Tag: notification

  • کراچی سمیت اندرون سندھ بھی ڈبل سواری پر پابندی عائد، نوٹی فکیشن جاری

    کراچی سمیت اندرون سندھ بھی ڈبل سواری پر پابندی عائد، نوٹی فکیشن جاری

    کراچی : حکومت سندھ نے ماہ ربیع الاول میں حفاظتی اقدامات کے تحت کراچی میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی ہے جس کا اطلاق چار اضلاع میں ہوگا۔

    محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق ماہ ربیع الاول کے موقع پر کراچی کے چار اضلاع میں ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

    حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ضلع وسطی میں 11 اور 12 ربیع الاول، ضلع غربی میں صرف12 ربیع الاول ضلع شرقی میں 8،11 اور 12 ربیع الاول جبکہ ساؤتھ زون میں 8 اور 12 ربیع الاول کو ڈبل سواری پر پابندی ہوگی۔

    جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع حیدرآباد میں 8 اور 12 ربیع الاول، ضلع سکھر میں 11 اور 12 ربیع الاول، ضلع خیرپور میں 8 سے 12 ربیع الاول تک ڈبل سواری بند ہوگی۔

    اس کے علاوہ ضلع گھوٹکی میں 12 ربیع الاول، لاڑکانہ، رتو ڈیرو، نوڈیور، بکرانی، ڈوکری اور بدیھ شہروں میں 12ربیع الاول تک ڈبل سواری بند ہوگی۔

    محکمہ داخلہ سندھ کے حکام نامے کے مطابق شہر قمبر، شہداد کوٹ، جیکب آباد، تھل، گڑھی خیرو، کندھ کوٹ نوابشاہ اور ضلع سانگھڑ میں بھی 12ربیع الاول کو موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد ہوگی۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق ڈبل سواری پر پابندی کا اطلاق چھوٹے بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں پرنہیں ہوگا جبکہ صحافی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بھی اس پابندی سے مستشنیٰ ہوں گے۔

  • جائیدادوں کی نئی قیمتیں کیا ہوں گی؟ ایف بی آر نے بتا دیا

    جائیدادوں کی نئی قیمتیں کیا ہوں گی؟ ایف بی آر نے بتا دیا

    اسلام آباد : فیڈرل بورڈ آف ریوینیو نے ملک بھر کے شہروں میں جائیدادوں کی نئی قیمتوں کا تعین کرلیا، کراچی اور سرگودھا کے حوالے سے فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف بی آر نے جائیداد کی نئی قیمتیں مقرر کردی ہیں، ملک بھر کے 38بڑے شہروں کیلئے جائیداد کی قیمتوں کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔

    جائیدادوں کی قیمتوں میں اوسطاً10سے15فیصد کا اضافہ کردیا گیا جبکہ کچھ شہروں میں جائیداد کی قیمت میں100فیصد تک کا اضافہ بھی کیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر نے پراپرٹی کی ویلیوایشن میں19نئے شہر شامل کیے ہیں، ادارے نے شہروں کی تعداد21سے بڑھا کر40کردی ہے۔

    نوٹی فکیشن کے مطابق کراچی اور سرگودھا کےسوا38 بڑے شہروں کی پراپرٹی کی قیمتوں کا تعین کرلیا گیا ہے، ان دونوں شہروں کی پراپرٹی کی ویلیویشن بعد میں جاری کی جائے گی۔

    اس کے علاوہ پراپرٹی کی نئی ویلیویشن میں پنجاب کے13 اور سندھ کے3نئےشہر شامل کیے گئے ہیں جبکہ خیبرپختونخواہ کے2 اور بلوچستان کا1نیا شہر شامل کیا گیا ہے، جائیداد کی قیمتیں مارکیٹ ویلیو کی تقریباً95فیصد تک پہنچ گئیں۔

  • سندھ میں تجارتی سرگرمیوں اور ریستورانوں کے حوالے سے نیا حکم نامہ جاری

    سندھ میں تجارتی سرگرمیوں اور ریستورانوں کے حوالے سے نیا حکم نامہ جاری

    کراچی: صوبہ سندھ میں کرونا وائرس کے ایس او پیز کے حوالے سے نیا حکم نامہ جاری کردیا گیا، مشروط صورتوں میں ان ڈور اور آؤٹ ڈور ڈائنگ کی اجازت دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے کرونا وائرس ایس او پیز سے متعلق نیا حکم نامہ جاری کردیا، کراچی اور حیدر آباد میں تجارتی سرگرمیاں رات 8 بجے تک جاری رکھی جا سکتی ہیں۔

    محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ صوبے کے دیگر اضلاع میں مارکیٹ اور کاروبار رات 10 بجے تک کھلا رہے گا، بنیادی اشیائے ضروریہ، ادویات اور ویکسی نیشن سینٹرز 24 گھنٹے کھلے رہیں گے۔

    صوبے بھر کے سی این جی اسٹیشنز ہفتے کے ساتوں روز 24 گھنٹے کھلے رہیں گے۔ کراچی میں جمعہ اور اتوار کو کاروبار مکمل بند رہے گا جبکہ حیدر آباد میں کاروبار جمعہ اور ہفتے کے روز بند رہے گا۔

    محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ صوبے کے دیگر اضلاع میں صرف جمعہ کے روز چھٹی ہوگی۔ کراچی اور حیدر آباد کے ریسٹورنٹس میں انڈور ڈائننگ پر پابندی رہے گی تاہم آؤٹ ڈور ڈائننگ رات 10 بجے تک کرنے کی اجازت ہوگی۔

    ویکسی نیٹڈ افراد کے لیے 50 فیصد پر انڈور اور آؤٹ ڈور ڈائننگ رات 12 بجے تک ہوگی۔ صارفین کو ریسٹورنٹ میں جانے کے لیے ویکسی نیشن کارڈ ساتھ رکھنا ہوگا، قانون نافذ کرنے والے ادارے کسی بھی وقت کارڈ چیک کر سکتے ہیں۔

    کراچی اور حیدر آباد میں انڈور شادیوں پر مکمل پابندی برقرار رہے گی، کھلی فضا میں رات 10 بجے تک 300 افراد کے لیے تقریب کا اہتمام کیا جا سکتا ہے۔ دیگر اضلاع میں 200 افراد کے لیے انڈور اور کھلی فضا میں 400 افراد کی تقریب منعقد کی جا سکتی ہے۔

    محکمہ داخلہ کے مطابق کراچی اور حیدر آباد میں مزارات تاحکم ثانی بند رہیں گے تاہم دیگر اضلاع میں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ اوقاف کو اس حوالے سے فیصلہ کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔

    صوبے بھر میں سینما گھر مکمل طور پر بند رہیں گے، مذہبی، ثقافتی، موسیقی اور کھیلوں سے متعلق سرگرمیوں پر بھی مکمل پابندی عائد کردی گئی، انڈور جمنازیم میں صرف ویکسی نیٹڈ افراد کو جانے کی اجازت ہوگی۔

    پبلک ٹرانسپورٹ بھی صرف 50 فیصد استعداد کے مطابق چلے گی، پبلک ٹرانسپورٹ کے عملے کی ویکسی نیشن کروانا لازمی ہوگی۔ پبلک ٹرانسپورٹ میں کھانے پینے کی اشیا فروخت کرنے پر بھی پابندی ہوگی۔

    محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ ٹرینوں میں 70 فیصد مسافروں کو سفر کی اجازت ہوگی۔ کراچی اور حیدر آباد میں امیوزمنٹ پارک، واٹر پارک اور سوئمنگ پولز بند ہوں گے، دیگر اضلاع میں امیوزمنٹ پارک، واٹر پارک اور سوئمنگ پول کھولنے کی اجازت ہوگی۔

    کراچی اور حیدر آباد میں صرف پبلک پارک کھولے جائیں گے۔ محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ مخصوص علاقوں میں لاک ڈاؤن لگانے کی مجاز ہے۔ عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازمی ہے۔ ویکسی نیٹڈ افراد ایس او پیز کے ساتھ سیاحت کرسکتے ہیں۔

  • بارڈر پولیس کو پنجاب پولیس میں ضم کرنے کا فیصلہ

    بارڈر پولیس کو پنجاب پولیس میں ضم کرنے کا فیصلہ

    لاہور: حکومت پنجاب نے بارڈر پولیس کو پنجاب پولیس میں ضم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، فیصلے سے پنجاب بی ایم پی ایکٹ کی عمل داری ختم ہوجائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق بارڈر پولیس کو پنجاب پولیس میں ضم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، فیصلہ ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے قبائل میں لا اینڈ آرڈر صورتحال کنٹرول کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی جی خان اور راجن پور کے ڈی پی اوز قبائلی علاقوں میں کمانڈ کے ذمہ دار ہوں گے، فیصلے سے پنجاب بی ایم پی ایکٹ کی عمل داری ختم ہوجائے گی۔

    ذرائع کے مطابق سنہ 1904 میں راجن پور اور ڈی جی خان کے قبائلی علاقوں کے لیے ایکٹ لایا گیا تھا، فیصلے سے بی ایم پی کے زیر انتظام تھانے اور چیک پوسٹ باضابطہ پنجاب پولیس کا حصہ بن جائیں گی۔

    پنجاب پولیس ایکٹ کے نفاذ کا نوٹیفکیشن چند روز میں جاری کردیا جائے گا۔

  • اسمگل شدہ پٹرولیم مصنوعات کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز

    اسمگل شدہ پٹرولیم مصنوعات کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز

    کراچی : اسمگل شدہ پیٹرولیم مصنوعات کی روک تھام کیلئے حکومت نے پیٹرول پمپس مالکان کیخلاف سخت کارروائی کی تیاری کرلی، ایف بی آر کو کریک ڈاؤن کا حکم جاری کردیا۔

    پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ کے حوالے سے وزیر اعظم کی ہدایت پر کریک ڈاؤن کیلئے نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد ایف بی آر کے تحت اسمگل شدہ پٹرولیم مصنوعات کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا گیا۔

    سالانہ2ارب ڈالرز کی اسمگل شدہ پٹرولیم مصنوعات فروخت کی جاتی ہیں، اسمگلنگ سے قومی خزانے کو سالانہ200ارب روپے کا نقصان پہنچ رہا ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق اسمگل شدہ پیٹرولیم مصنوعات فروخت کرنے والے پمپس کےخلاف آپریشن کیا جائے گا، آپریشن میں رینجرز، کسٹمز، ایف سی اور ضلعی انتظامیہ حصہ لیں گی۔

    حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ پمپ انتظامیہ تمام متعلقہ قانونی دستاویزات پیش کرنے کی پابند ہوں گی، قانونی دستاویزات پیش نہ کرنے پرپمپس مالکان کیخلاف قانونی کارروائی کے علاوہ پیٹرول پمپس کو سیل بھی کیا جائے گا۔

    اس کے علاوہ اسمگل شدہ پیٹرولیم مصنوعات کی معلومات دینے والے کا ڈیٹا صیغہ راز میں رکھا جائے گا، اسمگل پٹرولیم مصنوعات فروخت کرنے پر کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ہوگا۔

    غیرقانونی کام میں ملوث پیٹرول پمپ مالکان کو5سے10سال قید کی سزاہوگی، اسمگل شدہ مصنوعات پٹرول پمپ، ٹینکر اور اسمگلرز کی جائیداد بھی ضبط کی جاسکتی ہے۔

  • سول ایوی ایشن اتھارٹی کو دو حصوں میں تقسیم  کرنے کا فیصلہ، نوٹیفکیشن جاری

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کو دو حصوں میں تقسیم کرنے کا فیصلہ، نوٹیفکیشن جاری

    کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی کو دو حصوں میں تقسیم کرنے کیلئے کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے، اس حوالے سے ڈائریکٹر ایچ آر نے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ائیرپورٹ سروسز کو بین الاقوامی میعار کے مطابق بہتر بنانے اور ریگولیٹری کی مجموعی استعداد کو بڑھانے کا عزم کرتے ہوئے سی اے اے کو تقسیم کیا جارہا ہے۔

    فیصلے کے مطابق سی اے اے کی ریگولیٹری اور آپریشنل کے معاملات کو الگ الگ کیا جائے گا، وفاقی حکومت سول ایوی ایشن اتھارٹی کو دو حصوں میں تقسیم کرنے کی منظوری پہلے ہی دے چکی ہے، سی اے اے ملازمین کو دوسر ے محکمے میں تبادلے کی پیشکش کی گئی ہے۔

    ڈائریکٹر ہیومن ریسورس ملک مظہر حسین نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملازمین کو اپنی مرضی سے کسی بھی شعبہ میں خدمات دینے کی پیشکش کی گئی ہے۔

    ملازمین اپنے تجربہ اور صلاحیت کی بنیاد پر تبادلہ کی درخواست جمع کروا سکتے ہیں، سی اے اے ملازمین15 جنوری 2021تک اپنے تبادلے کے لئے درخواست دے سکتے ہیں۔

    ڈائریکٹر ہیومن ریسورس کے حکم نامے کے مطابق ملازمین کے تبادلے کا حتمی اختیار سول ایوی ایشن اتھارٹی کے پاس ہی ہوگا، ایسے ملازمین خود کسی آپشن کا استعمال نہیں کرتے انہیں ایوی ایشن ڈویژن کے دیگر محکموں میں ازخود ٹرانسفر کردیا جائے گا۔

    اس کے علاوہ سی اے اے کے وہ ملازمین جو دیگر محکموں سے آئے ہیں انہیں بھی واپس اپنے محکموں میں جانے کی اجازت ہوگی، سی اے اے کی جانب سے ملازمین کو ٹرانسفر کیلئے رضامندی ظاہر کرنے کیلئے پر فارمہ بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    ڈائریکٹر ہیومن ریسورس کا نوٹیفکیشن میں کہنا ہے کہ سی اے اے ملازمین آئندہ ماہ15جنوری تک اپنی رضامندی کے فارم جمع کروانے کے پابند ہوں گے۔

  • پنجاب کے 4 شہروں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ

    پنجاب کے 4 شہروں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ

    لاہور: حکومت پنجاب نے کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے صوبے کے مختلف شہروں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا، مذکورہ علاقوں میں بنیادی اشیائے ضروریہ میسر رہیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے حکومت پنجاب نے4 شہروں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا ہے، اس حوالے سے سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نےنوٹیفکیشن جاری کردیا۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق سیالکوٹ، واہ کینٹ، گجرات اور گوجرنوالہ کے مختلف علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے، جن علاقوں میں لاک ڈاؤن کا نفاذ ہوگا ان میں سیالکوٹ میں کلاں لدھڑ، غازی پور، واہ کینٹ میں وارڈ3اور8اور یو سی سرائے کالا شامل ہیں۔

    اس کے علاوہ گجرات میں محلہ کالو پورہ،چاہ ترنگ، گاؤں مدینہ سیداں اور گوجرانوالہ میں نندی پور،اروپ ٹاون، قلعہ دیدار سنگھ میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق اسمارٹ لاک ڈاؤن والے علاقوں میں عوام کو بنیادی اشیائے ضروریہ میسر ہوں گی، حکومت پنجاب کے سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کے مطابق اسمارٹ لاک ڈاؤن کا بنیادی مقصد کورونا کے زیادہ کیسز والے علاقوں سے لوگوں کی آمد و رفت کو محدود کرنا ہے۔

  • اسلام آباد ہائی کورٹ میں غیر متعلقہ افراد کے آنے پر مکمل پابندی عائد

    اسلام آباد ہائی کورٹ میں غیر متعلقہ افراد کے آنے پر مکمل پابندی عائد

    اسلام آباد : کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر اسلام آباد ہائی کورٹ انتظامیہ نے غیر متعلقہ افراد کے آنے پر مکمل پابندی عائد کردی ہے، وکلا اور فریقین صرف عدالتی حکم پر پیش ہوسکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ انتظامیہ نے کرونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر عدالت میں غیر متعلقہ افراد کے آنے پر مکمل پابندی عائد کردی ہے.

    اس حوالے سے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے متن میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ افراد کو آگاہ کیا جاتا ہے کہ ہائیکورٹ میں بغیر کسی وجہ داخل نہ ہوں، غیرمتعلقہ افراد، وکیل ہائی کورٹ آنے سے گریز کریں.

    نوٹیفکیشن  کے مطابق جج، عملہ اور جس وکیل کا کیس سماعت کے لئے مقررہو صرف وہ آسکتے ہیں، وکلا اور فریقین صرف عدالتی حکم پر پیش ہوں۔

     نوٹیفکیشن  میں مزید کہا گیا ہے کہ وبائی مرض سے بچانے کے لئے مجاز اتھارٹی نے تلقین کی ہے، وہ افراد جنہیں ہائی کورٹ نے طلب کیا ہو وہ آسکتے ہیں، جن کی حاضری قانون کے مطابق ہو لازمی ہو آسکتے ہیں، مقدمے سے متعلق معلومات عدالتی ویب سائٹ سے حاصل کرسکتے ہیں۔

  • وزیر اعظم کی ہدایت پر دواؤں کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری

    وزیر اعظم کی ہدایت پر دواؤں کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر دواؤں کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا، ابتدائی طور پر 89 ادویات کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی ہدایت پر دواؤں کی قیمتوں میں کمی پر عملدر آمد شروع کردیا گیا۔ وفاقی حکومت نے ادویات کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

    ابتدائی طور پر 89 ادویات کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے، قیمتوں میں کمی ڈرگ ریگولیٹری ایکٹ کے تحت عمل میں لائی گئی ہے۔

    وزیر اعظم نے متعلقہ حکام کو قیمتوں میں کمی پر فوری عملدر آمد کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ مقررہ قیمت سے زائد رقم وصولی کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

    خیال رہے کہ وفاقی کابینہ نے دواؤں کی قیمتوں میں 15 فیصد کمی کی منظوری دی تھی۔ معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا تھا کہ کابینہ نے 89 دواؤں کی قیمتوں کو کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جن میں بہت سی جان بچانے والی دوائیں بھی شامل ہیں۔

    ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ فیصلہ 2018 کی میڈیسن پرائسنگ پالیسی کے تحت کیا گیا۔ ضروری دواؤں کی قیمتوں میں 3 سال تک 10 فیصد سالانہ کمی کرنا ہوتی ہے۔ دواؤں کی قیمتوں میں کمی کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

    انہوں نے کہا تھا کہ جلد نظر ثانی کر کے نئی پالیسی لائی جائے گی۔

  • ماہ ستمبر کیلئے درآمدی ایل این جی کی قیمت میں کمی، اوگرا نے نوٹیفکیشن جاری کردیا

    ماہ ستمبر کیلئے درآمدی ایل این جی کی قیمت میں کمی، اوگرا نے نوٹیفکیشن جاری کردیا

    اسلام آباد : آئل اینڈ کیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ستمبر کیلئے درآمدی ایل این جی کی قیمت میں کمی کردی، گیس کی قیمت میں0.94ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کمی کی گئی، نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق آئل اینڈ کیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ماہ سمتبر کیلئے درآمدی ایل این جی کی قیمت میں کمی کر دی ہے۔

    اوگرا کی جانب سے گیس کمپنیوں کے لیے قیمت میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سوئی ناردرن کے سسٹم کیلئے گیس کی قیمت میں0.94ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کمی کی گئی ہے۔

    سوئی ناردرن کے سسٹم کیلئے ایل این جی کی قیمت10.07ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی ہے۔سوئی سدرن کیلئے ایل این جی کی قیمت میں0.97ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کمی کی گئی ہے، سوئی سدرن کے سسٹم کیلئے ایل این جی کی قیمت 10.04 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل فروری میں سوئی سدرن کے لیے ایل این جی کی قیمت 10.90 ڈالر مقرر تھی، سوئی سدرن کے لیے درآمدی ایل این جی کی قیمت میں 0.65 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کمی کی گئی تھی۔