Tag: NSK

  • کراچی ٹیسٹ: کون ہوگا فاتح؟ فیصلہ آج ہوگا

    کراچی ٹیسٹ: کون ہوگا فاتح؟ فیصلہ آج ہوگا

    بابراعظم اور عبداللہ شفیق کی ذمے دارانہ اننگز کے باعث کراچی ٹیسٹ دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا ہے، کینگروز کو فتح کے لئے 8 وکٹ جبکہ قومی ٹیم کو 314 رنز درکار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ٹیسٹ کے آخری روز پاکستان 192 رنز سے اپنی دوسری نامکمل اننگز شروع کرے گا، کپتان بابر اعظم 102 اور اوپنر عبداللہ شفیق 71 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

    دونوں بیٹرز کے درمیان 171 رنز کی عمدہ شراکت داری قومی ٹیم کو میچ میں واپس لے آئی ہے، پہلی اننگز میں 53اوورز میں قومی ٹیم کو ٹھکانے لگانے والے کینگروز 59 اوور سے وکٹ لینے سے محروم ہیں۔

    آج پاک آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جارہے تاریخی ٹیسٹ سیریز میں تاریخ رقم ہوسکتی ہے، اگر قومی ٹیم مزید 314 رنز بنانے میں کامیاب ہوگئی تو یہ کرکٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا ہدف حاصل کرنے کا ریکارڈ ہوگا تاہم آسٹریلیا کامیاب ہوا تو پاکستان کو کراچی میں پہلی ٹیسٹ شکست ہوگی۔

    یاد رہے کہ کپتان بابراعظم نے دو سال کے طویل عرصے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں سینچری اسکور کی، بابراعظم نے7 فروری 2020 کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں میں بنگلادیش کے خلاف 143 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں: بابراعظم نے کل کا پلان بتا دیا

    قومی ٹیم کے کپتان کی مجموعی طور پر یہ چھٹی ٹیسٹ سینچری جبکہ آسٹریلیا کے خلاف دوسری تھی۔

    چوتھے دن کھیل کے اختتام پر سنچری میکر بابراعظم کا کہنا تھا کہ ابھی میچ ختم نہیں ہوا پانچویں روز کا یہی پلان ہے کہ اس پارٹنرشپ کو آگے لے کر چلیں جو مومنٹم بنا ہوا ہے اسے برقرار رکھیں۔

    انہوں نے کہا کہ ٹیم کو ایک اچھی شراکت داری کی ضرورت تھی جو لگی ہوئی ہے کوشش کریں گے آج والی کارکردگی کو کل بھی برقرار رکھیں۔

  • کراچی ٹیسٹ میں آسٹریلیا کی گرفت مضبوط

    کراچی ٹیسٹ میں آسٹریلیا کی گرفت مضبوط

    کراچی ٹیسٹ میں پاکستان کے خلاف آسٹریلیا کی گرفت مضبوط ہوگئی، آسٹریلیا نے قومی ٹیم کے خلاف 489 رنز کی برتری حاصل کرلی۔

    کراچی ٹیسٹ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 81 رنز بنالیے، عثمان خواجہ 35 اور مارنوس لبوشین 37 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں، آسٹریلیا کی مجموعی برتری 489 رنز ہوگئی ہے۔

    ڈیوڈ وارنر 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، پاکستان کی جانب سے واحد وکٹ حسن علی حاصل کرسکے۔

    اس سے قبل آسٹریلوی بولرز نے پاکستانی بیٹنگ لائن اپ کو تہس نہس کرڈالا، 556 رنز کے جواب میں قومی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں محض 148  رنز پر آؤٹ ہوکر فالوآن کا شکار ہوگئی تھی۔

    آسٹریلوی بولرز کے سامنے قومی ٹیم کا مڈل آرڈر بُری طرح ناکام ہوا اور کوئی بھی بیٹر ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکا، کپتان بابراعظم 36 رنز بناکر نمایاں رہے۔

    راولپنڈی ٹیسٹ کے سینچری میکر عبداللہ شفیق 13 رنز پر رن آؤٹ ہوئے، امام الحق کی انفرادی اننگز 20 رنز تک محدود رہی،اظہر  علی 14 رنز پر ہمت ہار بیٹھے، فواد عالم کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹے، محمد رضوان 13 رنز سے آگے اپنی اننگز نہ بڑھاسکے جبکہ آل راؤنڈر فہیم اشرف 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

    ساجد خان 5، حسن علی 0 اور شاہین شاہ آفریدی 19 رنز بناسکے۔

    آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ڈبییو کرنے والے سیمپئسن 2 وکٹیں لے اڑیں جبکہ پیٹ کمنز، لیتھن لیون ،کیمرون گرین کےحصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

    اس سے قبل آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز556 رنز 9 وکٹوں کے نقصان پر ڈیکلیئر کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان راولپنڈی میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ ہار جیت کے بغیر ختم ہوگیا تھا، دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری ٹیسٹ 21 مارچ سے لاہور کےقذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

  • حسن علی بھی ڈیوڈ وارنر کے نقش قدم پر، ویڈیو وائرل

    حسن علی بھی ڈیوڈ وارنر کے نقش قدم پر، ویڈیو وائرل

    کراچی ٹیسٹ میں کم بیک کرنے والے فاسٹ بولر حسن علی انوکھی حرکت کے باعث شہہ سرخیوں میں آگئے۔

    تفصیلات کے مطابق بینو قادر ٹرافی کا دوسرا ٹیسٹ کراچی میں جاری ہے، جس میں راولپنڈی ٹیسٹ مس کرنے والے فاسٹ بولر حسن باؤنڈری لائن پر دلچسپ حرکت کیمرے کی آنکھ نے محفوظ کرلی۔

    فاسٹ بولر حسن علی آسٹریلیا کے خلاف اوورز کرانے کے بعد جیسے ہی باؤنڈری لائن کے قریب آئے اچانک انہوں نے ڈیوڈ وارنر کی طرح بھنگڑا ڈالا اور شائقین کرکٹ سے خوب داد وصول کی۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ نے مذکورہ ویڈیو کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کردیا ہے، جسے شائقین کرکٹ کی جانب سے خوب پسند کیا جارہا ہے اور ویڈیو پر دلچسپ تبصرے بھی کئے جارہے ہیں۔

    یاد رہے کہ راولپنڈی ٹیسٹ کے دوران ڈیوڈ وارنر کی باؤنڈری لائن پر ڈانس کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، چند سیکنڈ پر مشتمل ویڈیو میں وارنر کھیل سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ ساتھ ڈانس کررہے تھے، جسے شائقین نے خوب پسند کیا تھا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھی وارنر کی اسٹیڈیم میں ڈانس کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس پر گراؤنڈ میں تماشائیوں نےڈیوڈ وارنر کے نام کے نعرے لگائے تو انہوں نے رقص کرنا شروع کردیا تھا۔