Tag: Obama on trump

  • اوباما نے ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی پر کیا کہا؟

    اوباما نے ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی پر کیا کہا؟

    سابق امریکی صدر بارک اوباما نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر ڈونلڈ ٹرمپ اور جے ڈی وینس کو صدارتی انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد دی ہے۔

    انہوں نے لکھا ہے کہ یہ بات واضح ہے کہ بہت سارے معاملات پر ریپبلکن امیدوار کے ساتھ ہمارے گہرے اختلافات کے پیشِ نظر صدارتی انتخابات کا یہ نتیجہ ہماری امیدوں کے مطابق نہیں ہے لیکن اگر جمہوریت کو برقرار رکھنا ہے تو یہ تسلیم کرنا ہو گا کہ ہمارا نقطۂ نظر ہمیشہ کامیاب نہیں ہو سکتا۔

    سابق امریکی صدر نے لکھا ہے کہ جمہوریت کو برقرار رکھنے کے لیے اقتدار کی پُرامن منتقلی کو قبول کرنے کے لیے ہمیشہ تیار رہنا چاہیے، مجھے اور مشعل کو نائب صدر کملا ہیرس اور گورنر ٹم والز پر فخر ہے، یہ دونوں ہی غیر معمولی شخصیات ہیں اور دونوں نے ایک قابلِ ذکر انتخابی مہم چلائی۔

    بارک اوباما نے مزید لکھا ہے کہ ہم صدارتی انتخابات کے دوران دل و جان سے اپنے فرائض کی ادائیگی کرنے والے افسران اور رضا کاروں کے ہمیشہ شکر گزار رہیں گے، امریکا جیسے بڑے ملک میں جہاں مختلف رنگ و نسل کے لوگ رہتے ہیں تو ضروری نہیں کہ ہم ہمیشہ ایک دوسرے کی رائے سے اتفاق کریں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکا کی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ ہم ان لوگوں کے ساتھ بھی نیک نیتی اور خوش اخلاقی سے پیش آئیں جن سے ہمارے شدید اختلافات ہیں۔

  • ڈونلڈٹرمپ کو اقتدارمیں لانے کا مطلب ترقی کو داؤ پر لگانا ہوگا، اوباما

    ڈونلڈٹرمپ کو اقتدارمیں لانے کا مطلب ترقی کو داؤ پر لگانا ہوگا، اوباما

    واشنگٹن : امریکی صدر اوباما نے بھی ٹرمپ کے غیر اخلاقی بیانات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ڈونلڈٹرمپ کو اقتدار میں لانے کا مطلب ترقی کو داؤ پر لگانا ہوگا، ٹرمپ کی ناقابل یقین بیان بازی پریشان کن مثال ہے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کی خواتین سے متعلق غیر اخلاقی گفتگو کی ریکارڈنگ منظر عام پرآنے کے بعد امریکا میں تمام ہی حلقوں کی جانب سے مذمتوں کا سلسلہ جاری ہے۔

    شکاگو میں ایک تقریب میں صدراوباما کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے بیانات ری پبلکن پارٹی کے تحت آنا پریشان کن ہے، ٹرمپ کو بنیادی اقدار کی پروا نہیں، ٹرمپ تہذیب سے لاپروا، جمہوریت کے احترام سے محروم ہیں۔

    براک اوباما کا مزید کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو اقتدار میں لانے کا مطلب ترقی کو داؤ پر لگانا ہوگا، ٹرمپ خود کو اونچا دکھانے کیلئے خواتین، اقلیتوں، تارکین وطن کو نیچا دکھانا چاہتے ہیں۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک آڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد معذرت کرلی تھی، فیس بک پرجاری کی گئی ویڈیو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے خواتین کے بارے میں نازیبا گفتگو کرنے پرمعافی مانگی، ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر کسی کو ٹھیس پہنچی ہے تو میں اس پر معذرت چاہتا ہوں۔


    مزید پڑھیں : خواتین کیخلاف نازیبا ریمارکس، ڈونلڈ ٹرمپ نے معافی مانگ لی


    واضح رہے کہ امریکی اخبار نے حال ہی میں دوہزارپانچ میں بنائی گئی ڈونلڈ ٹرمپ کی ایک آڈیو جاری کی تھی، جس میں انہیں خواتین کے بارے میں نازیبا ریمارکس دیتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، آڈیو کلپ میں ٹرمپ ٹی وی میزبان بلی بش کیساتھ خواتین سے متعلق غیراخلاقی گفتگو کررہے تھے۔