Tag: nuclear plant

  • امریکا نے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملہ کردیا

    امریکا نے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملہ کردیا

    واشنگٹن: امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکی جنگی طیاروں نے ایران پر حملہ کردیا ہے، امریکا نے ایران کی جوہری تنصیبات تباہ کردیں۔

    سوشل میڈیا سائٹ ٹرتھ سوشل پر کی گئی پوسٹ میں صدر ٹرمپ نے بتایا کہ امریکا نے ایران کے جوہری تنصیبات پر حملہ کردیا ہے۔

    صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہم نے ایران کی 3 نیوکلیئر سائٹس پر کامیاب حملہ مکمل کرلیا ہے، امریکی طیاروں نے فردو، نظنز اور اصفہان میں نیوکلیئر پلانٹس کو نشانہ بنایا۔

    Trump Twieet

    صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکی طیارے حملے کے بعد ایران کی فضائی حدود سے باہر آگئے ہیں، ایران کے فردو میں قائم مرکزی جوہری پلانٹ فردو پر کئی بم گرائے گئے، ایرانی کی جوہری تنصیبات پر حملے میں امریکی بی ٹو بمبار طیاروں  نے حصہ لیا۔

    ایران اسرائیل جنگ سے متعلق تازہ ترین خبریں

    امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے ٹروتھ سوشل پر پوسٹ میں ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں کوئی اور فوج ایسا نہیں کر سکتی، امریکی صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پوسٹ میں حملہ آور فوجیوں کو مبارک باد دی اور کہا کہ
    اب امن کا وقت ہے۔

    ٹرمپ کا قوم سے خطاب کا اعلان

    امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے ایک تازہ بیان میں کہا ہے کہ رات 10 بجے وائٹ ہاؤس میں قوم سے خطاب کروں گا، ایران کو اب اس جنگ کو ختم کرنے کیلئے راضی ہونا چاہیے، ایران میں کامیاب فوجی آپریشن امریکا، اسرائیل اور دنیا کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/trump-decide-israel-iran-war-2-weeks-white-house/

  • روس کے چھ میزائل ناکارہ کردیئے، یوکرینی صدر کا بڑا دعویٰ

    روس کے چھ میزائل ناکارہ کردیئے، یوکرینی صدر کا بڑا دعویٰ

    یوکرین کے صدر زیلنسکی نے کہا ہے کہ ان کی فوج نے روس کی جانب سے داغے گئے چھ میزائلوں کو گرادیا، یہ روس کا بہت بڑا نقصان ہے۔

    برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق یہ بات انہوں نے اپنے آن لائن خطاب میں کہی، انہوں نے اپنے خطاب میں جنوبی حصے میں فوجی کامیابی کا ذکر کیا تاہم مشرقی حصے میں کسی کامیابی ذکر نہیں کیا حالانکہ اس سے قبل اس کا اشارہ فوجی حکام دے چکے تھے۔

    یوکرینی صدر زیلنسکی کا آن لائن خطاب میں کہنا تھا کہ اس صبح پانچ یا پھر چھ روسی ایکس 101 میزائلوں کو گرایا گیا ہے۔ یہ روس کا بہت بڑا نقصان ہے جس سے بہت سے یوکرینیوں کی جانیں بچی ہیں۔

    ان کے مطابق گرائے جانے والے میزائلوں میں سے چار کو جنوبی ضلع میں نشانہ بنایا گیا۔ واضح رہے کہ روئٹرز اپنے آزادانہ ذرائع سے یوکرینی صدر کے اس دعوے کی تصدیق نہیں کرسکا جبکہ روس کی جانب سے بھی اس حوالے سے اب تک کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

    اگرچہ یوکرینی حکام کی جانب سے تفصیلات نہیں دی گئیں تاہم کئی ملٹری بلاگرز نے سوشل میڈیا پر ایسی پوسٹس کیں جن میں بتایا گیا تھا کہ بلاکییا کے اطراف میں لڑائی ہو رہی ہے۔

    بلاکییا ملک کے مشرق میں واقع قصبہ ہے جہاں 27 ہزار کے قریب لوگ رہائش پذیر ہیں یہ علاقہ خرکیف اور روس کے زیرقبضہ علاقے ازیوم کے درمیان واقع ہے۔

    یہ شہر ریلوے کا بہترین نظام رکھتا ہے جس کو اب ماسکو اپنا فوجی سازوسامان پہنچانے کے لیے استعمال کرتا ہے۔

    زیلنسکی کے مشیر نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ صدر کی جانب سے خرکیف کے علاقے میں آپریشن کے حوالے سے اہم خبر آنے والی ہے۔

    روئٹرز سوشل میڈیا پر چلنے والی پوسٹس کی بھی آزادانہ ذرائع سے تصدیق نہیں کرا سکا صرف خیرسن کے علاقے میں یوکرین کی جانب سے پیش رفت کی بہت کم اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

    یہ وہ علاقہ ہے جو فرنٹ لائن پر ہے اور یہاں کے صحافیوں کی سرگرمیاں محدود ہیں اسی لیے محدود خبریں ہی باہر آتی ہیں۔

    روس اور یوکرین جنگ روکنے کیلئے اقدامات کریں، اقوام متحدہ 

    دوسری جانب اقوام متحدہ نے دونوں ممالک پر زور دیا ہے کہ جنوبی یوکرین میں واقع پاور پلانٹ کے اردگرد علاقے کو غیر فوجی بنایا جائے۔

    منگل کو جاری ہونے والے بیان میں جنرل سیکریٹری انتونیو گورتریس کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کو علاقے میں جنگ روکنے کے اقدامات کرنے چاہییں۔

    ان کا کہنا تھا کہ علاقے میں فوجی سرگرمیوں سے باز رہنے کے معاہدے کی پاسداری یقینی بنائی جائے۔
    انہوں نے زور دیا کہ روس علاقے سے افواج کے انخلا کا عہد پورا کرے اور یوکرین اس کے اندر نہ گھسنے کے عزم پر قائم رہے۔

  • روس کی یورپ کے سب سے بڑے جوہری پلانٹ پر بمباری، بڑی تباہی کا خدشہ

    روس کی یورپ کے سب سے بڑے جوہری پلانٹ پر بمباری، بڑی تباہی کا خدشہ

    کیئو: روس نے یوکرین میں یورپ کے سب سے بڑے جوہری پلانٹ پر بمباری کردی ، جس کے نتیجے میں خوفناک آگ بھڑک اُٹھی۔

    تفصیلات کے مطابق روس کی یوکرین میں فوجی کارروائی کا نواں روز ہے ، آج صبح روسی فوجیوں نے ٹینکوں کی مدد سے زیپوریزیا شہرمیں داخل ہونے اورجوہری پلانٹ پر شیلنگ کی۔

    روسی فوجیوں نے جوہری پلانٹ پرقبضہ کرنے کی کوشش کی لیکن یوکرین کے فوجیوں اورمقامی رہائشیوں کی جانب سے سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔

    شیلنگ کے باعث جوہری پاور پلانٹ میں خوفںاک آگ بھڑک اٹھی اور آتشزدگی سے جوہری پاور پلانٹ میں ریڈیایشن کا لیول بڑھ گیا تاہم فائر فائٹرز آگ پر قابو پانے کی کوشش کررہے ہیں۔

    اس حوالے سے یوکرین کے وزیرِ خارجہ دمترو کولیبا نے اپنے ٹوئٹ میں بتایا کہ روسی افواج نے زپورزیا پاور پلانٹ کو نشانہ بنایا ، جو یورپ کا سب سے بڑا جوہری پاور پلانٹ ہے۔

    یوکرینی وزیرخارجہ نے خبردارکیا ہے کہ جوہری پاورپلانٹ میں دھماکا ہوا تو چرنوبل سے دس گنا زیادہ تباہی ہوگی۔

    دوسری جانب یوکرین کی بندرگاہ حملے میں بھی دو کارگو جہازوں کو بھی نقصان پہنچا اور بنگلادیشی جہاز کے عملے کا ایک رکن ہلاک ہو گیا۔

    اسی طرح روسی حملے میں چرنیہائیو میں ایک عمارت تباہ ہوگئی ، جس میں تینتیس افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے۔

  • جوہری پلانٹ میں لگنے والی آگ تخریب کاری تھی: ایرانی حکام

    جوہری پلانٹ میں لگنے والی آگ تخریب کاری تھی: ایرانی حکام

    تہران: ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ جوہری پلانٹ میں لگنے والی آگ تخریب کاری تھی، واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم تنصیب کے ایک اہم حصے کو کافی نقصان پہنچا۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ایرانی ادارہ برائے جوہری توانائی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ ایران کی نطنز نیو کلیئر سائٹ میں لگنے والی آگ تخریب کاری کا نتیجہ تھی۔

    ترجمان بہروز کمالوندی کے مطابق ایرانی سیکیورٹی فورسز مناسب وقت پر دھماکوں کی وجوہات افشا کریں گی۔

    اس سے قبل جولائی میں ایران کے اعلیٰ سیکیورٹی ادارے نے کہا تھا کہ نیو کلیئرسائٹ میں لگنے والی آگ کی وجہ کا تعین کر لیا گیا ہے لیکن واقعے کی معلومات بعد میں منظر عام پر لائی جائیں گی۔

    ایرانی حکام کے مطابق آگ لگنے سے جوہری تنصیب کو زیادہ نقصان پہنچا ہے جس کے باعث یورینیم افزوگی کے لیے سینٹری فیوجز کی تیاری سست روی کا شکار ہو سکتی ہے۔

    خیال رہے کہ 6 جولائی کو ایران کی زیر زمین نطنز جوہری تنصیب میں آگ لگ گئی تھی، آگ کی وجہ سے مرکز کے ایک اہم حصے کو کافی نقصان پہنچا۔

    بہروز کمالوندی نے بتایا تھا کہ اس واقعے سے کافی نقصان پہنچا ہے لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔

    ایران کا یہ زیر زمین نطنز فیول انریچمنٹ پلانٹ یورینیم افزودہ کرنے والا سب سے بڑا پلانٹ ہے، ایران میں کئی جوہری تنصیبات ہیں جو اقوام متحدہ کے جوہری ادارے کی نگرانی میں کام کرتے ہیں اور نطنز جوہری تنصیب بھی انہی میں سے ایک ہے۔

  • ریاض: سعودی عرب نے پہلے نیوکلیئرمنصوبے کا سنگِ بنیاد رکھ دیا

    ریاض: سعودی عرب نے پہلے نیوکلیئرمنصوبے کا سنگِ بنیاد رکھ دیا

    ریاض : سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ملک کے پہلے جوہری ریسرچ ری ایکٹر سمیت سات اہم منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھ دیا ، سعودی عرب 2032 تک نیوکلیئر پلانٹ سے 17 گیگا واٹ پیدا کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جوہری ری ایکٹر کا سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریب گزشتہ روز عبدالعزیز سٹی برائے سائنس اور ٹیکنالوجی ( کے اے سی ایس ٹی) میں منعقد ہوئی ۔اس موقع پر سعودی ولی عہد نے سات انتہائی اہم منصوبوں کا بھی افتتاح کیا ہے۔ یہ منصوبے قابلِ تجدید توانائی ، پانی صاف کرنے ، جینیٹک ادویہ اور طیارہ سازی کی صنعت سے متعلق ہیں۔

    شاہ عبدالعزیز سٹی کے ہیڈ کوارٹرز میں آمد پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا اس کے بورڈ چیئرمین ، توانائی ، صنعت اور قدرتی وسائل کے وزیر انجنیئر خالد بن عبدالعزیز الفالح اور اس ٹیکنالوجی شہر کے صدر ترکی بن سعود بن محمد نے شہزادے کا استقبال کیا۔

    جوہری ری ایکٹرطب کے میدان میں مستقبل کی جانب پیش رفت کرتے ہوئے شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی عرب کی سنٹرل لیبارٹری برائے انسانی جینوم کا بھی افتتاح کیا۔اس میں سعودی معاشرے کی جینٹکس کے تمام ریکارڈ کا تفصیلی نقشہ مرتب کیا جائے گا اور اس نقشے سے موروثی بیماریوں کے اسباب کا پتا چلانے میں مدد ملے گی۔

    سعودی ولی عہد نے خفجی میں شمسی توانائی سے چلنے والے پانی کو صاف بنانے کے اسٹیشن کا افتتاح کیا ہے۔اس میں یومیہ 60 ہزار مکعب میٹر پانی کو صاف بنانے کی گنجائش ہوگی۔اسٹیشن میں سولر پینل اور سیلوں کے لیے دو پیداواری لائنیں نصب کی جارہی ہیں اور سولر پینلوں کے معیار کی جانچ کے لیے عیینہ میں ایک لیبارٹری قائم کی جائے گی۔ ان سولر پینلوں کی آئی ایس او 9001 کے معیارات کے مطابق جانچ کے لیے الگ سے ایک لیبارٹری ہوگی۔

    اس موقع پر انہوں نے بدر پروگرام کے تحت انکیو بیٹرز اور ایکسلیٹرز کا بھی افتتاح کیا ہے۔ان میں ایک ایک الدمام شہر ، القصیم ، المدینہ المنورہ اور ابھا میں واقع ہو گا۔اس کے علاوہ شہزادہ محمد بن سلمان نےینبع شہر میں شمسی توانائی سے چلنے والے پانی صاف کرنے کے ایک منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھا ہے۔اس پلانٹ پر روزانہ 5200 مکعب میٹر پانی صاف کرنے کی گنجائش ہوگی۔پانی صاف کرنے کی جدید ٹیکنالوجی کے اطلاق کا یہ پہلا صنعتی منصوبہ ہے۔

    جوہری ری ایکٹر

    شہزادہ محمد بن سلمان کو شاہ عبدالعزیز سٹی میں آمد کے فوری بعد سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں تحقیق وترقی سے متعلق اس شہر کے مختلف منصوبوں اور ان میں سرمایہ کاری کے امکانات کے حوالے سے تفصیلی پریزینٹیشن دی گئی۔اس کے بعد انھوں نے ہوابازی اور راڈار کے منصوبوں میں ہونے والی تازہ پیش رفت کے آئینہ دار بعض منصوبوں کو ملاحظہ کیا۔انھوں نے مرکزِ ایجادات برائے انڈسٹری 4 کی اسمارٹ فیکٹری میں کمپیوٹر ٹیکنالوجی ، سسٹمز ، آٹو میشن ،روبوٹس اور انٹرنیٹ میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا۔

    انھیں سعودی عرب کے خلائی تحقیق کے منصوبوں بہ شمول ’سعودی سیٹ 5 اے ‘ اور ’سعود ی سیٹ 5 بی‘ کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔اس کے علاوہ انھیں محفوظ نیشنل ٹیکٹیکل کمیونیکشنز سسٹمز ، انٹرنیٹ نیشنل ایکس چینج اور تعلیمی اداروں کے لیے تیز رفتار نیٹ ورک ، کاربن فائبر پروڈکشن کی لیبارٹری ،جدید میٹریل کے منصوبوں اور کم آبی وسائل کے حامل علاقوں کے لیے پانی اور توانائی کے منصوبوں کے بارے میں بتایا گیا۔

    یاد رہے کہ ولی عہد محمد بن سلمان کا ویژن 2030 سعودی عرب کو ایک ایسی ہائی ٹیک ریاست میں تبدیل کرنے کا عزم ہے جس کے تحت سعودی عرب تیل کی پیدا وار پر انحصار ختم کرتے ہوئے جدید معاشی ذرائع پر انحصار کرے گا۔ محمد بن سلمان کا یہ آئیڈیا انہیں سعودی نوجوانوں میں بے پناہ مقبول کررہا ہے اور جمال خاشقجی اور سعودی شہزادوں کی حراست جیسے واقعات کے باوجود انہیں تاحال اپنے عوام کی حمایت حاصل ہے۔

  • شمالی کوریا نے جوہری تنصیبات تباہ کرنے کی تاریخوں کا اعلان کردیا

    شمالی کوریا نے جوہری تنصیبات تباہ کرنے کی تاریخوں کا اعلان کردیا

    پیانگ یانگ : شمالی کوریا نے اپنی جوہری تنصیبات کو ختم کرنے کا عندیہ دے دیا، شمالی کوریائی حکام نے اعلان کیا ہے کہ 23 اور 25 مئی درمیان میں ایٹمی تنصیبات کو تباہ کردیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق شمالی کوریا کی جانب سے عالمی جوہری پروگرام قوانین کی ہمیشہ خلاف ورزی کی جاتی رہی ہے، جس کے نتیجے میں امریکا نے ان پر مختلف پابندیاں بھی عائد کر رکھی ہیں اس کے باجود امریکی حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ شمالی کوریا جوہری پروگرام سے متعلق بات چیت کرنے پر آمادہ ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے امریکا کی خواہشات پر عمل کرتے ہوئے اپنی ایٹمی تنصیبات کو ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، شمالی کوریا کے حکام جوہری تنصیبات کو ختم کرنے کے آپریشن کے دوران ایٹمی سرنگوں، ریسرچ عمارتوں اور چیک پوسٹوں کو دھماکوں سے اڑائے گا۔

    شمالی کوریائی حکام کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا نے جوہری تنصیبات کو تباہ کرنے کے حوالے سے 23 مئی اور 25 مئی کے درمیان تمام ایٹمی تنصیبات تباہ کردیا جائے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا شمالی کوریا اپنی تنصیبات مئی کی آخری تاریخوں میں جب تباہ کرے کا اس دروان امریکا، جنوبی کوریا اور دیگر ممالک کے صحافیوں کو بھی موقع پر مدعو کیا جائے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ دونوں ممالک کے سربراہوں کے درمیان ہونے والی ملاقات سے قبل شمالی کوریا کی جانب سے ایٹمی تنصیبات کو ختم کرنے کے سلسلے میں کیے جانے والے اقدامات کا خیر مقدم کیا ہے۔

    واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کے درمیان ملاقات 12 جون کو سنگاپور میں ہوگی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔