Tag: notification

  • مصطفی کمال کو کیوں برطرف کیا گیا؟

    مصطفی کمال کو کیوں برطرف کیا گیا؟

    کراچی : پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال کی برطرفی کی وجوہات سامنے آگئیں ، نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ مصطفی کمال نے اختیارات اور حدود سے تجاوز کیا ، رات 2بجے افسران کو بریفنگ کے لیےبلوانا پروجیکٹ ڈائریکٹر کااستحقاق نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق میئر کراچی وسیم اختر کی جانب سے پی ایس پی سربراہ مصطفیٰ کمال کو برطرف کئے جانے کا نوٹی فکیشن سامنے آگیا ، نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ مصطفی کمال نے اختیارات اور حدود سے تجاوز کیا، ان کی خدمات ختم کرکے اعزازی عہدے سے برطرف کیاجاتاہے۔

    ،نوٹی فکیشن کے مطابق مصطفی کمال نے میری نیک نیتی پر سیاست کرنے کی کوشش کی، پروجیکٹ ڈائریکٹر میونسپل کمشنر کے ماتحت کام کرتا ہے، رات 2بجے افسران کو بریفنگ کے لیے بلوانا پروجیکٹ ڈائریکٹر کا استحقاق نہیں۔

    مزید پڑھیں : میئر کراچی وسیم اختر نے مصطفی کمال کو معطل کردیا

    یاد رہے گزشتہ روز میئر کراچی وسیم اختر نے مصطفیٰ کمال کو شہر کی صفائی کرنے کا ٹاسک دیتے ہوئے پروجیکٹ ڈائریکٹر گاربیج تعینات کیا تھا اور تمام دستیاب وسائل فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا مصطفیٰ کمال 90 دن میں کراچی کا کچرا اٹھا کر دکھائیں۔

    بعد ازاں مصطفیٰ کمال نے اصغر علی شاہ اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میئرصاحب کی آٖفر قبول کرلی، خلوص سے مسئلہ حل کروں گا، میں ٹھنڈے کمرے میں بیٹھ کر فیصلے کرنے والا آدمی نہیں ہوں، مسائل روڈ پر ہیں، ٹھنڈے کمرے میں بیٹھ کر کیا کام ہوگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ میئرکراچی میرا باس ہے، میں میئر کے نیچے کے لوگوں کا باس ہوں، فنڈنگ یاچندہ نہیں مانگ رہا، دستیاب وسائل میرے اختیار میں آنے چاہئیں۔

    واضح رہے کہ پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے چیلنج کیا تھا کہ مجھے موقع دیں 90 دن میں کراچی کا کچرا صاف کردوں گا۔

  • اثاثوں کی تفصیلات جمع  نہ کرانے والے 332 اراکین پارلیمنٹ کی رکنیت معطل

    اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے والے 332 اراکین پارلیمنٹ کی رکنیت معطل

    اسلام آباد:  الیکشن کمیشن میں اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے والے 332 اراکین پارلیمنٹ کی رکنیت معطل کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق 332 اراکین پارلیمنٹ کی رکنیت معطل کر دی گئی، الیکشن کمیشن نے رکنیت معطلی کی سمری چیف الیکشن کمشنر کو بھجوائی تھی.

    اس سلسلے میں‌چیئرمین سینیٹ، اسپیکرقومی اسمبلی، صوبائی اسمبلیوں کے اسپیکرز کو بھی خط ارسال کیے گئے تھے، گوشوارے جمع نہ کرانے والے اراکین کو کام سے روکنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے.

    جن 332 اراکین پارلیمنٹ کی رکنیت معطل کی گئی، ان میں‌ وزیراطلاعات فوادچوہدری، ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری جیسے اہم نام بھی شامل ہیں.

    اس فیصلے کے بعد وزیر مملکت داخلہ شہریارآفریدی، وزیرامور کشمیرعلی امین، احسن اقبال، علی اعوان، غلام بی بی بھروانہ کی رکنیت بھی معطل ہوگئی ہے.

    اختر مینگل، وزیرصحت عامرمحمود کیانی، حسین الٰہی ،ایم پی اے بلال یاسین، مجتبیٰ شجاع رحمان کی رکنیت بھی معطل ہوئی ہے.

    فیصلے کی زد میں 20 سینیٹرز،  72 ایم این ایز  آئے ہیں، پنجاب کےایک سو  پندرہ، سندھ کے باون، خیبرپختو نخوا کے چوون اور بلوچستان کےانیس ایم پی ایز  بھی فہرست میں  شامل ہیں۔

    آئینی ماہرین کے مطابق رکنیت کی معطلی سے پیدا ہونے والے ڈیڈک لاک کو فی الفور نمٹانا ہوگا، ورنہ امور ریاست کی انجام دہی میں مسائل جنم لیے سکتے ہیں.

  • سول ایوی ایشن : پی آئی اے کے معطل ہونے والے15کپتانوں کے لائسنس بحال

    سول ایوی ایشن : پی آئی اے کے معطل ہونے والے15کپتانوں کے لائسنس بحال

    کراچی : پی آئی اے کی غلطی سے معطل ہونے والے15کپتانوں کو بحال کرکے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے لائسنس بھی بحال کردیے ہیں اور  ان کو جہاز اڑانے کی اجازت بھی دے دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پی آئی اے انتظامیہ کی غلطی کے باعث کپتانوں کے لائسنس کے معطلی کے چند روز بعد ہی15کپتانوں کے لائسنس دوبارہ بحال کردیے، معطل ہونے والے کپتانوں کو تعلیمی اسناد جمع نہ کرانے پر سی اے اے نے معطل کردیا تھا ۔

    مذکورہ کاک پٹ کرو کو تعلیمی اسناد سول ایوی ایشن اتھارٹی کو فراہمی میں پی آئی اے سست روی کی مرتکب ہوئی تھی، بحالی کے نوٹی فکیشن کی کاپی اے آروائی نیوز کو موصول ہوگئی۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے کپتانوں کے لائسنس دوبارہ بحال کرنے کا باقاعدہ نوٹی فکیشن بھی جاری کردیاگیا ہے۔ نئے احکامات کے تحت لائسنس کی بحالی کے بعد کپتانوں کو جہاز اڑانے کی اجازت بھی دے دی گئی ہے۔

    لائسنس بحال ہونے والے کپتانوں میں عقیل اختر، جہانگیر فرحت، بختاور ایچ جعفری، قاسم قادر، حماد اعجاز درانی، اشفاق حسین، حمادالدین خان، سعد اعجاز درانی، علی حسن، روحیل فخر بٹ، راجہ جہانزیب زاہد، شہریار محمود خان، فرحان فرخ، انور زیدی اور مراد علی ارباب شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر پی آئی اے میں تعلیمی اسناد کی جانچ پڑتال کا عمل تواتر سے جاری ہے جبکہ ذرائع کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کے (اے این او ) قوانین میں تعلیمی اسناد طلب کرنے کا کہیں ذکر نہیں ہے، یاد رہے کہ پی آئی اے جعلی ڈگریوں کے حامل چھ کپتانوں کو ملازمت سے فارغ کرچکی ہے۔

  • ریل کے کرایوں میں اضافے کا نوٹی فیکیشن جاری

    ریل کے کرایوں میں اضافے کا نوٹی فیکیشن جاری

    اسلام آباد : پاکستان ریلوے نے مسافر بردار ٹرینوں کے کرایوں میں 7 دسمبر سے 10 سے 19 فیصد اضافے کا نوٹیفیکشن جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلوے نے کراچی سے پشاور، سکھر، لاہور و راولپنڈی سمیت کئی شہروں کی مسافر بردار ٹرینوں کے کرائے میں اضافہ کردیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ریلوے حکام نے مسافر بردار ٹرینوں کے کرایوں میں اضافے کا نوٹی فیکیشن بھی جاری کردیا ہے۔

    نوٹیفیکشن کے مطابق کراچی سے لاہور جانے والی گرین لائن ، قراقرم کے اے سی بزنس کاکرایے میں 500، اکنامی کلاس کے کرایوں میں 170 روپے جبکہ کراچی ایکسپریس، بزنس ایکسپریس، شالیمار اور شاہ حسین ایکسپریس کے اےسی سلیپر 670 روپے اضافہ کیا گیا ہے۔

    وزارت ریلوے نے کراچی ایکسپریس، بزنس ایکسپریس، شالیمار اور شاہ حسین ایکسپریس کے اے سی بزنس میں 540 اے سی پارلر میں 390 اے سی اسٹینڈر 380 روپے جبکہ اکنامی کلاس کے کرائے میں 180 اضافے کا نوٹیفیکشن جاری کیا ہے۔

    ریلوے حکام کی جانب سےکراچی سے پشاورجانے والی خیبر میل ایکپسریس کےاےسی سلیپرکرایےمیں850 روپے،اےسی بزنس600 روپے اور اے سی اسٹینڈر490 ، اکنامی کلاس کےکرایے میں 190روپےبڑھائے گئے ہیں۔

    ریلوے حکام نے کراچی تا راولپنڈی سفر کرنے والی مسافر بردار ٹرین تیز گام کے اے سی سلیپرمیں890روپے، اکنامی کے لئے 210روپےجبکہ اےسی بزنس میں660، اےسی اسٹینڈرڈمیں 530اضافہ کیا گیا ہے۔

    ملت ایکسپریس فیصل آبادتک اےسی بزنس540،اکنامی کے لئے160روپے، بہاؤالدین ذکریاملتان کے لئےاےسی بزنس 480، اےسی اسٹینڈرڈکےلئے360روپے اور اکنامی کلاس کےکرائے میں 140روپے اضافے کا نوٹی فیکیشن جاری ہوا ہے۔

    وزارت ریلوے کی جانب سے جاری نوٹی فیکیشن کے مطابق پاکستان ایکسپریس کاراولپنڈی تک اکنامی کلاس میں250روپےجبکہ کراچی تاسکھراےسی سلیپرکیلئے350،اےسی بزنس کیلئے230روپے اضافہ کردیاگیا۔

    مسافروں کو کراچی سے سکھرلے جانے والی ٹرین کے اےسی اسٹینڈرڈکےلئے180، اکنامی کلاس کاکرایہ 80روپےبڑھادیاگیا۔

    وزارت ریلوے کی جانب سے 7 دسمبرسےمسافروں کی سہولت کے لیےٹکٹ بکنگ سینٹرز 24 گھنٹے کھلے رکھنے کا نوٹیفیکشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

  • کراچی: سانحہ 12 مئی کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی تشکیل، نوٹیفکیشن جاری

    کراچی: سانحہ 12 مئی کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی تشکیل، نوٹیفکیشن جاری

    کراچی: سندھ حکومت نے سانحہ 12مئی کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دے دی اور نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تشکیل دی گئی جے آئی ٹی کے سربراہ ایڈیشنل آئی جی کراچی ہوں گے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق جے آئی ٹی 2 ہفتوں میں اپنی رپورٹ ہائی کورٹ میں پیش کرے گی۔جے آئی ٹی عدالت عالیہ کے احکامات کی روشنی میں تشکیل دی گئی۔

    سانحہ 12 مئی: متحدہ قیادت نے قتل وغارت کا حکم دیا، رکن اسمبلی کا اعتراف

    یاد رہے 12 مئی 2007 کو معزول چیف آف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی کراچی آمد کے موقع پر کراچی میں مختلف مقامات پر فائرنگ کے واقعات میں درجنوں افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔

    گذشتہ سال اکتوبر میں ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی کامران فاروقی نے سانحہ 12 مئی سمیت دیگر قتل کی وارداتوں کا اعتراف کرتے ہوئے عدالت میں بیان حلفی جمع کروایا تھا۔

    بیان حفلی میں اس نے کہا تھا کہ قیادت نے حکم دیا کہ افتخار چوہدری کا راستہ روکنے کے لیے قتل و غارت گری یا ہنگامہ آرائی کر کے ہر صورت شہر بند کیا جائے۔

  • این اے 131 سے عمران خان کی کامیابی کا نوٹی فیکیشن جاری

    این اے 131 سے عمران خان کی کامیابی کا نوٹی فیکیشن جاری

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن آف پاکستان نے این اے 131 سے پاکستانی تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی کامیابی کا نوٹی فیکیشن جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں این اے 131 لاہور سے پاکستانی تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی کامیابی کا نوٹی فیکیشن جاری کردیا ہے۔

    پاکستان مسلم لیگ کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے عمران خان سے شکست کے بعد ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے لیے ریٹرننگ افسر محمد اختر بھنگو کو درخواست جمع کروائی تھی۔

    درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ پریزائڈنگ افسر نے سینکڑوں ووٹ مسترد کیے، اس لیے ووٹوں کی گنتی دوبارہ کی جائے اور مسترد کیے گئے ووٹوں اور گنتی کا عمل مکمل ہونے تک رزلٹ جاری نہ کیا جائے۔


    عمران خان کے حلقے میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم معطل


    تاہم مسترد شدہ ووٹوں کی گنتی کے بعد بھی عمران خان فاتح قرار پائے، مگر سعد رفیق نے ہار ماننے سے انکار کر دیا اور ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے لیے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹا دیا۔

    یاد رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے حلقہ این اے 131 لاہور میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم معطل کردیا

  • نااہلی کے بعد الیکشن کمیشن نے خواجہ آصف کی اسمبلی رکنیت ختم کردی، نوٹیفکیشن جاری

    نااہلی کے بعد الیکشن کمیشن نے خواجہ آصف کی اسمبلی رکنیت ختم کردی، نوٹیفکیشن جاری

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے نااہلی کے فیصلے کے بعد سابق وزیر خارجہ اور مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کی قومی اسمبلی رکنیت ختم کرنے کا  نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دار الحکومت اسلام آباد کے ہائی کورٹ نے ملک کے وزیرِ خارجہ اور مسلم لیگ نواز کے سینئیر رہنما خواجہ آصف کو اقامہ رکھنے کے معاملے پر آئین کی شق 62 ون ایف کے تحت نااہل قرار دے دیا ہے، جس کے بعد اب الیکشن کمیشن نے ان کی قومی اسمبلی کی رکنیت کے خاتمے کے لیے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

    خیال رہے کہ آج اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیر خارجہ خواجہ آصف کی نااہلی کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے انہیں نااہل قرار دیا ہے، کیس کی سماعت کرنے والے لارجر بینچ میں جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن کیانی شامل تھے۔ بینچ کے سربراہ جسٹس اطہر من اللہ نے فیصلہ پڑھ کر سنایا۔

    عدالت نے خواجہ آصف کو نااہل قرار دے دیا

    اس سے قبل سپریم کورٹ آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت ہونے والی نااہلی کو تاحیات قرار دے چکی ہے۔ خواجہ آصف کی نااہلی کا فیصلہ آنے کے بعد اب وہ وزیر خارجہ نہیں رہے اور آئندہ انتخابات میں بھی حصہ نہیں لے سکتے۔

    خواجہ آصف نااہلی، اسلام آباد ہائیکورٹ لارجر بینچ نے تحریری فیصلہ جاری کردیا

    واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے لارجر بینچ نے خواجہ آصف کی نااہلی سے متعلق تحریری فیصلہ بھی جاری کر دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ خواجہ آصف نے ملازمت کے معاہدے کا اعتراف کیا ہے، وہ این اے 110 سے الیکشن لڑنے کے اہل نہیں تھے، خواجہ آصف نے غیر ملکی کمپنی سے مختلف اوقات میں 3 کنٹریکٹ کیے تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • باغ ابن قاسم بحریہ ٹاؤن کے حوالے کرنے کا نوٹیفکیشن معطل

    باغ ابن قاسم بحریہ ٹاؤن کے حوالے کرنے کا نوٹیفکیشن معطل

    کراچی: سندھ ہائی کورٹ نےآئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کے بعد سندھ حکومت کی جانب سے باغ ابنِ قاسم بحریہ ٹاؤن کو دیے جانے کا نوٹی فیکیشن بھی معطل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ نے ایک دن میں سندھ حکومت کے 2 نوٹی فکیشن معطل کردیئے، قائم مقام آئی جی سندھ  کی تعیناتی کے نوٹیفیکشن کے بعد بعد باغ ابن قاسم حوالے کرنے سےمتعلق سندھ حکومت کا نوٹیفکیشن میئر کراچی وسیم اختر کی درخواست پر آج ہی معطل کردیا گیا ہے.

    واضح رہے کہ وسیم اختر نے باغ ابن قاسم بحریہ ٹاؤن کو دینے کا معاہدہ کالعدم قراردینے کے لئے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی ۔ وسیم اختر کا کہنا ہے باغ ابن قاسم کے ایم سی کے پاس ہی ہے‘ کسی کو نہیں دیا۔


    قائم مقام آئی جی سندھ کا نوٹی فیکیشن معطل‘ عدالت کی اے ڈی خواجہ کو کام جاری رکھنے کی ہدایت


     یاد رہے کہ آج ہی سندھ ہائی کورٹ نے قائم مقام آئی جی سندھ کا نوٹی فیکیشن معطل کرکے اے ڈی خواجہ کو کام جاری رکھنے کی ہدایت بھی کی تھی.


    ملک ریاض کا اسٹیک ہولڈرزکے اتفاق کے بغیربن قاسم پارک لینے سے انکار


    اس حوالے سے بحریہ ٹاون کے سربراہ ملک ریاض کا کہنا تھا کہ باغ ابن قاسم کو عالمی معیارکاپارک بنانا چارہے تھے، میں اس معاملے کو متنازع بنانا نہیں چاہتا ہوں. کچھ لوگوں کو ہمارے کام سے تکلیف ہے،جب تک سب میں اتفاق نہ ہوجائے میں یہ پارک نہیں لوں گا، ہم عوامی سہولت کے لئے پارک کی حالت بہتر کرنے کی ذمہ داری لے رہے تھے، یہ خود کام کرتے ہیں نہ دوسروں کو کرنے دیتے ہیں.

  • پولیس میں تبادلے و تقرریاں، سندھ حکومت کا نوٹس

    پولیس میں تبادلے و تقرریاں، سندھ حکومت کا نوٹس

    کراچی: پو لیس میں من پسند افسران کی تقرریوں پر سندھ حکومت نے نو ٹس لے لیا جس کے بعد سندھ پولیس کے افسران کو احکامات واپس لینے پڑ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں ایسٹ زون کے مختلف اضلاع میں پولیس کی جانب سے تبادلے و تقرریاں کی گئی تھیں جس کے تحت شعبہ تفتیش میں اکیس پولیس افسران اور 5 ڈی ایس پیز کے تقرری اور تبادلوں کے نوٹی فکیشن جا ری کیے گئےتھے۔

    سندھ حکومت نے ایسٹ زون میں ہونے والے تقرری و تبادلوں پر نوٹس لیتے ہوئے احکامات واپس لینے کی ہدایت کی جس کے بعد افسران کو احکامات واپس لینے پڑے۔


    پڑھیں: سندھ پولیس میں موجود مزید 2 کالی بھیڑوں کے خلاف اغوا کا مقدمہ درج


    محکمہ سندھ پو لیس کے بھونڈے فیصلے ایک ہی نوٹس میں ایک ہی زون میں شعبہ تفتیش کےاکیس افسران کے تقرری اور تبادلوں سمیت پانچ ڈی ایس پیز کی تعیناتی کانوٹیفیکیشن جاری کیا تو سندھ حکومت نے بھی نوٹس لے لیا۔

    من پسند ترقیوں و تبادلوں پر حکومت نے نوٹس لیا تو سندھ پولیس نے بھی نوٹیفیکیشن واپس لے لیا۔ پولیس کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکشن کے تحت شعبہ تفتیش کےاکیس پولیس افسران اور پا نچ ڈی ایس پی کے تقرری اور تبا دلے کیے گئے تھے، تاہم کراچی کے مقامی ہو ٹل میں سندھ پو لیس کی ایک سیمینار میں غیر مناسب وقت میں تبادلوں پر تھا نیداروں نے تحفظات کا اظہار بھی کیا تھا۔

  • خواجہ سراؤں کے عمرہ کرنے پرپابندی عائد

    خواجہ سراؤں کے عمرہ کرنے پرپابندی عائد

    اسلام آباد: سعودی عرب نے عمرہ پر جانے کے خواہش مند خواجہ سراؤں کو ویزہ نہ دینے کا اعلان کردیا، اس ضمن میں پاکستان میں تعینات سعودی قونصل جنرل نے باقاعدہ نوٹی فکیشن جاری کرتے ہوئے تمام ٹریول ایجنٹس کو احکامات جاری کردیے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق سعودی قونصل خواجہ سراؤں کے عمرے پر جانے کی پابندی کا اعلان کرتے ہوئے تمام ٹریول ایجنٹ کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ خواجہ سراؤں کو عمرے کے ویزے جاری نہ کریں۔

    سعودی حکومت نے ٹریول ایجنٹ کو پابند کیا ہے کہ عمرے پر جانے کے خواہش مند خواجہ سراؤں کے کاغذات وصول نہ کریں اور نہ ہی اُن کو کسی قسم کی مدد فراہم کریں۔ سعودی سفارت خانے کی جانب سے تمام ٹریول ایجنٹس اور ایسوسی ایشنز کو نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

    خیال رہے رواں سال سعودی حکام نے عمرے کے ویزے پر فیس بڑھانے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد ٹریول ایجنٹس نے اس اقدام پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے سعودی حکومت سے اعلان واپس لینے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔