Tag: NRTC

  • روبوٹس کی تیاری سمیت داخلی سیکیوریٹی اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے محاذ پر نبرد آزما ادارہ

    روبوٹس کی تیاری سمیت داخلی سیکیوریٹی اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے محاذ پر نبرد آزما ادارہ

    مصنوعی ذہانت کے دور میں جنگیں صرف ٹینکوں اور طیاروں سے نہیں لڑی جا سکتیں، الیکٹرانک وار فیئر، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سائبر سیکیورٹی کے شعبے میں خود انحصاری اور مہارت کے حصول کے بغیر جدید جنگ میں کامیابی ممکن نہیں ہے۔

    پاکستان میں نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن اس حوالے سے اپنی ذمہ داری بہ خوبی نبھا رہی ہے۔ این آر ٹی سی 1966 سے عسکری الیکٹرانکس آلات اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے جدت پسندی اور خود انحصاری کی طرف گامزن ہے۔

    قومی ادارہ آئی ٹی ٹیکنالوجی، دھماکا خیز مواد کو ناکارہ بنانے اور روبوٹس کی تیاری سمیت آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور داخلی سیکیورٹی کے شعبوں میں اسمارٹ سٹیز منصوبوں کے تحت سیکیورٹی اور نگرانی، الیکٹرانک وار فیئر کے محاذ پر نبرد آزما ہے، جب کہ سائبر سیکیورٹی، الیکٹرو میڈیکل اور ریڈیو فریکیونسی آلات کی تیاری اس کے علاوہ ہے۔

    ڈرونز ٹیکنالوجی ایکسپرٹ اور ہیڈ آف ٹیکنالوجی فہیم علوی کا کہنا ہے کہ ڈرونز جہاں عسکری مقاصد کے لیے استعمال کیے جا رہے ہیں وہیں دہشت گردی کے لیے اس کے استعمال کو روکنے کے لیے بھی اقدامات کیے گئے ہیں۔

    ہیڈ آف روبوٹک سید رضا نے کہا آئی ای ڈیز تلف کرنے اور مسلح افواج کے جانی نقصان کو کم کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا بھی استعمال یقینی بنایا گیا ہے، نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت وفاقی اور صوبائی حکومتو ں کے لیے خود انحصاری کی منازل طے کر رہا ہے۔

  • پیپلز بس سروس کے کرائے میں اچانک اضافہ کیوں؟ وجہ سامنے آگئی

    پیپلز بس سروس کے کرائے میں اچانک اضافہ کیوں؟ وجہ سامنے آگئی

    کراچی : سندھ حکومت کے تحت چلنے والی پیپلز بس سروس (پی بی ایس) کی انتظامیہ نے بس کے کرائے میں اچانک سو فیصد اضافہ کردیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ فیصلہ انٹرسٹی روٹس پر کرایوں پر نظرثانی کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا جس میں بس سروس کے نگراں ادارے نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (این آر ٹی سی) سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی اور تھرڈ پارٹی کے انجینئرز کے نمائندگان نے شرکت کی۔

    اے آر وائی نیوز کراچی کی نمائندہ عشرت خان کی رپورٹ کے مطابق گلشن حدید سے ٹاور تک نئے توسیع شدہ پیپلز بس سروس کے روٹ کا زیادہ سے زیادہ کرایہ 50 روپے سے بڑھا کر 100 روپے کر دیا گیا ہے کیونکہ فاصلہ اب 58 کلومیٹر ہوگیا ہے۔

    نمائندہ اے آر وائی کے مطابق شہر میں ایک سے دس نمبر روٹ تک کی بسیں سڑکوں پر رواں دواں ہیں جس میں سے صرف ایک آر نائن نمبر کی بس کے کرائے بڑھائے ہیں۔

    یہ راستہ گلشن حدید میں اللہ والی چورنگی سے شروع ہو کر اسٹیل ٹاؤن، پورٹ قاسم چورنگی، منزل پیٹرول پمپ، قائد آباد، ملیر، ملیر ہالٹ، کالونی گیٹ، ناتھا خان پل، ڈرگ روڈ اسٹیشن، پی اے ایف بیس فیصل، لال کوٹھی، کارساز، نرسری، ایف ٹی سی، میٹروپول، کراچی پریس کلب، آرٹس کونسل کراچی، پاکستان، آئی آئی چندریگر روڈ اور سٹی اسٹیشن سے ہوتا ہوا ٹاور پر ختم ہوتا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ راستہ پہلے گلشن حدید سے صرف ملیر کینٹ تک تھا، آپریٹر نے روٹ کی توسیع کے بعد 3 روز قبل اس روٹ پر بس کا کرایہ سو روپے وصول کرنا شروع کر دیا ہے۔

  • پاکستانی انجینئرز کا ایک اور کارنامہ، کسانوں کے لیے جدید ڈرون تیار

    پاکستانی انجینئرز کا ایک اور کارنامہ، کسانوں کے لیے جدید ڈرون تیار

    اسلام آباد: نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونی کیشن کارپوریشن (این آر ٹی سی) کے پاکستانی انجینئرز نے کسانوں کی سہولت کے لیے کارنامہ انجام دیتے ہوئے جدید ڈرون تیار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق این آر ٹی سی میں میڈ اِن پاکستان پراڈکٹس کی تیاری کا عمل جاری ہے، جدید پورٹیبل وینٹی لیٹرز کے بعد انجینئرز نے کسانوں کے لیے ہیوی ڈیوٹی اسپرے ڈرون بھی تیار کر لیا۔

    اس ڈرون کی مدد سے ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے سہولت کے ساتھ اسپرے کیا جا سکے گا، یہ ‘میڈ اِن پاکستان’ پراجیکٹ کے تحت تیار کردہ سب سے بڑا اسپرے ڈرون ہے، جس کا ٹیسٹ رن کامیاب رہا۔

    این آر ٹی سی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ انتہائی کم قیمت ڈرون جلد مارکیٹ میں دستیاب ہوگا، یہ بھی بتایا گیا ہے کہ انجینئرز کو وفاقی وزیر فواد چوہدری نے اس ڈرون کی تیاری کا ٹاسک دیا تھا۔

    گزشتہ روز وزیر اعظم کو بھی ڈرون سے متعلق بریفنگ دی گئی تھی، یہ ڈرون جی پی ایس ٹیکنالوجی کی مدد سے کام کرے گا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے میڈ اِن پاکستان وینٹی لیٹرز کی پہلی کھیپ این ڈی ایم اے کے حوالے کی تھی، این آر ٹی سی حکام کا کہنا تھا کہ اب تک 12 وینٹی لیٹرز تیار کیے جا چکے ہیں، ضرورت پڑنے پر ایک مہینے میں 300 وینٹی لیٹرز بنائے جا سکتے ہیں۔

    این آر ٹی سی پاکستان کا پہلا اداراہ ہے جو مقامی سطح پر وینٹی لیٹرز بنا رہا ہے، یہ وینٹی لیٹرز آسانی سے ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کیے جا سکتے ہیں اور انھیں سیف ایونٹ ایس پی 100 (Safevent SP 100) کا نام دیا گیا ہے، اس پیداواری یونٹ میں ہر ماہ ڈھائی سو سے 300 تک وینٹی لیٹرز تیار کرنے کی صلاحیت ہے۔

    این آر ٹی سی حکام کے مطابق پاکستان میں وینٹی لیٹرز کی تیاری عالمی معیار کے مطابق ہو رہی ہے، انجینئرنگ کونسل نے وینٹی لیٹر کو عالمی معیار کے مطابق قرار دیا ہے۔

  • وزیر اعظم عمران خان آج وینٹی لیٹر بنانے والے ادارے کا دورہ کریں گے

    وزیر اعظم عمران خان آج وینٹی لیٹر بنانے والے ادارے کا دورہ کریں گے

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان آج نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونی کیشن کارپوریشن (این آر ٹی سی) کا دورہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان آج وفاقی وزرا فواد چوہدری اور زبیدہ جلال کے ساتھ ہری پور میں این آر ٹی سی کا دورہ کریں گے، اس موقع پر پاکستان میں وینٹی لیٹرز بنائے جانے سے متعلق وزیر اعظم کو بریفنگ دی جائے گی۔

    وزیر اعظم اس پیداواری یونٹ کا افتتاح بھی کریں گے، این آر ٹی سی پاکستان کا پہلا اداراہ ہے جو مقامی سطح پر وینٹی لیٹرز بنا رہا ہے، یہ وینٹی لیٹرز آسانی سے ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کیے جا سکتے ہیں اور انھیں سیف ایونٹ ایس پی 100 (Safevent SP 100) کا نام دیا گیا ہے۔

    اس پیداواری یونٹ میں ہر ماہ ڈھائی سو سے 300 تک وینٹی لیٹرز تیار کرنے کی صلاحیت ہے۔

    2 ماہ میں ہم اپنے وینٹی لیٹرز کی پراڈکشن پوری کر دیں گے،فواد چوہدری

    وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا تھا کہ پاکستان ان چند ممالک میں شامل ہو گیا ہے جو وینٹی لیٹرز خود تیار کر رہے ہیں، وینٹی لیٹرز کی تیاری کا مرحلہ پیچیدہ عمل ہے، لیکن ہمارے انجینیئرز نے کمال کر دکھایا ہے۔

    رواں ماہ کے پہلے ہی دن فواد چوہدری نے یہ خوش خبری بھی سنائی تھی کہ 2 ماہ میں ہم اپنے وینٹی لیٹرز کی پراڈکشن پوری کر دیں گے۔

    انھوں نے کہا کہ ہم اب 100 ملین ڈالر سے کرونا سے تحفظ والے آلات کی ایکسپورٹ کرنے لگے ہیں، یہ چیزیں عالمی معیار پر بنائی جا رہی ہیں، این 95 ماسک بھی ہم پاکستان میں خود بنا رہے ہیں، بڑی تعداد میں ٹیسٹنگ کٹس بھی بنائیں گے۔