Tag: notification cancel

  • لاہور ہائیکورٹ نے ارکان اسمبلی کو انتخابی مہم کی اجازت دیدی

    لاہور ہائیکورٹ نے ارکان اسمبلی کو انتخابی مہم کی اجازت دیدی

    لاہور : عدالت نے الیکشن کمیشن کی جانب سے  ضمنی انتخابات میں منتخب نمائندوں کی شرکت پر پابندی کا فیصلہ معطل کرکے، اراکین اسمبلی کو انتخابی مہم کی اجازت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کا نوٹی فکیشن معطل کرتے ہوئے سیاسی جماعتوں کے منتخب نمائندوں اور ارکان اسمبلی کو انتخابی مہم میں حصہ لینے کی اجازت دیدی ہے۔

    مذکورہ نوٹی فکیشن کیخلاف پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شعیب صدیقی کی جانب سے درخواست دائر کی گئی تھی، کیس کی سماعت جسٹس عائشہ اے ملک کی سربراہی میں لاہور ہائی کورٹ کے بینچ نےکی۔

    درخواست کی سماعت کے دوران الیکشن کمیشن کے وکلاء نے دلائل پیش کیئے لیکن وہ عدالت کو مطمئن نہ کر سکے ۔ پی ٹی آئی کے وکلاء کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کا اقدام بنیادی حقوق کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان قومی اسمبلی کے رکن ہیں اور الیکشن کمیشن کی پابندی کے باعث وہ ان حلقوں میں دورہ نہیں کرسکتے جہاں ضمنی انتخابات ہونے جارہے ہیں۔

    دلائل سنننے کے بعد جسٹس عائشہ اے ملک نے  حلقہ این اے ایک سو بائیس اور ایک سو چون کے ضمنی انتخابات میں ایم این ایز ایم پی ایز کو انتخابی مہم سے روکنے کا نوٹیفیکیشن معطل کر دیا۔

    عدالت کا کہنا تھا کہ حکومت متعلقہ حلقے میں کسی بھی ترقیاتی اسکیم کا اعلان نہیں کر سکتی۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے یہ پابندی سولہ ستمبر کو عائد کی گئی تھی۔

  • اسلام آباد ہائیکورٹ: زکی الرحمان لکھوی کی نظربندی کا نوٹیفکیشن منسوخ

    اسلام آباد ہائیکورٹ: زکی الرحمان لکھوی کی نظربندی کا نوٹیفکیشن منسوخ

    اسلام آباد: ہائیکورٹ نے ممبئی حملہ کیس کے مرکزی ملزم زکی الرحمان لکھوی کی نظر بندی کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا ہے۔

    جسٹس نور الحق قریشی نے زکی الرحمان لکھوی کی درخواست پر فیصلہ سنایا، زکی الرحمان کی جانب سے ایڈوکیٹ رضوان عباسی پیش ہوئے، جج نورالحق قریشی نے اپنے حکم نامے میں لکھا ہے کہ وفاقی حکومت جواب داخل کروانے کی بجائے مزید مہلت مانگتی رہی، لیکن وجوہات کا ذکر نہیں کیا کہ انھیں کس سلسلے میں مہلت درکار ہے۔

    حکومت کی طرف سے جہانگیر جدون نے عدالت میں حاضر ہو کر موقف پیش کیا کہ دیگر اہم ملکی امور میں مصروف ہونے کی وجہ سے حکومت جواب داخل نہیں کروا سکی، اس لیے اسے مزید مہلت کی ضرورت ہے

    عدالتی کارروائی کےدوران زکی الرحمن لکھوی کے وکیل نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ انسدادِ دہشتگردی کی عدالت میں درخواست ضمانت کی منظوری کے بعد دوبارہ اسی الزام میں گرفتار کرنا قانون کی خلاف ورزی ہے ۔

    عدالت نے اپنے حکم نامے میں مزید کہا ہے کہ ملزم اب فوری طور پر عدالت میں دس لاکھ کا ضمانتی مچلکہ متعلقہ عدالت میں جمع کروائے، اور اس بات کو یقینی بنائے کہ وہ ممبئی سازش کیس کی ہر سماعت میں پیش ہوگا۔

    قانونی ماہرین کے مطابق ضمانتی مچلکہ جمع ہونے کے بعد ذکی الرحمٰن لکھوی کی رہائی میں کوئی قانونی رکاوٹ باقی نہیں رہ جائے گی۔

    اس سے قبل مرکزی ملزم زکی الرحمان لکھوی کو ضمانت پر رہا کردیا تھا ، بھارت نے زکی الرحمان لکھوی کی رہائی کی سخت الفاظ میں مذمت کی تھی اور دوبارہ گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا تھا ، جس کے بعد ملزم زکی الرحمان لکھوی کو دوبارہ نظر بند کردیا گیا تھا۔