Tag: notice jari

  • پارٹی فنڈز کیس: الیکشن کمیشن نے عمران خان کو نوٹس جاری کردیا

    پارٹی فنڈز کیس: الیکشن کمیشن نے عمران خان کو نوٹس جاری کردیا

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے پارٹی فنڈز کیس میں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کو نوٹس جاری کر دیا، ن لیگی رہنما دانیال عزیز کا کہنا ہے کہ کہاں ہو نعیم الحق چلے آؤ، عمران خان آپ کی بھی تلاشی کا وقت آگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں پارٹی فنڈز کیس کی سماعت ہوئی، کمیشن نے چیئر مین تحریک انصاف عمران خان کوتوہین عدالت کی درخواست پرنوٹس جاری کردیا۔ الیکشن کمیشن نےعمران خان سےاکیس فروری تک جواب طلب کرلیا۔

    توہین عدالت کی درخواست اکبر ایس بابر نے دائرکی تھی۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن کےباہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ن لیگی رہنما دانیال عزیزکا کہنا تھا کہ عمران خان عدالتوں کو شرمناک کہہ کر معافی مانگتے ہیں۔

    دانیال عزیز نے کہا کہ پی ٹی آئی نے گزشتہ سماعت پر معافی مانگی اور آج فرار ہوگئے، عمران خان نے ملکی سیاست کو گھناؤنا الزام بنا دیا ہے۔

    عمران خان نے قومی اداروں کے سربراہوں کو گالیاں دیں۔ دانیال عزیز نے کہا کہ ہم بھی طویل عرصہ سے سیاست میں ہیں لیکن ہم عمران خان کی طرح ہر گیند کے پیچھے نہیں بھاگتے۔

    دانیال عزیز نے کپتان پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ڈولی اٹھنے سے نیا پاکستان نہیں بنےگا۔ دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ آئی سی آئی جےادارہ نہیں ایک پروجیکٹ ہے، جرمن اخبار نے پرانی خبر کو نئی کرنے کی کوشش کی۔

    عدالت نے عمران خان سے کہا کہ آپ غلیظ زبان استعمال کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ عمران خان عدالت کا وقت ضائع کررہے ہیں۔

  • منی لانڈرنگ کیس : میاں منشا اوران کے اہل خانہ کو حتمی نوٹس جاری

    منی لانڈرنگ کیس : میاں منشا اوران کے اہل خانہ کو حتمی نوٹس جاری

    اسلام آباد : عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں میاں منشا اوران کے اہل خانہ کو حتمی نوٹس جاری کردیئے، میاں منشا کا مؤقف ہے کہ سینیٹ جونز ہوٹل میرا نہیں میرے بچوں کا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ممتاز صنعت کار اور حکومت کی اہم ترین شخصیت کے قریبی دوست میاں منشاء کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں منی لانڈرنگ کیس کی درخواست کی سماعت ہوئی، مذکورہ کیس کی سماعت جسٹس شوکت عزیز اور جسٹس محسن کیانی نے کی۔

    عدالت نے میاں منشا اوران کے اہل خانہ کو حتمی نوٹس جاری کردیئے۔ میاں منشا پر چھ کروڑ پونڈز غیرقانونی طور پر پاکستان سے برطانیہ منتقل کرنے کا مقدمہ ہے۔ میاں منشا نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں تحریری جواب جمع کرادیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سینیٹ جونز ہوٹل میرا نہیں میرے بچوں کا ہے۔

    بعد ازاں عدالت نے حتمی نوٹس جاری کردیئے۔ جبکہ عمرمنشا،حسن منشا اور ایمن منشا کو پہلے بھی نوٹسز جاری کیے گئے تھے۔

    مزید پڑھیں : میاں منشا کی سینٹ جمیز ہوٹل کی خریداری پر ایف بی آر کی تحقیقات شروع

    استغاثہ کا کہنا ہے میاں منشا نے 6 کروڑ پاؤنڈ غیرقانونی طور پر برطانیہ منتقل کیے۔ مقدمے کی سماعت کے موقع پر میاں منشا نے کیس میں فریق بننے کی درخواست بھی دی۔ عدالت نے کیس کی سماعت یکم دسمبر تک ملتوی کردی۔

  • اورنج لائن ٹرین منصوبے کے فریقین کو نوٹس

    اورنج لائن ٹرین منصوبے کے فریقین کو نوٹس

    لاہور: اورنج لائن ٹرین منصوبے کے لیے کیے گئے معاہدوں اور ٹینڈرز کے خلاف درخواستوں پر لاہور ہائیکورٹ نے9 نومبر کے لیے نوٹسز جاری کردیئے، آئندہ تاریخ سے کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق جسٹس عابد عزیز شیخ اور جسٹس شاہد کریم پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ اورنج لائن ٹرین منصوبے کے لیے ایگزم بنک چائنا سے 250 ارب روپے کا قرضہ حاصل کیا جارہا ہے۔

    بتایا گیا کہ اورنج لائن ٹرین منصوبے کا بجٹ ایک صوبے کے پورے مالی سال کے بجٹ کے قریب ہے، لوگ علاج کی سہولتوں کو ترس رہے ہیں اور حکمران اربوں روپے ایک ٹرین پر خرچ کررہے ہیں۔

    عدالت کو بتایا گیا کہ لاہور کے ہسپتالوں میں بستر نہیں ہے اورنج لائن ٹرین کیسے بن سکتی ہے، اڑھائی سو ارب روپے صرف دو فیصد لوگوں کےلیے خرچ کیے جارہے ہیں درخواست گزار نے اعتراض کیا کہ پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی جانب سے کیا گیا قرضے کا معاہدہ پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی ایکٹ 2015 کی سیکشن 10 کی خلاف ورزی ہے۔

    درخواست گزار نے کہا کہ آرٹیکل 168،169 اور 170 کی خلاف ورزی ہونے پر قرضے کا معاہدہ غیر قانونی ہے، ناقص انتظامات کی وجہ پلر گرنے سے 27 سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں،منصوبے کے لیے کسی قسم کے ٹینڈر جاری نہیں کیے گئے اور نیسپاک کو ٹھیکہ دے دیا گیا جو کہ منصوبے کی شفافیت پر ایک بڑاسوالیہ نشان ہے،نیسپاک اور ایل ڈی اے تاریخی عمارات کے حوالے سے نہ کوئی تجربہ رکھتے ہیں اور نہ ہی اس حوالے سے اس کے اہل ہیں۔

    درخواست گزار کی جانب سے عدالت سے استدعا کی گئی کہ اورنج لائن ٹرین منصوبے کے لیے حاصل کیے جانے والے قرضے کے معاہدے کو کالعدم قرار دینے کا حکم دیا جائے اور شفاف معاہدے نہ ہونے کی بنا پر اورنج لائن ٹرین منصوبے کو کالعدم قرار دے کر نئے سرے سے ٹینڈر طلب کرنے کا حکم دیا جائے۔

  • واجبات کی عدم ادائیگی پرسول ایوی ایشن کا پی آئی اے کونوٹس

    واجبات کی عدم ادائیگی پرسول ایوی ایشن کا پی آئی اے کونوٹس

    کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی نے واجبات کی عدم ادائیگی پر پی آئی اے کو نوٹس جاری کردیا، واجب الادا رقم نہ ملنے پر سول ایوی ایشن کو شدید مالی بحران کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے 40 ارب روپے کے واجبات ادائیگی کے لیے پی آئی اے کو نوٹس جاری کردیا۔

    پی آئی اے کو گزشتہ کئی ماہ سے پارکنگ، اوور فلائنگ، لینڈنگ اور سیکیورٹی کی مد میں واجبات ادا کرنے ہیں جو تاحال ادا نہیں کیے جا سکے۔

    پی آئی اے کی جانب سے 40 ارب روپے کے واجبات نہ ملنے پر سی اے اے کو شدید مالی بحران کا سامنا ہوسکتا ہے۔

    علاوہ ازیں پی آئی اے نے سول ایوی ایشن اتھارٹی سمیت فیول کمپنیوں، غیر ملکی ایئرپورٹس کو بھی لاکھوں ڈالر کے واجبات ادا نہیں کیے۔

    ذرائع کے مطابق اربوں روپے کے خسارے سے دوچار قومی ائیر لائن پی آئی اے میں ہزاروں ڈالر تنخواہوں پر غیر ملکیوں کو بھرتی کیا جارہا ہے ، کروڑوں روپے افسران کے بیرون ملک دوروں پر خرچ کیے جارہے ہیں۔

  • پی آئی اے کے جہازکا جنریٹرخراب، سعودی ایوی ایشن نے جرمانہ کردیا

    پی آئی اے کے جہازکا جنریٹرخراب، سعودی ایوی ایشن نے جرمانہ کردیا

    کراچی : فیصل آباد سے جدہ پہنچنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 740 کا گراؤنڈ جنریٹر خراب ہوگیا مسافروں نے پی آئی اے کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ سعودی ایوی ایشن نے جرمانے کا نوٹس جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق باکمال لوگ اورلاجواب سروس کا نعرہ لگانے والی قومی ائیر لائن پی آئی اے بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کی مرتکب ہوئی ہے جس پرسعودی عرب کی جانب سے ادارے کو نوٹس بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    پی آئی اے کی پرواز پی کے 740 جو فیصل آباد سے جدہ پہنچی تو اس کے خراب گراؤنڈ جنریٹر کے باعث طیارہ اندھیرے میں ڈوب گیا۔ حبس اور گرمی کی وجہ سے مسافروں کا طیارے میں برا حال ہوگیا۔

    مسافروں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے پی آئی اے پر اپنے غم وغصہ کا اظہار کیا، پی آئی اے کے کیبن کرو نے ایمرجنسی ٹارچ لائٹ کے ذریعے مسافروں کو جہاز سے اتارا۔

    سعودی ایوی ایشن نے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر پی آئی اے کو نوٹس جاری کردیا، نوٹس میں دس ہزار ریال جرمانے کا امکان ہے۔

    سعودی ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ گراؤنڈ جنریٹر کیوں نہیں ٹھیک کروایا گیا، طیارے میں کوئی بھی واقعہ رونما ہوسکتا تھا، جس کی ذمہ دار بھی پی آئی اے ہوتی۔

     

  • اویس شاہ اغواء کیس، حساس اداروں کو 21 جولائی تک نوٹس

    اویس شاہ اغواء کیس، حساس اداروں کو 21 جولائی تک نوٹس

    کراچی: سپریم کورٹ نے اویس شاہ اغو اکیس میں حساس اداروں کو 21 جولائی تک نوٹس جاری کردیا، کراچی بد امنی کیس میں سیکریٹری داخلہ کو اکیس جولائی کوپیش ہونے کا حکم دے دیا۔

    چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کے بیٹے اویس شاہ کے اغوا کو ایک ماہ ہوگیا لیکن پولیس معاملے میں کوئی پیش رفت نہ کرسکی۔کراچی بدامنی کیس میں سپریم کورٹ نے حساس اداروں اور ایف آئی اے کے بڑوں سے جواب مانگ لیے ۔تحریری حکم نامہ بھی جاری کردیا۔

    سپریم کورٹ میں کراچی بدامنی کیس کے دوران سپریم کورٹ نے پولیس کو اپنا قبلہ درست کرنے کا حکم دیا ساتھ ہی آئی جی سندھ سے پوچھا کہ کیا آپ کتابی آئی جی ہیں؟

    اویس شاہ کےاغوا کے معاملے پر سپریم کورٹ نےڈی جی ایف آئی اے سمیت حساس اداروں کونوٹس جاری کردیئے۔

    آئی جی سندھ نے اعتراف کیا کہ مددگار 15 پر ریکارڈنگ سسٹم خراب ہے،سندھ کے چیف سیکریٹری نے اویس شاہ اغوا سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی۔ جس میں کہا گیا ہے کہ ایس ایس پی محمد فاروق کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔

    سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ اویس شاہ اغوا کیس میں سیکریٹری داخلہ 21 جولائی کواپنی حاضری یقینی بنائیں، وفاق اویس شاہ کی بازیابی کے لیے سندھ حکومت کی مدد کرے۔

    سپریم کورٹ نے اپنے تحریری حکم میں کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں اویس شاہ کی بازیابی سے متعلق پیش رفت کی رپورٹ آئندہ سماعت پرپیش کریں۔ اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل اور پراسیکیوٹر سندھ کو بھی نوٹسز جاری کردیئے گئے۔

  • ایان علی کی درخواست پر وزارت داخلہ اورڈائریکٹرامیگریشن کو نوٹس جاری

    ایان علی کی درخواست پر وزارت داخلہ اورڈائریکٹرامیگریشن کو نوٹس جاری

    کراچی : ماڈل گرل ایان علی کی توہین عدالت کی درخواست پر وزارت داخلہ کے حکام کو نوٹسز جاری ہوگئے، عدالت نے وفاقی سیکریٹری داخلہ ،ڈائریکٹرامیگریشن سے جواب طلب کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ماڈل گرل ایان علی نے ایک بار پھر سندھ ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹا دیا۔ سندھ ہائی کورٹ میں ماڈل ایان علی کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔

    ماڈل ایان علی کے وکیل قادر خان مندوخیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عدالتی احکامات کی روشنی میں میری مؤکلہ کا نام ای سی ایل سے نکالے جانے کے بعد ایان علی ائیرپورٹ پہنچیں تو امیگریشن حکام نے انہیں بتایا کہ آپ کا نام ای سی ایل میں دوبارہ ڈالنے کا حکم آگیا ہے۔

    وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ مقدمے کی تفتیش بھی ابھی تک مکمل نہیں ہوئی اور نامکمل تفتیش کے باوجود کسی کا نام ای سی ایل میں شامل کرنا جانبداداری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

    ایان علی کے وکیل کا کہنا تھا کہ میری مؤکلہ کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی وجہ قتل کیس بتایا گیا ہے، جبکہ قتل کے مقدمے میں ماڈل گرل نامزد ہی نہیں ہیں، عدالت نے درخواست پر فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے۔

    وزارت داخلہ ، ڈائریکٹر امیگریشن اور دیگر سے جواب طلب کرکے کیس کی سماعت 23 جون تک ملتوی کردی۔ یاد رہے کہ ماڈل گرل کیخلاف غیرقانونی کرنسی اسمگلنگ کیس میں کسٹم افسر اعجاز چوہدری گواہ تھے۔

    راولپنڈی کے رہائشی کسٹم افسر کو ڈکیتی میں مزاحمت کے دوران قتل کردیا گیا۔ مقتول کی بیوہ نے ایان علی کو قتل کے مقدمے میں شامل تفتیش کرنے کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا۔

     

  • ایان علی کیس : سندھ ہائی کورٹ کا وفاقی حکومت کو نوٹس

    ایان علی کیس : سندھ ہائی کورٹ کا وفاقی حکومت کو نوٹس

    کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے ایان علی کا نام ایگزیٹ کنڑول لسٹ سے نہ نکالے جانے پر وفاقی حکومت کو توہینِ عدالت نوٹس جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کرنسی اسمنگلنگ کیس میں نامزد سُپرماڈل ایان علی کیس کی سماعت ہوئی، ای سی ایل سے نام نہ نکالے جانے پر وفاقی حکومت اور فریقین کو توہینِ عدالت کا نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت چوبیس اپریل تک ملتوی کردی ہے۔

    ملزمہ کے وکیل نے دورانِ سماعت جج سے استفتار کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت سے گزشتہ سماعت میں عدالت نے جواب طلب کیا تھا، مگر حکومت نے کوئی جواب داخل نہیں کرایا گیا، عدالت فریقین کو سخت نوٹس جاری کرے۔

    سپریم کورٹ کے حکم نامے کے باوجود گزشتہ دنوں ایان علی کو ائیرپورٹ انتظامیہ نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ بیرون ملک سفر کرنے سے روک دیا تھا۔

    قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ نے اس حوالے سے ایف آئی اے سے رپورٹ طلب کی تھی، جس میں ادارے کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا تھا کہ منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات ہونے کے سبب ملزمہ کا نام لسٹ سے خارج کرنا مناسب نہیں ہوگا۔

    واضح رہے گزشتہ سال مارچ میں بیرونِ ملک جاتے ہوئے سپر ماڈل ایان علی کی اسلام آباد ائیرپورٹ پر تلاشی کے دوران پانچ لاکھ ڈالر برآمد کیے گئے تھے، جس کے بعد ملزمہ کو گرفتار کر کے اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا تھا مگر کچھ ماہ بعد انہیں ضمانت پر رہا کردیا گیا تھا۔

    مزید پڑھیں: ماڈل گرل ایان علی کسٹم انسپکٹراعجازچوہدری کے قتل کیس میں نامزد

    دوسری جانب ایان علی کیس کے اہم گواہ انسپیکٹر اعجاز چوہدری کی بیوہ نے راولپنڈی ہائی کورٹ میں ملزمہ کو شوہر کے قتل میں نامزد کرنے کی درخواست جمع کروادی ہے۔

  • عمران خان اور سراج الحق کو الیکشن کمیشن کی جانب سے نوٹس جاری

    عمران خان اور سراج الحق کو الیکشن کمیشن کی جانب سے نوٹس جاری

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن کے عمران خان اور سراج الحق کو نوٹس جاری کردیئے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران اور جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کو اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔

    اظہار وجوہ کے نوٹس میں دونوں رہنماؤں کو کہا گیا ہے کہ سات میں وہ اس نوٹس کا جواب دیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق کراچی میں ریلی نکالنے پر دونوں رہنماؤں کو نوٹس جاری کئے گئے ہیں۔

    اس سے قبل ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار اور پیپلز پارٹی کی رہنما شیریں رحمان کو بھی ریلیاں نکالنے پر نوٹس جاری کئے گئے تھے۔

  • ڈاکٹر عاصم  کیس : حکومت سندھ، ڈی جی رینجرز اور وزرات داخلہ کو نوٹس جاری

    ڈاکٹر عاصم کیس : حکومت سندھ، ڈی جی رینجرز اور وزرات داخلہ کو نوٹس جاری

    کراچی : سندھ ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے ڈاکٹر عاصم کی والدہ کی درخواست پر حکومت سندھ، ڈی جی رینجرز اور وزرات داخلہ کو پندرہ نومبر کے لئے نوٹس جاری کردیئے ہیں۔

    سندھ ہائیکورٹ میں ڈاکٹر عاصم کی والدہ کی درخواست پر جسٹس احمد علی شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سماعت کی۔

    درخواست گزار ڈاکٹر عاصم کی والدہ نے مؤقف اختیار کیاکہ سندھ رینجرز ڈاکٹر عاصم کے مقدمے پر اثر انداز ہونے کی کوشش کررہی ہے، پولیس کو آزادانہ تفتیش کرنے دی جائے اور رینجرز کو نارتھ ناظم آباد تھانے میں داخل ہونے سے روکاجائے۔

    ڈاکٹر عاصم کی والدہ کی درخواست پر عدالت نے حکومت سندھ، ڈی جی رینجرز اور وزرات داخلہ کو پندرہ نومبر کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

    ڈاکٹر عاصم کی والدہ نے گزشتہ روز سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔ جس کو جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو نے سننے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد درخواست جسٹس احمد علی شیخ کی عدالت میں بھیجی گئی تھی۔