Tag: NSC

  • وزیر اعظم نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا

    وزیر اعظم نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا

    اسلام آباد: پاکستان کوموصول ہونے والے دھمکی آمیز خط پر وزیراعظم نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔

    وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کئے گئے ٹوئٹ میں بتایا کہ وزیراعظم نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا ہے، اجلاس آج بعد دوپہر وزیراعظم ہاؤس میں ہوگا۔

    فواد چوہدری کے ٹوئٹ میں کہا گیا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں سول وعسکری قیادت شرکت کرے گی اہم ترین اجلاس میں پاکستان کو موصول ہونے والا دھمکی آمیز خط پیش کیا جائیگا۔

    یاد رہے کہ 27 مارچ کو اسلام آباد میں جلسہ عام سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے خط لہرایا تھا اور دعویٰ کیا تھا کہ ملک میں باہر سے پیسے کی مدد سے حکومت تبدیل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، ہمیں لکھ کر دھمکی دی گئی، میرے پاس خط ہے اور وہ ثبوت ہے۔

    یاد رہے کہ سال دوہزار بیس میں وزیراعظم عمران خان نے قومی سلامتی کمیٹی کی تشکیل نو کی تھی، اہم قومی و اسٹریٹجک فیصلوں کا فورم 12 ارکان پر مشتمل کیا گیا تھا۔

    وزیر اعطم قومی سلامتی کمیٹی کے چیئرمین مقرر کئے گئے جبکہ وزیر دفاع ، وزیر داخلہ ، وزیر خارجہ ، مشیر خزانہ ، معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی ، تینوں مسلح افواج کے سربراہان بھی سلامتی کمیٹی کا حصہ بنائے گئے تھے۔

  • قومی سلامتی کمیٹی کااجلاس، کرونا وائرس پر ایمرجنسی نافذ کرنے سے متعلق حتمی فیصلہ متوقع

    قومی سلامتی کمیٹی کااجلاس، کرونا وائرس پر ایمرجنسی نافذ کرنے سے متعلق حتمی فیصلہ متوقع

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کی زیرِصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج ہو گا، جس میں کروناسے بچاؤ کیلئے ایمرجنسی  نافذ کرنے یا نہ کرنے کا حتمی فیصلہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کیخلاف لائحہ عمل کی تیاری کے لئے وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی اجلاس آج شام وزیراعظم ہاؤس میں ہوگا۔

    اجلاس میں شرکت کے لئے وزرائے اعلیٰ اور دیگر اعلیٰ حکام کو آگاہ کر دیا گیا، مسلح افواج کے سربراہان اور ڈی جی آئی ایس آئی اجلاس میں شریک ہوں گے جبکہ وزیرداخلہ اعجاز شاہ ، وزیر قانون فروغ نسیم ، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی بھی شرکت کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس میں کروناوائرس سےمتعلق قومی لائحہ عمل طے کیا جائے گا اور کرونا سے نمٹنے کے لئے اہم فیصلے کئے جائیں گے۔

    قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں کرونا سے بچاؤ کیلئے ایمرجنسی نافذ کرنے یا نہ کرنے کا حتمی فیصلہ اور بارڈرز مینجمنٹ سے متعلق بھی فیصلہ ہوگا۔

    مزید پڑھیں : کرونا وائرس: آرمی چیف نے اہم ہدایات جاری کر دیں

    گذشتہ روز پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں  کرونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال اور اس پر کنٹرول کی کوششوں پر  بات ہوئی تھی۔

    آرمی چیف نے متعلقہ حکام کو اس سلسلے میں تیاریاں تیز کرنے کی ہدائیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ کرونا وائرس کی وبا کی روک تھام کیلئے قومی سطح پر اقدامات اور تیاریاں کی جائیں۔

    اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کااجلاس ہوا، جس میں عوامی مسائل کےفوری حل کے لئے نیشنل پالیسی پرمشاورت کی گئی اور کروناوائرس کے مزید پھیلاؤ سے بچاؤ کے لئے تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اجلاس کےدوران بلوچستان سے منسلک بارڈر بند کرنے کی تجویز دی گئی اور کہا گیا بلوچستان سے منسلک بارڈر پر شدید خطرہ ہے، مکمل سیل کردیا جائے۔

    خیال رہے واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا سے  متاثرہ مریضوں کی تعداد 22 ہوگئی ہے،  دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں، صوبہ سندھ میں سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ۔

  • کشمیر میں بھارتی جارحیت، وزیراعظم نے اہم اجلاس طلب کرلیا

    کشمیر میں بھارتی جارحیت، وزیراعظم نے اہم اجلاس طلب کرلیا

    اسلام آباد : بھارت کی جانب سے کلسٹر بم حملے کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لینے کےلیے وزیر اعظم عمران خان نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے بھارتی فورسز کی جانب سےایل او سی پر شہریوں کو نشانہ کے حوالے سے قومی سلامتی کا اجلاس طلب کیا ہے جس میں مسلح افواج کے سربراہان، انٹیلی جنس حکام اور سول قیادت شریک ہوگی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی سلامتی کے اجلاس میں کشمیر کی صورتحال سمیت بھارتی جارحیت کا جائزہ لیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بھارتی فورسز کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر شہریوں کونشانہ بنانےکے لئےکلسٹر ٹوائے بم کا استعمال کیا تھا، کلسٹرٹوائے بم سے 4سال کے بچے سمیت 2شہری شہید اور 11 زخمی ہوئے تھے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ادارے آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ بھارتی فوج نے 30 اور 31جولائی کوآبادی کو نشانہ بنایا، بھارت نے وادی نیلم میں کلسٹر ٹوائے بم سے آبادی کو ٹارگٹ کیا، کلسٹر ٹوائے بم سے 4سال کے بچے سمیت2 شہری شہید اور 11 زخمی ہوئے تھے۔

    کلسٹربم یا اس میں بارود کا استعمال عالمی قوانین کے تحت ممنوع ہے، شہریوں پر کلسٹر ٹوائے بم کے استعمال سے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہوگیا، عالمی برادری کو بھارت کے اس جارحانہ اقدام کا نوٹس لینا چاہئے۔

    خیال رہے کلسٹرٹوائے بم شہریوں کیخلاف تباہ کن ہتھیار ہے، اس بم سے بچوں،گھروں کوخصوصی طورپرنشانہ بنایاجاتا ہے اور یہ بم اپنے ٹارگٹ پرکھلونوں کی شکل میں بکھرجاتا ہے، اس بم سے40فیصدبچےنشانہ بنتے ہیں اور اکثر بچے کلسٹرٹوائے بم کو کھلونا سمجھ کر گھر لے جاتے ہیں۔

    کلسٹرٹوائے بم پھٹنے کے بعد بلیڈ کی طرح ہزاروں ٹکڑوں میں پھیلتا ہے ، یہ بم بارودی سرنگوں سے زیادہ خطرناک ہیں جبکہ جنیوا کنونشن اور عالمی قوانین کے تحت کلسٹر ٹوائے بم ممنوع ہے۔

  • ٹرمپ کا بیان مایوس کن قرار، الزامات کے باوجود مثبت کردار ادا کرنے کا عزم: قومی سلامتی کمیٹی اعلامیہ

    ٹرمپ کا بیان مایوس کن قرار، الزامات کے باوجود مثبت کردار ادا کرنے کا عزم: قومی سلامتی کمیٹی اعلامیہ

    اسلام آباد: قومی سلامتی کميٹی نے کہا ہے کہ امريکا اپنی ناکاميوں کا الزام پاکستان پر نہ لگائے، ڈونلڈ ٹرمپ کا ٹوئٹ حقائق کے منافی ہے، پاکستان نے دہشت گردی کی جنگ ميں اہم کردارادا کيا۔

     تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں امریکی دھمکیوں سے متعلق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس ختم ہونے کے بعد اعلامیہ جاری کیا گیا۔

    اعلامیہ کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ کے بیان پر قومی سلامتی کمیٹی کو سخت مایوسی ہوئی، البتہ غیرضروری الزامات کے باوجود پاکستان جلد بازی نہیں کرے گا، پاکستان الزامات کے باوجو دمثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔

    اہم ترین اجلاس میں وزیرخارجہ، وزیردفاع، وزیرداخلہ کے علاوہ آرمی چیف، نیول چیف، ایئرچیف مشیر قومی سلامتی، امریکا میں پاکستانی سفیراعزازچوہدری سمیت سول اورفوجی قیادت نے شرکت کی، اجلاس میں امریکی صدرکے بیان سمیت خطے اوراندرونی معاملات پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

    اجلاس میں کہا گیا کہ پاکستان نےدہشت گردی کے خاتمے کیلئے گراں قدر قربانیاں دیں ہیں، پاکستان کی قربانيوں سے انحراف سراسر زيادتی ہوگی، عالمی برادری پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرے۔

    امریکی صدر کا ٹوئٹ حقائق کے منافی ہے، پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بلاتفريق کارروائياں کيں، امن قائم کرنے کیلئے ہمارا عزم غیر متزلزل ہے، پاکستان دہشت گردی سے متاثر ملکوں میں دوسرے نمبر پر ہے۔

    اجلاس میں مزید کہا گیا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کو 123 ارب ڈالرز کا نقصان اور پچاس ہزار پاکستانی شہری جاں بحق ہوئے، اس جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے چھ ہزاراہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا، 2003 سے 2017  تک پاکستان میں 62 ہزار 421 افراد شہید ہوئے۔

    قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر کے بیان پر قومی سلامتی کمیٹی نے سخت مایوسی کا اظہار کیا، اعلامیہ کے مطابق ٹرمپ کی جنوبی ایشیائی پالیسی کے اعلان کے بعد امریکی حکام سے ملاقاتیں ہوئیں، ملاقاتوں میں باہمی اعتماد سازی کے ساتھ آگے بڑھنا ہی بہترین راستہ ہے۔

    یاد رہے کہ مذکورہ اجلاس سے قبل آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی تھی، جس میں اندرونی وعلاقائی سیکیورٹی صورت حال اور قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف کی زیرصدارت کور کمانڈر کانفرنس: سیکیورٹی صورت حال پر غور

    یاد رہے کہ گذشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے دھمکی آمیز ٹویٹ میں کہا تھا کہ پاکستان امریکا کو ہمیشہ دھوکا دیتا آیا ہے، پاکستان نے امداد کے بدلے امریکا کو بے وقوف بنانے کے سوا کچھ نہیں کیا، مگر اب ایسا نہیں چلے گا۔

    یہ بھی پڑھیں: امریکی سفیر کی دفتر خارجہ طلبی، ٹرمپ کے بیان پر شدید احتجاجی

    اس ٹویٹ کے جواب میں وزیر خارجہ خواجہ آصف نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ امریکا افغانستان میں پھنس گیا ہے، جس کا غصہ پاکستان پر نکالا جارہا ہے، بعد ازاں پاکستان نے امریکی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرکے ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان پر شدید احتجاج ریکارڈ کروادیا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔ 

  • آرمی چیف کی زیرصدارت کور کمانڈر کانفرنس: سیکیورٹی صورت حال پر غور

    آرمی چیف کی زیرصدارت کور کمانڈر کانفرنس: سیکیورٹی صورت حال پر غور

    راولپنڈی: آرمی چیف کی زیرصدارت ہونے والی کور کمانڈر کانفرنس میں جیواسٹریٹیجک صورت حال اور داخلی سیکیورٹی پر غور کیا گیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق جے ایچ کیو میں منعقدہ اس اجلاس میں آج ہونے والے نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کے اجلاس سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پاکستان کو دی جانے والی دھمکی سے متعلق قومی سلامتی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس آج ہورہا ہے۔

    امریکی سفیر کی دفتر خارجہ طلبی، ٹرمپ کے بیان پر شدید احتجاج

    وزیر اعظم نے یہ اجلاس بدھ کو طلب کیا تھا، مگر بدلتے حالات کی وجہ سے اب اسے آج طلب کر لیا گیا ہے۔ اجلاس میں وزیردفاع، وزیرخارجہ، چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی، مسلح افواج کے سربراہ اور دیگر اعلیٰ عہدے دار شریک ہوں گے۔

    ٹرمپ کا پاکستان مخالف بیان‘ وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا

    آیس ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کی زیرصدارت کورکمانڈرز کانفرنس میں نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کےاجلاس سے تبادلہ خیال اور جیو اسٹریٹیجک صورت حال،داخلی سیکیورٹی معاملات پربات چیت ہوئی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔