Tag: -ocupied-kashmir

  • مقبوضہ کشمیر کے اسپتال قبرستانوں میں تبدیل ہوگئے، صدر آزاد کشمیر

    مقبوضہ کشمیر کے اسپتال قبرستانوں میں تبدیل ہوگئے، صدر آزاد کشمیر

    اسلام آباد: صدر آزاد کشمیر مسعود خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے اسپتال قبرستانوں میں تبدیل ہوگئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صدر آزاد کشمیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں محاصرے کا 45واں دن ہے، بھارت نے کشمیر کو آج تک قید میں رکھا ہوا ہے۔

    مسعود خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بازار ویران اور سنسان ہیں، مقبوضہ وادی میں کشمیری گھروں میں محصور ہیں، بھارت نے عالمی قوانین اور اپنے آئین کی دھجیاں اڑا دی ہیں۔

    صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں اشیائے خوردونوش، ادویات ختم ہوچکی ہیں۔

    مزید پڑھیں: بھارت سے تجارتی تعلقات کو انسانی حقوق سے مشروط کیا جائے: صدر آزاد کشمیر

    واضح رہے کہ چند روز قبل مسعود خان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری بھارت پر دباؤ ڈالے، عالمی برادری بھارت پر تجارتی و اقتصادی پابندیاں عائد کرے۔

    مسعود خان کا کہنا تھا کہ یورپین پارلیمنٹ میں 17 ستمبر کو کشمیر کی صورتحال پر بحث ہوگی، مسئلہ کشمیر پر یورپی پارلیمنٹ میں بحث کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدامات عالمی امن کے لیے خطرہ ہیں، بھارت کے خلاف تجارتی اور سفری پابندیاں عائد کی جائیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ بھارت سے تجارتی تعلقات کو انسانی حقوق سے مشروط کیا جائے، بھارت پاکستان کے خلاف جوہری ہتھیار کے استعمال کی دھمکی دے رہا ہے۔

  • کشمیریوں پر بھارت نے بہت ظلم کیا، ہزاروں افراد کو غائب کیا گیا، مشعال ملک

    کشمیریوں پر بھارت نے بہت ظلم کیا، ہزاروں افراد کو غائب کیا گیا، مشعال ملک

    لاہور: حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ بھارت نے کشمیریوں پر بہت ظلم کیا ہے، مقبوضہ کشمیر میں ہزاروں افراد کو غائب کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کشمیری رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہاہے کہ 6 ماہ سے شوہر سے بات نہیں ہوئی ہے، یاسین ملک کو ڈیتھ سیل میں رکھا گیا ہے۔

    مشعال ملک نے کہا کہ یاسین ملک کی حالت دن بہ دن خراب ہورہی ہے، پاکستانی کشمیر کی آزادی کے لیے بھرپور جدوجہد کریں۔

    مشعال ملک نے کہا کہ سلامتی کونسل کا اجلاس بڑا بریک تھرو ہے، ہمیں اب اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلے کے حل پر فوکس کرنا ہے۔

    مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کا 40 واں روز، وادی میں 3900 کروڑ کا نقصان

    ان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں ہمارا پیغام اس وقت پہنچ رہا ہے، لوگ کہتے ہیں ہندوستان بڑی مارکیٹ ہے اس لئے لوگ اسے کچھ نہیں کہے گا، میں اس بات سے اختلاف کرتی ہوں، ہمیشہ ایسا نہیں رہے گا۔

    واضح رہے کہ آرٹیکل 370 اے ختم کرنے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ ہوئے 40 روز گزر گئے، وادی میں کرفیو کے باعث 3 ہزار 9 سو کروڑ کا نقصان ہوچکا ہے۔

    کشمیری 40 روز سے بھارتی جبر میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، مقبوضہ کشمیر میں اسکول اور تجارتی مراکز بند ہیں۔

    کشمیری میڈیا کے مطابق وادی میں کرفیو کے باعث 3 ہزار 9 سو کروڑ کا نقصان ہو چکا ہے، وادی میں کھانا میسر ہے اور نہ ہی دوائیں۔ سرینگر اسپتال انتظامیہ کے مطابق کرفیو کے باعث روزانہ 6 مریض لقمہ اجل بن جاتے ہیں۔

    وادی میں حریت رہنماؤں سمیت 11 ہزار کشمیری قید اور نظر بند ہیں۔

  • پاکستان کشمیری بھائیوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گا، شاہ محمود قریشی

    کراچی: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیری بھائیوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر تشکیل دیئے گئے کشمیر سیل کا تیسرا اجلاس ہوا جس کی صدارت وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کی، شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم نے آج مظفرآباد میں بھارت سمیت دنیا کو واضح پیغام دیا ہے۔

    وزیر خارجہ نے حالیہ دورہ جنیوا اور میٹنگز کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بتاتے ہوئے اطمینان ہے کہ ہماری کاوشیں درست ثابت ہورہی ہیں، دنیا کا مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر تشویش کا اظہار غیرمعمولی ہے۔

    مزید پڑھیں: مودی ہمت ہے تو کرفیو اٹھاؤ اور تماشہ دیکھو ، شاہ محمود قریشی

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سول سوسائٹی، ہیومن رائٹس تنظیموں نے کشمیر کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا ہے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تحفظات کا اظہار کیا گیا۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ 58 ممالک کی حمایت سے مشترکہ بیان کا جاری ہونا حوصلہ افزا ہے، آج بھارت کے سفاکانہ طرز عمل کے خلاف آوازیں اٹھ رہی ہیں، بھارت کے جھوٹے بیانیے کے قلعی کھل رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کی جانب سے بھی مثبت ردعمل سامنے آرہا ہے، اب کشمیر پہلی مرتبہ یورپین پارلیمنٹ میں بطور ایجنڈا زیر بحث آئے گا، جنرل اسمبلی میں وزیراعظم کشمیریوں کا مقدمہ دنیا کے سامنے پیش کریں گے۔

  • یو این ایچ آر سی کمیشن بنا کر مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم کی تحقیقات کرائے، وزیراعظم

    یو این ایچ آر سی کمیشن بنا کر مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم کی تحقیقات کرائے، وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ یو این ایچ آر سی کمیشن بنا کر مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم کی تحقیقات کرائے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر عالمی برادری کے ردعمل کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

    وزیراعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر عالمی برادری نے تشویش کا اظہار کیا ہے، سیکریٹری جنرل یو این نے کشمیر کی صورت حال پر اظہار تشویش کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں چھ ہفتے سے جاری کرفیو پر تشویش خوش آئند ہے، عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے لاتعلق نہیں رہنا چاہئے۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے وحشیانہ محاصرے پر آواز اتھانی چاہئے، یو این ایچ آر سی کی جان سے جاری کردہ بیان کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں۔

    عمران خان نے کہا کہ یو این ایچ آر سی کمیشن بنا کر مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم کی تحقیقات کرائے، اقوام متحدہ کے پاس اب فیصلوں پر عمل کرنے کا وقت ہے۔

    واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں آج مسلسل 36ویں روز بھی کرفیو برقرار ہے اور مواصلات کا نظام مکمل پر معطل ہے، قابض انتظامیہ نے ٹیلی فون سروس بند کررکھی ہے جبکہ ذرائع ابلاغ پرسخت پابندیاں عائد ہیں۔

    کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مواصلاتی نظام کی معطلی، مسلسل کرفیو اور سخت پابندیوں کے باعث لوگوں کو بچوں کے لیے دودھ، زندگی بچانے والی ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

  • مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور بربریت بے نقاب ہورہی ہے، شاہ محمود قریشی

    مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور بربریت بے نقاب ہورہی ہے، شاہ محمود قریشی

    جنیوا: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور بربریت بے نقاب ہورہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی تین روزہ دورے پر جنیوا پہنچ گئے، وزیر خارجہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا دیکھ رہی ہے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت طاری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ آج انسانی حقوق سے متعلق کانفرنس ہوئی ہے، ہیومن رائٹس کمیشن کے چیئرمین کی جانب سے بیان دیا گیا ہے، چیئرمین ہیومن رائٹس کمیشن کی جانب سے بیان حوصلہ افزا ہے۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ جو ہم کہتے آئے ہیں آج ہیومن رائٹس کونسل کے آغاز پر اس کا اظہار ہوا ہے، اجلاس میں انسانی حقوق، کرفیو کے خاتمے سے متعلق بات ہوئی ہے۔

    مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیرکے لیے ایمنسٹی انٹرنیشنل کی کشمیرکو بولنے دو مہم

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کمیونی کیشن بلیک آؤٹ کے خاتمے کی بات ہوئی، مقبوضہ کشمیر میں سلب کیے گئے بنیادی حقوق کی بحالی کا مطالبہ کیا گیا۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انشا اللہ آئندہ دو روز میں یہاں سے بھارت کو واضح پیغام دیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں آج مسلسل 36ویں روز بھی کرفیو برقرار ہے اور مواصلات کا نظام مکمل پر معطل ہے، قابض انتظامیہ نے ٹیلی فون سروس بند کررکھی ہے جبکہ ذرائع ابلاغ پرسخت پابندیاں عائد ہیں۔

    کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مواصلاتی نظام کی معطلی، مسلسل کرفیو اور سخت پابندیوں کے باعث لوگوں کو بچوں کے لیے دودھ، زندگی بچانے والی ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

  • بھارت چاہے اپنی پوری فوج لگالے ہر صورت میں آزادی لے کر رہیں گے، صدر آزاد کشمیر

    بھارت چاہے اپنی پوری فوج لگالے ہر صورت میں آزادی لے کر رہیں گے، صدر آزاد کشمیر

    اسلام آباد : آزاد کشمیر کے صدر مسعود خان نے کہا ہے کہ بھارت چاہے اپنی ساری فوج مقبوضہ کشمیر میں لگا لے پھر بھی ہم آزادی لے کر رہیں گے، دنیا میں بالآخر ہمارا بیانیہ سچا مان لیا گیا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال سے متعلق سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔

    صدرآزاد کشمیر کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ پانچ اگست کے بعد عالمی اخبارات میں کشمیریوں کی آواز سنی گئی،
    یہ جنگ مقبوضہ کشمیر کی نہیں بلکہ خطے کے امن واستحکام کی جنگ ہے۔

    مقبوضہ کشمیر میں دس ہزار افراد بشمول بچوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ جارحیت ہندوستان نے کی مگر ہم اپنے دفاع کے لیے تیار ہیں، چاہے بھارت اپنی ساری فوج مقبوضہ کشمیر میں لگا لے پھر بھی ہم آزادی لے کر رہیں گے۔

    مسعود خان نے مزید کہا کہ حق کا ساتھ دینے پر بھارت کے باضمیر افراد کو سلام پیش کرتا ہوں، دو طرفہ مذاکرات سے نتائج حاصل کرنے کی کوشش نہیں کریں گے، دنیا میں بالآخر ہمارا بیانیہ سچا مان لیا گیا، پوری دنیا کے میڈیا نے پہلی مرتبہ بھارت اور مودی کو دہشت گرد کہا۔ ہم کشمیر کو ہندواتوا کا نشانہ نہیں بننے دیں گے۔

    سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں مسائل انتہائی نازک ہیں وہاں انٹرنیٹ، فون اور اطلاعات کا بند ہونا تشویشناک ہے۔ کشمیریوں کو اطلاعات تک رسائی نہ ہونے سے انتہائی گھمبیر مسئلہ پیدا ہو گیا ہے۔

  • بھارت میں ہٹلر طرز کی حکومت ہے، پاکستان اقلیتوں کے لئے جنت سے کم نہیں، اعجاز احمد شاہ

    بھارت میں ہٹلر طرز کی حکومت ہے، پاکستان اقلیتوں کے لئے جنت سے کم نہیں، اعجاز احمد شاہ

    ننکانہ صاحب : وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ اکھنڈ بھارت کا نعرہ صرف ہندوؤں کے لئے لگایا جا تا ہے، بھارت میں ہٹلر طرز کی حکومت ہے جبکہ پاکستان اقلیتوں کے لئے کسی جنت سے کم نہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع کونسل ہال ننکانہ صاحب میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، تقریب میں سکھ، مسیحی اور ہندو رہنماؤں سمیت شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

    انہوں نے کہا کہ بے گناہ کشمیریوں پر بھارتی افواج کے مظالم انتہائی قابل مذمت ہیں, بھارت میں سکھوں، مسلمانوں اور مسیحیوں کے ساتھ ہمیشہ سے امتیازی سلوک روا رکھا جا رہا ہے، اکھنڈ بھارت کا نعرہ صرف ہندوؤں کے لئے لگایا جا تا ہے، بھارت میں ہٹلر طرز کی حکومت ہے.

    ان کا مزید کہنا تھا کہ قیام پاکستان اور ملکی ترقی میں اقلیتوں کے کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا، پاکستان اقلیتوں کے لئے کسی جنت سے کم نہیں ہے۔ پاکستان پیار، امن اور مساوات کا درس دینے والے بابا گورو نانک کی دھرتی ہے جن کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو اس دنیا کو امن کا گہوارا بنایا جا سکتا ہے۔

    وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ انصاف کی بالا دستی قائم ہو نے تک ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ افسوس ہم قیام پاکستان کا مقصد بھول گئے ہیں، ہم سب کو ملکی ترقی میں اپنا کردار ایمانداری سے ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

  • بھارت کا کشمیر سے متعلق غیر قانونی اقدام، اسپیکر اسد قیصر کا ایرانی ہم منصب کو فون

    بھارت کا کشمیر سے متعلق غیر قانونی اقدام، اسپیکر اسد قیصر کا ایرانی ہم منصب کو فون

    اسلام آباد : اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ایران نے ہمیشہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کی، توقع ہے کہ وہ اب بھی عالمی سطح پر بھرپور کردار ادا کرے گا۔ 

    یہ بات انہوں نے ایران کی مجلس اسلامی کے سربراہ ڈاکٹرعلی لاریجانی سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی نے بھی پارلیمانی سفارت کاری کا آغاز کرتے ہوئے دوسرے دن بھی دیگر ممالک کے پارلیمان کے سربراہوں سے رابطے تیز کردیئے۔

    کشمیر کی موجودہ صورتحال سے متعلق اسپیکر اسد قیصر نے ایران کی مجلس اسلامی کے سربراہ ڈاکٹرعلی لاریجانی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔

    اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے بھارت کی جانب سے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم اور کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کرنے کے اقدام سے آگاہ کیا۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیر میں ظلم وستم کا بازار گرم کر رکھا ہے، اب تک لاکھوں بےگناہوں کو قتل کیا گیا، پیلٹ گنز کے ذریعے نوجوانوں کی بینائی چھینی گئی لیکن بھارتی مظالم آزادی کشمیر کی تحریک کو سرد نہیں کرسکے۔

    اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر کا مزید کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کو آئندہ اسپیکر کانفرنس کے ایجنڈے میں رکھا جائے، ایران اور کشمیر کے صدیوں پر محیط لسانی، ثقافتی اور مذہبی روابط ہیں، ایرانی قیادت نے ہمیشہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کی، توقع ہے ایران مسئلہ کشمیر سے متعلق عالمی سطح پر بھرپور کردار ادا کرے گا۔

    مجلس اسلامی ایران کے سربراہ ڈاکٹرعلی لاریجانی کا کہنا تھا کہ پاکستان ایران کا عزیز برادر ملک ہے، مشکل گھڑی میں ایران کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑے گا، ایران کشمیر کے معاملے پر کڑی نگاہ رکھے ہوئے ہے، ٹیلی فونک گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے عالمی فورمز پر مشترکہ لائحہ عمل اپنانے پر اتفاق کیا۔

  • پاکستان کشمیر سے متعلق اپنے مؤقف سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے گا، فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد : مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیر سے متعلق اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا، کسی بھی صورتحال میں لچک نہیں دکھائیں گے، وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم مسائل کا سبب ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں ہریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر پر وفاقی کابینہ کو خطے کی صورتحال سے آگاہ کیا۔

    مسئلہ کشمیر کے تناظر میں مختلف فوکل گروپ بنادیئے گئے ہیں، پاکستان کشمیر سے متعلق اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا اور نہ ہی کسی بھی صورتحال میں کسی لچک کا مظاہرہ کیا جائے گا۔

    وزیراعظم کشمیر پرجواسٹریٹجی بنائیں گے کابینہ ان کا پورا ساتھ دے گی۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ کراچی کلین اپ پر کابینہ میں تفصیل سے بحث ہوئی ہے۔

    ایف ڈبلیو او کی ڈیوٹی لگائی گئی تھی کہ کراچی کیلئے مشترکہ روڈ میپ لائیں وزیر اعظم کو کراچی کے ناقص سیوریج سسٹم اور دیگرامور سےآگاہ کیا گیا ہے۔

    ملک میں وسائل کی منصفانہ تقسیم نہ ہونے سےمسائل کا سامنا ہے، کراچی کے نالوں میں اترکر صفائی کرنے والوں کو انعام ملنا چاہیے، گلی محلوں سے کچرا اٹھانے پریوتھ اور مزدوروں کو معاوضہ دیا جائے گا۔

    فردوس عاشق اعوان کا مزید کہنا تھا کہ یہ بات شہباز شریف کو یاد دلانا ہوگی کہ سجن جندال سجنوں سے ملنے کہاں آتا تھا، ن لیگ نے ملک دشمنی کارکردگی پر ایوارڈ حاصل کیا ہے۔

    ن لیگ کے کسی لیڈر نے آج تک کلبھوشن دہشت گرد کا نام تک نہ لیا، سابقہ وزیراعظم نوازشریف بھی کلبھوشن کا نام لیتے شرماتے تھے، مریم صفدر کے اعلیٰ کارنامے میں پہلے ہی بیان کرچکی ہوں۔

    ایک سوال کے جوب میں انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری میرے بھائی اور دل کے قریب ہیں، فواد چوہدری کابینہ میں بھی ہلکی پھلکی موسیقی جاری رکھتے ہیں، کابینہ میں ہلکی پھلکی موسیقی سےماحول خوشگوار رہتا ہے، آج اس موسیقی کی زد میں شیخ رشید بھی آگئے۔

  • مختلف ممالک میں بھارت کیخلاف مظاہرے، کشمیر سے متعلق فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ

    مختلف ممالک میں بھارت کیخلاف مظاہرے، کشمیر سے متعلق فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ

    ڈھاکہ / دہلی / لندن / پیرس: جموں و کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے کے بھارتی یکطرفہ فیصلے کیخلاف دنیا بھر میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ مظاہرین نے مودی سرکار کیخلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے کشمیر سے متعلق فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق باھرتی لوک سبھا میں آرٹیکل 370کے نفاذ کیخلاف مختلف ممالک میں احتجاج کیا جارہا ہے، اس سلسلے میں بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

    سیکڑوں افراد نعرے لگاتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے۔ مظاہرے میں مقبوضہ کشمیر سے متعلق مودی حکومت کے فیصلے کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی۔

    شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے اسلامی اندولن بنگلہ دیش کے رہنما مولانا ذکریا نے کہا کہ بھارت نے دنیا بھر کے مسلمانوں کا دل دکھایا اور انہیں ناراض کیا ہے۔

    دوسری جانب دہلی میں کمیونسٹ پارٹی نے بھی بھارتی حکومت کے فیصلے کیخلاف احتجاج کیا۔ مظاہرین نے مودی سرکار سے کشمیر سے متعلق فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا۔

    اس کے علاوہ بھارتی پنجاب میں بھی مودی سرکار کے خلاف بڑا مظاہرہ کیا گیا، امریکا اور برطانیہ میں کشمیر میں حالیہ بھارتی دہشت گردی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، شرکاء نے مودی سرکار کے خلاف زبردست نعرے بازی کی۔

    علاوہ ازیں کشمیر کونسل ای یو نے بھی برسلز میں احتجاجی کیمپ لگانے کا اعلان کردیا، پاکستان بار کونسل نے بھارتی اقدام کیخلاف کل ہڑتال کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    اس کے علاوہ بھارتی اقدام کےخلاف پیرس میں ایفل ٹاور پر بھی بڑا مظاہرہ کیا گیا، ایفل ٹاورکی فضا”مودی دہشت گرد”کےنعروں سے گونج اٹھی، شرکاء نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کا اقدام نامنظور کے نعرے لگاتے ہوئے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ کشمیریوں کو ان کا جائز حق دیا جائے۔