Tag: Noshki

  • جان کی پروا کیے بغیر جلتا ٹینکر چلا کر آبادی سے دور لے جانے والا بھی دم توڑ گیا

    جان کی پروا کیے بغیر جلتا ٹینکر چلا کر آبادی سے دور لے جانے والا بھی دم توڑ گیا

    کوئٹہ: سانحہ نوشکی کا ایک اور زخمی دم توڑ گیا، جس سے کراچی لائے جانے والے زخمیوں میں جاں بحق افراد کی تعداد 14، جب کہ مجموعی اموات کی تعداد 20 ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقے نوشکی میں آئل ٹینکر میں دھماکے سے جھلسنے کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا تھا، جس میں جھلسنے والے مزید ایک زخمی کی کراچی کے اسپتال میں رات گئے دوران علاج موت واقع ہو گئی۔

    علاج کے لیے کراچی منتقل کیے گئے زخمیوں میں جاں بحق افراد کی تعداد 14 ہو گئی ہے، کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج شوکت نامی نوجوان زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا، جاں بحق شوکت جان کی پروا کیے بغیر جلتا ٹینکر چلا کر آبادی سے دور لے گیا تھا۔

    یاد رہے کہ آئل ٹینکر دھماکے سے پھٹنے کے نتیجے میں 3 درجن سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے۔


    نوشکی آئل ٹینکر حادثے کے جھلسنے والے مزید 5 افراد کراچی میں دم توڑ گئے


    شدید زخمی 24 افراد کو خصوصی طیارے کے ذریعے کراچی ایئر بیس منتقل کیا گیا تھا، جہاں سے زخمیوں کو ایدھی ایمبولینسوں کے ذریعے نجی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا تھا، ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں کی کراچی منتقلی کے دوران ایک زخمی دم توڑ گیا تھا، زخمیوں کے علاج معالجے کے اخراجات بلوچستان حکومت ادا کرے گی۔

  • پنچگور،نوشکی دھماکوں کی تفتیش میں اہم پیشرفت

    پنچگور،نوشکی دھماکوں کی تفتیش میں اہم پیشرفت

    کراچی: سینٹرل انویسٹی گیشن پولیس اور حساس ادارے نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے پنچگور،نوشکی چیک پوسٹوں پر حملے کے دو سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا ہے۔

    ایس ایس پی انویسٹی گیشن سینٹرل شہلا قریشی نے میڈیا کو بتایا کہ پولیس اور حساس ادارے نے بلال کالونی میں مشترکہ کارروائی کی، کارروائی کے دوران
    پنچگور،نوشکی کی چیک پوسٹوں پر ہونے والے دھماکے کے دو سہولتکاروں کو گرفتار کرلیا گیا۔

    شہلا قریشی کے مطابق گرفتار سہولت کاروں سے دستی بم ، پستول اور لیپ ٹاپ،موبائل فونز برآمد کئے گئے۔

    ایس ایس پی انویسٹی گیشن سینٹرل نے میڈیا کو بتایا کہ گرفتار کا اہم عنصر سہولت کاروں سے 2 ہزار سات سو سم برآمد ہونا ہے، اس کے علاوہ بائیو میٹرک مشین اور دیگر الیکٹرانک ڈیوائسز برآمد ہوئی ہیں۔

    یاد رہے کہ رواں سال تین فروری کو بلوچستان کے علاقے پنجگور اور نوشکی میں دو الگ مقامات پر دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کے کیمپوں پر حملے کی کوشش کی اور فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک سپاہی شہید ہوا جبکہ 4 دہشت گرد مارے گئے تھے۔

    آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فوجی اہلکاروں کی جانب سے بروقت جواب سے دہشت گردوں کی کوشش ناکام ہوئی، شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک سپاہی شہید ہوا۔