Tag: nuclear attack

  • ’’ناگاساکی ایٹمی حملے کی تباہ کاریوں کا آخری مقام ہونا چاہیے‘‘

    ’’ناگاساکی ایٹمی حملے کی تباہ کاریوں کا آخری مقام ہونا چاہیے‘‘

    آج سے 77 برس قبل ہونے والے ایٹمی حملے کے بعد سے اب تک جاپان کا شہر ناگاساکی تاحال اس کے اثرات کا شکار ہے اور اس کی قیمت آنے والی نسلیں ادا کررہی ہیں۔

    جاپان کے شہر ناگاساکی کے میئر نے کہا ہے کہ ان کا شہر ایٹمی حملے کی تباہ کاریوں کا نشانہ بننے والا آخری مقام ہونا چاہیے۔ انہوں نے ایک کانفرنس میں خطاب کے دوران ایٹمی ہتھیاروں کے مکمل خاتمے کا اپنا مطالبہ دہرایا۔

    تااُوے تومی ہیسا، نیویارک میں اقوام متحدہ صدر دفتر میں ایٹمی ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے سمجھوتے کے فریقین کی جائزہ کانفرنس میں جمعہ کے روز خطاب کر رہے تھے۔

    تااُوے نے کہا کہ ہیروشیما اور ناگاساکی کے ہیباکُشا یعنی ایٹم بم حملوں میں زندہ بچ جانے والے افراد، دنیا کو جوہری تنازعے کی ہولناکیاں یاد دلانے کی کوشش کے طور پر اپنے تجربات کے بارے میں مسلسل آگاہ کرتے رہتے ہیں۔

    انہوں نے نشاندہی کی کہ بنی نوعِ انسان کو جوہری تنازعے کے خطرات سے محفوظ رکھنے کا واحد راستہ ان ہتھیاروں کا مکمل خاتمہ ہے۔ انہوں نے جوہری طاقتوں اور دیگر اقوام سے اس ہدف کے حصول کی خاطر کام کرنے کا مطالبہ کیا۔

    میئر نے اس امید کا اظہار کیا کہ مذکورہ جائزہ کانفرنس میں جوہری ہتھیاروں کے خاتمے اور عدم پھیلاؤ کے لیے ٹھوس اقدامات کا اعلان کیا جائے گا۔

  • روس کی امریکا اور برطانیہ کو ایٹمی حملے کی دھمکی

    روس کی امریکا اور برطانیہ کو ایٹمی حملے کی دھمکی

    روس نے فن لینڈ کو نیٹو میں شامل کرنے کے معاملے پر امریکا اور برطانیہ کو ایٹمی حملے کی دھمکی دے دی ہے۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق روس نے فن لینڈ کے نارتھ اٹلانٹک ٹریٹی آرگنائزیشن (نیٹو) میں شمولیت کے معاملے پر فن لینڈ سمیت امریکا اور برطانیہ کو سپر سانک میزائل سے نشانہ بنانے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ روس کی سلامتی کو خطرہ ہوا تو جوہری ہتھیاروں کا استعمال کرسکتے ہیں۔

    برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق روسی دفاعی کمیٹی کے نائب چیئرمین الیکسی زووراولیوف کا کہنا ہے کہ فن لینڈ کو نیٹو میں شمولیت کے لیے امریکا اور برطانیہ نے اُکسایا ہے ساتھ ہی یہ بھی تنبیہہ کی کہ فن لینڈ کو 10 سیکنڈز میں Satan-2 میزائل سے نشانہ بناسکتے ہیں۔

    روسی دفاعی کمیٹی کے نائب چیئرمین کا کہنا تھا کہ امریکا نے روس کو دھمکی دی تو یہی روسی میزائل امریکا کے لیے ہوگا اور امریکا سے جوہری راکھ نکلے گی۔

    الیکسی زووراولیوف نے برطانیہ کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ سیٹن ٹو 200 سیکنڈز میں برطانیہ پہنچ سکتا ہے۔

    ادھر روس نے فن لینڈ کے لیے بجلی کی فراہمی معطل کردی ہے۔ بجلی معطل کیے جانے سے قبل روسی انرجی فرم نے بقایاجات کی ادائیگی نہ ہونے کے سبب سپلائی منقطع ہونے کی دھمکی دی تھی۔

  • جاپان کے شہر ہیرو شیما پر ایٹمی حملے کو 73 برس بیت گئے

    جاپان کے شہر ہیرو شیما پر ایٹمی حملے کو 73 برس بیت گئے

    ٹوکیو: جاپان کے شہرہیرو شیما پر امریکی ایٹمی حملے کو 73 برس بیت گئے۔ آج جوہری تجربات کی روک تھام کا عالمی دن بھی منایا جارہا ہے۔

    آج سے 73 برس قبل 6 اگست 1945 کی صبح امریکا نے ہیرو شیما پر ایٹم بم گرایا تھا جس کے نتیجے میں 1 لاکھ 40 ہزار افراد لقمہ اجل بنے تھے اور ہزاروں افراد معذور و زخمی ہوگئے تھے۔

    6 اگست کی صبح جاپان اور اس زندگی سے بھرپور شہر کے کسی باسی کو اس تباہی کا ادراک نہ تھا جو امریکی ہوائی جہاز کے ذریعے ایٹم بم کی صورت اس شہر پر منڈلا رہی تھی۔

    جاپان کے مقامی وقت کے مطابق صبح کے 8 بج کر 16 منٹ پر امریکی بی 29 بمبار طیارے نے ’لٹل بوائے‘ کو ہیرو شیما پر گرا دیا۔ لٹل بوائے اس پہلے ایٹم بم کا کوڈ نام تھا۔

    بم گرائے جانے کے بعد لمحے بھر میں 80 ہزار انسان موت کی نیند سوگئے، 35 ہزار زخمی ہوئے اور سال کے اختتام تک مزید 80 ہزار لوگ تابکاری کا شکار ہو کر موت کی آغوش میں چلے گئے۔

    ہیرو شیما کی تباہی کی یاد عالمی طور پر منائی جاتی ہے۔ اس روز خصوصی ریلی کے شرکا پیس میموریل تک جاتے ہیں اور مرحومین کی یاد میں پھول رکھے جاتے ہیں۔

    سنہ 1945 میں امریکا کی جانب سے ایٹمی حملوں کے 3 دن بعد جاپان نے ہار تسلیم کرلی اور 15 اگست کو باضابطہ طور پر سرنڈر معاہدے پر دستخط کردیے تھے۔