Tag: Nursery classes

  • ابوظبی : نرسری کلاسز کے لیے حکومت کی نئی ہدایات جاری

    ابوظبی : نرسری کلاسز کے لیے حکومت کی نئی ہدایات جاری

    ابوظبی : ایمرجنسی، کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر کمیٹی نے ابوظبی میں نرسری کلاسز کے لیے نئے ضوابط کی منظوری دی ہے، اس پر یکم جولائی 2021سے عمل درآمد ہوگا۔

    امارات کی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق نئے طریقہ کار کے مطابق ببلز کے نام پر چھوٹے گروپس میں بچوں کو کم تعداد میں رکھا جائے گا تاہم ان ببلز میں اب تعداد بڑھائی جاسکے گی۔

    45دن اور2 سال تک عمر تک بچوں کے گروپ میں اب 8 کے بجائے12 بچے رکھے جاسکیں گے، دو سال سے چار سال عمر تک ببل گروپ میں 10 کی بجائے 16 بچے رکھے جاسکیں گے۔

    نرسریوں کو ہر جماعت میں فی بچہ ساڑھے 3 مربع میٹر کی جگہ میسر کرنا لازمی ہوگی جبکہ کھلے مقام کےلیے جگہ پانچ مربع میٹرہوگی۔ نئے طریقہ کار میں ضرورت کے تحت نرسری کو فوری بند کرنے کی بجائے بتدریج بند کرنے کی سہولت دی گئی ہے۔

    جس ببل گروپ میں کوئی ایک انفیکشن کیس سامنے آیا تو اس ببل گروپ کو 10 روز کیلئے بند کیا جائے گا، اگر تین گروپس میں ایسے کیس آجاتے ہیں تو نرسری 10 روز کےلیے بند ہوگی جس کی بنیاد مخصوص اقدامات پر ہوگی۔

    ابوظبی محکمہ برائے تعلیم و دانش میں ارلی چائلد ہڈ ایجوکیشن کی ڈویژن ڈائریکٹر مریم الحلامی کا کہنا تھا کہ نرسریوں نے بھی بچوں کےلیے محفوظ ماحول فراہم کرنے کو یقینی بنایا ہے۔ نرسریوں کے 77 فیصد عملہ کو ویکسین دی جاچکی ہے۔

    نئے طریقہ کار میں نرسریوں کے باقاعدہ معا ئنے اور جائزے کے عمل کو یقینی بنایا گیا ہے جبکہ نرسریوں کے عملے کے لیے کورونا پروٹوکولز پر عملدرآمد کی لازمی ورچوئل تربیت کی گئی۔ کڈز فرسٹ گروپ کے بانی، سی ای او کامل نجار نے نئے طریقہ کار کا خیرمقدم کیا ہے۔

  • سعودی عرب : بچے کہاں جائیں؟ نجی اسکولوں سے متعلق بڑا فیصلہ

    سعودی عرب : بچے کہاں جائیں؟ نجی اسکولوں سے متعلق بڑا فیصلہ

    ریاض : سعودی عرب میں نجی اسکول مالکان نے فیصلہ کیا ہے کہ اسکولوں کی نرسری کلاسز بند کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی ٹیچرز کی ملازمت بھی ختم کردی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے مشرقی ریجن ایوان تجارت میں نجی تعلیم و تربیت کمیٹی کے چیئرمین خالد الجویرۃ نے کہا ہے کہ کورونا وبا کے باعث نرسری اسکولوں کے مالکان کو بھاری نقصان ہوا ہے اس لیے انہوں نے ناقابل برداشت خسارے کے بعد نرسری کلاسز بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق خالد الجویرۃ نے بتایا کہ نجی اسکولوں کی انتظامیہ نے نرسری کی نوے فیصد ٹیچرز کی ملازمت کے معاہدے بھی ختم کردیے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ نقصانات سے تنگ آکر نرسری اسکولوں کے مالکان نے اپنے اسکول فروخت کرنا شروع کردیے ہیں۔ مالکان کا کہنا ہے کہ اب وہ مزید خسارے کے متحمل نہیں ہوسکتے۔

    مشرقی ریجن میں محکمہ تعلیم کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ناصر الشلعان نے وعدہ کیا ہے کہ وہ نجی اسکولوں کے مالکان کے مطالبات وزارت تعلیم کے فیصلہ ساز عہدیداروں تک پہنچائیں گے۔

    انہوں نے یہ وعدہ ایسے وقت کیا ہے جب نجی اسکولوں کے مالکان نے ان کے سامنے اپنے مطالبات رکھے تھے۔ خالد الجویرۃ نے بتایا کہ اسکولوں میں حاضری کی معطلی اور بیشتر طلبہ کے سرکاری اسکولوں میں داخلہ لے لینے کے باعث نرسری اسکول ٹریننگ سینٹر اور دیگر اسکول خسارے میں چلے گئے ہیں۔ مجبوراً سکول فروخت کرنا پڑ رہے ہیں جبکہ نرسری اسکولوں کی ٹیچرز کوایک سال کی چھٹی پر بھیج دیا گیا ہے۔