Tag: october

  • پاکستانی خواتین بریسٹ کینسر کی علامات کے باوجود ڈاکٹرز سے رجوع نہیں کرتیں

    پاکستانی خواتین بریسٹ کینسر کی علامات کے باوجود ڈاکٹرز سے رجوع نہیں کرتیں

    پاکستان سمیت دنیا بھر میں اکتوبر کا مہینہ خواتین میں چھاتی کے سرطان کے خلاف شعور اجاگر کرنے کے لیے منایا جاتا ہے تاکہ اس مرض سے متعلق آگاہی فراہم کر کے خواتین کو اس بیماری سے بچایا جاسکے۔

    ماہرین صحت کے مطابق پاکستان میں عموماً خواتین اس مرض کی علامات کے باوجود ڈاکٹروں سے رجوع نہیں کرتیں، جس کی وجہ سے یہ سرطان خطرناک صورت حال اختیار کر لیتا ہے۔

    چھاتی کا سرطان عموماً خواتین میں پایا جاتا ہے، ماہرین صحت کے مطابق ہر سال پاکستان میں ہزاروں خواتین اس مرض کی تشخیص سے متعلق آگاہی نہ ہونے کی وجہ سے زندگی کی بازی ہار جاتی ہیں۔

    ماہرین صحت کہتے ہیں کہ کسی بھی قسم کی شکایت کی صورت میں خواتین کو اپنے معالج سے فوری رجوع کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔

    ماہرین صحت کے مطابق ہر 10 میں 9 خواتین کو اس مرض کی شکایات کا سامنا ہوتا ہے، اس کے لیے ضروری ہے کہ خواتین فوری طور اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں تاکہ ابتدائی مرحلے ہی میں کسی خطرناک صورت حال کو کنٹرول کیا جا سکے۔

    ماہرین صحت کے مطابق ابتدائی شکایت کی صورت میں چھاتی کا کینسر قابل علاج ہے، اور بر وقت تشخیص و علاج مریض کو خطرناک صورت حال سے بہ آسانی نکالنے میں مدد گار ثابت ہوتا ہے۔

    یاد رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں اکتوبر کا مہینہ چھاتی کے سرطان کے خلاف آگاہی کے طور منایا جاتا ہے، تاکہ خواتین کو اس مرض سے بچایا جا سکے۔

  • دنیا کا سب سے بڑا اور جدید ترین جھولا، ویڈیو دیکھیں

    دنیا کا سب سے بڑا اور جدید ترین جھولا، ویڈیو دیکھیں

     دبئی : یو اے ای حکومت نے دنیا کے سب سے بڑے اور اونچے جھولے "عین دبئی” کو عوام کے لیے کھولنے کا اعلان کر دیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اکیس اکتوبر سے اس کا باقاعدہ آغاز کردیا جائے گا، بلیو واٹر آئس لینڈ پر بنایا گیا یہ جھولا 250 میٹر بلند ہے اور 360 ڈگری کا نظارہ پیش کرتا ہے۔

    جھولے میں 48 پوڈز نصب ہیں اور ہر کسی میں 10 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے جو جلد ہی شہر کے اہم پرکشش مقامات میں شامل ہو جائے گا۔ ایک بار پورا چکر لینے میں یہ جھولا 38 منٹ کا وقت لے گا جس میں سیاح فضا میں بیٹھ کر دبئی کے خوبصورت نظاروں کا مزا لے سکیں گے۔

    جھولے کے کیبنز کو انتہائی پر تعش طریقے سے ڈیزائن کیا گیا ہے، جو ڈنر کے ساتھ ساتھ پارٹی کے لیے بھی استعمال کیا جا سکے گا۔ جس میں سالگرہ، منگنی اور شادیوں کی تقریبات بھی منعقد کی جا سکیں گی۔

    کیبن کو تین حصوں میں ڈیزائن کیا گیا ہے، جس میں پہلی آبزرویشن کیبنز، سوشل کیبنز اور پرائیویٹ کیبنز شامل ہیں۔ آبزرویشن کیبنز ان لوگوں کے لیے بہترین پلیٹ فارم مہیا کرتی ہیں جنہوں نے پہلے کبھی دبئی کا 360 ڈگری کا مشاہدہ نہیں کیا۔

    جس کے ٹکٹ کی فروخت کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے، اس کی قیمت 130 درہم مقرر کی گئی ہے جبکہ 3 سے12سال کے بچوں کا ٹکٹ 100 درہم ہوگا۔

  • رواں برس اکتوبر کے اختتام پر برطانیہ کو یورپی یونین سے نکال لیں گے، بورس جانسن

    رواں برس اکتوبر کے اختتام پر برطانیہ کو یورپی یونین سے نکال لیں گے، بورس جانسن

    لندن : بورس جانسن کا کہنا ہے کہ اگر ایسا نہ ہوا تو پھر اندیشہ ہے ہمیں ایک المیے کی صورت میں سیاست میں شہریوں کے اعتماد سے ہاتھ دھونا پڑیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کی وزارت عظمی کے لیے مضبوط ترین امیدوار اور سابق وزیر خارجہ بورس جانسن کا کہنا ہے کہ وہ 31 اکتوبر تک برطانیہ کو یورپی یونین سے نکال لیں گے۔

    بورس جانسن نے باور کرایا کہ اگر ایسا نہ ہوا تو حکومت المناک طور پر اعتماد سے محروم ہو جائے گی۔

    برطانوی وزارت عظمی کے منصب کی دوڑ میں شامل دیگر چار امیدواروں کے ساتھ ٹی وی پر مناظرے کے دوران جانسن کا کہنا تھا کہ ہمیں 31 اکتوبر تک نکلنا ہو گا کیوں کہ اگر ایسا نہ ہوا تو پھر مجھے اندیشہ ہے کہ ہمیں ایک المیے کی صورت میں سیاست میں (شہریوں کے) اعتماد سے ہاتھ دھونا پڑیں گے۔

    خیال رہے کہ برطانیہ کی یورپین یونین سے علیحدگی (بریگزٹ) کے حامی بورس جانسن نے تھریسامے کے بعد ملک کے اگلے وزیراعظم کے امیدوار کے لیے ہونے والی ووٹنگ کے دوسرے مرحلے میں 40 فیصد ووٹ حاصل کرکے اپنی برتری قائم رکھی ہے۔

    مقامی میڈیا کا کہنا تھا کہ بورس جانسن نے 313 میں سے 126 ووٹ حاصل کرکے تیسرے مرحلے کے لیے جگہ بنائی ہے جبکہ دیگر 4 امیدواروں نے 33 یا اس سے زیادہ ووٹ حاصل کیے۔

  • ماہ اکتوبرکے پہلے ہفتے میں مہنگا ئی کی شرح میں اضافہ ریکارڈ

    ماہ اکتوبرکے پہلے ہفتے میں مہنگا ئی کی شرح میں اضافہ ریکارڈ

    کراچی : نئے مالی سال 2018-19ء کے چوتھے ماہ ( اکتوبر 2018ء ) کے پہلے ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 0.54 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ، جبکہ کم آمدنی والے طبقے کے لئے قیمتوں کے حساس اعشاریئے میں0.40 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔

    پاکستان بیور و شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق 5 اکتوبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران زندہ مرغی، انڈے، سگریٹ ،ٹماٹر، لہسن ، ایل پی جی ،سرخ مرچ ،دال مونگ ، آٹا ، گندم،گڑ ، ویجی ٹیبل گھی ،ملک پاؤڈر، بیف، کپڑے، سمیت 17 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ۔

    کیلے، پیاز ،آلو،چینی ،چنے کی دال ، دال مسور ،دال ماش، سمیت 7اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی، ادارہ شماریات کے مطابق پیٹرول ،ہائی سپیڈ ڈیزل، مٹی کاتیل ،بجلی کے نرخ ، گیس نرخ ،مسٹرڈ آئل ، تازہ دودھ ، دھی، اری چاول، نمک ، باسمتی چاول ،مٹن ،صابن ، چائے،خوردنی تیل، سمیت 29 اشیائے کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

    ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتہ کے مقابلے میں آٹھ ہزار تا بارہ ہزار آمدنی ، بارہ ہزار تا اٹھارہ ہزارآمدنی ، اٹھارہ ہزار تا پینتیس ہزار تک اور پینتیس ہزار روپے سے زائد آمدنی والے افراد کے گروپوں کیلئے قیمتوں کے حساس اعشاریے میں بالترتیب 0.45، 0.50 ،0.55 اور 0.59 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

  • حکومت کا پیٹرول کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ

    حکومت کا پیٹرول کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ

    اسلام آباد: حکومت پاکستان نے ماہ اکتوبرمیں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے.

    تفصیلات کے مطابق اکتوبر میں‌ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں‌ اضافہ نہیں ہوگا. پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھی جائیں‌ گی.

    وزیر خزانہ اسدعمر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ حکومت عوام پراضافی بوجھ نہیں ڈالنا چاہتی، اس لیے قیمتیں برقرار رہیں گی.

    یاد رہے کہ عالمی سطح پر خام تیل مہنگا ہونے کے باعث اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز دی تھی.

    ماہرین کی جانب سے یکم اکتوبر سے ملک بھر میں پیٹرول اور ڈیزل چار روپے فی لیٹر مہنگا ہونے کا امکان کیا جارہا تھا۔

    البتہ اب حکومت نے اکتوبرمیں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے.

    وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے ہائی اسپیڈڈیزل پر سیلز ٹیکس 22 سے کم کر کے17.5فیصدکرنےکا فیصلہ کیا ہے، پٹرول  پر سیلز ٹیکس9.5فیصدسےکم کرکے4.5فیصدکیاجارہاہے۔

    انھوں نے کہا کہ مٹی کےتیل پرسیلزٹیکس6سےکم کرکے1.5فیصدکیاجائےگا،  لائٹ ڈیزل پرسیلزٹیکس مکمل ختم کیاجارہاہے، وزیراعظم کی ہدایت پرقیمتیں نہ بڑھانےکافیصلہ کیاگیا۔ 

    واضح رہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آریا ہے، خام تیل کی قیمتوں میں چار سال کی بلند ترین سطح پر ہے، جس کے باعث مقامی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے.

  • آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کی ٹرافی 3اکتوبر کو پاکستان لائی جائے گی

    آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کی ٹرافی 3اکتوبر کو پاکستان لائی جائے گی

    دبئی : آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2019کی ٹرافی پیر سے اکیس ممالک کے دورے پر روانہ ہوگی جبکہ چمچماتی ٹرافی تین اکتوبر کو پاکستان لائی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ دوہزار انیس کی ٹرافی کے سفر کا آغاز ستائیس اگست کو دبئی سے ہوگا، ٹرافی اپنے سفر میں پانچ براعظم کے اکیس ممالک اور ساٹھ شہروں سے ہوتی ہوئی میزبان ملک انگلینڈ پہنچے گی۔

    ورلڈ کپ کی چمچماتی ٹرافی تین اکتوبر کو پاکستان لائے جائے گی اور چار اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم میں ٹرافی کی رونمائی ہوگی، پاکستان میں دس روز کے دوران کراچی اور اسلام آباد میں بھی ٹرافی کی منہ دکھائی ہوگی۔

    نو ماہ کے دوران ورلڈ کپ کی ٹرافی ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والے ممالک کے علاوہ دیگر گیارہ ممالک میں بھی جائے گی، جس میں نیپال ، امریکہ اور جرمنی بھی شامل ہیں۔

    دنیائے کرکٹ پر حکمرانی کی جنگ آئندہ سال تیس مئی سے برطانیہ میں شروع ہوگی اور پہلا میچ میزبان انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان اوول کے میدان میں کھیلا جائے گا جبکہ پاکستان کا پہلا میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف ہے جو 31 مئی کو ٹرینٹ برج پر کھیلا جائے گا۔

    یہ ٹورنامنٹ 14 جولائی تک جاری رہے گا۔

    آئی سی سی نے ورلڈ کپ 2019 کا فارمیٹ وہی رکھا گیا ہے جس کے تحت آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں منعقدہ ورلڈ کپ 1992 ورلڈ کپ کھیلا گیا تھا، راؤنڈ رابن طرز پر کھیلے گئے تاریخی ایونٹ میں پاکستان ٹیم نے عمران خان کی قیادت میں ورلڈ کپ اپنے نام کیا تھا۔

    پاکستان اپنا آخری لیگ میچ پانچ جولائی کو لارڈز کے تاریخی میدان پر کھیلے گی۔

  • افغانستان میں پارلیمانی انتخابات کا اعلان کر دیا گیا

    افغانستان میں پارلیمانی انتخابات کا اعلان کر دیا گیا

    کابل: طویل جنگ اور شدید سیاسی بحران کا شکار افغانستان نے تین سال کی تاخیر کے بعد ملک میں پارلیمانی انتخابات کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق افغان الیکشن کمیشن کی جانب سے ملکی قانون ساز اسمبلی (پارلیمنٹ) کے لیے انتخابات کا اعلان کر دیا گیا ہے جس کے تحت پارلیمانی انتخابات رواں سال اکتوبر میں منعقد کیے جائیں گے۔

    افغانستان میں پارلیمانی انتخابات 2015 میں ہونا تھے تاہم صدارتی انتخابات کے بعد پیدا ہونے والی سیاسی صورت حال کے باعث اسے  مسلسل موخر کیا جاتا رہا لیکن اب الیکشن کمیشن نے حتمی فیصلہ لیتے ہوئے انتخابات رواں برس اکتوبر میں کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔

    عوام الیکشن میں بھرپور حصہ لیں، افغان صدر کرزئی

    افغانستان کے پارلیمانی انتخابات میں 249 نشتوں کے لیے نمائندوں کا انتخاب کیا جائے گا جبکہ منتخب ہونے والے اراکین کی مدت پانچ برس ہوگی، علاوہ ازیں چار سو اضلاع میں علاقائی انتخابات بھی اسی سال منعقد ہوں گے۔

    دوسری جانب افغان الیکشن کمیشن کے سربراہ گلا جان عبد البدیع صیاد کا کہنا تھا کہ افغانستان کی صورت حال انتہائی سنگین ہے ایسے حالات میں انتخابات کرانا ایک مشکل کام  ہے، تاہم الیکشن کے لیے ووٹرز کی رجسٹریشن کا عمل رواں ماں شروع کر دیا جائے گا۔

    افغانستان میں الیکشن کمیشن پرحملہ،5افراد ہلاک

    خیال رہے کہ افغانستان میں آئندہ صدارتی انتخابات اپریل 2019 میں منعقد کیا جائے گا تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ افغان حکومت کی سکیورٹی صلاحیت انتہائی کمزور ہے جس کے باعث خیال یہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ حکومت انتخابات کا انعقاد کرانے کی صلاحیت نہیں رکھتی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • راحت فتح علی خان کا نیا گانا مداحوں کو بھا گیا

    راحت فتح علی خان کا نیا گانا مداحوں کو بھا گیا

    ممبئی: بالی ووڈ اداکار ورون دھون کی فلم ’اکتوبر‘ کے لیے راحت فتح علی خان کی آواز میں گایا جانے والا گانا مداحوں میں بے حد مقبول ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق اداکار ورون دھون کی فلم ’ اکتوبر‘ کے ایک گانے میں راحت فتح علی خان نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے، گانے کو مداحوں کی جانب سے بے پناہ مقبولیت حاصل ہورہی ہے۔

    گانے کے بول ہیں ’میری روح کرے گی فریاد، میری سانسیں کہیں کھو جائیں گی، تب بھی تو میرے سنگ رہنا‘ گانے کا میوزک انوپم رائے نہیں دیا ہے جبکہ بول تنویر غازی نے لکھے ہیں۔

    ورون دھون نے گانے کی ویڈیو کو سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر پر مداحوں سے شیئر کیا اور کہا کہ وہ ایک ایسا گانا پیش کررہے ہیں جو ایک سچی محبت کے ساتھ درد کی عکاسی کرتا ہے۔

    اداکار ورون دھون کا مزید کہنا تھا کہ یہ گانا اتنا پرسوز اور جذبات سے بھرپور ہے کہ گانے کی شوٹنگ کے دوران انہیں حقیقت میں رونا آگیا اور انہیں آنکھوں میں گلیسیرین لگانے کی ضرورت بھی پیش نہیں آئی۔

    شوجیت سرکار کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’اکتوبر‘ میں ورون دھون سنجیدہ مزاج فائیو اسٹار ہوٹل ملازم کا کردار نبھا رہے ہیں جبکہ ان کے ہمراہ نئی اداکارہ بنیتا سندھو مرکزی کردار ادا کررہی ہیں۔

    ورون دھون کی فلم ’اکتوبر‘ 13 اپریل کو سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی، فی الوقت ورون ان دنوں فلم ‘سوئی دھاگہ‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس میں ان کے ساتھ انوشکا شرما مرکزی کردار ادا کررہی ہیں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل ورون دھون نے اپنے والد ڈیوڈ دھون کی ہدایت کاری میں بنائی جانے والی کامیڈی رومینٹک فلم جڑواں 2 میں ڈبل رول نبھایا تھا فلم باکس آفس پر کامیاب رہی جبکہ فلم میں ورون کے ساتھ جیکولین فرنینڈس اور تپسی پنو نے جلوے بکھیرے تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سندھ حکومت کا دیوالی سے قبل ہندو ملازمین کو تنخواہیں دینے کا حکم

    سندھ حکومت کا دیوالی سے قبل ہندو ملازمین کو تنخواہیں دینے کا حکم

    کراچی: سندھ حکومت نے مذہبی رسم دیوالی سے قبل تمام ہندو ملازمین کو تنحواہیں، پینشن سمیت تمام الاؤنس دینے کا فیصلہ کرلیا ہے جس کے تحت ایڈیشنل فنانس سیکریٹری 30 اکتوبر سے قبل ادائیگی کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کے ماتحت ہندو ملازمین کو دیوالی سے قبل تنخواہیں دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت ایڈیشنل فنانس سیکریٹری نے نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ نوٹی فکیشن میں ہدایت کی گئی ہے کہ ’’30 اکتوبر کو ہندو برادری کی دیوالی سے قبل تمام مستقل، کنٹریکٹ اور یومیہ آمدنی(ڈیلی ویجز) والے تمام ہندو ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کردی جائے‘‘۔

    ایڈیشنل سیکریٹری نے کہا ہے کہ ’’تمام ہندو ملازمین کے ماہ اکتوبر کے واجبات (تنخواہیں، پینشن سمیت تمام الاؤنس) یکم نومبر کے بجائے 24 اکتوبر تک ادا کردیئے جائیں تاکہ ہندو ملازمین دیوالی کی مذہبی رسم صحیح طریقے سے منا سکیں‘‘۔

    diwali-post-1

    دوسری جانب 16 اکتوبر کو یومِ شہداء ریلی سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اعلان کیا تھا کہ ’’پاکستان میں بسنے والی اقلیت ہندو برادری سے اظہار یکجہتی کے لیے 30 اکتوبر کو کراچی میں ملک کی تاریخ کی سب سے بڑی دیوالی منائی جائے گی جس کے ذریعے مودی اور عالمی دنیا کو یہ پیغام جائے گا کہ پاکستان میں سب کو برابر کے حقوق دیے جاتے ہیں‘‘۔

    واضح رہے ہندو برادری ہر سال موسم بہار میں دیوالی کے مذہبی تہوار کو مناتی ہے، اس کو عام طور پر دیوالی، دیپاولی اور عید چراغاں بھی کہا جاتاہے۔ اس مذہبی رسم کی تیاریاں 9 دن قبل شروع ہوجاتی ہیں اور دیگر رسومات 5 دن تک جاری رہتی ہیں۔

    اماوس یا نئے چاند کی رات کو اہم سمجھا جاتا ہے اور اس دن سب اپنے گھروں میں چراغ روشن کرتے ہیں۔ یہ تہوار شمسی قمری ہندو تقویم کے مہینے کارتیک میں منایا جاتا ہے، گریگورین تقویم کے مطابق یہ تہوار وسط اکتوبر اور وسط نومبر میں آتا ہے۔

  • اکتوبر کا دوسرا ہفتہ: مہنگائی کی شرح میں اعشاریہ 23 فیصد کمی

    اکتوبر کا دوسرا ہفتہ: مہنگائی کی شرح میں اعشاریہ 23 فیصد کمی

    اسلام آباد : نئے مالی سال 2015-16ء کے چوتھے ماہ ( اکتوبر 2015ء ) کے دوسرے ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.23 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ کم آمدنی والے طبقے کے لئے قیمتوں کے حساس اعشاریئے میں 0.17 فیصدکمی دیکھنے میں آئی ۔

    پاکستان بیورو شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق 16 اکتوبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران گندم ،آٹا، ٹماٹر،تازہ دودھ ،دھی ،چائے ،دال ماش، چنے کی دال ،مسور کی دال ،مونگ کی دال،ملک پاؤڈ، مٹن ،مسٹرڈ آئل ،سمیت 16 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

    زندہ مرغی،انڈے،ایل پی جی ،پیاز ،آلو، گڑ،چینی ، اری چاول، باسمتی چاول ، ویجی ٹیبل گھی اور کیلے سمیت13 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

    ادارہ شماریات کے مطابق پٹرول ،ڈیزل ، مٹی کاتیل ،گیس نرخ ،نمک ،بیف ،لہسن ، سرخ مرچ ، خوردنی تیل، بجلی کے نرخ ،کپڑے اورکھلا گھی سمیت 24 اشیائے کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

    ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتہ کے مقابلے میں آٹھ ہزار تا بارہ ہزار آمدنی ، بارہ ہزار تا اٹھارہ ہزارآمدنی ، اٹھارہ ہزار تا پینتیس ہزار تک اور پینتیس ہزار روپے سے زائد آمدنی والے افراد کے گروپوں کیلئے قیمتوں کے حساس اعشاریے میں بالترتیب 0.20، 0.22 ،0.25 اور 0.25 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ۔