Tag: Off The Record

  • عمران خان کو 10 ارب والی بات نہیں کرنی چاہیے تھی، اسد عمر

    عمران خان کو 10 ارب والی بات نہیں کرنی چاہیے تھی، اسد عمر

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ عمران خان کو 10 ارب روپے کی پیشکش والی بات نہیں کرنا چاہیے تھی، مریم نواز واضح کریں کہ وزیر اعظم اور سجن جندال کی ملاقات میں کیا باتیں ہوئیں۔

    یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں میزبان کاشف عباسی سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری بھی موجود تھیں۔

    اسد عمر نے کہا کہ یہ درست ہے کہ 10 ارب روپے کے حوالے سے کی گئی بات عمران خان کو نہیں کرنی چاہیے تھی، اس شخص کا نام مجھے بھی معلوم ہے لیکن اس شخص کی اجازت کے بغیر اس کا نام لینا کسی طور بھی درست عمل نہیں، یہ بھی حقیقت ہے کہ جب بھی شریف برادران پر کوئی برا وقت آتا ہے تو وہ پیسوں کا سہارا لیتے ہیں۔

     

    انہوں نے سوال کیا کہ کیا لوگ چھانگا مانگا کو بھول گئے؟ کیا ہائی کورٹ کے حاضر جج کا یہ کہنا کہ میں تابعدار ہوں لوگ بھول گئے؟ اور کیا لوگ یہ بھی بھول گئے ہیں کہ بی ایم ڈبلیو کی چابی جو سابق چیف آف آرمی اسٹاف آصف نواز کوبھیجی گئی وہ انہوں نے واپس کردی تھی۔ تو پیسے کا استعمال شریف برادران کی سیاست کا معمول ہے کہ جہاں کام نہ نکلتا ہو وہاں پیسہ لگاؤ۔

    اسد عمرنے کہا کہ بھارت کےساتھ ریاستی سطح پربھی تعلقات سب کے سامنے ہیں، ایل او سی،مقبوضہ کشمیر،کلبھوشن کی گرفتاری اہم معاملات ہیں، وزیراعظم دورہ بھارت کے دوران حریت رہنماؤں سے نہیں ملتے اور جندال کے گھر چلے جاتے ہیں، مودی افغانستان سے واپسی پر پاکستان آتا ہے اور مل کر کیک کھایا جاتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کشیدہ ہیں اور یہاں ذاتی دوستی نبھائی جارہی ہے، سجن جندال نریندر مودی کے پیام بر ہیں، کیا حکومت رابطوں کے لیے بیک ڈور چینل استعمال کررہی ہے؟

    ان کا کہنا تھا کہ انفرادی اور ریاستی رابطوں میں فرق ہونا چاہیے، کمزوری دکھائیں گے تودشمن فائدہ اٹھائے گا اور مودی بھی یہی کررہے ہیں، پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے مطالبہ کیا کہ مریم نواز واضح کریں کہ وزیر اعظم اور سجن جندال کی ملاقات میں کیا باتیں ہوئیں؟

     

    لوگ دس ارب کی آفر دینے والے کا نام جاننا چاہتے ہیں، شایہ مری

    پی پی رہنما شازیہ مری نے عمران خان کو دس ارب روپے کی آفر سے متعلق کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے ایسے نازک حالات میں اس بات کا انکشاف کیا جو کافی اہمیت کا حامل ہے، تو عمران خان کو وہ نام بتا دینا چاہیے کہ آفر کس کے ذریعے کی گئی کیونکہ یہ بات جاننا لوگوں کے لیے  بہت ضروری ہوگیا ہے کہ کون ایسا شخص ہے جس کی دوستی دونوں فریقین سے اتنی مضبوط ہے کہ وہ ایسی پیشکش کر رہا ہے؟

  • متحدہ لندن پر پابندی کے آئینی تقاضے پورے کیے جائیں، فاروق ستار

    متحدہ لندن پر پابندی کے آئینی تقاضے پورے کیے جائیں، فاروق ستار

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ حکومت متحدہ قومی مومنٹ لندن پر پابندی کے آئینی و قانونی تقاضے پورے کرے، متحدہ لندن کو الیکشن میں ہرایا تو اسے اپنی کامیابی سمجھوں گا، پی ایس پی کے طریقہ کار اور سوچ سے اختلاف ہے لیکن مصطفیٰ کمال کراچی کی سیاست میں ایک حقیقت ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ”آف دی ریکارڈ“ میں اپنی ڈرامائی گرفتاری و رہائی کے بعد میزبان کاشف عباسی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔

    انہوں نے کہا کہ ہماری تمام تر تردید اور وضاحتیں ریکارڈ پر ہیں اس کے باوجود پاکستان مخالف نعروں کی ایف آئی آر ہم پر ہے، حکومت گدھے اور گھوڑے میں تمیز کرے، 22 اگست کو لگنے والے ملک مخالف نعروں کی ایف آئی آر ہماری جماعت کے خلاف کٹوا دی گئی تھی، ہماری 23 اگست کی پوزیشن سب کے سامنے ہے۔

    ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ جس رات مجھے گرفتار کیا گیا اس وقت مجھے اندھیرے میں محض کاغذ کا ایک ٹکڑا دکھایا گیا اور کہا کہ یہ آپ کے وارنٹ گرفتاری ہیں اورمجھے حراست میں لے کر اہلکار اپنے ساتھ تھانے لے گئے لیکن کچھ وقت گزرنے کے بعد ہی رہا کردیا گیا جبکہ وکلاء سے میری صلاح و مشاورت جاری ہے اور مشاورت مکمل ہونے کے بعد میں خود عدالت پیش ہوجاؤں گا۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میرا سیل کیا ہوا دفتر مجھے واپس ملنا چاہیے اگر نائن زیرو کو ہمارے لیے نہیں کھولا جاتا تو خورشید میموریل ہال کو بحال کرکے ہمیں دیا جائے تاکہ ہم اپنے تنظیمی کام کو احسن طریقے سے کر سکیں، سیاسی ایجنڈا نہیں ہے تو معاملہ حل ہوجانا چاہیے۔

    فاروق ستار نے کہا کہ ہمارے پاس نئے دفترقائم کرنے کے لیے کوٹھی یا بنگلہ لینے کے وسائل نہیں، ایم کیوایم پاکستان کے پاس پارٹی فنڈزختم ہوچکے ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ چھاپے، گرفتاریاں بند نہ کرنے سے ایم کیوایم لندن مضبوط ہوگی اس کے علاوہ لاپتا کارکنان رہا نہ کرنے کا فائدہ بھی ایم کیوایم لندن کو ہوگا، انہوں نے واضح کیا کہ ہماری لندن کے ساتھ ملی بھگت کا پروپیگنڈا ہے، اس میں کوئی سچائی نہیں۔

    ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ سید مصطفیٰ کمال ایم کیوایم مڈل کلاس کی پروڈکٹ ہے، ان کی سیاست بھی کراچی کی ایک حقیقت ہے، پی ایس پی اور ایم کیوایم پاکستان کی سوچ اور طریقہ کار مختلف ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی کے مفاد میں سب کو تشدد کی راہ ترک کرنا ہوگی، ایم کیوایم حقیقی کی واپسی کا فیصلہ وہ خود بہتر طور پر کرسکتےہیں، عامر خان کی واپسی ایک طریقہ کار کےتحت ہوئی تھی۔

  • قطری خط شہادت اور گواہی کے زمرے میں نہیں آتا، سلمان اکرم راجہ

    قطری خط شہادت اور گواہی کے زمرے میں نہیں آتا، سلمان اکرم راجہ

    اسلام آباد : حسین نواز کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ قطری خط شہادت اور گواہی کے زمرے میں نہیں آتا، مریم نواز نے درست کہا تھا کہ سینٹرل لندن میں ان کی کوئی جائیداد نہیں، حسین نواز کو جو ملا وہ وراثت میں ملنے والی جائیداد نہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اےآروائی نیوزکے پروگرام آف دی ریکارڈ میں میزبان کاشف عباسی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ سپریم کورٹ میں جاری پانامہ کیس مین ہمارا کیس صرف اتنا ہے کہ بغیرٹرائل کے الزام پر فیصلہ نہیں ہوسکتا۔

    وزیراعظم کی تقریر میں دوستوں کا ذکرتھا، قطری خط کے خلاف جب تک ثبوت نہ آئے درست ہیں، آج بھی کہتا ہوں صرف قطری خط گواہی نہیں ہوسکتی، قطری خط شہادت اور گواہی کے زمرے میں نہیں آتا، جب تک خط لکھنے والا گواہی نہ دے یہ خط ثبوت نہیں، عدالت میں کیس وزیراعظم کا اس معاملے میں شامل ہونا ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حسین نواز کو جائیداد وراثت میں نہیں ملی، دادا نے اپنی زندگی میں جائیداد سے حصہ دیا۔

    مریم نواز سے متعلق سوال پر سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ مریم نوازکی سینٹرل لندن میں کوئی جائیداد نہیں ہے، انہوں نے اپنے ایک انٹرویو میں درست کہا تھا کہ سینٹرل لندن میں ان کی کوئی جائیداد نہیں، مریم نوازنے یہ بھی کہا تھا کہ پاکستان میں بھی ان کی کوئی جائیدادنہیں ہے، قانون کے مطابق ٹرسٹی جائیداد کا مالک نہیں ہوتا،۔

    مریم نواز کے انٹرویو سے متعلق ان کے وکیل نے عدالت کو بتادیا، انہوں نے کہا کہ عدالت میں بہت کچھ کہا گیا وہ سب میڈیا پر نہیں آیا۔

    حسین نواز کے وکیل کا انٹرویو میں کہنا تھا کہ ہماراکیس اتنا ہے کہ بغیرٹرائل کےالزام پر فیصلہ نہیں ہوسکتا، ہم دیکھیں گے کہ ٹرائل ہوگا یا گواہی کے بغیر فیصلہ سنایا جاتا ہے۔

  • پی ایس ایل کا ایک میچ کراچی میں ہونا چاہیئے، سلمان اقبال

    پی ایس ایل کا ایک میچ کراچی میں ہونا چاہیئے، سلمان اقبال

    کراچی : پاکستان سپر لیگ میں شامل اہم ٹیم کراچی کنگز کے مالک اور اے آر وائی نیٹ ورک کے سی ای او سلمان اقبال نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہونا چاہیئے، پی سی بی سے کہا ہے کہ تین پلے آف میں سے ایک پلے آف کراچی میں کرادیں، انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ، کور کمانڈرز، ڈی جی رینجرز نے کراچی میں مکمل سیکورٹی دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

    ان خیالات کا اظہارانہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر لاہورقلندر کے مالک رانا فواد نے بھی لاہورمیں فائنل کرانے کی حمایت کی۔


    Chris Gayle, Sangakkara eager to visit Pakistan… by arynews

    سلمان اقبال نے کہا کہ غیرملکی کھلاڑی پی ایس ایل کیلیے آنے پر پچاس فیصد راضی ہیں باقی ان کے بورڈز پر منحصر ہے، عالمی کھلاڑی لاہور میں فائنل کھیلنے کیلئے تیارہیں، ان کے بورڈز نہیں۔

    سنگاکارا، مہیلا، رائن میک لارن سمیت کئی کھلاڑیوں سے پاکستان آنے کی بات کی، کرس گیل، سنگا کارا لاہور آنا چاہتے ہیں لیکن ان کے بورڈز نے انہیں اجازت نہیں دی، کرس گیل پاکستان آنے میں کوئی خطرہ محسوس نہیں کرتا، کرس گیل نے کہا ہے ان کابورڈ اجازت دے تووہ آجائیں گے۔


    Salman is right, PSL most popular T20 league… by arynews

    ایک سوال کے جواب میں سلمان اقبال کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کافی مقبول ہوچکا ہے اور اس سال پی ایس ایل کی مقبولیت بہت زیادہ ہے، لوگوں کو اس کا بے صبری سےانتظارہے، اس بار پی ایس ایل میں انٹرنیشنل کھلاڑی زیادہ ہیں، انگلینڈ، آسٹریلیا کے کھلاڑی بھی پی ایس ایل میں شامل ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ کراچی کنگز کے شائقین کو اسٹیڈیم تک پہنچانے کا خاص انتظام کیا گیا ہے، دو سے تین ٹورز بسیں شائقین کو اسٹیڈیم پہنچائیں گی۔


    Some international players are expected to… by arynews

    لاہور قلندرز کے مالک رانا فواد نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سلمان اقبال نے صحیح کہا ہے کہ پی ایس ایل سب سے پاپولر لیگ ہے، اس کا فائنل لاہور میں ضرور ہونا چاہئیے، کھلاڑی پاکستان آنے میں پی ایس ایل فرنچائز کے ساتھ ہیں۔

    اس موقع پر معروف کرکٹر شعیب ملک نے کہا کہ بنگلادیش پریمئرلیگ میں عالمی کھلاڑیوں سے پاکستان آنے کیلئے کہا تھا، پوری ذمہ داری سے غیرملکی کھلاڑیوں کو پی ایس ایل میں لانےکی کوشش کی، کچھ غیرملکی کھلاڑیوں کے پاکستان آنےکی توقع ہے۔

  • پاناما کیس میں غلط بیانیاں فیصلے کی بنیاد بنیں گی، جسٹس (ر) سجاد علی شاہ

    پاناما کیس میں غلط بیانیاں فیصلے کی بنیاد بنیں گی، جسٹس (ر) سجاد علی شاہ

    اسلام آباد : سابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس (ر) سجاد علی شاہ نے کہا ہے کہ پاناما کیس میں کی گئی غلط بیانیاں فیصلے کی بنیاد بنیں گی۔ سپریم کورٹ پرحملہ کے وقت وزراء بھی موجود تھے،اس دوران میرا پتلا بھی جلایا گیا، حملے کے بعد شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب ہاؤس میں کھانا تیار ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں میزبان کاشف عباسی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا، پاناما کیس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کیس میں کی گئی غلط بیانیاں فیصلے کی بنیاد بنیں گی۔ اور بننی بھی چاہیئں۔

    انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت کارروائی بنتی ہے، کرپشن اور جھوٹ سے متعلق ان دونوں آرٹیکلز میں وضاحت کی گئی ہے، قطری شہزادے کے خط کو سپریم کورٹ ضرور دیکھے گی، ملکی قانون کے مطابق جو شخص مسروقہ جائیداد کے ساتھ پکڑا جائے تو اس کی ملکیت جائز ثابت کرنا اسی شخص کی ذمہ داری ہے۔

    بادی النظر میں جو ملزم ہے اسے ہی ثبوت فراہم کرنے پڑتے ہیں، انہوں نے کہا کہ خط کی طرز پر شریف خاندان نے پہلے بھی درخواستیں دے رکھی ہیں۔ جسٹس وجیہہ الدین پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ پانامہ کیس میں بارثبوت شریف فیملی پر ہے۔

    ، انہوں نے کہا کہ قطری شہزادے اگرعدالت نہیں آنا چاہتے تو وہ خط کے حوالے سے اپنا بیان ریکارڈ کروا سکتے ہیں، اس کے علاوہ پاناما لیکس سے متعلق کمیشن ان کا بیان ریکارڈ کرنے قطر بھی جا سکتا ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہیلی کاپٹر کیس میں بھی یہ ہی کہا گیا تھا کہ یہ ہیلی کاپٹر قطر کی فیملی نے تحفہ میں دیا تھا ان کے بیانات میں تضاد کو بھی سپریم کورٹ دیکھ سکتی ہے۔

  • لندن کی جائیداد شیخ جاسم کی تھی، سیف الرحمان کا انکشاف

    لندن کی جائیداد شیخ جاسم کی تھی، سیف الرحمان کا انکشاف

    اسلام آباد : سابق سینیٹر اور احتساب کمیشن کے سابق سربراہ سیف الرحمان نے کہا ہے کہ لندن کی جائیداد شیخ جاسم کی تھی، یہ فلیٹ نوازشریف کو قطر میں سرمایہ کاری کے بدلے ملے، نواز شریف کے ہیلی کاپٹر کے معاملے میں میری کوئی مداخلت نہیں تھی وہ ہیلی کاپٹر قطر کے خاندان نے نواز شریف کو دیا تھا، جس کا باقاعدہ کرایہ دیا جاتا تھا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں میزبان کاشف عباسی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، پروگرام آف دی ریکارڈ میں سیف الرحمان نے نیا پنڈورا باکس کھول دیا۔

    ان کا کہنا ہے کہ لندن کی جائیداد شیخ جاسم کی تھی، جو بعد میں نوازشریف کوسرمایہ کاری پرملی، نواز شریف کو ملنے والے ہیلی کاپٹر کے حوالے سے سیف الرحمان نے بتایا کہ یہ ہیلی کاپٹر یوکرائن سے خریدا گیا تھا،جو روس کے راستے پاکستان لایا گیا تھا۔

    یہ ہیلی کاپٹربعد میں کریش ہوگیا تھا۔اور یہ میاں صاحب کے زیر استعمال تھا، کیونکہ میں قطر میں تھا تو اس لیے جب یہ ذکر آتا ہے تو میڈیا میرا نام اچھالنا شروع کردیتا ہے حالانکہ اس سے میرا کوئی تعلق نہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف نے جو اسمبلی میں تقریر کی وہ سو فیصد درست تھی۔

  • وفاق نے کے پی کے کو کاٹنے کی کوشش کی، اسد عمر

    وفاق نے کے پی کے کو کاٹنے کی کوشش کی، اسد عمر

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے رہنما اسد عمرنے کہا ہے کہ آج تک کسی حکومت نے ایسی غلطی نہیں کی، وفاق نے ایک صوبے کو دوسرے صوبے سے کاٹنے کوشش کی، اجیت دودل نے کہا تھا پاکستان کے صوبوں کو آپس میں لڑائیں گے اور یہ بیان آج میرے کانوں میں گونج رہا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف کے رہنما نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام آفدی ریکارڈ میں میزبان کاشف عباسی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    انہوں نے کہا کہ چوہدری نثارنے کل کہا تھا کہ میں نے موٹر وے کھولنے کا حکم دیا تھا۔ لیکن آج پھر موٹر وے کو بند کر دیا گیا۔


    وفاق کے معاملا ت سے لگتا ہے کہ اسی پر کام کیا جارہا ہے، حکومت معاملات کس طرف لے جارہی ہے اسے سوچنا چاہیے، چوہدری نثار سیاسی مسائل کا حل ڈنڈے سےچاہتے ہیں۔

    پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زماں کائرہ نے پروگرام مٰیں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اتحادیوں سے مل کر اس مسئلے کا حل کرنے کا سوچا تھا۔

    انہوں نے اپنے پچھلے دور کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کس طرح سہباز شریف نے لوڈ شیڈنگ پر ہمارے خلاف لاہور میں مظاہرے کیے اوراپنی تقاریر میں کیا کچھ نہیں کہا۔ لیکن وہ خود لوڈ شیڈنگ آج بھی ختم نہ کرسکے۔

  • اگرناگزیرہوا تو دھرنے میں خود شرکت کروں گا، ڈاکٹرطاہرالقادری

    اگرناگزیرہوا تو دھرنے میں خود شرکت کروں گا، ڈاکٹرطاہرالقادری

    اسلام آباد : پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان اسلام آباد دھرنے میں شرکت کریں گے۔ اگر ناگزیر ہوا تو میں خود بھی پاکستان آجاؤں گا، حکمرانوں نے جسٹس باقر کی رپورٹ جاری نہیں ہونے دی، آج بادشاہت کا بدترین مظاہرہ کیا گیا۔

    ان خیالات کا اظہارانہوں نے اے آر وائی کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں میزبان کاشف عباسی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹرطاہرالقادری نے کہا کہ موجودہ حکومت جمہوریت اور سیاسی آزادی پر یقین نہیں رکھتی۔

    شریف برادران آئین پاکستان پر بھی یقین نہیں رکھتے، لوگ سڑکوں پر نکلتے ہیں تو انہیں روک لیا جاتا ہے، حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ میں نے کارکنان کو ہدایات جاری کردی ہیں کہ وہ اسلام آباد دھرنے میں شرکت کریں، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر ناگزیر ہوا تو میں خود بھی دھرنے میں شرکت کروں گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم پی ٹی آئی کے ان کارکنان کے ساتھ ہیں جو احتساب کے مطالبے کو پورا کرنے اپنے گھروں سے نکلے ہیں، انہوں نے ایک بار پھر مطالبہ کیا کہ شریف برادران خود کو احتساب کے لیے پیش کردیں۔

  • متعدد اراکین اسمبلی کے استعفے موجود ہیں،جلد منظر عام پر لائیں گے، واسع جلیل

    متعدد اراکین اسمبلی کے استعفے موجود ہیں،جلد منظر عام پر لائیں گے، واسع جلیل

    لندن: متحدہ قومی موومنٹ لندن کی رابطہ کمیٹی کے رکن واسع جلیل نے کہا کہ وہ لوگ جو ایم کیو ایم قائد کے خلاف منفی پروپیگنڈا کرتے رہے ہیں، منی لانڈرنگ کیس ختم ہونے سے انہیں شرمندگی کا سامنا ہے، ایم کیو ایم پاکستان کے متعدد اراکین اسمبلی کے استعفے آگئے جو وقت آنے پر منظر عام پر لائے جائیں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں میزبان کاشف عباسی سے لندن سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے بات کرتے ہوئے واسع جلیل نے کہا کہ منی لانڈرنگ کا کیس بے بنیاد تھا اس لیے ختم ہوگیا،یہ کیس برطانیہ کے آئین اور قانون کے مطابق چلا اور الطاف حسین سمیت دیگر رہنما بری ہوگئے۔

    انہوں نے کہا کہ الطاف حسین نے نامعلوم لوگوں کو متعارف کرایا، لوگوں کو رکن اسمبلی تک بنادیا، ہمارے خلاف ریاستی آپریشن جاری ہے جس سے وقتی پریشانی ضرور ہے تاہم ہمارے اوپر لگے الزامات ٓہستہ آہستہ ختم ہورہے ہیں۔

    واسع جلیل نے بتایا کہ الطاف بھائی نے آج ایک ویڈیو لیکچر جاری کیا ہے جلد مزید ویڈیو بھی جاری ہوں گی، ایم کیو ایم ایک آئیڈیالوجی ہے، ایم کیو ایم ایک نظریہ ہے جسے آسانی سے ختم کرنے کی سوچ رکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ فاروق ستار کچھ نہیں ہے، لوگ الطاف حسین کے چاہنے والے ہیں اور ان کے ووٹرز ہیں، وسیم اختر بھی الطاف حسین کے مینڈیٹ کے باعث منتخب ہوئے،سارا مینڈیٹ آج بھی الطاف بھائی کا ہے۔

    میزبان کاشف عباسی کے ایک سوال پر انہوں نے بتایاکہ قائد تحریک کے مطالبے پر ایم کیو ایم کے متعدد رہنمائوں نے استعفیٰ دے دیے ہیں جو کہ ہمارے پاس ہیں،ان میں اراکین قومی اسمبلی اور اراکین سندھ اسمبلی دونوں شامل ہیں تاہم میں ان کا نام لے کر انہیں پریشان کرنا نہیں چاہتا وہ ہمارے ساتھی ہیں۔

    ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ صولت مرزا اگر پارٹی کی مصیبتوں پر جیل میں رقص کرتے ہیں تو یہ ان کا ذاتی معاملہ ہے، وہ دنیا سے چلا گیا ان کے نام پر گڑے مردے کیوں اکھاڑے جائیں۔

    رہنما ایم کیو ایم نے کہا کہ ایم کیو ایم کو دیوار سے لگانے اور مائنس ون کا فارمولا ختم کردیا جائے، نئی رابطہ کمیٹی، تحلیل شدہ تنظیمی ڈھانچے اور مستعفی ہونے والے افراد کی نئی ذمہ داریوں کا جلد اعلان کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ جعلی فیس بک اور ٹوئٹر اکائونٹ چل رہے ہیں، بیرسٹر سیف ہوں یا میاں عتیق، یہ سب جلد آپ کو پتا چل جائے گا۔

    واسع جلیل نے کہا کہ مجھے یا دیگر رہنمائوں کو پاکستان آنے سے کوئی نہیں روک سکتا، دھمکیاں دینے کی سیاست ختم کی جائے، کوئی پریشان نہ ہو، جلد متحدہ کی قیادت پھر سے منظر عام پر آئے گی، واضح کردوں کہ ایم کیو ایم کا مطلب بانی ایم کیو ایم ہے۔

    میڈیا ہاؤسز پر حملے اور پاکستان مخالف تقریر کے سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ کام صرف الطاف بھائی نے نہیں عمران خان سمیت دیگر رہنمائوں نے بھی کیا، صرف الطاف بھائی ہی کیوں؟؟ ایک شخص کو گزشتہ کئی دہائیوں سے مسلسل ذہنی ٹارچر کا نشانہ بنایا جارہا ہے تو ایسی باتیں تو سنیں کو ملیں گی۔

    سوال پوچھا گیا کہ الطاف حسین تو مزے سے لندن میں زندگی گزار رہے ہیں تو ان پر کیا ذہنی دبائو ہے تو واسع جلیل نے کہا کہ ایک کمرے اور ایک گھر میں مقید ہوکر، گھریلو زندگی تباہ کرکے اور صرف ایک پارٹی لائف اختیار کرکے کوئی زندگی گزار کے دکھا دے تو اپنا نام بدل دوں گا، یہ کہنا غلط ہے کہ وہ آرام دہ زندگی گزار رہے ہیں۔

  • عمران نے قادری کو منانے کی کوشش نہیں کی، شیخ رشید

    عمران نے قادری کو منانے کی کوشش نہیں کی، شیخ رشید

    اسلام آباد : عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری کو منانے کی خبروں میں صداقت نہیں ،عمران خان نے طاہر القادری کو منانے کی کوئی کوشش نہیں کی، میں نے ذاتی حیثیت میں علامہ صاحب سے فون پر بات کی، 30 اکتوبر سے متعلق ڈاکٹر طاہر القادری سے کوئی بات نہیں ہوئی اور نہ ہی اس گفتگو کا عمران خان سے کوئی تعلق ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں میزبان کاشف عباسی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    شیخ رشید نے کہا کہ میں طاہر القادری کو منانے لندن نہیں آیا اور کسی نے بھی طاہر القادری سے رابطہ نہیں کیا،عمران خان نے 30 اکتوبر کے حوالے سے ڈاکٹر طایرالقادری کو منانے کی کوئی کوشش نہیں کی البتہ عمران خان نے اپوزیشن کو منانے کی بھرپور کوشش کی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ ملک کے موجودہ حالات پر ڈاکٹرطاہرالقادری مجھے فون کرتے ہیں اور آج بھی فون کریں گے اور اس بات چیت کا عمران خان یا 30 اکتوبر سے کوئی تعلق نہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پی اے ٹی سے متعلق طاہرالقادری ہی بہتر بتاسکتے ہیں ان کا اپنا مؤقف اور اپنا احتجاج ہے میں ان کابھی ساتھ دوں گا۔

    عوامی مسلم لیگ کے  سربراہ شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ کون حکومت کے ساتھ ہے اور کون خلاف یہ 30 اکتوبر کو سب کوپتا چل جائے گا،30 اکتوبرکو عوامی مسلم لیگ عمران خان کے ساتھ ساتھ جماعت اسلامی بھی ہمارے ساتھ کھڑی ہوگی۔