وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ لگتا ہے نمبر پورے نہیں تھے اس لیے قومی اسمبلی کا اجلاس ملتوی ہوا۔
یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، آج قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہونے کے بعد مختصر ترین کارروائی کے بعد ہی ملتوی کردیا گیا۔
اجلاس سے واپسی کے دوران اسمبلی کی راہداری میں صحافیوں نے خواجہ آصف سے تازہ ترین صورتحال جاننے کیلئے سوالات کیے جس کے انہوں نے مختصر جواب دیے۔
صحافیوں نے وزیر دفاع سے سوال کیا کہ کیا کل تک نمبر پورے ہوجائیں گے؟ جس کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ترمیم پیش ہوگی یا نہیں یہ تو صبح ہی پتہ چلے گا، مولانا فضل الرحمان نے ہمیں سپورٹ نہیں کیا۔
مولانا کے حوالے سے پوچھے جانے والے سوال پر خواجہ آصف نے کہا کہ میں صبح سے اسمبلی میں موجود تھا مجھے نہیں معلوم کہ ان سے کیا بات ہوئی؟
آئینی ترامیم مؤخر، قومی اسمبلی کا اجلاس ملتوی
واضح رہے کہ حکومت نے نمبر گیم پورا کرنے میں ناکامی پر وفاقی کابینہ، قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس کا وقت بار بار تبدیل کرنے کے بعد بالآخر کل 16 ستمبر 2024 تک ملتوی کر دیا۔
قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر ایاز صادق کی زیرِ صدارت 11 بجے کے قریب شروع ہوا جس میں وقفہ سوالات اور توجہ دلاؤ نوٹس معطل کرنے کی تحریک کی منظوری کے فوری بعد کل تک ملتوی کر دیا گیا۔ نئے وقت کے مطابق اجلاس 16 ستمبر دن ساڑھے بارہ بجے ہوگا۔