Tag: Noon Work Ban

  • سعودی عرب: موسم گرما کے پیش نظر کھلے میں کام کرنے والے افراد کے لیے ریلیف

    سعودی عرب: موسم گرما کے پیش نظر کھلے میں کام کرنے والے افراد کے لیے ریلیف

    ریاض: سعودی عرب میں شدید گرمی کے پیش نظر دوپہر کے اوقات میں کھلے میں کام کرنے پر پابندی عائد کردی گئی، کمپنیوں کو ہدایت کردی گئی ہے کہ وہ دوپہر 12 سے 3 بجے تک اپنے کارکنان سے کھلے مقامات پر دھوپ میں ڈیوٹی نہیں لے سکتے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں 3 ماہ کے لیے کارکنان سے دھوپ میں کام لینے پر پابندی لگا دی گئی ہے، سعودی وزارت افرادی قوت نے کہا ہے کہ 15 جون سے کوئی بھی نجی ادارہ اپنے کارکنان سے کھلے مقامات پر دھوپ میں ڈیوٹی نہیں لے سکتا۔

    حکم کے مطابق روزانہ دوپہر 12 سے سہ پہر 3 بجے تک شدید گرمی کے اوقات میں ڈیوٹی لینے پر پابندی ہوگی۔

    وزارت افرادی قوت کا کہنا ہے کہ یہ پابندی نجی اداروں میں کارکنان اور مزدوروں کی صحت و سلامتی کے تحفظ، کارکنان کو محفوظ اور صحت بخش ماحول فراہم کرنے اور ان کی صحت کو خطرات سے بچانے کی خاطر لگائی گئی ہے۔

    بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ کسی بھی کارکن سے دوپہر 12 بجے سے لے کر سہ پہر 3 بجے تک کھلے مقامات پر دھوپ میں ڈیوٹی نہیں لی جاسکتی، یہ پابندی 15 جون سے 15 ستمبر تک رہے گی۔

    وزارت افرادی قوت نے اس پابندی سے تیل اور گیس کمپنیوں کے کارکنان کو استثنیٰ دیا ہے، علاوہ ازیں اصلاح و مرمت کے ایمرجنسی سیکشن سے تعلق رکھنے والے کارکنان بھی اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے البتہ انہیں دھوپ سے بچانے کے لیے کمپنیاں ضروری اقدامات کریں گی۔

    وزارت افرادی قوت نے نجی اداروں کے مالکان سے کہا ہے کہ وہ 15 جون سے 15 ستمبر تک اوقات کار کی تنظیم نو کریں اور کارکنان کو ڈیوٹی کے دوران مختلف خطرات سے بچانے کے لیے محفوظ ماحول کا بندوبست کریں۔

    علاوہ ازیں یہ پابندی سعودی عرب کے ان علاقوں پر نافذ نہیں ہوگی جہاں موسم معتدل ہوگا اور جن علاقوں میں مذکورہ اوقات کے دوران کارکنان کو کھلے مقامات پر ڈیوٹی دینے میں کسی قسم کا صحت خطرہ لاحق نہیں ہوگا۔

  • متحدہ عرب امارات: گرمی کے پیش نظر مزدوروں کے لیے ریلیف

    متحدہ عرب امارات: گرمی کے پیش نظر مزدوروں کے لیے ریلیف

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں موسم گرما میں شدت کے پیش نظر کھلی جگہوں پر کام کرنے والے افراد کو ریلیف دیتے ہوئے دوپہر کے اوقات میں کام کرنے پر پابندی عائد کردی گئی۔

    متحدہ عرب امارات میں موسم گرما کے دوران ہر سال کی طرح اس سال بھی دوپہر کے اوقات میں کھلی جگہوں پر کام کرنے پر پابندی لگا دی گئی ہے، موسم گرما میں کھلے مقامات پر 15 جون سے ہر قسم کی مزدوری یا دیگر کاموں کے لیے دوپہر کے اوقات میں مکمل پابندی نافذ ہوگی۔

    موسم گرما میں درجہ حرارت میں اضافے کے باعث ہر سال اس پابندی کا اطلاق کیا جاتا ہے، تمام ایسے ملازمین یا مزدور جو کھلے مقامات پر کام کرتے ہیں انہیں دوپہر ساڑھے 12 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک ہر قسم کے کام کی ذمہ داری سے وقفہ دیا جائے گا۔

    ایسے ملازمین کو وقفے کے اوقات میں سایہ دار جگہ میں آرام کی اجازت ہوگی۔

    خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات میں ہزاروں ایسے مزدور موجود ہیں جو عمارتوں کے تعمیراتی شعبے، باغبانی اور اس طرح کے دیگر کاموں کے لیے کھلی جگہ پر موجود ہوتے ہیں۔

    متحدہ عرب امارات میں موسم گرما میں ہمیشہ سے ہی درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ ہو جاتا ہے جس میں عام آدمی کے لیے کام کرنا انتہائی مشکل ہے۔

    اس پابندی کے ساتھ ہی ایسے کارکنوں کے لیے کام کے اوقات کار بھی 8 گھنٹے تک محدود کیے گئے ہیں جبکہ اس سے زائد کام کے لیے اوور ٹائم مقرر کرنا ہوگا۔

    وزارت انسانی وسائل اور اماراتی وزارت کے مطابق اس قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں پر 13 ہزار 600 ڈالر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔