئس اور آرڈیم پاٹاپوٹیم نے حاصل کیا۔

    دونوں طبی سائنس دانوں کو انسانی جسم میں درجۂ حرارت سے متعلق اعصابی نظام پر تحقیقات کرنے پر نوبل پرائز کا قرار دیا گیا تھا۔

    طب میں نوبل پرائز 2 امریکی سائنس دانوں کے نام

    نوبل پرائز کمیٹی کے مطابق ان سائنس دانوں نے اپنی ریسرچ میں اس امر کی وضاحت کی ہے کہ گرمی، سردی اور چھونے سے ہمارے اعصابی نظام میں سگنل کیسے آ سکتے ہیں، شناخت شدہ آئن چینلز بہت سے جسمانی عمل اور بیماری کے حالات کے لیے اہم ہیں۔

    امن کے نوبل انعام 2021 کا اعلان جمعے کے روز کیا جائے گا، یاد رہے کہ 2020 کا نوبل انعام برائے امن بھوک سے نمٹنے کی کوششوں پر اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام کو دیا گیا تھا۔