Tag: northern

  • جرمنی: ریلوے اسٹیشن پر چاقو بردار شخص کا حملہ، دو افراد زخمی

    جرمنی: ریلوے اسٹیشن پر چاقو بردار شخص کا حملہ، دو افراد زخمی

    برلن : جرمنی کے شہر فلینز برگ کے ریلوے اسٹیشن کے قریب ٹرین میں ایک چاقو بردارشخص نے حملہ کرکے خاتون پولیس اہلکار سمیت دو افراد کو زخمی کردیا.

    تفصیلات کے مطابق جرمنی کے شہر فلینزبرگ کے مرکزی ٹرین اسٹیشن پر ایک چاقو بردار شخص نے خنجر سے حملہ کرکے خاتون پولیس اہلکار اور ایک شہری کو زخمی کردیا،تاہم خاتون پولیس اہلکار نے فوری کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کرکے حملہ آور کو موقع پر ہی ہلاک کردیا۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ جرمنی کی پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ 30 مئی بدھ کی شام جرمنی کی شمال مغربی سرحد پر واقع شہر فلینزبرگ کے ریلوے اسٹیشن پر ٹرین میں ایک تارکِ وطن نے چاقو سے حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار سمیت دو افراد زخمی ہوئے تھے۔

    جرمنی کے سیکیورٹی اداروں کا کہنا تھا کہ حملہ کرنے والا تارکِ وطن 24 سال کا نوجوان تھا جو سنہ 2015 میں اریٹریا سے جرمنی آیا تھا اور پناہ کی درخواست منظور ہونے کے بعد جرمنی کی ریاست جنوبی رائن ویسٹ فیلیا میں رہائش پذیر تھا۔

    غیر ملکی خبر رسان ادارے کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ انٹر سٹی ٹرین میں سوار 24 سالہ حملہ آور کی ایک شخص سے تلخ کلامی ہوئی تھی جس کے بعد چاقو بردار شخص نے خنجر کے وار کرکے مسافر کو شدید زخمی کردیا تھا۔

    عینی شاہد کا کہنا تھا کہ ٹرین میں موجود خاتون پولیس اہلکار نے مسلح شخص کو شہری پر حملہ کرتے دیکھا تو مداخلت کرنے کی کوشش کی جس پر حملہ آور نے خاتون پولیس اہلکار پر بھی چاقو سے وار کیے جس سے خاتون اہلکار بھی زخمی ہوگئی تاہم پولیس اہلکار جوابی فائرنگ کرکے حملہ آور کو ہلاک کردیا۔


    جرمنی میں نامعلوم افراد کاریلوےاسٹیشن پرحملہ‘5افرادزخمی


    عینی شاہدین نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ چاقو بردار شخص کے حملوں اور پھر خاتون پولیس اہلکار کی فائرنگ کے نتیجے میں ٹرین میں موجود مسافر شدید خوف زدہ ہوگئے تھے۔

    جرمنی کے وزیر داخلہ بورسٹ زیہوفر نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’مذکورہ واقعہ انتہائی پریشان کن ہے، ملک میں کسی صورت تشدد برداشت نہیں کیا جائے گا‘۔

    جرمنی کی پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ گذشتہ روز پیش آنے والا حادثہ کسی منظم دہشت گردی کا واقعہ نہیں ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • بھارت میں گردوغبار کے طوفان ، بارش اور آسمانی بجلی  نے تباہی مچادی، 125 افراد ہلاک

    بھارت میں گردوغبار کے طوفان ، بارش اور آسمانی بجلی نے تباہی مچادی، 125 افراد ہلاک

    نئی دہلی : بھارتی ریاستوں راجستھان اور اتر پردیش میں گرد و غبارکے طوفان، موسلادھار بارش اور آسمانی بجلی نے تباہی مچادی، مرنے والوں کی تعداد ایک سو پچیس ہوگئی جبکہ تین سو سے زائد زخمی ہیں، طوفان تھمنے کے بعد امدادی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گرد کے طوفان اور تیز بارشوں سے بھارت کی مغربی و شمالی ریاستوں میں تباہی مچ گئی، مکانات کی چھتیں اڑ گئیں، درخت اکھڑ گئے، ٹریلر الٹ گئے، اتر پردیش کے دیگر شہروں اور راجستھان میں بھی طوفان کے سبب بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی۔

    مختلف علاقوں میں تیز ہواوں کے باعث بجلی کا نظام درہم برہم ہوا، لاکھوں افراد بجلی سے محروم ہوگئے، گرد وغبار کے باعث کئی شہروں میں خطرناک ٹر یفک حادثات بھی ہوئے۔

    زیادہ تر ہلاکتیں آسمانی بجلی اور چھتیں گرنے سے ہوئیں۔


    مزید پڑھیں : بھارت میں ریت کا طوفان


    بھارتی ریاست راجستھان اور اتر پردیش میں ہر طرف پھیلی گرد وغبار کے باعث سانس لینا مشکل ہوگیا جبکہ طوفان تھمنے کے بعد امدادی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

    اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی ادیتھ ناتھ نے حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ امدادی کارروائیوں کی نگرانی کریں جبکہ حکام نے عوام کوبلاضرورت باہرنہ نکلنے اورگھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔

    حکام کا کہنا ہے گرد و غبارکے طوفان سے راجستھان کے تین اضلاع الور، بھرت پور اور دھول پور زیادہ متاثر ہوئے، الور سب سے زیادہ متاثر ہوا، اس ضلعے میں اسکول بند کر دیے گئے ہیں۔


    مزید پڑھیں :  بھارت میں 13گھنٹے کے دوران بجلی گرنے کے 36 ہزار واقعات


    حکام نے آئندہ دنوں میں مزید ہلاکتوں کے خدشے کا اظہار کیا ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے مزید طوفانوں کی پیشن گوئی کی ہے۔

    یاد رہے چند روز قبل بھارت کی جنوبی ریاست آندھرا پردیش میں صرف 13 گھنٹوں کے دوران 36 ہزار سے زائد آسمانی بجلی گرنے کے واقعات ریکارڈ کیے گئے تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔