Tag: -ocupied-kashmir

  • جموں و کشمیر کی حیثیت ایک متنازع علاقے کی ہے، چینی سفیر یاؤ جنگ

    جموں و کشمیر کی حیثیت ایک متنازع علاقے کی ہے، چینی سفیر یاؤ جنگ

    کراچی : چینی سفیر یاؤ جنگ نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کی حیثیت ایک متنازع علاقے کی ہے، امید ہے پاکستان اور بھارت کشمیری عوام کے مستقبل کیلئے بہتر فیصلہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق چین نے بھی جموں و کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے کے بھارتی یکطرفہ فیصلے کی مخالفت کردی ہے۔

    اپنے ایک بیان میں چینی سفیر یاؤ جنگ کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر کی حیثیت ایک متنازع علاقے کی ہے، اقوام متحدہ کی قرارداد، پاکستان اور بھارت کے درمیان معاہدے ریکارڈ پر موجود ہیں۔

    دونوں ممالک کو عالمی قوانین اور اصولوں کی پاسداری کی جانی چاہیے، چینی سفیریاؤ جنگ کا مزید کہنا تھا کہ امید ہے پاکستان اور بھارت کشمیری عوام کے مستقبل کیلئے بہتر فیصلہ کریں گے۔

    پاکستان اوربھارت کا بہتر فیصلہ پورے خطے کیلئے مفید ہوگا، چینی سفیر نے کہا کہ چین اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کا مستقل رکن ہے۔

    چین کی امن واستحکام کی بحالی کے لئے خصوصی ذمہ داریاں ہیں، پاکستان اور چین ہمیشہ انصاف اور عالمی قوانین کی پاسداری کیلئے ساتھ رہے۔

    مزید پڑھیں: بھارتی حکومت جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کا تحفظ یقینی بنائے، آئی سی جے

    واضح رہے کہ عالمی کمیشن آف جیورسٹس (آئی سی جے) نے بھارت کی جانب سے آرٹیکل 370 کی منسوخی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی حکومت جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کا تحفظ یقینی بنائے۔

    عالمی کمیشن آف جیورسٹس نے کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ اس اقدام سے بھارت میں قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کو دھچکا لگا۔

    آئی سی جے کے سیکریٹری جنرل سام ظریفی کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت کا اقدام ریاست کشمیر کا درجہ متاثر کرے گا، کشمیریوں پر سخت اور ظالمانہ نئی پابندیاں لگادی گئی ہیں۔

  • کشمیری عوام کو حق خود ارادیت دلوانے کیلئے کسی بھی حد تک جائیں گے، بابر اعوان

    کشمیری عوام کو حق خود ارادیت دلوانے کیلئے کسی بھی حد تک جائیں گے، بابر اعوان

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما بابر اعوان نے کہا ہے کہ بھارت نے خطے کا امن داؤ پر لگا دیا ہے، کشمیری عوام کو حق خود ارادیت دلوانے کیلئے کسی بھی حد تک جائیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال سے ملاقات کے موقع پر کیا، بابر اعوان نے کہا کہ چینی وزارت خارجہ کے کشمیر کی صورت حال پر دئیے گئے بیان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

    گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال سے ملاقات میں بھارتی جارحیت اور کشمیر کی موجودہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر گلگت بلتستان نے موجودہ صورت حال پر سخت اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی پارلیمنٹ میں کی گئی تقریر کشمیری عوام کی بھرپور ترجمانی تھی۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کیلئے وزیراعظم پر عزم ہیں۔ بابر اعوان نے کہا کہ عالمی سطح پر حالیہ بھارتی اقدامات کو ناپسندیدگی سے دیکھا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ چینی وزارت خارجہ کا کشمیر کی صورت حال پر دئیے گئے بیان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے جلد بازی میں خطے کا امن داؤ پر لگا دیا ہے، انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو حق خود ارادیت دلوانے کے لئے کسی بھی حد تک جائیں گے۔

  • مقبوضہ کشمیر میں دوسرے روز بھی کرفیو، ہر قسم کے رابطے منقطع، عوام میں خوف ہراس

    مقبوضہ کشمیر میں دوسرے روز بھی کرفیو، ہر قسم کے رابطے منقطع، عوام میں خوف ہراس

    سری نگر : بھارتی حکومت کی جانب سے جموں و کشمیر کی حیثیت اور خصوصی درجے کے خاتمے کے اعلان کے بعد وادی میں دوسرے دن بھی خوف ہراس برقرار رہا، کرفیو، موبائل فون اور نیٹ کی بندش کے باعث ہر قسم کے رابطے منقطع رہے۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کا دوسرے روز بھی دنیا سے رابطہ منقطع رہا، مقبوضہ کشمیر میں ہرطرف خاردار تاریں ہیں، کسی کو نہیں معلوم کیا ہورہا ہے؟

    مقبوضہ کشمیر میں ٹیلیفون، موبائل نیٹ اور انٹرنیٹ بھی تاحال بند ہے، پوری وادی پر لاکھوں کی تعداد میں بھارتی فوج نے قبضہ کر رکھا ہے۔

    برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق حالیہ بھارتی اقدام کی وجہ سے کشمیری عوام کے اندر شدید غصہ بھرا ہوا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں اسکول اور دیگر تعلیمی ادارے آج بھی بند ہیں۔

    اس حوالے سے کشمیر میڈیا سروس کا کہنا ہے کہ سید علی گیلانی، یاسین ملک اور میرواعظ عمر فاروق سمیت حریت قیادت مسلسل قید و بند کی صوبتیں برداشت کررہے ہیں۔

    کرفیو اور دیگر غیر اعلانیہ پابندیوں کی وجہ سے اخبارات بھی شائع نہیں ہوسکے۔ کشمیر کے تمام دس اضلاع میں کرفیو نافذ ہے کسی کو باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہے۔

    اس کے علاوہ میڈیا نمائندوں کو بھی وہاں جانے اور رپورٹنگ کرنے سے منع کردیا گیا ہے۔ بھارتی فوجیوں نے صحافیوں کے موبائل فون چیک کرکے ان میں موجود تصاویر بھی ڈیلیٹ کروادیں۔

    دوسری جانب کشمیری عوام نے لداخ کو وفاقی علاقہ قرار دینے کے خلاف کارگل میں ہڑتال اور احتجاجی مظاہرہ کیا جبکہ کارگل کی مذہبی اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے بھارتی غیرقانونی اقدام کی سخت الفاظ میں مذمت کی جارہی ہے۔

  • ملک بھر میں بھارتی جارحیت کیخلاف اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں

    ملک بھر میں بھارتی جارحیت کیخلاف اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں

    کراچی / لاہور / اسلام آباد : مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کے خلاف ملک بھر میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے، پاکستانی شہری مظلوم کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلیوں کی صورت میں سڑکوں پر نکل آئے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں نکالی جارہی ہیں، کراچی تا خیبر کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے گونج اٹھے۔

    ریلیوں میں نہتے کشمیریوں کے جذبۂ آزادی کو خراج تحسین پیش کیا گیا، اس حوالے سے مودی سرکار کی مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردی کیخلاف ملک بھر میں شہری مودی سرکار سے نفرت کے اظہار کے لیے سڑکوں پر نکل آئے۔

    کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے زیر اہتمام کراچی میں ریلی نکالی گئی، اس موقع پر ایم کیو ایم کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے پاکستان زندہ باد اور بھارتی مظالم کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

    ریلی کے شرکا نے مظلوم کشمیریوں سے یکجتہی کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی مظالم کی بھرپور مذمت کی، مظاہرین نے بھارتی حکومت کیخلاف بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے۔

    دوسری جانب لاہور میں بھی شہریوں نے کفن پہن کر مودی سرکار کے خلاف نفرت کا اظہار کیا، کفن پوش ریلی میں سول سوسائٹی، تاجر برادری اور دیگر تنظیموں نے شرکت کی، مظاہرین نے کفن پہن کر زمین پر لیٹ کر احتجاج کیا۔

    مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر کی حیثیت ختم کرنے پر لندن میں بھارت کے خلاف مظاہرہ

    علاوہ ازیں اسلام آباد میں بھی شہریوں نے مودی سرکار سے نفرت اور مظلوم کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کیا، میرپور آزاد کشمیر میں بھی بھارتی مظالم کے خلاف ریلی نکالی گئی۔ جس میں بچوں اور بڑوں کی کثیر تعداد شریک تھی، ریلی میں کشمیر سے محبت اور بھارت سے نفرت کا اظہار کیا گیا۔

  • جموں و کشمیر تنازع کی عالمی حیثیت تبدیل کرنے کی ہر کوشش کے مخالف ہیں، پاکستان

    جموں و کشمیر تنازع کی عالمی حیثیت تبدیل کرنے کی ہر کوشش کے مخالف ہیں، پاکستان

    اسلام آباد : پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں تیزی سے بگڑتی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر تنازع کی عالمی حیثیت تبدیل کرنے کی ہر کوشش کے مخالف ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام میں شدید خوف وہراس پایا جاتا ہے، رواں ہفتوں میں38ہزار نیم فوجی دستوں کی تعیناتی خوف کی وجہ ہے۔

    قابض فورسز نے سیاحوں، یاتریوں، طلبا کو کشمیر سے نکلنے کا حکم دیا ہے اور عوام سے کہا ہے کہ مقامی آبادی خوراک ذخیرہ کرلے، ایسے اعلانات شکوک پیدا کررہے ہیں۔

    ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جغرافیہ کی تبدیلی کے خدشات بہت بڑھ چکے، پاکستان مقبوضہ کشمیر کی جغرافیائی یا آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کا مخالف ہے۔

    جموں و کشمیر تنازع کی عالمی حیثیت تبدیل کرنے کی کوشش کے مخالف ہیں، کوئی بھی کوشش اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی سنگین خلاف ورزی ہوگی، بھارت کے منفی عزائم سے خطے کی امن و سلامتی داؤ پر لگ جائے گی۔

    ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت نے ایل او سی پر فائر بندی کی خلاف ورزیوں میں کئی گنا اضافہ کیا، بھارتی فائرنگ سے19جولائی سے3اگست تک6شہری شہید،48زخمی ہوئے، بھارتی فورسزنےبھاری ہتھیاروں کابےہنگم استعمال کیا، بھارتی فورسز نے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچایا۔

    ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ بھارتی فورسز نے تازہ اشتعال انگیزی میں شہریوں پر کلسٹر بم پھینکے، بھارتی جارحیت سے چار سالہ بچےسمیت دو افراد شہید،11 زخمی ہوئے، پاکستان بھارتی فوج کی اشتعال انگیزیوں کی شدید مذمت کرتا ہے، بھارتی منفی سرگرمیاں عالمی انسانی قوانین کی سنگین خلاف ورزیاں ہیں۔

  • بھارت میں انتخابات کا پہلا مرحلہ : ووٹنگ آج ہوگی

    بھارت میں انتخابات کا پہلا مرحلہ : ووٹنگ آج ہوگی

    نئی دہلی : بھارت میں لوک سبھا انتخابات کے پہلے مرحلے میں آج ووٹ ڈالے جائیں گے، مقبوضہ کشمیرمیں بھی انتخابی ڈھونگ رچایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق آبادی کے لحاظ سے دنیا کے دوسرے بڑے ملک بھارت میں آج11اپریل سے لوک سبھا کے انتخابات کے پہلے مرحلے کا آغاز ہوگا، بھارت سے آزادی پانے کی جدوجہد کرنے والی چار ریاستوں میں بھی انتخابی ڈھونگ رچایا جائے گا۔

    بھارت میں ووٹنگ کا پہلا مرحلہ 11 اپریل کو ہوگا، دوسرا 18 اپریل، تیسرا 23 اپریل، چوتھا 29 اپریل، پانچواں 6 مئی، چھٹا 12 مئی اور ساتواں 19 مئی کو ہوگا۔

    مقبوضہ کشمیر سمیت چار ریاستیں ایسی ہیں جو بھارت کے غاصبانہ قبضے سے آزادی حاصل کرنے کی جدوجہد کررہی ہیں۔ انتخابات کے پہلے مرحلے میں ریاستی جبر کے تحت مقبوضہ کشمیر میں بھی نام نہاد ووٹنگ کرائی جائے گی جبکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارت کا انتخابی ڈھونگ پہلے ہی مسترد کرچکے ہیں۔

    سابق کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ٹوئٹ کیا ہے کہ ہائی وے استعمال کرنے والے کشمیریوں کو کاغذی رسید دینے کے بجائے ہاتھ پراسٹمپ لگانا غیرانسانی سلوک ہے۔

    آسام، چھتیس گڑھ، ناگا لینڈ میں بھی عوام بھارتی مظالم کے شکنجے سے نکلنے کے لئے جان کی قربانیاں دے رہے ہیں۔ ان ریاستوں میں بھی کل بھارتی انتظامیہ طاقت کے زور پر ووٹنگ کا ناٹک رچائے گی۔

    تری پورہ، میزو رام اور منی پور کے لوگ بھی بھارت کے آمرانہ رویے اور ذیادتیوں سے آزادی پانے کی جدوجہد میں مصروف ہیں اور بھارت کے جبر سے ڈرکر زبردستی ووٹ ڈالنے پر راضی نہیں۔ واضح رہے کہ پہلے مرحلے میں بیس ریاستوں کی اکیانوے نشستوں کے لئے ووٹنگ کل ہوگی۔

  • مودی سرکار انتخابات سے قبل کشمیر میں کوئی واقعہ رونما کراسکتی ہے، شاہ محمود قریشی

    مودی سرکار انتخابات سے قبل کشمیر میں کوئی واقعہ رونما کراسکتی ہے، شاہ محمود قریشی

    اسلام آباد : وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مودی سرکار الیکشن سے پہلے ایک بار پھر مقبوضہ کشمیر میں کوئی واقعہ رونما کراسکتی ہے، اس کے عزائم سے دنیا کو آگاہ کررہے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے میں میزبان ماریہ میمن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا، وزیرخارجہ نے کہا کہ دو ایٹمی قوتیں لڑائی کا خطرہ مول نہیں لے سکتیں۔

    مودی سرکار نے اپنی مقبولیت بڑھانے کیلئے پلوامہ واقعہ رونما کیا، اس واقعے کے بعد بھارت کے بیانیے کی قلعی کھل گئی ہے، اس کے تمام دعوے جھوٹے ثابت ہوئے۔

    شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ مودی سرکار الیکشن سے پہلےایک ٹائم فریم میں مس ایڈونچر کرسکتی ہے، ایک بار پھر مقبوضہ کشمیر میں کوئی بڑا واقعہ رونما ہوسکتا ہے۔

    پاکستان نے اپنی تشویش ،خدشات اور انٹیلی جنس رپورٹ شیئر کی ہے، اس حوالے سے اقدامات اٹھاتے ہوئے مودی سرکار کے عزائم سے عالمی برادری کو بھی آگاہ کررہے ہیں۔

    وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ26فروری کوبھارت نے جارحیت کی،عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی، جس کے جواب میں پاکستان نے اپنے دفاع میں دو بھارتی جہاز مار گرائے۔

    مودی سرکار اپنے بیانات داخلی سیاست کو مدنظر رکھ کر دے رہی ہے، بھارت میں الیکشن اس کا داخلی معاملہ ہے ہمارا اس سے کوئی تعلق نہیں، محبوبہ مفتی کا بیان مودی سرکار کیخلاف واضح ثبوت ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین کے حوالے سے مزید بات کرنا مناسب نہیں ہے، وہ لندن میں کیا کررہے ہیں یہ بات بھی میرے علم میں نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ مجھے جہانگیر ترین اور شہبازشریف کی لندن میں ممکنہ ملاقات کا بھی علم نہیں ہے، وزیراعظم عمران خان واضح الفاظ میں کہہ چکے ہیں کہ کسی سے بھی ڈیل اور ڈھیل کا کوئی ارادہ نہیں۔

  • بھارت کی ریاستی دہشت گردی جاری، مزید 5 کشمیری شہید، درجنوں زخمی

    بھارت کی ریاستی دہشت گردی جاری، مزید 5 کشمیری شہید، درجنوں زخمی

    سری نگر : مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ سے مزید 5 کشمیری شہید جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے، 5 افراد کی شہادت پر ضلع اننت ناگ میں صورتحال کشیدہ ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں قابض ہندوستانی فوج کی ظلم و بربریت کا سلسلہ نہ رک سکا، ضلع اننت ناگ میں سرچ آپریشن کے دوران رہائشی آبادی میں اندھا دھند فائرنگ کرکے 5 کشمیروں کو شہید جبکہ خاتون سمیت کئی افراد کو زخمی کردیا۔

    خبر رساں اداروں کی رپورٹس میں بتایا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں تعینات ہندوستانی افواج نے بھارتی مظالم کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین پر آنسو گیس کی شلینگ اور پیلٹ گنوں سے فائر بھی ہیں۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق کشمیر میں قابض بھارتی فوج ضلع اننت ناگ میں سرچ آپریشن کے دوران متعدد گھروں کو بھی توڑنے کی کوشش کی ہے۔

    بھارتی افواج کی فائرنگ سے شہید ہونے والے 5 کشمیریوں کی شہادت پر شہریوں کی جانب سے بھارتی مظالم کے خلاف مظاہروں میں مزید شدت آگئی ہے جس کے بعد ضلع اننت ناگ میں صورتحال کشیدہ ہوگئی ہے۔

    کشمیر میں حاکم بھارت کی کٹھ پتلی حکومت کی جانب سے سری نگر اور ضلع اننت ناگ کے لیے شہریوں کے لیے انٹر نیٹ سروس معطل کردی ہے۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل بھارت کے ریاستی دہشت گردوں باندی پورہ میں 2 کشمیریوں کو سرچ آپریشن کے دوران شہید کیا تھا، جبکہ باندی پورہ اور قریبی علاقوں میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس بھی بند کردی تھی۔

    خیال رہے کہ عیدالفطر کے پہلے روز بھی بھارتی فورسز نے فائرنگ کرکے دو کشمیریوں کو شہید کردیا تھا، دونوں نوجوانوں کو سرچ آپریشن کے بہانے گھر سے لے جایا گیا تھا۔

    واضح رہے کہ وادی میں عیدالفطر کی نماز کے بعد بھارت مخالف مظاہرے کئے گئے جس میں مظاہرین نے پاکستان کے حق میں نعرے لگائے اور پاکستانی جھنڈے لہرائے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں