Tag: North waziristan

  • شمالی وزیرستان: میران شاہ سمیت ضلع بھر میں کرفیو نافذ

    شمالی وزیرستان: میران شاہ سمیت ضلع بھر میں کرفیو نافذ

    شمالی وزیرستان: ضلعی انتظامیہ نے میران شاہ سمیت ضلع بھر میں کرفیو نافذ کردیا۔

    ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کرفیو صبح 5 بجے سے شام 7 بجے تک نافذ رہے گا۔ کرفیو کے دوران تمام مین شاہراہیں عام ٹریفک کے لیے بند رہیں گی۔

    ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کرفیو کے دوران عوام گھروں میں رہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ شمالی وزیرستان میں فورسز کے قافلے پر دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کے 13 جوان شہید ہوگئے تھے جوابی کارروائی میں 14 خوارج کو واصل جہنم کردیا گیا تھا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں فورسز کے قافلے پر دہشت گردوں نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں 13 جوان شہید ہوئے تھے۔

    ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ شہدا میں صوبیدار زاہد اقبال،حوالدار سہراب خان، حوالدار میاں یوسف شامل ہیں۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق نائیک خطاب شاہ، لانس نائیک اسماعیل، سپاہی روحیل، سپاہی محمد رمضان، سپاہی نواب، سپاہی زبیر احمد، سپاہی محمد سخی، سپاہی ہاشم عباسی، سپاہی مدثر اعجاز، سپاہی منظر علی شہدا میں شامل ہیں۔

    بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کی بزدلانہ کارروائی میں دو بچے اور خاتون شدید زخمی ہوئے۔

    ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ خودکش بم بار نے دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی قافلے سے ٹکرائی تھی، جوابی کارروائی میں 14 خوارج مارے گئے۔

    سیکیورٹی فورسز کا جنوبی وزیرستان میں آپریشن، بھارتی حمایت یافتہ 11فتنہ الخوارج ہلاک

    آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے، بہادر جوانوں اور شہریوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو تقویت دیتی ہیں۔

  • شمالی وزیرستان میں آپریشن، سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے 2 دہشت گرد ہلاک

    شمالی وزیرستان میں آپریشن، سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے 2 دہشت گرد ہلاک

    اسلام آباد: شمالی وزیرستان میں آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے 2 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جس کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، اور دو دہشت گرد ہلاک، جب کہ دو زخمی ہو گئے۔

    ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا، دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے، آئی ایس پی آر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔

    واضح رہے کہ آج سیکیورٹی فورسز نے ایک کامیاب کارروائی میں جی پی اے کمپلیکس گوادر پر بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے حملے کی کوشش کو ناکام بنایا، کالعدم بی ایل اے کے دہشت گردوں نے کمپلیکس میں گھسنے کی کوشش کی تھی۔

    گوادر پورٹ کمپلیکس پر بی ایل اے کا حملہ ناکام، 8 دہشتگرد ہلاک

    سیکیورٹی ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی میں بی ایل اے کے تمام 8 حملہ آور ہلاک ہو گئے، حملے کے دوران کمپلیکس کے قریب 15 منٹ تک دھماکے اور شدید فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا تھا۔

  • شمالی وزیرستان: دہشتگرد حملے میں شہید افسران کی نماز جنازہ ادا، صدر اور آرمی چیف کی شرکت

    شمالی وزیرستان: دہشتگرد حملے میں شہید افسران کی نماز جنازہ ادا، صدر اور آرمی چیف کی شرکت

    راولپنڈی: شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں گزشتہ روز شہید ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف شہید اور کیپٹن محمد احمد شہید کی نمازجنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کی گئی۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق نماز جنازہ میں صدر آصف زرداری، وزیرخارجہ اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ محسن نقوی، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، سینئر فوجی اور سول افسران اور شہداء کے لواحقین سمیت اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق نماز جنازہ کے بعد شہداء کی میتیں ان کے آبائی علاقوں میں روانہ کردی گئیں، جہاں شہداء کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق 39 سالہ لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی شہید کراچی کے رہائشی تھے جبکہ 23 سالہ کیپٹن محمد احمد بدر شہید تلہ گنگ کے رہائشی تھے۔

    اس موقع پر صدر مملک آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے ہمیشہ ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے اصولوں کو برقرار رکھا ہے، پاک فوج نے ان پائیدار اصولوں کی روشنی میں دہشت گردی کے خلاف طویل جنگ لڑی ہے، جس کے دوران پاک فوج نے پیشہ ورانہ معیار اور دہشت گرد کے خلاف غیر متزلزل عزم کو برقرار رکھا ہے۔

    صدر مملک کا کہنا تھا کہ ہمارے افسروں اور جوانوں کی یہ عظیم قربانی ہمارے بہادر جوانوں کے غیر متزلزل عزم کی زندہ مثال ہے، وطن کے سپوتوں نے مادر وطن کے دفاع کے لیے قربانی دینے سے کبھی دریغ نہیں کیا، پوری قوم ہماری مسلح افواج کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے۔

  • شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کا چوکی پر حملہ، لیفٹیننٹ کرنل اور کیپٹن سمیت 7 جوان شہید، 6 دہشتگرد ہلاک

    شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کا چوکی پر حملہ، لیفٹیننٹ کرنل اور کیپٹن سمیت 7 جوان شہید، 6 دہشتگرد ہلاک

    شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں دہشتگردوں کے حملے میں لیفٹیننٹ کرنل اور کیپٹن سمیت 5 فوجی جوان شہید ہوگئے جب کہ کلیئرنس آپریشن میں 6 دہشتگردوں کو بھی ہلاک کردیا گیا۔

      آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں 6 دہشت گردوں کے ایک گروپ نے سیکیورٹی فورسز کی ایک چوکی پر حملہ کیا، سیکیورٹی اہلکاروں نے دراندازی کی ابتدائی کوشش کو ناکام بنا دیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق اس ناکامی پر دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی پوسٹ سے ٹکرا دی، جس کے بعد متعدد خودکش بم حملے بھی ہوئے، ان دھماکوں کے نتیجے میں عمارت کا ایک حصہ منہدم ہو گیا، جس کے نتیجے میں مٹی کے 5 بہادر سپوت شہید ہوگئے۔

    آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ شہداء میں ضلع خیبر کا رہائشی حوالدار صابر، ضلع لکی مروت کا رہائشی نائیک خورشید، ضلع پشاور کا رہائشی سپاہی ناصر، ضلع کوہاٹ کا رہائشی سپاہی راجہ اور ضلع ایبٹ آباد کا رہائشی سپاہی سجاد شامل ہیں۔

     آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر لیفٹیننٹ کرنل کاشف کی قیادت میں کلیئرنس آپریشن کیا گیا، جس کے دوران تمام 6 دہشت گرد مارے گئے، تاہم فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران اپنی ٹیم کی قیادت کرنے والے کراچی کے 39 سالہ لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی اور تلہ گنگ کے 23 سالہ کیپٹن محمد احمد بدر بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود کسی بھی دوسرے دہشت گرد کو ختم کرنے کے لئے سینی ٹائزیشن آپریشن بھی کیا گیا۔

    ترجمان کے مطابق سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے پرعزم ہیں اور بہادر سپاہیوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

  • شمالی وزیرستان میں بارودی سرنگ دھماکا، بکریاں چرانے والے 3 بچے جاں بحق

    شمالی وزیرستان میں بارودی سرنگ دھماکا، بکریاں چرانے والے 3 بچے جاں بحق

    وزیرستان: شمالی وزیرستان میں بارودی سرنگ دھماکا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں بکریاں چرانے والے 3 بچے جاں بحق ہو گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں بارودی سرنگ پھٹنے سے دھماکا ہوا جس میں بکریاں چرانے والے 3 بچے جاں بحق ہو گئے ہیں۔

    بچوں کی عمریں 5 سے 15 سال کے درمیان بتائی جا رہی ہیں، جاں بحق بچوں کا تعلق کھجوری ذاکر خیل گاؤں سے ہے۔

    پولیس اور مقامی افراد کا کہنا ہے کہ بچے کھجوری چیک پوسٹ کے قریب کھیتوں میں بکریاں چرا رہے تھے کہ اچانک زور دھماکا ہوا، دھماکے کی آواز سن کر مقامی لوگ اور پولیس اہلکار موقع پر پہنچے، اور جاں بحق بچوں کی لاشیں مقامی اسپتال منتقل کیں۔

  • شمالی وزیرستان میں 6 ہیئر ڈریسرز کے قتل کا دلدوز واقعہ

    شمالی وزیرستان میں 6 ہیئر ڈریسرز کے قتل کا دلدوز واقعہ

    وزیرستان: شمالی وزیرستان میں 6 ہیئر ڈریسرز کے قتل کا دلدوز واقعہ پیش آیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی کے گاؤں موسکی سے چھ افراد کی لاشیں ملی ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولین کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا ہے۔

    پولیس کے مطابق مقتولین کا تعلق پنجاب سے ہے اور وہ میر علی بازار میں ہیئر کٹنگ کا کام کرتے تھے، پولیس نے لاشوں کو میر علی اسپتال منتقل کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

  • شمالی وزیرستان میں بم دھماکہ، 11 مزدور جاں بحق

    شمالی وزیرستان میں بم دھماکہ، 11 مزدور جاں بحق

    شوال : شمالی وزیرستان کی تحصیل شوال میں وین بم دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں سے 11افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان تحصیل شوال میں گل میرکوٹ کے قریب وین میں ہونے والے دھماکہ کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

    ہلاک ہونے والے افراد پیشے کے اعتبار مزدور ہیں جبکہ زخمیوں کی حالت بھی تشویشناک ہے۔ اطلاع ملتے ہیں پولیس اور امدادی رضاکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز حاجی پذیر گل کے مطابق پاک افغان سرحد کے قریب گل میرکوٹ کی شاہراہ پر ایک گاڑی میں تقریباً 16 مزدور جارہے تھے کہ نامعلوم دہشت گردوں کی جانب سے سڑک کے کنارے نصب بم کے قریب پہنچتے ہی زو دار دھماکہ ہوگیا

    دھماکے کے نتیجے میں 11افراد نے موقع پر ہی دم توڑ دیا جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کیلیے قریبی اسپتال روانہ کیا گیا، واقعے میں تین مزرودوں کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات ہیں، سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔

  • شمالی وزیرستان کے دو بچوں کا چائلڈ لیبر سے اسکول تک کا ایک منفرد سفر

    شمالی وزیرستان کے دو بچوں کا چائلڈ لیبر سے اسکول تک کا ایک منفرد سفر

    اسلام آباد: شمالی وزیرستان کے دو بچوں نے چائلڈ لیبر سے اسکول تک کا ایک منفرد سفر طے کیا، شمالی وزیرستان کی تحصیل میرانشاہ کے محنت مزدوری کرنے والے عالیان اور ریحان اسکول پہنچ گئے۔

    شمالی وزیرستان کی تحصیل میران شاہ کے ریحان کی عمر 7 سال جب کہ عالیان کی عمر 10 سال ہے، یہ دونوں بچے روز صبح فٹ پاتھ اور پیٹرول پمپ پر آفس اور اسکول جانے والے بچوں کے جوتے پالش کیا کرتے تھے۔

    یہ دونوں بچے اسکول جانے والے بچوں سے پیسوں کی بجائے کاغذ اور پنسل لیتے تھے، بچوں کے لیے اتوار کا دن سب سے کٹھن ہوتا تھا کیوں کہ آفس اور اسکول کی چھٹی ہونے کی وجہ سے بچے اور گھر والے فاقہ کرنے پر مجبور ہوتے تھے، ماں کی بیماری اور باپ کے غیر یقینی ذریعہ روزگار نے بچوں کو وقت سے پہلے سنجیدہ اور نڈھال کر دیا تھا۔

    ریحان بڑا ہو کر سائنس دان بننا چاہتا تھا تاکہ وہ جوتے پالش کرنے والی مشین بنا سکے، جب کہ عالیان بڑا ہو کر ڈاکٹر بننا چاہتا تھا تاکہ کوئی بھی اس کی ماں کی طرح بیمار ہو تو وہ اس کا مفت علاج کر سکے۔

    ایک دفعہ پاک فوج کے ایک اعلیٰ افسر نے ان بچوں کو جوتے پالش کرتے ہوئے دیکھا اور گاڑی رکوا کر ان بچوں سے تفصیلی ملاقات کی، اس کے بعد اعلیٰ افسر نے بچوں کے والد سے ملاقات کی اور ان تمام مسائل کا سدباب کیا، اور بچوں کو پاک فوج کے زیر انتظام بوائز ہاسٹل میرانشاہ میں داخلہ دیا گیا۔

    ہاسٹل میں دونوں بچوں کو مفت اور معیاری رہائش، کھانا، تعلیم اور کھیل کے ساتھ ساتھ ماہانہ وظیفہ اور میڈیکل کی سہولیات بھی فراہم کر دی گئیں، عالیان اور ریحان زندگی میں کبھی بھی اسکول نہیں گئے تھے، تاہم قابل اساتذہ کی شب و روز محنت اور بچوں کی لگن کی وجہ سے تین ماہ کے مختصر عرصے میں دونوں بچوں کو بنیادی تعلیم سے آراستہ کیا گیا۔

    بچوں کی ان تھک محنت کے باعث ریحان کو کلاس ٹو اور عالیان کو کلاس تھری میں بہ آسانی داخلہ مل گیا، ان بچوں کو اللہ نے خداداد صلاحیتوں سے نوازا ہے، اب یہ بچے نہ صرف نصابی بلکہ غیر نصابی سرگرمیوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں، یہ بچے فخر پاکستان ہیں اور شمالی وزیرستان میں روشن صبح کی نوید ہیں۔

  • شمالی وزیرستان میں کاپر مائننگ منصوبہ مکمل طور پر فعال ہو گیا

    شمالی وزیرستان میں کاپر مائننگ منصوبہ مکمل طور پر فعال ہو گیا

    اسلام آباد: شمالی وزیرستان میں کاپر مائننگ منصوبہ مکمل طور پر فعال ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ماضی میں جنگ و جدل کا میدان رہنے اور ترقی سے نابلد شمالی وزیرستان پاک فوج کی کاوشوں سے ملکی معیشت کی بحالی میں پیش پیش رہنے لگا ہے، کچھ عرصہ قبل شمالی وزیرستان میں کاپر مائننگ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا گیا تھا جو اب مکمل طور پر فعال ہو چکا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ایس آئی ایف سی (اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل) کا اہم جز مائن اینڈ منرل ملکی معیشت میں معجزاتی ترقی کا سبب بنیں گے، ایس آئی ایف سی کے زیر اثر اہم شعبوں میں مائن اینڈ منرل خصوصی اہمیت رکھتا ہے، پاکستان بھر میں بھرپور معدنی ذخائر موجود ہیں جن میں سے ایک شمالی وزیرستان بھی ہے جہاں کاپر مائننگ پراجیکٹ کا وسیع پیمانے پر کام جاری ہے۔

    کاپر مائننگ کے شعبے سے منسلک مختلف افراد نے شمالی وزیرستان میں کاپر مائننگ سے متعلق اظہار خیال کیا، مائننگ منیجر نے کہا ہم نے ملک بھر سے لوگوں خصوصاً قبائلیوں کو بھی اس پراجیکٹ میں شامل کیا ہے، ماضی میں شمالی وزیرستان پسماندہ تھا لیکن اب ترقی کی راہ پر گامزن نظر آتا ہے۔ انھوں نے کہا پاکستان کی معاشی ترقی میں ایف ڈبلیو او اہم کردار ادا کرتا ہے، یہ پراجیکٹ پاکستان کی جی ڈی پی بڑھانے میں مثبت کردار ادا کرے گا۔

    مائننگ جیالوجسٹ کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں کاپر کی اہمیت کا ادراک ہونا دراصل پاکستانی معیشت میں بہتری لانے کے مترادف ہے، منیجر ایڈمنسڑیشن نے کہا کہ شمالی وزیرستان امن و امان کا گہوارہ بن چکا ہے، پاکستانی عوام، بین الاقوامی کمیونٹی کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ یہاں آئیں اور سرمایہ کاری کریں، یہاں روزگار کے بے شمار مواقع ہیں۔

    جونیئر منیجر نے کہا کہ اس پراجیکٹ کے شروع ہونے سے علاقے میں معاشی لحاظ سے ترقی دیکھنے میں آئی ہے، اس پراجیکٹ میں 80 فی صد کام کرنے والے ملکی جب کہ 20 فی صد غیر ملکی ہیں، کرشنگ انچارج نے کہا کاپر مائننگ پر اجیکٹ ملکی معیشت میں اہم کردارادا کر رہا ہے، ایچ ایس ای ٹرینی نے کہا انشاللہ ہم اس پراجیکٹ میں مزید ترقی کریں گے، ایک کان کن نے کہا کہ کاپر پراجیکٹ مضبوط معیشت اور عوامی فلاح کا ضامن ہوگا، اس پراجیکٹ سے روزگار کے مواقع اور ملک کی خوش حالی کا نیا دور کھلے گا۔

  • شمالی وزیرستان اور ٹانک میں کامیاب آپریشن، 6 دہشت گرد ہلاک

    شمالی وزیرستان اور ٹانک میں کامیاب آپریشن، 6 دہشت گرد ہلاک

    شمالی وزیرستان : سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان اور ٹانک میں علیحدہ علیحدہ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں مجموعی طور پر 6 دہشت گرد ہلاک کردیے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک اور ٹانک کے علاقے منزئی میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشنز کئے گئے، اس دوران دونوں جانب سے شدید فائرنگ کی گئی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ٹانک کے علاقے منزئی میں سیکیورٹی فورسز اوردہشت گردوں میں جھڑپ ہوئی، فائرنگ کے تبادلے میں 3دہشت گرد مارے گئے، ہلاک دہشت گردوں سے ہتھیاراور گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔

    دوسری کارروائی میں شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے دوران جھڑپ ہوئی اس دوران فائرنگ کے نتیجے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے ہتھیار اور گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز اور شہریوں کے قتل عام میں ملوث تھے، سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ممکنہ دہشت گردوں کیخلاف آپریشن کو مقامی لوگوں نے سراہا، مقامی لوگوں کا دہشت گردی کیخلاف تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔