Tag: Nutritionists

  • ایسا ناشتہ جو وزن کم کرے اور بھرپور توانائی بھی دے

    ایسا ناشتہ جو وزن کم کرے اور بھرپور توانائی بھی دے

    ناشتہ دن کی سب سے اہم خوراک ہے، بغیر ناشتہ کیے آفس جانا یا اپنے امور انجام دینا جسمانی اور ذہنی صحت پر منفی اثرات کا سبب بن سکتا ہے۔

    ماہرینِ غذائیت اس بات پر زور دیتے ہیں کہ ناشتہ دن کے آغاز میں جسم اور دماغ کو چاق و چوبند رکھنے میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں ماہر غذائیت ڈاکٹر اریج نے ناشتے میں توانائی اور غذائیت سے بھرپور پکوانوں سے متعلق ناظرین کو آگاہ کیا۔

    انہوں نے بتایا کہ اگر دن کا آغاز ایک اچھے اور طاقتور ناشتے سے ہو تو یہ ناصرف جسمانی بلکہ دماغی صحت کے لیے بھی انتہائی مفید ہے، یہ ہمیں کئی بیماریوں سے بچاتا ہے۔

    ڈاکٹر اریج نے کہا کہ ناشتے میں پروٹین سے بھرا کھانا مل جائے تو آپ کا دن اچھا گزرے گا، اچھے ناشتے میں نشاستہ (کاربوہائیڈریٹ) کی کافی مقدار شامل ہوتی ہے لیکن اس میں زیادہ مقدار میں چکنائی نہیں ہونی چاہیے، گندم کی روٹی، انڈہ، دہی، پھلوں کا تازہ جوس، دودھ اور پھل ایسی غذائیں ہیں جو انسانی جسم کو دن بھر ایند ھن فراہم کرتی ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ گندم اور جو کے دلیہ سے بہتر کوئی غذا نہیں، خواتین اگر صحت مند رہنا چاہتی ہیں تو ناشتے میں جو کا دلیا ضرور کھائیں، سب سے بہتر ناشتہ ایسا ہوتا ہے جو آسانی سے ہضم ہونے والا ہو۔

    یہ بات ہمیشہ یاد رکھنی چاہیے کہ ناشتہ سارے دن کی خوراک سے بہتر ہے، جو لوگ ناشتے کو غیر ضروری سمجھتے ہیں وہ بہت بڑی غلط فہمی کا شکار ہیں۔

  • کولیسٹرول پر قابو پانے کے چند آسان طریقے

    کولیسٹرول پر قابو پانے کے چند آسان طریقے

    ہماری روز مرہ کی زندگی میں جنک فوڈز کا استعمال دن بہ دن بڑھ گیا ہے جس کی وجہ سے کولیسٹرول میں اضافے کی شکایت تقریباً ہر تیسرے یا چوتھے فرد کو ہو رہی ہے کیونکہ جو کھانے ہم کھارہے ہیں وہ غذائیت کے اعتبار سے مناسب نہیں۔

    ماہرین غذائیت کا کہنا ہے کہ جسم میں کم کثافتی لیپو پروٹین کی سطح جسے کولیسٹرول کی خطرناک حد کہا جاتا ہے اس سطح کا تناسب بڑھنے کا تعلق غذا اور روزمرہ کی روٹین سے ہے۔

    اگر آپ جسم کو مقررہ مقدار کے مطابق پروٹین، لحمیات اور کاربوہائیڈریٹ فراہم نہیں کریں گے تو عنقریب آپ کا نہ صرف کولیسٹرول تیزی سے بڑھے گا بلکہ ساتھ ہی جسم میں ایسے مادوں کی نشوونما بڑھے گی جو براہِ راست آپ کو دل کی بیماریوں میں مبتلا کردیں گے جس کی ابتداء کولیسٹرول کی زیادتی سے شروع ہوتی ہے۔

    آج ہم آپ کو گھر میں استعمال ہونے والی کی وہ عام چیزیں جو اگر اعتدال سے استعمال کی جائیں تو آپ کی صحت بھی برقرار رہے گی اور کولیسٹرول جیسے ضدی مرض سے بھی بچ جائیں گے۔

    ہلدی

    ہلدی اینٹی بیکٹریل اور اینٹی انفلامیٹری ہے اور ساتھ ہی اس میں ایسے مرکبات پائے جاتے ہیں جو جسم میں کولیسٹرول کی سطح کو کنٹرول رکھنے میں آپ کی مدد کرتے ہیں لیکن اگر آپ اس کو کھانے کے علاوہ دودھ کے ساتھ روزانہ استعمال کریں تو یہ نہ صرف جسم کی غذائیت کو مکمل کرتی ہے بلکہ جسم کی چربی بڑھنے سے بھی بچاتی ہے۔

    لہسن

    لہسن میں ایلیسن اور سلفر کی بھرپور مقدار ہوتی ہے جو اینٹی کولیسٹرول کا کام کرتی ہے اور جہاں کولیسٹرول کی سطح میں اضافہ ہونے لگتا ہے یہ جسم کے خلیات کو اتنا طاقتور بنادیتا ہے جہاں کولیسٹرول کے بڑھنے کی جگہ نہیں بچتی۔ اس کو کھانا بنانے میں استعمال کریں اور ساتھ ہی نہار منہ دیسی لہسن چبا کر کھائیں یہ آپ کے جسم کے لئے بہت مفید ہے۔

    گرین ٹی

    گرین ٹی جہاں وزن کم کرنے کا ایک مکمل نسخہ ہے وہیں کولیسٹرول کے لئے بھی ایک مفید حل ہے۔ اس کو پینے سے آنتوں کو بھی سکون ملتا ہے اور ساتھ ہی اضافی کولیسٹرول کو جسم سے خارج کرنے میں آسانی ہوتی ہے۔

    السی کے بیج

    السی کے بیجوں میں اومیگا تھری فیٹی ایسڈ پایا جاتا ہے جس کو اگر آپ پکا کر کھائیں تو بھی اور گرم پانی کے ساتھ نگل لیں تو بھی دونوں طرح سے کولیسٹرول کو بڑھنے سے روکنے میں مفید ہے۔

    دھنیا

    دھنیے میں فولک ایسڈ، وٹامن اے، سی، کے اور بیٹا کیروٹن پایا جاتا ہے جوکہ جسم میں اضافی فیٹ، کولیسٹرول اور ایل ڈی ایل بڑھنے نہیں دیتا۔ اس کو آپ رات سونے سے ایک گھنٹہ قبل گرم پانی کے ساتھ استعمال کریں یہ نظامِ ہاضمہ کو بھی بہتر بناتا ہے اور فیٹ کو کنٹرول کرتا ہے۔

    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    نوٹ : مندرجہ بالا تحریر معالج کی عمومی رائے پر مبنی ہے، کسی بھی نسخے یا دوا کو ایک مستند معالج کے مشورے کا متبادل نہ سمجھا جائے۔