Tag: Off The Record

  • ستمبر میں سڑکوں پر ہی فیصلہ ہوگا، شیخ رشید

    ستمبر میں سڑکوں پر ہی فیصلہ ہوگا، شیخ رشید

    اسلام آباد : پاکستان عوامی لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ حکمراں جماعت کا کردار پوری قوم کے سامنے آگیا اب فیصلہ ہوگیا ہے کہ ملک کو کرپشن سے نجات دلائی جائے گی جس کے لیے اپوزیشن کی تمام جماعتوں نے اتحاد کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں میزبان کاشف عباسی کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ ’’اسحاق ڈار نے جس دن سچ بولا اُن کی سیاست ختم ہوجائے گی وہ جعلی دستاویزات بنانے کے ماہر ہیں‘‘۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ’’اس وقت خزانے میں 20 ہزار ارب روپے ہیں جن میں سے 13 ہزار ارب روپے کا قرضہ لیا گیا ہے، حکمرانوں نے کرپشن کر کے پاکستانی معیشت کو تباہ کردیا ہے۔ مسلم لیگ ن ہر پروجیکٹ میں ناکام نظر آرہی ہے قائد اعظم سولر پارک کا منصوبہ بھی بری طرح سے ناکام ہوا جس کے باعث ملکی خزانے کو اربوں کا ٹیکا لگایا گیا‘‘۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ’’وزیر اعظم کے خلاف سپریم کورٹ جانا سیاسی طور پر ٹھیک نہیں ہے تاہم اسپیکر اور الیکشن کمیشن میں دائر نااہلی کیس کا فیصلہ آنے کے بعد اپوزیشن کی جماعتیں سڑکوں پر نظر آئیں گی۔ میاں محمد نواز شریف اپنے خلاف کبھی بھی احتساب کا عمل شروع نہیں کریں گے‘‘۔

    عوامی مسلم لیگ نے سربراہ نے دعویٰ کیا کہ ’’حکومت کے کچھ وزراء اور اپوزیشن کے اراکین نے اپنے خاندانوں کے ہمراہ بیرونِ ملک جانے کی تیاری مکمل کرلی ہے اور وہ جلد ملک سے پیسہ سمیٹ کر بھاگ جائیں گے۔ ستمبر کا مہینہ حکومت کے لیے بہت بھاری ہوگا اور اسی مہینے میں بڑا فیصلہ ہوگا‘‘۔

    ایک سوال کے جواب میں عوامی لیگ سے سربراہ کا کہنا تھاکہ ’’اگر ملک میں کوئی مسئلہ ہوا تو فوج خاموش نہیں بیٹھے گی، اپوزیشن کی تمام جماعتیں متحد ہیں تاہم پیپلزپارٹی کی سنجیدگی کا علم ستمبر میں ہوگا، اُن کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف اور عوامی تحریک متحد ہیں جبکہ چیئرمین پی پی اور سینیٹر اعتزاز احسن بھی موجودہ صورتحال کو سنجیدگی سے دیکھ رہے ہیں‘‘۔

    شیخ رشید نے دعویٰ کیا کہ ’’کچھ لوگ مجھے عمران خان کے ساتھ نہیں دیکھنا چاہتے کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ شیخ رشید خودکش سیاستدان ہے اس کے ساتھ جان ہتھیلی پر رکھ کر نکلنا پڑتا ہے،  اُن کا کہنا تھا کہ پہلے بھی کہا تھا فیصلہ سڑکوں پر ہی ہوگا اور آج بھی اپنی بات پر قائم ہوں‘‘

    حکومت نے اپوزیشن کے اتحاد کو توڑنے کےلیے بہت حربے استعمال کیے تاہم ابھی تک اپوزیشن متحد ہے مگر یہ ضروری نہیں کہ کنٹینر کے معاملے میں بھی تمام جماعتوں کا مؤقف ایک ہی ہو،  اپوزیشن جماعتیں شریف برادران کے کردار کو جانتی ہیں اس لیے سب نے ستمبر میں سڑکوں پر آنے کی پکی تیاری کررکھی ہے‘‘۔

    فضل الرحمان کے حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ’’اگر حالات ایسے ہی رہے تو جلد ہی مولانا صاحب بھی اپوزیشن کے ساتھ موجود ہوں گے، سیاسی جماعتوں کے ووٹ بینک پر بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ‘‘پنجاب کا بہت بڑا ووٹ بینک عمران خان کے ساتھ ہے جبکہ سندھ میں پی پی کا ووٹ بینک ٹوٹ رہا ہے‘‘۔

     

  • وزیر اعظم اسمبلی میں جھوٹ بولتے ہیں،عمران خان

    وزیر اعظم اسمبلی میں جھوٹ بولتے ہیں،عمران خان

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم اسمبلی میں جھوٹ بولتے ہیں، پانچ مہینے ہوگئے پانامہ لیکس پر جواب نہیں ملا، جب تک اختیارات نہیں دیئے جاتے قومی اسمبلی کا کوئی فائدہ نہیں۔

    اے آروائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں عمران خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پانچ مہینے ہوگئے پانامہ لیکس پر جواب نہیں دیا گیا، وزیراعظم نوازشریف پر ٹیکس اور کرپشن کے الزامات ہیں اداروں کو کارروائی کرنی چاہیئے تھی.

    ایک سوال کے جواب میں عمران خان کا کہنا تھا بلاول بھٹو ان کے ساتھ ایک کنٹینرپر کھڑے ہوسکتے ہیں مگر ان کی خواہش ہے کہ بلاول بھٹو سندھ سے تحریک شروع کریں۔

    انکا مزید کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کو وزیراعظم ہی مضبوط کرتے ہیں، وزیراعظم خود پارلیمنٹ میں کھڑے ہوکر جھوٹ بولتےہیں، وزیراعظم ہی پارلیمنٹ کو جوابدہ نہیں تو ایوان کیسے مضبوط ہوگا،یہ کیسی جمہوریت ہے کہ ہم5مہینےسے جواب مانگ رہے ہیں اور موجودہ جمہوریت میں جواب دینے کے بجائےاپوزیشن پر حملے ہورہےہیں۔

    عمران خان نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے خود پارلیمنٹ کو کمزور بنا دیا ہے، طوطا مینا کی کہانی سے پارلیمنٹ مضبوط نہیں ہوتی، پارلیمنٹ مضبوط نہیں ہوگی تو عوام کو کیا فائدہ ہوگا؟ وزیراعظم نوازشریف پر ٹیکس اورکرپشن کے الزامات ہیں، ایف بی آر اور نیب کو وزیراعظم کیخلاف کارروائی کرنی چاہیے تھی۔

    پی ٹی آئی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ موقع دیکھ کرہی اسمبلی میں جاؤں گا، کوئٹہ کے جو حالات دیکھے وہ بیان نہیں کرسکتا، عسکری اداروں کیخلاف بیانات ٹھیک نہیں تھے، سندھ اور پنجاب کی پولیس دہشت گردوں سے نہیں لڑسکتی، پولیس کے ادارے میں کام کرنے کی ضرورت ہے، آئی جی اعتراف کرتے ہیں کہ پولیس میں سیاسی عمل دخل ہے،

    پنجاب کے حوالے سے عمران خان نے کہا کہ پنجاب پولیس چھوٹو گینگ سے نہیں لڑسکتی تو دہشت گردوں سے کیا لڑے گی، خیبرپختونخوا پولیس کو ہم نے غیرجانبدار کرکے پروفیشنل بنادیا ہے، پاکستان میں اسٹیٹس کو ہے جو اقتدار میں آنے کیلئے پولیس کو استعمال کرتا ہے، پولیس حکمرانوں کا عسکری ونگ بنا ہوا ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ حکومت کا کام الزام لگانا نہیں مجرموں کو پکڑ کر سزا دلانا ہے،حکومت کبھی بھی اپوزیشن کو بلیک میل نہیں کرتی، انہوں نے مک مکا کرکے پاکستان کی بندر بانٹ کی ہوئی ہے، میں اپنی حلال کی کمائی کرکے پاکستان لایا ہوں، یہ لوگ حرام کی کمائی کرکے پیسہ پاکستان سے باہر لے گئے ہیں،

    انھوں نے مزید کہا کہ نوازشریف کیخلاف ریفرنس تیار کر رہےہیں، میں تو چاہتا ہوں کہ نوازشریف اور میری سماعت ایک ساتھ ہو، میری اور نوازشریف کی ایک ساتھ سماعت اچھاٹی ٹوئنٹی ہوگا، حکمرانوں سے پوچھنا چاہیے کہ نیشنل ایکشن پلان پرعمل کیوں نہیں ہوا، مدرسہ ریفارمزنیشنل ایکشن پلان میں شامل ہے، بے نظیر کے قاتل مدرسہ حقانیہ میں تھے، تو مدرسے کو کیوں بند نہیں کیا گیا۔

  • پنجاب میں کوئی نوگو ایریا نہیں، آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا

    پنجاب میں کوئی نوگو ایریا نہیں، آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا

    اسلام آباد: آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے ممکنہ حملے کی پیش نظر کھلے مقامات پر جشن آزادی کی تقاریب منانے پر پابندی عائد کردی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں کیا، آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ ’’پنجاب حکومت کے تمام محکموں میں جشن آزادی کی تقاریب کو مختصر کرنے کے حوالے سے مراسلہ جاری کردیا گیا ہے‘‘۔

    انہوں نے کہا کہ ’’ نیشنل ایکشن پلان پر سب سے زیادہ عمل در آمد پنجاب میں ہوا ہے، کالعدم تنظیموں کے خلاف انٹیلی جنس شیئرنگ کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو حساس اداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے‘‘۔

    مشتاق سکھیرا کا کہنا تھا کہ ’’جنوبی پنجاب کے کسی مدرسے یا کسی علاقے سے فرقہ وارانہ بات کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں، نیشنل ایکشن پلان کے تحت پنجاب میں مختلف قوانین مرتب کیے گئے ہیں اور اُن پر سختی سے عملدرآمد کیا جارہاہے۔‘‘

    پڑھیں :    یوم آزادی پرحملے کا خدشہ، دو خودکش بمبارپنجاب میں داخل

    آئی جی پنجاب نے کہاکہ ’’پنجاب میں رینجرز کے لیے کوئی نوگو ایریا نہیں اور نہ ہی وفاقی اداروں نے رینجرز کو پنجاب میں کارروائی کرنے سے روکا ہے، چھوٹو گینگ کے خلاف کارروائی میں رینجرز نے ہمارے مدد کی تھی تاہم انہیں حراست میں لے کر تفتیش کے لیے حساس اداروں کے حوالے کیا گیا ہے جہاں اُس سے تفتیش جاری ہے‘‘۔

    مشتاق سکھیرا کا مزید کہنا تھا کہ ’’جنوبی پنجاب کے حوالے سے پھیلائی گئی باتیں غلط ہیں وہاں سے کوئی غلط خبر نہیں آئی کیونکہ پنجاب میں سلیپرز سیلز کے خلاف فوری ایکشن ہوتا ہے ‘‘۔

  • عذیربلوچ کو پیپلزپارٹی رہنماؤں سے جان کا خطرہ ہے، والدہ

    عذیربلوچ کو پیپلزپارٹی رہنماؤں سے جان کا خطرہ ہے، والدہ

    کراچی : لیاری گینگ وار کے مرکزی ملزم عزیر بلوچ کی بیوی نے دعویٰ کیا ہے کہ پیپلز پارٹی کی رہنما فریال تالپور، شرمیلا فاروقی اورپی پی کے دیگر رہنماان کے گھر آئے تھے.

    عزیر بلوچ کی والدہ کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کے رہنماؤں سے میرے بیٹےکی جان کو خطرہ ہے، عزیربلوچ کوبھائی کہنے والوں نے منہ موڑ لیاتھا۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی رینجرزایماندار ہیں ہمیں ان پرپورا بھروسہ ہے۔

    یہ بات عزیر بلوچ کی بیوی اوروالدہ نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام’ ٖآف دی ریکارڈ ‘ اور ’الیونتھ آور‘ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

    عزیربلوچ کی والدہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے اہم رہنماﺅں کا ہمارے گھر آنا جانا تھا ،یہ سب اپنے کالے کرتوتوں پر پردہ ڈالنے کے لئے میرے بیٹے کو پہچاننے سے انکارکر رہے ہیں۔

    عذیربلوچ کی بیٹی نے کہا کہ فریال تالپور، شرمیلافاروقی، ثانیہ ناز، شہلا رضا، قادر پٹیل، شرجیل میمن ہمارے گھر آچکے ہیں،عزیربلوچ نے فریال تالپور کو اپنی بہن بنایا تھا۔ فریال تالپوراورشرمیلا فاروقی جھوٹ بول رہی ہیں۔

    عذیرکی والدہ کا کہنا تھا کہ نبیل گبول اور آصف زرداری نے عزیر بلوچ کےریڈوارنٹ نکلوائے تھے، جن کے خلاف میں نے اسلام آباد ہائی کوٹ میں اپیل بھی دائر کی تھی۔

    انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے رہنماؤں سےسوال کرتی ہوں کہ اب وہ میرے بیٹےکو کیوں نہیں پہچان رہے؟

  • نندی پور منصوبے میں تاخیر کی زمہ د اری قبول کرتا ہوں ، خواجہ آصف

    نندی پور منصوبے میں تاخیر کی زمہ د اری قبول کرتا ہوں ، خواجہ آصف

    اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نندی پور بجلی گھر منصوبے میں تاخیر کی ذمہد اری قبول کر لی۔

     اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ سے گفتگو میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ تاخیر کے باعث نندی پور بجلی گھر منصوبے کی لاگت اٹھاون ارب روپے تک پہنچ گئی۔جس میں سے انچاس ارب روپے خر چ کئے جا چکے ہیں۔

     خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر نیب نے توانائی کے سابق وزیر بابر اعوان کے خلاف کارروائی شروع کر دی ہے۔

     انہوں نے بتایا کہ بابراعوان کےخلاف انکا ون سکس ون کابیان ریکارڈ کرایا جا چکا ہے، خواجہ آصف کا کہنا تھا نندی پور بجلی گھر منصوبہ آڈیٹرجنرل ،ناصراسلم زاہداورنجی کمپنی سے کرایا جائےگا۔

  • جسٹس (ر) کاظم ملک نے راناثناء اللہ کے الزامات مسترد کردیئے

    جسٹس (ر) کاظم ملک نے راناثناء اللہ کے الزامات مسترد کردیئے

    لاہور : این اے ایک سوبائیس دھاندلی کیس کا فیصلہ دینے والے الیکشن ٹریبونل کے جج جسٹس ریٹائرڈ کاظم ملک نے پنجاب کے وزیر قانون راناثناء اللہ کے الزامات مسترد کردیئے۔

    انہوں نے صوبائی وزیرقانون کو چلینج کیا کہ وہ الزامات کے ثبوت دیں، تفصیلات کے مطابق الیکشن ٹریبونل کے جج جسٹس ریٹائرڈ کاظم ملک نے راناثناء اللہ کے الزامات کو یکسر مسترد کردیاہے۔

    وزیر قانون پنجاب رانا ثناءاللہ نے ایک پریس کانفرنس میں الزام لگایا تھا کہ جسٹس کاظم اپنےبیٹے کو الیکشن میں ٹکٹ دلوانا چاہتے تھے۔

    جسٹس کاظم فیصلہ تعصب پر مبنی ہے،جسٹس کاظم کو ن لیگ سےپرانی عداوت ہے، جس کے جواب میں جسٹس کاظم ملک نے رانا ثنا ءاللہ  کے الزامات کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیتے ہوئے جواب دیا کہ رانا ثنا اللہ اُن کے بیٹے کی طرف سے دی گئی پارٹی ٹکٹ کی درخواست کی کاپی فراہم کریں۔

    انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ ثبوت دیں،سب کےسامنےمعافی مانگوں گا،انہوں نے کہا کہ تعصب کاجواب مانگنے کےلئے پرویزرشید کوخط لکھ دیاہے، جواب کا انتظار ہے۔

    جسٹس کاظم ملک نے کہا کہ کیا خواجہ آصف،دانیال عزیز،روحیل اصغر کےحق میں فیصلے راناثناء کے دباؤ پر دیئے؟؟ 30فیصلے ن لیگ کےحق میں دیئے تو ایک پر اختلاف کیوں؟

    ان خیالات کا اظہار جسٹس ریٹائرڈ کاظم  ملک نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں کیا ۔

    علاوہ ازیں الیکشن ٹریبونل کے جج جسٹس ریٹائرڈ کاظم ملک کے خلاف حکومتی وزراء کی سخت زبان پر ان کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے ۔

    جسٹس ریٹائرڈ کاظم نے ملک نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں تحفظات کا اظہار کیا تھا جس پر سیکیورٹی ادارے حرکت میں آئے ۔

    جسٹس کاظم علی ملک کی سکیورٹی کے لئے لاہور میں ان رہائش گاہ کے اردگرد سفید کپڑوں میں ملبوس اہلکار تعینات کردیئے گئے ہیں ۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ انصاف کرنے والے جج صاحبان کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے یہ اقدامات کئے گئے ہیں ۔

  • میچ ہار گئے پھر بھی بہت کچھ حاصل کیا ، عمران خان

    میچ ہار گئے پھر بھی بہت کچھ حاصل کیا ، عمران خان

    اسلام آباد: عمران خان نے کہا ہے کہ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ تسلیم کرتے ہیں، میچ ہار گئے لیکن پھر بھی بہت کچھ حاصل کر لیا۔

    پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کمیشن کی رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ پاکستان بدل رہا ہے۔

     عمران خان نے بتایا کہ دو سال ضائع نہیں ہوئے،بلکہ عوامی شعور میں اضافہ ہوا کپتان کا یہ دعویٰ بھی تھا کہ جوڈیشل کمیشن نے انکا مطالبہ درست تسلیم کرلیا۔

     انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن سے عوام کو فارم پندرہ کی افادیت پتہ چلی ساتھ ساتھ عمران خان نے یہ بھی تسلیم کیا کہ انہیں جوڈیشل کمیشن سے توقعات زیادہ تھیں ، لیکن رپورٹ سے انہیں دکھ بھی ملا لیکن یہ نئے پاکستان کی جدو جہد ہے۔

    عمران خان کا اسمبلیوں کو جائز تسلیم کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اب اسمبلی میں جائیں گے، خیبر پختونخوا میں پارٹی کو مضبوط کریں گے ۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ انہیں معافی مانگنے کی ضرورت نہیں ، معافی نواز شریف کو مانگنی چاہیئے انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ سے الیکشن کمیشن کی نا اہلی سامنے آگئی ہے ، اس نے ڈھائی کروڑ اضافی ووٹ کیسے نظر انداز کئے، الیکش کمیشن کے تمام ارکان کو استعفی دے دینا چاہیئے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ جوڈٰیشل کمیشن نےبہترین کام کیا، وہ اس کی تعریف کرتے ہیں،چیف جسٹس کو ایک ایک بات یاد تھی، جس کا انہوں نے اظہار بھی کیا۔

  • جناح پور کا نقشہ اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے، شعیب سڈ ل

    جناح پور کا نقشہ اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے، شعیب سڈ ل

    کراچی : سابق آئی جی سندھ شعیب سڈ ل کادعویٰ ہےکہ انہوں نے جناح پور کا نقشہ اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے،ندیم نصرت کہتے ہیں شعیب سڈل جنگی مجرم ہیں،عدالتی کمیشن بنا کر تحقیقات کرائی جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق آئی جی سندھ شعیب سڈل کا کہنا تھا کہ انہوں نے جناح پور کی فائلیں اپنی آنکھوں سے دیکھی ہیں ۔انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ ایم کیو ایم کے پاس را کے تربیت یافتہ دہشت گرد ہیں۔

    شعیب سڈل کے انکشافات پر ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن ندیم نصرت کا کہنا تھا کہ جناح پور کالزام لگانے والے میڈیا پر اس کی تردید کر چکے ہیں۔

    ندیم نصرت کا کہنا تھا کہ شعیب سڈل جنگی مجرم ہیں ان کی سربراہی میں ہزاروں نوجوانوں کا قتل عام کیا گیا۔

    ندیم نصرت کا کہنا تھا کہ ایک نہیں دو دو وفاقی حکومتوں کوکراچی میں قتل و غارت گری کے الزام میں برطرف کیا گیا۔اگر یہ الزمات درست تھے تو پھر ایم کیو ایم کو نشانہ کیوں بنایا جا تا ہے۔

  • تفتیش کے راستے الطاف حسین تک جاتے ہیں، خواجہ آصف

    تفتیش کے راستے الطاف حسین تک جاتے ہیں، خواجہ آصف

    اسلام آباد: وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ وہ دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں، صورتحال کا مقابلہ کریں گے ملک چھوڑ کرنہیں بھاگیں گے۔

    مکمل ویڈیو دیکھنے کے لئے نیچے اسکرول کریں


    تفصیلات کے مطابق جمعرات کی شام اے آروائی نیوز کے پروگرام ’آف دی ریکارڈ‘ میں خواجہ آصف نے متحدہ قومی مومنٹ کے قائد الطاف حسین کی جانب سے دی جانے والی مبینہ دھمکی کے جواب میں کہا کہ وہ کسی دھمکی سے ڈر کرملک نہیں چھوڑیں گے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ کچھ عرصے سے ایم کیو ایم کے خلاف منی لانڈرنگ اورعمران فاروق قتل کیس کے حوالے سے کام جاری تھا اب اس میں ایک نیا پہلو بھی سامنے آگیا ہے۔

    خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ مذکورہ جرائم میں تفتیش کے تمام راستے لندن میں مقیم ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین تک جاتے ہیں۔

    واضح رہے کہ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی نے ایک ڈاکیومنٹری نشر کی جس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ پاکستان کی سیاسی جماعت متحدہ قومی موومنٹ مبینہ طورپربھارت سے فنڈ لیتی ہے اور اس کے کارکنان بھارت سے دہشت گردی کی تربیت لیتے رہے ہیں۔

  • پی ٹی آئی کے گرفتار رہنما علی امین گنڈا پور کی ضمانت ہوگئی

    پی ٹی آئی کے گرفتار رہنما علی امین گنڈا پور کی ضمانت ہوگئی

    پشاور: بیلٹ باکس لےکر بھاگنے کے الزام میں گرفتار علی امین گنڈا پور کی ضمانت ہوگئی۔

     اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے الزام کو ماننے سے ہی انکار کردیا۔

    کے پی کے کے بلدیاتی انتخابات بیلٹ باکس لےکر بھاگنے کے الزام میں گرفتار تحریک انصاف کے صوبائی وزیر علی امین گنڈا نے نوے ،نوے ہزار کے دو ضمانتی مچلکے جمع کرادئیے، جس کے بعد صوبائی وزیر کو رہا کردیا گیا۔

    علی امین گنڈا پور نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ بیلٹ باکس لے کر نہیں بھاگے۔

     انہوں نے چیلنج کیا کہ اگر ری الیکشن میں ان کو شکست ہوئی تو وہ استعفی دے دیں گے۔

    علی امین گنڈا پور نے کہا کہ دھاندلی روکنا جرم ہے تو وہ یہ جرم باربار کرتے رہیں گے۔