Tag: Oath

  • سندھ کابینہ کے ارکان نے حلف اٹھا لیا

    سندھ کابینہ کے ارکان نے حلف اٹھا لیا

    کراچی: سندھ کابینہ کے ارکان نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

    8 فروری کو عام انتخابات کے نتیجے میں تشکیل پانے والی سندھ کابینہ نے آج منگل کو حلف اٹھا لیا، گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے صوبائی کابینہ کے ارکان سے حلف لیا۔

    حلف اٹھانے والوں میں سردار شاہ، ضیا لنجار، جام خان شورو، ناصر شاہ، شرجیل میمن، عذرا پیچوہو، سعید غنی، حاجی علی حسن زرداری، سردار بخش مہر، ذوالفقار شاہ، بابل بھیو اور احسان مزاری شامل ہیں۔

    حلف برداری کی تقریب میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، چیف سیکریٹری سمیت بیورو کریٹس، بزنس کمیونٹی و دیگر عمائدین شہر نے شرکت کی۔

  • حافظ نعیم نے انگریزی میں حلف اٹھانے سے انکار کر دیا

    حافظ نعیم نے انگریزی میں حلف اٹھانے سے انکار کر دیا

    کراچی: بلدیاتی نمائندوں کی تقریب حلف برداری کے دوران اس وقت دل چسپ صورت حال پیدا ہو گئی جب امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے انگریزی میں حلف اٹھانے سے انکار کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں تمام بلدیاتی عہدیداروں نے حلف اٹھا لیا، نارتھ ناظم آباد ٹاؤن میں تقریب حلف برداری میں اس وقت دل چسپ صورت حال پیدا ہو گئی جب حافظ نعیم نے انگریزی میں حلف اٹھانے سے انکار کیا۔

    امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا قومی زبان کو عزت دیجیے، تاہم اسسٹنٹ کمشنر حازم بھنگوار نے فرمائش کی کہ 2 منٹ لگیں گے، انگریزی میں ہی کر لیجیے، حافظ نعیم نے پھر بھی اردو میں ہی حلف کے الفاظ ادا کیے۔

    25 ٹاؤنز کے نمائندوں کی مختلف مقامات پر حلف برداری کی تقریبات منعقد ہوئیں، ڈسٹرکٹ سینٹرل میں پی ٹی آئی کے ارکان حلف برداری میں شریک نہیں ہوئے، ضلع شرقی کی ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گلشن اقبال اور صفورہ کے منتخب ارکان کی حلف برداری بھی مکمل ہو گئی۔ چینسر ٹاون، لیاری ٹاؤن کے منتخب چیئرمین، وائس چیئرمین اور جنرل کونسلر نے بھی حلف اٹھایا۔

    سکھر سمیت سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی میونسپل کارپوریشن، ٹاؤن کونسل، ضلع کونسل، ڈسٹرکٹ کونسل اور یونین کونسل کے تمام بلدیاتی نمائندوں کے لیے مختلف مقامات پر تقریب حلف برداری کا انعقاد کیا گیا۔

  • کراچی: بلدیاتی انتخابات کے منتخب اراکین آج حلف اٹھائیں گے

    کراچی: بلدیاتی انتخابات کے منتخب اراکین آج حلف اٹھائیں گے

    کراچی: شہر قائد میں بلدیاتی انتخابات کے منتخب اراکین آج حلف اٹھائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے 239 یو سی چیئرمین، وائس چیئرمین، اور وارڈ ممبرز کی حلف برداری کی تقریب آج ہوگی، کورنگی میں حلف برداری کی تقریب کوسٹ گارڈ چورنگی ڈگری کالج ڈھائی نمبر میں دوپہر 12 بجے منعقد ہوگی۔

    ضلع شرقی میں حلف برداری کی تقریب ڈی سی آفس میں صبح 10 سے دوپہر 3 بجے تک جاری رہے گی، ضلع جنوبی میں بھی حلف برداری ڈی سی کمپلیکس میں صبح 11 اور دوپہر 3 بجے منعقد ہوگی۔

    ضلع کیماڑی میں صبح 11 بجے حلف برداری کی تقریب پیراڈائز بینکوئٹ حب ریور روڈ میں ہوگی، ضلع غربی کے بلدیاتی نمائندوں کے لیے حلف برداری تقریب ڈپٹی کمشنر آفس غربی میں 11 بجے ہوگی۔

    ضلع وسطی میں صبح 10 بجے کمپری ہینسیو اسکول بلاک 8 عزیز آباد میں 12 بجے ہوگی، سیکٹر 5 ای نیو کراچی میں 1 بجے کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج بلاک ایم نارتھ ناظم آباد میں ہوگی۔

    ضلع وسطی میں ایک بجے میجر ضیاالدین اسکول ناظم آباد نمبر 2 اور 1:30 پر لیاقت آباد 10 نمبر پر ہوگی، ضلع ملیر میں صبح 11 بجے رائل بینکوئٹ بالمقابل ملیر کورٹ پر مختلف اوقات میں بلدیاتی نمائندوں کو بلایا گیا ہے۔

  • حمزہ شہباز نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

    حمزہ شہباز نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

    لاہور: صوبہ پنجاب کے نو منتخب وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے، گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن نے وزیر اعلیٰ سے حلف لیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس میں لاہور میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں ارکان اسمبلی اور اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

    گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن نے نو منتخب وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز سے حلف لیا جس کے بعد وہ صوے کے نئے وزیر اعلیٰ منتخب ہوگئے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے لیے ووٹنگ ہوئی تھی، ووٹنگ کے بعد ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری نے چوہدری شجاعت کے خط کو جواز بنا کر مسلم لیگ ق کے 10 ووٹ مسترد کرتے ہوئے حمزہ شہباز کو وزیر اعلیٰ پنجاب برقرار رکھنے کا اعلان کیا تھا۔

    دوست محمد مزاری نے کہا کہ چوہدری شجاعت کے خط کے مطابق ق لیگ کے تمام ارکان حمزہ شہباز کو ووٹ دیں گے جبکہ انہوں نے خط میں ارکان کے نام لے کر حمزہ شہباز کو ووٹ دینے کی ہدایت کی تھی۔

    ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ پرویز الٰہی کو ملنے والے 10 ووٹ مسترد کرتا ہوں اور ووٹوں کی اکثریت کی بنیاد پر حمزہ شہباز وزیر اعلیٰ پنجاب رہیں گے

  • طالب علم کی شکایت نے تھائی وزیراعظم کو کابینہ سمیت کٹہرے میں‌ پہنچا دیا

    طالب علم کی شکایت نے تھائی وزیراعظم کو کابینہ سمیت کٹہرے میں‌ پہنچا دیا

    بینکاک:تھائی لینڈ میں طالبِ علم کی شکایت پر وزِیر اعظم اپنی کابینہ سمیت عدالت کے کٹہرے میں پہنچ گئے, احتساب آفس کا کہنا ہے کہ وزیر اور کابینہ ارکان نے حلف اٹھاتے ہوئے آئین کی مکمل پابندی سے متعلق جملہ ادا نہیں کیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایک طالبِ علم کی جانب سے دائر شکایت کے جائزے کے بعد احتساب آفس نے فیصلہ سنایا کہ وزیر اعظم پر یوتھ چان اوچا اور ان کی کابینہ نے حلف اٹھاتے ہوئے آئین کی مکمل پابندی سے متعلق جملہ ادا نہیں کیا جو آئین کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔

    احتساب آفس کے سیکرٹری جنرل کے مطابق حلف برداری کے دوران آئین کی طرف سے لازم کردہ تمام جملوں کو نہ پڑھ کر آئین کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ پانیوپونگ چوراک نامی ایک طالبِ علم نے 20 اگست کو احتساب عدالت میں شکایت جمع کروائی تھی جس میں اس نے کہا تھا کہ غیر مکمل حلف برداری، کابینہ کی ساخت، حکومتی پالیسی کے بیان اور متوقع پالیسی کے ناپائیدار استعمال کی راہ ہموار کر کے حکومت کے عوامی مفاد میں کام کی صلاحیت کو متاثر کرسکتی ہے۔

  • لاہور ہائی کورٹ کے نئے چیف جسٹس نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا

    لاہور ہائی کورٹ کے نئے چیف جسٹس نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا

    لاہور: چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد انوار الحق کے ریٹائر ہونے کے بعد نئے چیف جسٹس سردار محمد شمیم خان نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق حلف برداری کی تقریب آج صبح گورنر ہاوس میں ہوئی، گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے نئے چیف جسٹس سردار محمد شمیم خان سے عہدے کا حلف لیا۔

    تقریب میں صوبائی حکومتی عہدیداران، جسٹس مامون رشید شیخ، جسٹس محمد فرخ عرفان خان سمیت دیگر ججز، لاء افسر اور وکلاء رہنماء شریک ہوئے۔

    خیال رہے کہ ریٹائر ہونے والے چیف جسٹس محمد انواز الحق کے اعزاز میں گذشتہ روز ایک تقریب منعقد کی گئی جہاں ان کی پیشہ ورانہ خدمات کو خوب سراہا گیا۔

    لاہورہائی کورٹ کے نئے چیف جسٹس انوارالحق نے حلف اٹھا لیا

    تقریب میں صدر سپریم کورٹ بار امان اللہ کنرانی، وائس چئیرمین پاکستان بار، وائس چئیرمین پنجاب بار، صدر لاہور ہائیکورٹ بار اور علاقائی بنچز کے صدور کے علاوہ دیگر وکلاء رہنماء شریک ہوئے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ سال اکتوبر کو جسٹس محمد انوارالحق نے لاہور ہائی کورٹ کے 47ویں چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔

    قبل ازیں سابق چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد یاور علی مدت ملازمت مکمل ہونے پر ریٹائر ہوئے تھے۔

  • مراد سعید نے بطور وفاقی وزیر اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا

    مراد سعید نے بطور وفاقی وزیر اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا

    اسلام آباد: وزیر مملکت برائے مواصلات مراد سعید نے بطور وفاقی وزیر اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے ان کی کارکردگی سے مطمئن ہونے کے بعد انہیں اس عہدے پر فائز کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مواصلات کے وزیر مملکت مراد سعید کو وفاقی وزیر کے عہدے پر تعینات کردیا گیا۔ مراد سعید نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

    چند روز قبل وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں وزرا کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا تھا جس میں وزیر مملکت مراد سعید کی کارکردگی متاثر کن رہی تھی۔

    بعد ازاں وزیر اعظم عمران خان نے مراد سعید کو وفاقی وزیر بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔

    اس سے قبل مراد سعید کا کہنا تھا کہ 100 روز میں وزارت مواصلات کے اخراجات میں 50 فیصد کمی کردی اور 46 کروڑ روپے کی ریکوری کر کے ریونیو میں 3 ارب 72 کروڑ روپے کا اضافہ کیا۔

  • عارف علوی کے عہدہ صدارت سنبھالنے پر امریکا کی مبارک باد

    عارف علوی کے عہدہ صدارت سنبھالنے پر امریکا کی مبارک باد

    واشنگٹن: صدارتی انتخابات میں کامیابی کے بعد عارف علوی نے آج عہدے کا حلف اٹھا لیا جس پر امریکا نے بھی مبارک باد پیش کی۔

    تفصیلات کے مطابق صدارتی انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرنے والے ڈاکٹر عارف علوی نے آج اپنے عہدے کا حلف اٹھایا جس پر امریکا کی جانب سے مبارک باد پیش کی گئی۔

    ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ہیدر نوئرٹ کا کہنا تھا کہ امریکی حکومت اور عوام عارف علوی کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ خطے کے امن واستحکام، اور ترقی کے لیے پاکستان کے ساتھ کام کرنے کے منتظر ہیں۔

    ڈاکٹرعارف علوی نےصدرپاکستان کےعہدے کا حلف اٹھا لیا

    خیال رہے کہ آج ہونے والی تقریب حلف برداری میں وزیراعظم عمران خان، چیف جسٹس میاں ثاقب نثار، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل زبیرمحمود حیات شریک تھے۔

    وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، گورنرسندھ عمران اسماعیل اور شاہ فرمان، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال، اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر بھی ایوان صدر میں موجود تھے۔

    یاد رہے کہ ڈاکٹرعارف علوی گزشتہ ہفتے ہونے والے صدراتی انتخاب میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہوکر ملک کے آئندہ صدرمنتخب ہوئے تھے۔ صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی پیشے کے اعتبار سے ڈینٹسٹ ہیں، وہ پہلی بار 2013 کے انتخابات میں کراچی سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

  • نامزد گورنر پنجاب چوہدری سرور کی تقریب حلف برداری ملتوی

    نامزد گورنر پنجاب چوہدری سرور کی تقریب حلف برداری ملتوی

    لاہور: نامزد گورنر پنجاب چوہدری سرور کی تقریب حلف برداری ملتوی کردی گئی، ان کی حلف برداری کی تقریب 28 اگست کو منعقد ہونا طے تھی۔

    تفصیلات کے مطابق نامزد گورنر پنجاب چوہدری سرور کی تقریب حلف برداری اب صدارتی الیکشن کے بعد ہوگی، چوہدری سرور پہلے بطور سینیٹر صدر کے لیے عارف علوی کو اپنا ووٹ دیں گے۔

    ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کی ہدایت پر چوہدری سرور صدارتی انتخاب کے بعد حلف اٹھائیں گے، تقریب حلف برداری کے سلسلے میں 50 فیصد دعوت نامے تقسیم ہوچکے تھے۔

    چاہدری سرور کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ عارف علوی کو صدر منتخب کرانے میں بحیثیت سینیٹر اپنا کردار ادا کرنا چاہتا ہوں، 4 ستمبر کے بعد بطور گورنر پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھاؤں گا۔

    اسد قیصر اسپیکر قومی اسمبلی اور چوہدری محمد سرور گورنر پنجاب نامزد

    خیال رہے کہ رواں ماہ دس اگست کو چوہدری محمد سرور کو بطور گورنر پنجاب منتخب کیا گیا تھا، پی ٹی آئی نے موقف اختیار کیا تھا کہ چوہدری سرور وفاق کی نمائندگی کریں گے، چوہدری سرور پنجاب کی سیاست سے بخوبی واقف ہیں، ان کے سیاسی تجربے سے فائدہ اٹھائیں گے۔

    یاد رہے کہ مشترکہ صدارتی امیدوار کے معاملے پر اپوزیشن میں ڈیڈ لاک برقرار ہے، ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی نے اعتزاز احسن کا نام واپس لینے سے انکار کردیا ہے، آصف زرداری کے فیصلے سے پیپلزپارٹی نے فضل الرحمان کو آگاہ کردیا۔

    واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے عارف علوی کو اور پیپلزپارٹی نے اعتزاز احسن کو صدارتی امیدوار نامزد کیا ہے جبکہ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف جلد اپوزیشن کے امیدوار کا اعلان کریں گے۔

  • پنجاب کی نگراں کابینہ میں شامل ہونے والے 4 نئے وزرا نے حلف اٹھالیا

    پنجاب کی نگراں کابینہ میں شامل ہونے والے 4 نئے وزرا نے حلف اٹھالیا

    لاہور : پنجاب کی نگراں کابینہ سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ غیر جانبدار اور غیر سیاسی ہونے کا دعویٰ اپنے قول و فعل سے ثابت کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کی نگراں کابینہ میں 4 نئے وزرا نے شمولیت اختیار کی ہے، جن سے گورنر پنجاب گورنر ہاوس میں چاروں نگراں وزرا سے حلف لیا تھا، نگراں کابینہ میں شامل ہونے والے وزرا سعیداللہ بابر، سردار تنویر الیاس، میاں نعمان کبیر، چوہدری فیصل ہیں۔

    نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری کی زیر صدارت نو منتخب نگراں کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں نگراں وزیر اعلیٰ نے حلف اٹھانے والے نئے وزرا کو مبارک باد پیش کی۔

    ڈاکٹر حسن عسکری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ صاف، شفاف الیکشن پر بھر پور توجہ مرکوزکی جائے، نگران حکومت غیر سیاسی ہے، اپنے قول و فعل سے ثابت کریں گے، انتخابات میں جو بھی جیت کر آئے گا اقتدار اسے سونپیں گے۔

    نگراں وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ کابینہ میں شامل تمام وزرا متعلقہ محکموں میں فیصلوں کیلئے با اختیار ہوں گے، کابینہ آزادانہ اور منصفانہ فیصلوں سے انفرادی حیثیت نمایاں کرے گی، کابینہ ارکان کیلئے ہمہ وقت میسر رہوں گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ فیصلے باہمی مشاورت سے کریں گے، ہمارے عمل سے اجتماعیت اور غیرجانبداری نظر آئے گی، ہر جماعت کو برابری کی بنیاد پر مواقع مہیا کریں گے، عوامی خدمت اور بروقت الیکشن کے مینڈیٹ پر پورا اتریں گے۔

    پنجاب کی نگراں کابینہ کے اجلاس کے دوران عوامی فلاح و بہبود اور خدمت کے پروگرامز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں