Tag: nusrat shahbaz

  • منی لانڈرنگ کیس:  شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز پر فردِ جرم عائد کردی گئی

    منی لانڈرنگ کیس: شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز پر فردِ جرم عائد کردی گئی

    لاہور : احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز پر فرد جرم عاٸد کر دی اور آئندہ سماعت پر گواہان کو شہادتوں کے لیے طلب کر لیا ۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت کے جج نسیم احمد ورک نے شہباز شریف فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کی، عدالت نے  شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز پر فرد جرم عائد کردی ۔

    علاج کے لیے بیرون ملک ہونے کے باعث نصرت شہباز کی جگہ ان کے نماٸندے محمد نواز عدالت میں پیش ہوئے ، جن کے ذریعے فرد جرم عائد کی گٸی ، جس کے بعد عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہان کو شھادتوں کے لیے طلب کر لیا ۔

    دوران سماعت حمزہ شہباز نے عدالت میں پیش ہو کر حاضری مکمل کروائی تاہم شہباز شریف کی جانب سے حاضری معافی کی درخواست جمع کروائی گٸی۔

    جس میں کہا گیا کہ سیڑھیوں سے گرنے کے باعث کمر پر چوٹ لگی ہے اور ڈاکٹرز نے دو ہفتے کے بیڈ ریسٹ کا مشور ہ دیا ہے، جس کی وجہ سے وہ عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے ۔

    عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوٸے سماعت 18 اکتوبر تک ملتوی کر دی جبکہ احتساب عدالت نے آشیانہ اقبال ہاوسنگ اور رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت بھی 18 اکتوبر تک ملتوی کر دی اور دونوں مقدمات میں گواہان کو شہادتوں کے لیے طلب کر لیا ۔

  • ایف بی آر کا مریم نواز اور نصرت شہباز پر ٹیکس عائد ،  نوٹسز جاری

    ایف بی آر کا مریم نواز اور نصرت شہباز پر ٹیکس عائد ، نوٹسز جاری

    اسلام آباد : ایف بی آر نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اور شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز پر ٹیکس عائد کر کے نوٹسز جاری کر دیئے اور ٹیکس ادائیگی کے لئے 23 جولائی تک مہلت دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو( ایف بی آر) نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اور شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز کو ٹیکس نوٹسز جاری کردیے۔

    ایف بی آر مریم نواز اور نصرت شہباز کو انکم سپورٹ لیوی ٹیکس 2013 کے نوٹسز بھی جاری کر چکا ہے۔

    ایف بی آر نے مریم نواز پر 6 لاکھ 57 ہزارروپے انکم سپورٹ لیوی اور 6 لاکھ روپے ڈیفالٹ سرچارج عائد کیا ہے جبکہ مجموعی طور پر 12 لاکھ 57 ہزار روپے کے ٹیکس نوٹس جاری کئے گئے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق مریم نواز کے سال 2013 کے منقولہ اثاثہ جات 13 کروڑ 14 لاکھ روپے پر ٹیکس عائد کیا گیا اور انکم سپورٹ لیوی سال 2013 کی مد میں 6 لاکھ 57 ہزارٹیکس عائدکیا گیا۔

    ایف بی آر نے نصرت شہباز کو 90 ہزار 210 روپے انکم سپورٹ لیوی اور 82 ہزار 449 روپے ڈیفالٹ سرچارج عائد کیا ہے۔ نصرت شہباز پر مجموعی طور پر ایک لاکھ 72 ہزار 659 روپے ٹیکس عائد کیا گیا ہے۔

    نصرت شہباز کے سال 2013 کے منقولہ اثاثہ جات ایک کروڑ 90 لاکھ 42 ہزار روپے پر ٹیکس عائد کیا گیا تھا۔

    ایف بی آر نے مریم نواز اور نصرت شہباز کو ٹیکس ادائیگی کے لئے 23 جولائی تک مہلت دی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ مقررہ وقت پر ٹیکس ادا نہ کیا گیا تو اکاؤنٹس منجمد کر کے ریکوری کی جائے گی۔