Tag: north nazimabad

  • کراچی: کاروبار کی تشہیر کے لئے کئی درختوں کا صفایا کردیا گیا

    کراچی: کاروبار کی تشہیر کے لئے کئی درختوں کا صفایا کردیا گیا

    کراچی: شہر قائد میں درختوں کے کاٹے جانے کا واقعہ پیش آیا ہے، میونسپل کمشنر ضلع وسطی نے ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت جاری کردی ہیں۔

    ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں رات گئے نامعلوم افراد کیجانب سےکئی درخت کاٹ دیئےگئے، شجرکاری مہم کےتحت سات سال قبل اس علاقے میں کم وبیش بیس ہزار درخت لگائےگئےتھے۔

    پولیس کی جانب سے درخت کاٹے جانے سے متعلق موقف سامنے آیا ہے، جس میں کہا گیا کہ کارواش سینٹر انتظامیہ نے رات میں کئی درخت کٹوائے، واقعہ سترہ اپریل کو حیدری مارکیٹ سےسیفی کالج جانیوالی سڑک پرپیش آیا، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے، جس میں درختوں کی کٹائی کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ شجرکاری کی وجہ سےکار واش سینٹر نظر نہیں آرہا تھا، پولیس اورا نتظامیہ کیجانب سے معاملےکی جانچ پڑتال شروع کردی گئی ہے۔

    دوسری جانب نارتھ ناظم آباد میں درختوں کی کٹائی کے معاملے پر میونسپل کمشنر وسطی علی زیدی نے ذمہ دار عناصر کےخلاف ایکشن لے لیا ہے اور ایس ایچ اونارتھ ناظم آباداورایس ایچ اوحیدری کوخط لکھ دیا ہے۔

    میونسپل کمشنر نے اپنے خط میں کہا کہ حیدری گرین بیلٹ پر درختوں کو غیرقانونی طور پرکاٹا گیا، درخت کاٹنے میں ملوث افراد کےخلاف فوری کارروائی کی جائے اور کارواش سینٹر کےخلاف مقدمہ درج کیاجائے، کسی کو درخت کاٹنےکی اجازت نہیں ہے۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں وزیرِ اعظم عمران خان کی جانب سے درخت اگاؤ مہم جاری ہے، اس کے علاوہ پاکستان میں تخفظِ ماحول کے قانون مجریہ 1997ء کی رو سے’درخت کاٹ کر سبز ماحول کو نقصان پہنچانے کا جرم مستوجبِ سزا ہے، جس پر مجرم کو تین ہزار روپے جرمانے اور چھ ما قید کی سزا رکھی گئی ہےلیکن اسکے باوجودکئی برسوں سے درختوں کی بے دریغ کٹائی نے شہر کراچی میں ماحولیاتی آلودگی میں خطرناک حد تک اضافہ کیاہے۔

  • نارتھ ناظم آباد میں مخدوش عمارت گرانے کا حکم، مکینوں کو نوٹس جاری

    نارتھ ناظم آباد میں مخدوش عمارت گرانے کا حکم، مکینوں کو نوٹس جاری

    کراچی : سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے نارتھ ناظم آباد میں مخدوش رہائشی عمارت خالی کرنے کا نوٹس دے دیا جبکہ عمارت میں رہنے والوں کیلئے کوئی متبادل انتظام بھی نہیں کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی جانب سے نارتھ ناظم آباد میں قائم ایک رہائشی عمارت کو گرانے کیلئے اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے، اس عمارت میں67فلیٹس ہیں جس میں سینکڑوں لوگ رہائش پذیر ہیں۔

    اس سلسلے میں ایس بی سی اے نے عمارت کے مکینوں کو 3 دن میں پوری بلڈنگ خالی کرنے کا نوٹس جاری کیا ہے تاکہ اسے گرایا جاسکے۔

    نوٹس میں کہا گیا ہے کہ سیوریج کا پانی داخل ہونے سے دیواروں میں کریک اور بلڈنگ اپنی جگہ چھوڑنے لگی ہے، لہٰذا مذکورہ عمارت رہائش کے قابل نہیں رہی اور کسی بھی وقت کوئی حادثہ رونما ہوسکتا ہے۔

    سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے جاری کردہ نوٹس کے مطابق بلڈنگ خالی نہ کرنے پر نقصان کی ذمہ داری ایس بی سی اے کی نہیں ہوگی، دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ نوٹس جاری کرنے والوں نے عمارت میں رہنے والوں کیلئے کوئی متبادل انتظام نہیں کیا۔

  • فائیو اسٹار چورنگی پر فائرنگ، ٹریفک پولیس اہلکار جاں بحق، آئی جی سندھ کا نوٹس

    فائیو اسٹار چورنگی پر فائرنگ، ٹریفک پولیس اہلکار جاں بحق، آئی جی سندھ کا نوٹس

    کراچی: نارتھ کراچی کے علاقے فائیو اسٹار چورنگی پر فائرنگ سے ڈیوٹی پر مامور ٹریفک پولیس کا سب انسپکٹر محمد ارشد جاں بحق ہوگیا۔ آئی جی سندھ نے ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے جلد قاتلوں کی گرفتاری کے احکامات جاری کردیے۔

    تفصیلات کے مطابق نارتھ کراچی کے علاقے فائیو اسٹار چورنگی کے قریب نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر کے ڈیوٹی پر مامور ٹریفک پولیس کے سب انسپکٹر کو نشانہ بنایا۔

    مسلح موٹر سائیکل سواروں نے مقتول سب انسپکٹر محمد ارشد کے سر پر گولیاں ماریں اور جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے۔ بعد ازاں زخمی اہلکار کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔

    اسپتال انتظامیہ نے سب انسپکٹر کی جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مقتول کو شدید زخمی حالت میں اسپتال لایا گیا تھا جہاں ڈاکٹرز نے انہیں بچانے کی بہت کوشش کی مگر ناکام رہے۔

    مزید پڑھیں: پولیس اور رینجرز پر حملے کا خطرہ

    ڈاکٹرز کےمطابق مقتول کے سر پر گولیاں ماری گئیں تھیں جس کے باعث وہ جانبر نہ رہ سکے۔ لاش کو قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کیا جائے گا تاہم پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

    آئی جی سندھ کا نوٹس

    بعد ازاں آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے ٹریفک پولیس اہلکار کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی سینٹرل سے رپورٹ طلب کی اور قاتلوں کی جلد گرفتاری کے احکامات جاری کیے۔

    آئی جی سندھ کی ہدایت پر ایس ایس پی سینٹرل نے جائے وقوعہ کا دورہ کرتے ہوئے میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم کے 5 خول ملے ہیں جبکہ پولیس اہلکار کو 3 گولیاں لگیں جبکہ ایک گولی سر پر بھی ماری گئی تھی جس کے باعث افسر دم توڑ گیا۔

    یاد رہے رواں سال کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس اہلکاروں کو نامعلوم افراد نشانہ بنا چکے ہیں۔ 21 مئی کو عائشہ منزل کے قریب ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا تھا جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار جاں بحق ہوئے تھے۔

    اس سے قبل اورنگی ٹاؤن میں بھی فائرنگ کے واقعے میں 7 پولیس اہلکاروں کو فائرنگ کر کے قتل کیا جا چکا ہے۔

    مزید پڑھیں: کراچی میں ٹریفک پولیس ایک بار پھر دہشت گردوں کے نشانے پر

    گزشتہ سال شہر قائد کے مختلف علاقوں میں 6 ٹریفک پولیس اہلکاروں جبکہ سندھ پولیس کے 100 سے زائد نوجوانوں کو نشانہ بنایا گیا تھا تاہم قتل میں ملوث کوئی بھی شخص گرفتار نہیں کیاجاسکا۔

    عائشہ منزل پر ٹریفک پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنائے جانے کے بعد کالعدم دہشت گرد تنظیم تحریک طالبان پاکستان خراسانی گروپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے دونوں اہلکاروں کے قتل کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

    کراچی میں 3 سال سے جاری کراچی ٹارگٹڈ آپریشن کے باوجود دہشت گرد باآسانی پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنا کر فرار ہوجاتے ہیں جس کے باعث عوام میں خوف و ہراس پیدا ہوتا ہے اور ایسے واقعات کراچی آپریشن کی کامیابی کو متاثر کرتے ہیں۔


  • نارتھ ناظم آباد میں تھانے کے ساتھ دکان میں دھماکہ

    نارتھ ناظم آباد میں تھانے کے ساتھ دکان میں دھماکہ

    کراچی : نارتھ ناظم آباد میں نامعلوم افراد نے تھانے کے ساتھ دکان میں بوتل بم سے حمللہ کردیا، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    پولیس کے مطابق نارتھ ناظم آباد تھانے کے گیٹ کے قریب واقع دکان پر نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی جانب سے کریکرسے حملہ کیا گیا جس سے دکان کا اندرونی اور بیرونی حصہ کو نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق بارودی مواد بوتل میں پھینکا گیاتھا جس کا وزن پانچ سو گرام تھا بارودی مواد کے ساتھ کیلیں بھی ڈالی گئی تھی۔

    پولیس کے مطابق حملہ آور نارتھ ناظم آباد تھانے پر حملہ کرنا چاہتے تھے، حملہ آورموٹرسائیکل پر سوار تھے ، پولیس کے مطابق آج ہونے والے دیسی ساختہ بم دھماکے کی مماثلت گذشتہ رینجرز پر ہونے والے دھماکے اور دیگر دھماکوں سے ملتی ہے۔

  • نارتھ ناظم آباد،رینجرز کی موبائل پرخود کش دھماکہ، دو اہلکار شہید 3 زخمی

    نارتھ ناظم آباد،رینجرز کی موبائل پرخود کش دھماکہ، دو اہلکار شہید 3 زخمی

    کراچی : شہر کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں رینجرز کی موبائل کے قریب خود کش دھماکہ، دو اہلکار شہید، تین زخمی۔

    تفصیلات کے مطابق نارتھ ناظم آباد میں قلندریہ چوک قادریہ پیٹرول پمپ کے قریب حسب معمول گشت پر معمور رینجرز کی موبائل پر خود کش حملہ کیا گیا۔

    خود کش حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھا جس نے بارود سے بھری موٹر سائیکل موبائل سے ٹکرادی، دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس  کی آواز دور دور تک سنی گئی۔

    موبائل میں موجود دو اہلکار شہید اور تین زخمی ہوگئے، پولیس  اور رینجرز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا،تازہ ترین اطلاعات کے مطابق پولیس اور سیکیورٹی ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔

    جبکہ زخمیوں کو عباسی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے، واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    سیکیورٹی اداروں نے جائے وقو عہ پر جانے والے راستے سیل کر دئیے،ٹریفک جام ہونے کے باعث امدادی ٹیموں کو کچھ دیر کیلئے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    دھماکہ کے باعث موٹر سائیکل کے ٹکڑے دور دور تک پھیل گئے، پولیس اہلکار خود کش حملہ آور کی نعش کے ٹکڑے تلاش کر رہے ہیں،شہید ہونے والے دونوں اہلکار موبائل میں آگے بیٹھے ہوئے تھے۔ شہید ہونے والے دونوں اہلکاروں کی شناخت یار محمد اور قاسم کے نام سے ہوئی ہے۔