Tag: norway

  • بحری جہاز شہری کے گھر تک کیسے پہنچا؟ حیران کردینے والی ویڈیو

    بحری جہاز شہری کے گھر تک کیسے پہنچا؟ حیران کردینے والی ویڈیو

    ناروے میں ایک شخص کی آنکھیں اس وقت پھٹی کی پھٹی رہ گئیں جب اس نے کھڑکی سے باہر دیکھا تو اس کے لان میں ایک بہت بڑا مال بردار بحری جہاز (کنٹینر شپ) کھڑا تھا۔

    یہ 135 میٹر (443 فٹ) لمبا بحری جہاز جمعرات کی صبح تقریباً 5 بجے مقامی وقت پر یورہن ہیلبرگ نامی شہری کے گھر سے چند میٹر کے فاصلے پر کنارے سے ٹکرا گیا۔

    ہیلبرگ کو خود یہ واقعہ تب معلوم ہوا جب ان کے ایک گھبرائے ہوئے پڑوسی نے ان کے دروازے کی گھنٹی بجائی۔ وہ جہاز کو دیکھ رہے تھے جو تیزی سے ساحل کی طرف آ رہا تھا، یہ واقعہ بائنے سیٹ نامی علاقے میں پیش آیا، جو ٹرونڈھائم کے قریب ہے۔

     بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے مزید کہا کہ میں کھڑکی کے پاس گیا تو حیران رہ گیا کہ اتنا بڑا جہاز سامنے کھڑا تھا۔ مجھے اس کی چھت دیکھنے کے لیے گردن پوری اوپر کی جانب کرنا پڑی، یہ منظر کسی خواب کی طرح تھا۔
    ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ جہاز پانچ میٹر مزید جنوب کی طرف ہوتا تو میرے بیڈروم کے اندر آ جاتا اور نہ جانے میرے ساتھ کیا ہوجاتا؟ ۔

    یہ جہاز، جس کا نام این سی ایل سالٹن ہے، اس میں 16 افراد سوار تھے۔ یہ ٹرونڈھائم فِیورڈ سے ہوتا ہوا جنوب مغرب میں اورکانگر جا رہا تھا جب یہ غلط راستے پر چل پڑا۔ تاہم خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی مالی یا جانی نقصان نہیں ہوا۔

  • ناروے نے اسرائیلی پابندیوں کو مسترد کردیا

    ناروے نے اسرائیلی پابندیوں کو مسترد کردیا

    ناروے کی جانب سے یہ اعلان سامنے آیا ہے کہ وہ 24 ملین ڈالرز اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے فلسطینی مہاجرین (انروا) کو بطور امداد فراہم کرے گا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ناروے کی وزارت خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ انروا پر لگنے والی اسرائیلی پابندیوں کو مسترد کرتے ہیں۔

    وزارتِ خارجہ کے مطابق غزہ کھنڈر بن چکا ہے، اس وقت انروا (UNRWA) کو زیادہ امداد کی ضرورت ہے، ان حالات میں اسرائیلی قانون ساز اداروں کی جانب سے پابندی لگانا حیرت انگیز ہے۔

    وزارت خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ یہ ادارہ انروا 70 سال سے غذائی امداد فراہم کر رہا ہے اور اپنا کام جاری رکھے گا۔

    جبکہ اسرائیل نے انروا پر لگائی گئی پابندی پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے۔اسرائیل کی پابندی سے پہلے انروا کے 13000 کارکن امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے تھے۔

    دوسری جانب روزگار کے لیے ناروے جانے والے غیر ملکیوں کیلیے ناروے کے حکام نے سیزنل ورک ویزا سسٹم کو اپڈیٹ کیا ہے اور یہ تبدیلیاں 2025 سے نافذ العمل ہوں گی۔

    حکام کا کہنا ہے کہ درخواست دہندگان کے لیے ضروری ہوگا کہ وہ ناروے میں ملازمت حاصل کریں اور انہیں مشورہ دیا جاتا ہے کہ جیسے ہی انہیں روزگار ملے، وہ اپنی درخواست جمع کروانے کا عمل شروع کریں۔

    ناروے میں قیام کے دوران رہائش، آمدنی کی ایک مخصوص حد، صحت اور انشورنس کا انتظام کرنا لازمی ہوگا۔

    ورک ویزا

    شینگن نیوز کی رپورٹ کے مطابق ناروے کا سیزنل ورک ویزا پروگرام جو ہزاروں غیر ملکی مزدوروں کو ملازمت کے مقاصد کے لیے ناروے آنے کا موقع فراہم کرتا ہے، میں نئے قواعد شامل کیے گئے ہیں جو نئے سال کے آغاز سے نافذ کردیے جائیں گے۔

    رپورٹ کے مطابق مذکورہ نئے قوانین کے تحت درخواست کے لیے اہلیت، اس کے تقاضوں اور ان ملازمتوں کی اقسام پر اثر انداز ہوں گی جو اس اسکیم میں شامل ہیں، تاہم یہ پروگرام کچھ خاص قسم کے مزدوروں پر لاگو ہوگا اور ویزا کے حاملین کو دوبارہ درخواست دینے سے پہلے کم از کم 6 ماہ ناروے کی حدود سے باہر گزارنا ہوں گے۔

  • پٹرول گاڑیاں سب سے پہلے کس ملک میں ختم ہوں گی؟

    پٹرول گاڑیاں سب سے پہلے کس ملک میں ختم ہوں گی؟

    یورپی ملک ناروے دنیا کے تیل کے سب سے بڑے برآمد کنندگان میں سے ایک ہے، جہاں اب سڑکوں پر پٹرول سے چلنے والی گاڑیوں سے زیادہ الیکٹرک کاریں دوڑتی ہیں۔

    ایک رپورٹ کے مطابق ناروے دنیا کا پہلا ملک بننے کے قریب ہے جہاں پٹرول پر چلنے والی گاڑیوں کا استعمال اب جلد ہی ختم ہو جائے گا۔

    نارویجن روڈ فیڈریشن کے نئے اعداد و شمار کے مطابق وہاں رجسٹرڈ 28 لاکھ نجی کاروں میں سے 7 لاکھ 54 ہزار 303 اب الیکٹرک ہیں، جب کہ 7 لاکھ 53 ہزار 905 پٹرول پر چلتی ہیں۔ ڈیزل گاڑیوں کی تعداد 10 لاکھ کے قریب ہے لیکن ان کی فروخت میں تیزی سے کمی آ رہی ہے۔

    تقریباً 55 لاکھ آبادی والا یہ ملک 2025 تک نئی پٹرول اور ڈیزل کاروں کی فروخت کو ختم کرنے والا پہلا ملک بننے کا ارادہ رکھتا ہے۔ ناروے میں الیکٹرک گاڑیوں (EVs) کی فروخت کو ٹیکس میں چھوٹ اور دیگر مراعات کے ذریعے فروغ دیا جا رہا ہے۔

    نارویجن روڈ فیڈریشن کے مطابق پٹرول گاڑیوں میں کمی کا یہ سنگ میل 10 سال سے بھی کم عرصے میں حاصل کیا گیا ہے، الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت میں اضافے کے ساتھ اگست 2024 میں ناروے میں رجسٹرڈ ہونے والی 94.3 فی صد گاڑیاں الیکٹرک تھیں۔

  • ناروے جانے کے خواہشمند افراد کیلئے خوشخبری

    ناروے جانے کے خواہشمند افراد کیلئے خوشخبری

    ناروے کے حکام نے اعلان کیا ہے کہ غیر ملکیوں کیلئے مستقل رہائشی اجازت نامے کیلیے مالی معاونت کی شرط کو ختم کریا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حکومت کے اس فیصلے کے بعد غیر ملکیوں کیلئے ناروے کی شہریت حاصل کرنا مزید آسان ہوگی، جس سے لوگوں کو وہاں آسانی کے ساتھ رہنے اور آباد ہونے کی اجازت ملے گی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ناروے کی حکومت نے گزشتہ 12 ماہ کے اندر درخواست دہندگان کیلیے مالی معاونت  کی پہلے سے لازمی شرط کو ختم کر دیا ہے۔

    پچھلے ضابطوں کے تحت، 18 اور 67 سال کی عمر کے افراد کو پچھلے سال کےدوران مستحکم آمدنی کا مظاہرہ کرنے اور مستقل رہائشی اجازت نامہ حاصل کرنے کیلیے حکومتی مالی امداد حاصل کرنےسے گریز کرنے کی ضرورت تھی۔

    تاہم، ایک حالیہ ترمیم نےمستحکم آمدنی برقرار رکھنےکی شرط کو برقرار رکھتے ہوئے، سماجی خدمات ایکٹ کے تحت مالی امداد حاصل کرنے پرپابندی ہٹادی ہے۔

    مستقل رہائشی اجازت نامہ لوگوں کو ناروے میں غیر معینہ مدت تک رہنے اور کام کرنے کا حق دیتا ہے۔

    درخواست دہندگان کے پاس ناروے میں کم از کم تین سال کیلیے ایک درست رہائشی اجازت نامہ ہونا چاہیے اور اہلیت کے اضافی معیار پر بھی پورا اترنا چاہیے۔

    درخواست منظور ہوجانے کے بعد، وصول کنندگان کو ایک رہائشی کارڈ ملے گا جو ان کی مستقل رہائشی حیثیت کے ثبوت کےطور پر کام کرے گا اور یہ دو سال تک کارآمد ہوگا۔ اس سے پہلے مستقل رہائشی اجازت ناموں کی تصدیق پاسپورٹ پر چسپاں اسٹیکرز کے ذریعے کی جاتی تھی۔

  • پاکستان نے کامیاب سفارت کاری کا ایک اور ثمر حاصل کرلیا

    پاکستان نے کامیاب سفارت کاری کا ایک اور ثمر حاصل کرلیا

    پاکستان نے کامیاب سفارت کاری کا ایک اور ثمر حاصل کرلیا، ناروے نے پاکستان کو نیشنل تھریٹ اسیسمنٹ کی لسٹ سے نکال دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ناروے  پولیس سیکیورٹی سروس نے تازہ ترین رپورٹ جاری کی ہے، رپورٹ ناروے کی مقامی انٹیلی جنس اور سیکیورٹی سروس نے جاری کی ہے جس میں پاکستان کا نام  نکالنے کا اعلان ہوا ہے۔

    گزشتہ کئی سالوں سے پاکستان اور کچھ دیگر ممالک کو اس لسٹ میں شامل کیا جا رہا تھا، اس لسٹ میں پاکستان کا نام ہونے کی وجہ سے پاکستانی طلباء اور ریسرچرز کو کافی مشکلات پیش آرہی تھیں۔

    اس لسٹ کی وجہ سے بھارتی میڈیا بھی پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈا جاری رکھے ہوئے تھا لیکن پاکستان کی کامیاب سفارت کاری کے بعد ملک کا نام تھریٹ اسیسمینٹ میں نہیں ہے۔

  • فلسطین سے جمع ہونے والے ٹیکس فنڈز سے متعلق افسوسناک خبر

    فلسطین سے جمع ہونے والے ٹیکس فنڈز سے متعلق افسوسناک خبر

    تل ابیب: اسرائیلی کابینہ نے فلسطین سے جمع ہونے والے ٹیکس فنڈز ناروے کے پاس رکھنے کے منصوبے کی منظوری دے دی۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی حکام نے اتوار کو بتایا کہ کابینہ نے حماس کے زیرِ انتظام غزہ کی پٹی کے لیے مختص کردہ ٹیکس فنڈز کو فلسطینی اتھارٹی کو منتقل کرنے کی بجائے ناروے کے پاس رکھنے کے منصوبے کی منظوری دے دی۔

    1990 کے عشرے میں طے پانے والے عبوری امن معاہدوں کے تحت اسرائیل کی وزارتِ خزانہ فلسطینیوں کی جانب سے ٹیکس جمع کرتی ہے اور پھر یہ فنڈز مغربی حمایت یافتہ افراد کو ماہانہ بنیاد پر منتقل کر دیتی ہے۔

    اس فنڈز کے انتظامات پر مسلسل جھگڑے ہوتے رہے ہیں، اسرائیل کا ہمیشہ مطالبہ رہا ہے کہ یہ فنڈز حماس تک نہ پہنچیں۔ واضح رہے کہ حماس نے ایک مختصر خانہ جنگی اور اسرائیل کے آباد کاروں اور فوجی دستوں کے انخلا کے دو سال بعد 2007 میں مغربی حمایت یافتہ فلسطینی اٹھارٹی سے غزہ کا کنٹرول حاصل کر لیا تھا۔

    وزیر اعظم نیتن یاہو کے ایک بیان کے مطابق ٹیکس فنڈز کے بارے میں کابینہ کے اس فیصلے کو ناروے اور امریکا کی حمایت حاصل ہے۔

    نیتن یاہو کا حماس کی شرائط پر رد عمل

    تاہم فلسطین لبریشن آرگنائزیشن کے سیکریٹری جنرل حسین الشیخ نے ایکس پر اتوار کے روز کہا کہ ’’ہمارے مالی حقوق میں سے کوئی بھی کٹوتی یا اسرائیل کی طرف سے عائد کردہ کوئی بھی شرائط، جو غزہ کی پٹی میں ہمارے لوگوں کو ادائیگی کرنے سے روکیں، ہم انھیں مسترد کرتے ہیں۔‘‘

    اسرائیلی وزیر خزانہ بیزلیل سموٹریچ نے کہا ’’ایک بھی شیکل اب غزہ نہیں جائے گا۔‘‘

    بحیرہ عرب میں لاپتا اہلکاروں سے متعلق امریکی فوج کا اہم بیان سامنے آ گیا

  • اوسلو: نائٹ کلب میں اندھا دھند فائرنگ دو افراد ہلاک

    اوسلو: نائٹ کلب میں اندھا دھند فائرنگ دو افراد ہلاک

    اوسلو : ناروے میں ایک نائٹ کلب پر مسلح حملے میں 2 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ دارالحکومت اوسلو میں ایک مسلح شخص نے نائٹ کلب میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کی۔

    پولیس کے ترجمان نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ ملزم کو حملے کے چند منٹ بعد ہی گرفتار کر لیا گیا تھا، تاہم اس سے قبل حملہ آور نے جائے وقوعہ اور اس کے قریب ایک سڑک پر موجود لوگوں پر اندھا دھند فائرنگ کی تھی۔

    ناروے کے مقامی صحافی نے عینی شاہد کے طور پر بتایا کہ میں نے ایک شخص کو بیگ کے ساتھ دیکھا جس نے کچھ دیر بعد بندوق اٹھا کر لوگوں کو گولیاں برسانا شروع کردیں۔

    Thumbnail image

    نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق حملہ آور نے اوسلو کے مرکز ميں واقع لندن پب نامی نائٹ کلب کے باہر فائرنگ کی، پوليس کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے تحقيقات دہشت گردانہ حملے کے طور پر کی جا رہی ہيں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اوسلو پولیس نے حملے میں دو اموات کی تصدیق کی ہے، پولیس کا کہنا تھا کہ 14 افراد کو ہسپتال لے کر جایا گیا ہے جن میں سے کچھ کی حالت تشویشناک ہے۔

    پولیس نے بتایا ہے کہ اوسلو نائٹ کلب اور شراب خانے میں فائرنگ کرنے والا ملزم ایرانی نژاد نارویجئن شہری ہے۔ ناروے کے محکمہ سراغ رسانی کے پاس ملزم کا مجرمانہ ریکارڈ پہلے سے موجود تھا جس میں وہ چاقو اور منشیات رکھنے جیسے معمولی واقعات میں جیل کاٹ چکا ہے۔

  • آسمان پر پراسرار روشنی کا جھماکہ

    آسمان پر پراسرار روشنی کا جھماکہ

    خلا سے شہاب ثاقب کا زمین پر گرنا معمولی بات ہے، اکثر بہت معمولی حجم کے ہوتے جو انسانی آنکھ کو دکھائی نہیں دیتے، لیکن کچھ ٹکڑے بہت بڑے اور روشن بھی ہوتے ہیں جو لوگوں کو خوفزدہ کردیتے ہیں۔

    ناروے کا آسمان بھی ایسے ہی ایک شہاب ثاقب سے روشن ہوگیا جسے متعدد افراد نے اپنی آنکھوں سے دیکھا۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی متعدد ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک غیر معمولی طور پر بڑی جسامت کا شہاب ثاقب زمین کی طرف آتا ہے، اس کی روشنی جھماکے کی طرح پھیلتی ہے جبکہ اس سے زوردار آواز بھی بلند ہوتی ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ یہ شہاب ثاقب دارالحکومت اوسلو کے قریب کہیں گرا ہے۔

    شہاب ثاقب کی روشنی اور آواز نے جہاں لوگوں کو حیرت زدہ کردیا وہیں کچھ افراد خوفزدہ بھی ہوگئے۔

  • طلبا ’ناقص طبی سہولیات والے ممالک جیسے امریکا‘ سے واپس آجائیں: ناروے کی اپیل

    طلبا ’ناقص طبی سہولیات والے ممالک جیسے امریکا‘ سے واپس آجائیں: ناروے کی اپیل

    اوسلو: ناروے کی ایک یونیورسٹی نے اپنے طلبا سے کہا ہے کہ وہ ’ناقص طبی سہولیات والے ممالک جیسے امریکا‘ سے واپس اپنے گھروں کو لوٹ آئیں۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ناروے کی عالمی شہرت یافتہ یونیورسٹی نارویجیئن یونیورسٹی آف سائنس و ٹیکنالوجی نے ایک پیغام جاری کیا ہے جس میں انتظامیہ نے اپنے طلبا سے ناروے واپس لوٹنے کی اپیل کی ہے۔

    اپنے پیغام میں یونیورسٹی کا کہنا ہے کہ دفتر خارجہ کی ہدایات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہماری اپنے طلبا کے لیے تجویز ہے کہ اگر وہ ناروے سے باہر ہیں تو اپنے گھروں کو لوٹ آئیں۔

    یونیورسٹی نے کہا ہے کہ یہ تجویز ان افراد کے لیے خاص طور پر ہے جو ناقص طبی سہولیات رکھنے والے ممالک میں موجود ہیں، جیسے کہ امریکا۔

    خیال رہے کہ ناروے نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے پیش نظر پیر سے اپنے تمام ایئرپورٹس اور بندرگاہ غیر ملکی افراد کے لیے بند کردیے ہیں، صرف ناروے کے شہریوں کو ملک میں داخل ہونے کی اجازت دی جارہی ہے اور انہیں 14 دن قرنطینیہ میں رکھا جارہا ہے۔

    یونیورسٹی کے اس پیغام پر ٹویٹر پر ملا جلا ردعمل موصول ہورہا ہے، امریکیوں کی بڑی تعداد نے اس بیان پر ناروے پر تنقید کی۔

    ایک صارف نے کہا کہ ناروے اپنے شہریوں کو کہہ رہا ہے کہ اگر آپ تیسری دنیا کے کسی ملک میں موجود ہیں جیسے امریکا، تو واپس ناروے لوٹ آئیں۔

    ایک امریکی صارف نے لکھا کہ باقی دنیا کی طرح ناروے بھی ہم پر ہنس رہا ہے۔

    یاد رہے کہ امریکا میں اب تک کرونا وائرس کے 4 ہزار 700 سے زائد کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ 93 افراد اس وائرس سے ہلاک ہوچکے ہیں۔

    ناروے میں اب تک کرونا وائرس کے 13 سو 66 کیس سامنے آئے ہیں اور 3 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

  • ناروے میں قرآن پاک کی توہین، پاکستان کا یورپی یونین میں معاملہ اٹھانے کا اعلان

    ناروے میں قرآن پاک کی توہین، پاکستان کا یورپی یونین میں معاملہ اٹھانے کا اعلان

    اسلام آباد : معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اوآئی سی اور یورپی یونین میں توہین قرآن کا معاملہ اٹھائیں گے، اسلامو فوبیا کابیانیہ عالمی امن کیلئے خطرہ ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں گزشتہ روز ناروے میں ہونے والے افسوسناک واقعے کی شدید مذمت کی گئی۔

    معاون خصوصی نے کہا کہ توہین مذہب سے انتہا پسندی کی سوچ پروان چڑھتی ہے، ناروے میں توہین قرآن کے دلخراش واقعے سے دنیا بھر میں مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے، اسلامو فوبیا کابیانیہ عالمی امن کیلئے خطرہ ہے، یہ معاملہ اوآئی سی، یورپی یونین میں اٹھائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ کور کمیٹی کے اجلاس میں اسلامو فوبیا کے خلاف قرارداد پاس کی گئی ہے ، یہ قرار داد او آئی سی اور یورپی پارلیمنٹ میں پہنچائی جائیگی تاکہ مسلمانوں کے جذبا ت سے کھیلنے کے اس عمل کی حوصلہ شکنی ہوسکے، کور کمیٹی نے شرانگیز ی پرمشتمل بیانیہ اور اس کے ساتھ جڑے عناصر کی شدید مذمت کی ہے۔

    پریس کانفرنس سے خطاب میں معاون خصوصی نے بتایا کہ معیشت میں پہلی باربجٹ خسارے میں قابو پالیا گیا، وزیر اعظم نے معاشی اعشاریوں میں بہتری پر معاشی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا، معیشت کے ثمرات عوام تک منتقل کرنے کیلئےواضع حکمت عملی کی ہدایت کی گئی ہے، کور کمیٹی نے بھی معاشی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔
    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نڈھال اور دلبرداشتہ اپوزیشن میڈیا میں آنے اور عوام کو گمراہ کرنے کیلئے جھوٹا پروپیگنڈا کررہی ہے، جعلی خبروں کاخاتمہ ہوناچاہئے، اجلاس میں الیکشن کمیشن سے متعلق اپوزیشن کے بیانیے پرتحفظات کا اظہار کیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کی اصطلاح کی مذمت کرتی ہے، لیگل ٹیم اپنا مؤقف الیکشن کمیشن کے سامنےرکھے گی، تحریک انصاف کادامن صاف ہے، فارن فنڈنگ کیس میں تمام سیاسی جماعتوں کو آڈٹ کیا جائے، کسی ایک جماعت کوٹارگٹ نہ کیاجائے، یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ پی ٹی آئی حقائق چھپارہی ہے، پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کے تمام ثبوت جمع کراچکی ہے۔