Tag: notice

  • پاکستان کا سندھ طاس معاہدے کی منسوخی پر عالمی برادری سے نوٹس لینے کا مطالبہ

    پاکستان کا سندھ طاس معاہدے کی منسوخی پر عالمی برادری سے نوٹس لینے کا مطالبہ

    نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے سندھ طاس معاہدے کی منسوخی پر عالمی برادری سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے ہانگ کانگ میں بین الاقوامی ثالثی تنظیم کے قیام سے متعلق کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ منسوخی عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارے مشرقی پڑوسی نے حال میں بلا اشتعال اور غیر منصفانہ فوجی جارحیت کا مظاہرہ کیا، بھارتی اقدام سے جنوبی ایشیا کا امن خطرات سے دو چار ہوا۔

    مزید پڑھیں : سندھ طاس معاہدہ : کیا بھارت پاکستانی دریاؤں کا پانی روک سکتا ہے؟ شیراز میمن کے اہم انکشافات

    نائب وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کشمیر کا معاملہ جنوبی ایشیا میں تنازع کی بنیاد ہے، لہذا اس تنازع کو سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہش کے مطابق فوری حل کیا جائے۔

    اسحاق ڈار نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ منسوخی کی مذمت کی اور سندھ طاس معاہدے کی منسوخی پر عالمی برادری سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

    دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف نے تاجک صدر امام علی رحمان سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے لیکن خود مختاری کے دفاع سے پیچھے نہیں ہٹے گا، شہباز شریف نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق ناگزیر ہے۔

    سندھ طاس معاہدہ کیا ہے؟

    واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے پہلگام واقعے کے بعد بھارت کی جانب سے پاکستان کیخلاف کیے گئے سخت اقدامات میں سرفہرست سندھ طاس معاہدہ کا خاتمہ بھی ہے۔

    یہ بھی خیال رہے کہ سندھ طاس معاہدہ کے تحت بھارت پاکستان کے حصے کا پانی روک ہی نہیں سکتا اس کے علاوہ اس کے پاس فی الوقت کوئی ایسا ذخیرہ یا وسائل نہیں جہاں وہ ان دریاؤں کے اس پانی کو جمع کر سکے اور اگر وہ کوئی ایسا منصوبہ شروع کرے بھی تو اس کو پورا کرنے کیلیے کئی سال درکار ہوں گے۔

  • ملک میں جان بچانے والی ادویات کی قلت، وزیر اعظم کا نوٹس

    ملک میں جان بچانے والی ادویات کی قلت، وزیر اعظم کا نوٹس

    کراچی: ملک میں جان بچانے والی اہم ادویات کی قلت پر وزیر اعظم شہباز شریف نے نوٹس لے لیا، وزیر اعظم کی ہدایت پر ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے تحقیقات شروع کر دیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک میں ضروری ادویات کی قلت کا نوٹس لیتے ہوئے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کو فوری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

    وزیر اعظم کی ہدایت پر ڈریپ کی کمیٹی آن لائف سیونگ ڈرگز نے تحقیقات شروع کر دیں، ڈریپ کمیٹی نے وفاقی اور صوبائی حکام سے ادویات کی قلت پر رپورٹ طلب کرلی ہے۔

    ڈریپ نے خط لکھتے ہوئے کہا کہ ملک میں 60 ضروری ادویات دستیاب نہیں، تمام وفاقی و صوبائی ڈرگ ریگولیٹری حکام تحقیقات کریں اور رپورٹ دیں۔

    رپورٹ کے مطابق پاکستان میں اس وقت نفسیاتی، دماغی، دل اور دیگر امراض کی اہم ادویات میسر نہیں۔

    فارما انڈسٹری کے مطابق پیداواری لاگت بڑھنے کے سبب کمپنیوں نے مذکورہ ادویات بنانا بند کر دی ہیں، اگر قیمتیں نہ بڑھائی گئیں تو ملک میں مزید ادویات کی شدید قلت پیدا ہوسکتی ہے۔

  • پولنگ اسٹیشنز کا دورہ: الیکشن کمیشن کا شاہ محمود قریشی کو نوٹس

    پولنگ اسٹیشنز کا دورہ: الیکشن کمیشن کا شاہ محمود قریشی کو نوٹس

    ملتان: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو الیکشن کمیشن کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کردی گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کو الیکشن کمیشن کی جانب سے نوٹس جاری کردی گیا۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ شاہ محمود نے پی پی 217 ملتان میں مسلسل پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا، غیر متعلقہ شخص کا پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کرنا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔

    الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ شاہ محمود قریشی کو پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کرنے سے روکا جا رہا ہے، انہوں نے پولنگ اسٹیشنز کے اندر پریس کانفرنس کی اور بغیر ثبوت دھاندلی کے الزامات لگائے۔

    نوٹس میں کہا گیا ہے کہ شاہ محمود نے غیر قانونی طور پر فیکٹری پر چھاپہ مارا۔

    الیکشن کمیشن کی جانب سے مزید کہا گیا کہ شاہ محمود قریشی 24 گھنٹے میں الیکشن کمیشن کو اپنی پوزیشن واضح کریں۔

  • اسلام آباد میں ڈیلیوری کمپنیوں کو نوٹسز جاری

    اسلام آباد میں ڈیلیوری کمپنیوں کو نوٹسز جاری

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ڈیلیوری کمپنیوں کو نوٹسز جاری کردیے گئے ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ ڈیلیوری بوائز ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے تو متعلقہ کمپنی کے خلاف کارروائی ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق دارالحکومت اسلام آباد میں ٹریفک روانی برقرار رکھنے کے لیے پولیس متحرک ہوگئی، مختلف ڈیلیوری کمپنیوں کو قوانین پر عملدر آمد کے نوٹسز جاری کردیے گئے۔

    نوٹس میں کہا گیا ہے کہ کمپنیوں کے ڈیلیوری بوائز کے پاس ڈرائیونگ لائسنس لازمی قرار دیا گیا ہے۔

    نوٹس کے مطابق ڈیلیوری بوائز لائن وائلیشن اور ریڈ سگنل کی خلاف ورزی کرتے ہیں، اگر ڈیلیوری بوائز نے رویہ نہ بدلا تو متعلقہ کمپنی کے خلاف کارروائی ہوگی۔

  • ملائیشیا میں 3 ہزار پاکستانی پھنسے ہیں: سینیٹ میں توجہ دلاؤ نوٹس

    ملائیشیا میں 3 ہزار پاکستانی پھنسے ہیں: سینیٹ میں توجہ دلاؤ نوٹس

    اسلام آباد: سینیٹ اجلاس میں ایئر لائنز کی اضافی بکنگ اور منسوخی سے درپیش مشکلات پر توجہ دلاؤ نوٹس پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ ملائیشیا میں 3 ہزار سے زائد پاکستانی پھنسے ہوئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ اجلاس میں سینیٹر نزہت صادق نے ایئر لائنز کی اضافی بکنگ اور منسوخی سے درپیش مشکلات پر توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیا۔ نزہت صادق کا کہنا تھا کہ پروازوں کی منسوخی کے باعث پاکستانی مشکلات کا شکار ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ملائیشیا میں 3 ہزار سے زائد پاکستانی پھنسے ہوئے ہیں۔

    وفاقی وزیر برائے ایوی ایشن غلام سرور خان نے کہا کہ کرونا سے پوری دنیا کی ایوی ایشن انڈسٹری مشکلات کا شکار ہے۔ این سی او سی کرونا وائرس کی صورتحال کے مطابق فیصلے کرتی ہے، مئی میں ان باؤنڈ فلائٹس کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ انٹرنیشنل ایئر لائنز کی اوور بکنگ کے باعث مشکلات ہوئیں۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سول ایوی ایشن نے کمپنیوں کو شوکاز نوٹس جاری کیے ہیں، خصوصی پروازوں کے ذریعے پھنسے مسافروں کو وطن واپس لایا جائے گا۔ این سی او سی کی مشاورت کے بعد پروازوں کو 50 فیصد کیا جارہا ہے۔ اس حوالے سے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سے مزید 85 قیدیوں کو پاکستان لایا جائے گا۔

    سینیٹ اجلاس میں سابقہ فاٹا اور پاٹا میں خصوصی ٹیکس چھوٹ کی قرارداد بھی متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔ قبائلی اضلاع میں ٹیکس چھوٹ کی قرارداد سینیٹر کہدہ بابر نے پیش کی۔

    قرارداد میں کہا گیا کہ حکومت نے 25 ویں آئینی ترمیم میں ٹیکس چھوٹ کاوعدہ کیا تھا، غیر موصول شدہ ٹیکسز اور بجلی پر ٹیکس چھوٹ دی جائے۔ قبائلی اضلاع میں جاری ایف ای ڈی ٹیکس نوٹس منسوخ کیے جائیں۔

  • بھارتی اینکر ارنب گوسوامی کو نوٹس، پولیس کے سامنے پیش ہونے کا حکم

    بھارتی اینکر ارنب گوسوامی کو نوٹس، پولیس کے سامنے پیش ہونے کا حکم

    نئی دہلی: بھارت کے متنازعہ اینکر ارنب گوسوامی کے خلاف سو سے زائد ایف آئی آرز درج ہونے کے بعد ممبئی پولیس نے انہیں نوٹس جاری کردیا، ارنب کو پولیس کے سامنے پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی پولیس نے ارنب گوسوامی کو تعزیرات ہند کی دفعہ 41 اے کے تحت نوٹس جاری کیا ہے۔

    ارنب گوسوامی کے خلاف ایف آئی آر ناگپور میں دائر کی گئی تھی لیکن سپریم کورٹ نے اس معاملے کو ممبئی منتقل کرنے کا حکم دیا، کل صبح 9 بجے ارنب کو ممبئی میں پولیس کے سامنے حاضر ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ ارنب نے چند روز قبل کانگریس پارٹی کی صدر سونیا گاندھی کے خلاف قابل اعتراض تبصرے کیے تھے۔ ارنب کے ان تبصروں کے بعد ان کے خلاف مختلف شہروں میں سو سے زائد ایف آئی آر درج کروا دی گئی ہیں۔

    کانگریس رہنماؤں نے ری پبلک ٹی وی انتظامیہ اور اس کے مدیر ارنب گوسوامی کے خلاف ممبئی ہائی کورٹ کا رخ کیا تو دوسری جانب بنگلور کے ایک آر ٹی آئی کارکن نے کرناٹک ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی۔

    درخواست میں ری پبلک ٹی وی کے براڈ کاسٹ اور ارنب گوسوامی کے ذریعے کچھ بھی براڈ کاسٹ کرنے پر پابندی لگانے کی استدعا کی گئی ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی ہائی کورٹ میں مہاراشٹر قانون ساز کونسل کے ممبر بھائی جگتاپ اور مہاراشٹر یوتھ کانگریس کے نائب صدر سورج ٹھاکر نے بھی درخواستیں دائر کی ہیں۔

  • بلاول بھٹو نے لاڑکانہ میں گندگی کی ویڈیو کا نوٹس لے لیا، صفائی کا آغاز

    بلاول بھٹو نے لاڑکانہ میں گندگی کی ویڈیو کا نوٹس لے لیا، صفائی کا آغاز

    لاڑکانہ : بلاول بھٹو نے کوثر مل محلے کی حالت زار کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے صفائی ستھرائی کی ہدایات جاری کردیں، وزیر اعلیٰ نے متعلقہ محکمہ کے افسران کو کراچی طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق دو وزرائے اعظم کے آبائی شہر لاڑکانہ کے رہائشی کی فریاد سن لی گئی، سوشل میڈیا پر لاڑکانہ کے علاقے کوثر مل کی حالت زار سے متعلق عبداللہ بھٹی نامی شخص کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد چیئر مین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے نوٹس لے لیا، جس کے بعد میونسپل کارپوریشن نے ابلتے گٹروں کے باعث گلیوں میں پھیلنے والا سیوریج کا پانی صاف کردیا۔

    اس کے علاوہ کچرا اٹھانے کیلئے اقدامات کرتے ہوئے محلہ کوثر مل میں صفائی کے کام کا آغاز کردیا گیا ہے، کچرہ اٹھانے کے کام کا جائزہ لینے کے لئے میئر لاڑکانہ اور ڈپٹی کمشنر نے علاقے کا دورہ کیا تاہم اہل علاقہ ابھی تک مطمئن نہیں اور ان کا کہنا ہے کہ گندگی کے خاتمے کے لئے جامع انتظامات کئے جائیں۔

    ذرائع کے مطابق محلہ کوثر مل کے مکینوں بلاول بھٹو زرداری کو کوثر مل اور لاڑکانہ کا دورہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ اس حوالے سے صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی کا کہنا ہے کہ لاڑکانہ میں جس علاقے کی وڈیو دکھائی گئی یقیناً وہ اچھی نہیں ہے، سیوریج پمپ نہ چلانے کے معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

    علاوہ ازیں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے مذکورہ علاقے کی گندگی کے خاتمے کے لئے محکمہ پبلک ہیلتھ کے افسران کو کراچی طلب کرلیا ہے۔

    واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر گزشتہ روز ایک نوجوان عبداللہ بھٹی نے محلہ کوثر مل میں ابلتے گٹروں کی ویڈیو بناکر شیئر کی تھی، ویڈیو وائرل ہونے کے بعد بلاول بھٹو نے صفائی کی ہدایت کی تھی۔

  • وزیر اعظم عمران خان نے گیس کے بحران کا نوٹس لے لیا، 3 دن میں رپورٹ طلب

    وزیر اعظم عمران خان نے گیس کے بحران کا نوٹس لے لیا، 3 دن میں رپورٹ طلب

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے ملک میں گیس کے  بحران کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے نااہلی کا مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا،72گھنٹے میں رپورٹ طلب کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیر صدارت ملک میں گیس بحران سے متعلق اجلاس ہوا، وزیر پٹرولیم کی جانب سے گیس کےحالیہ بحران پرتفصیلی بریفنگ دی گئی۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ حالیہ گیس بحران کی ذمہ داری ایس این جی پی ایل، ایس ایس جی سی پرعائد ہوتی ہے، وزیراعظم نے کمپریسرز سے متعلق معلومات پوشیدہ رکھنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایس این جی پی ایل، ایس ایس جی سی میں نااہلی کا مظاہرہ کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔

    وزیراعظم نے وزیرپٹرولیم کو دونوں اداروں کے مینجنگ ڈائریکٹرزکے خلاف فوری انکوائری کر کے72گھنٹےمیں مکمل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

    اس کے علاوہ وزیر اعظم نے صارفین کی سہولت کے لئے گیس کی طلب اور رسد کیلئےمنصوبہ بندی مربوط بنانے کی ہدایت بھی دی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مربوط منصوبہ بندی کریں تاکہ عوام کو آئندہ ایسی صورت حال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

    گیس بحران کی تحقیقات، وزیراعظم نے چار رکنی کمیٹی تشکیل دے دی

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے گیس بحران کی تحقیقات کیلئے چار رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، مذکورہ کمیٹی سوئی ناردرن اور سوئی سدرن کے ایم ڈیز کے خلاف تحقیقات کرے گی۔

    چیئر پرسن اوگرا عظمیٰ عادل تحقیقاتی کمیٹی کی چیئر پرسن مقرر کی گئی ہیں، وزیراعظم کی ہدایت پر پٹرولیم ڈویژن نے تحقیقاتی کمیٹی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

    قاضی سلیم صدیقی، شاہد یوسف اور عمران احمد کمیٹی ممبران ہوں گے، کمیٹی 72گھنٹے میں اپنی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گی، کمیٹی کو تحقیقات کے دوران ماہرین کو بلانے کا اختیار بھی دے دیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں: کراچی میں گیس کا بحران مصنوعی نکلا

    واضح رہے کہ کراچی میں گزشتہ تین روز سے جاری گیس کا بحران مبینہ طور پر مصنوعی نکلا، سندھ کی گیس پنجاب کو فراہم کرنے کا انکشاف ہوا ہے، پی پی ایل کے ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ گمبٹ گیس فیلڈ میں کوئی خرابی نہیں ہے بلکہ گیس بحران کی اصل وجہ آر ایل این جی ٹرمینل میں خرابی ہے۔

    ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ ٹرمینل ایف ایس آریومیں کام جاری ہےجس سےگیس فراہمی رکی اور ایس ایس جی سی گیس پنجاب کو فراہم کررہی ہے۔ گیس دوسرےصوبےکوفراہم کرنےکی وجہ سےکراچی میں مصنوعی بحران پیدا ہوا ہے ۔ یہ بھی بتایا جارہا ہے کہ گمبٹ اور کنر پساکھی فیلڈ سو فیصد پیداوار کررہی ہیں۔

  • ہندو برادری کی جائیدادوں پر قبضے : سپریم کورٹ نے نوٹس جاری کردیئے

    ہندو برادری کی جائیدادوں پر قبضے : سپریم کورٹ نے نوٹس جاری کردیئے

    اسلام آباد : سپریم کورٹ نے سندھ میں ہندو برادری کی زمینوں پرقبضہ کرنے والے افراد کو نوٹسز جاری کردیئے، چیف جسٹس کا کہنا ہے کہ مبینہ قابضین کی فہرست ہمارے پاس آ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں صوبہ سندھ میں ہندو برادری کی زمینوں پر قبضے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

    عدالت عظمیٰ میں سماعت کے آغاز پر ممبر قومی اسمبلی رمیش کمار نے کہا کہ لاڑکانہ سے زمینوں پر قبضے کی46شکایات تھیں، سب کا جواب آگیا ہے۔

    اس موقع پر چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ قبضہ کرنے والوں کو نوٹس بھیج کر بلانا پڑے گا، انہوں نے رمیش کمار سے کہا کہ آپ کہتے ہیں کہ خورشید شاہ نے بھی قبضہ کر رکھا ہے جبکہ خورشید شاہ کہتے ہیں کہ انہوں نے کوئی قبضہ نہیں کیا جس پر رمیش کمار نے کہا کہ کمشنر لاڑکانہ نے بھی اس کی تصدیق کی ہے۔

    چیف جسٹس کا مزید کہنا تھا کہ ہندو برادری کی زمینوں پر قبضہ کرنے والوں کو نوٹس کررہے ہیں، مبینہ قابضین کی فہرست ہمارے پاس آ گئی ہے، بعد ازاں سپریم کورٹ نے ہندو برادری کی زمینوں پرقبضہ کرنے والےافراد کو نوٹسز جاری کردیئے

    بعد ازاں سپریم کورٹ آف پاکستان نے سندھ میں ہندوبرادری کی جائیدادوں پر قبضے سے متعلق کیس کی سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کردی۔

    مزید پڑھیں: سپریم کورٹ نے ہندو برادری کی جائیدادوں پرقبضے سے متعلق رپورٹ طلب کرلی

    واضح رہے کہ گزشتہ سماعت میں عدالت عظمیٰ نے ریمارکس دیئے تھے کہ بنیادی طور پر ہم نے ڈاکٹر بھگوان داس کی بیگم کی شکایت پرنوٹس لیا تھا، اے جی سندھ نے بتایا تھا کہ ڈاکٹربھگوان داس کے کئی مقدمات ہائی کورٹ میں چل رہے ہیں۔

  • اسموگ سے بچاؤ کے لیے گاڑیوں کی آلودگی کم کرنے کے اقدامات کر رہے ہیں: وزیر ماحولیات

    اسموگ سے بچاؤ کے لیے گاڑیوں کی آلودگی کم کرنے کے اقدامات کر رہے ہیں: وزیر ماحولیات

    اسلام آباد: سینیٹ میں وزیر مملکت برائے ماحولیات زرتاج گل کا کہنا تھا کہ صوبہ پنجاب کا شہر لاہور اسموگ سے سب سے زیادہ متاثر ہے، اسموگ میں کمی کے لیے گاڑیوں کی آلودگی کم کرنے کے اقدامات کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں دھند اور اس کے اثرات کے بارے میں سینیٹر شیری رحمٰن نے سینیٹ میں توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیا۔ شیر ی رحمٰن کا کہنا تھا کہ اسموگ انسانی صحت کے علاوہ ہماری معیشت متاثر کر رہا ہے۔

    پیپلز پارٹی کی سینیٹر نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے بعد اب کراچی بھی متاثر ہو رہا ہے۔

    سینیٹ میں وزیر مملکت برائے ماحولیات زرتاج گل کا کہنا تھا کہ صوبہ پنجاب کا شہر لاہور سب سے زیادہ متاثر ہے، اسموگ بھارت سے آرہا ہے، تاہم ہم خود بھی ذمے دار ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ فاضل مادوں اور فصلوں کو جلانے پر پابندی لگا دی ہے، گاڑیوں کی آلودگی کم کرنے کے اقدامات کر رہے ہیں۔

    وزیر مملکت نے مزید بتایا کہ ملک بھر میں بلین ٹری سونامی پر بھی کام کر رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ 2 برس سے زہریلی اسموگ نے صوبہ پنجاب کے کئی شہروں کو متاثر کر رکھا ہے تاہم رواں برس صوبہ سندھ کے شہر کراچی میں بھی اسموگ دیکھی جارہی ہے۔

    اسموگ سے نمٹنے کے لیے محکمہ ماحولیات نے اینٹوں کے بھٹوں کو 3 ماہ کے لیے عارضی طور پر بند کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔