Tag: Offer

  • پی سی بی نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو بڑی پیشکش کردی

    پی سی بی نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو بڑی پیشکش کردی

    لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش کی موجودہ سیاسی صورتحال کے پیش نظر بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کو جلد پاکستان آنے کی پیشکش کی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے شہزاد ملک کے مطابق پی سی بی حکام کی جانب سے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو کہا گیا ہے کہ بنگلہ دیش میں صورتحال خراب ہے اپنی نیشنل ٹیسٹ ٹیم کو وقت سے پہلے پاکستان بھیج دیں تاکہ ٹیسٹ اسکواڈ پاکستان میں میچ سے قبل ٹریننگ اور پریکٹس کر سکے۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق بنگلہ دیش بورڈ نے تاحال پی سی بی کی اس پیشکش کا کوئی واضح جواب نہیں دیا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ بنگلہ دیش کی موجودہ سیاسی صورتحال کے سبب بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کا دو دن سے ٹریننگ سیشن نہیں ہوا، شیڈول کے مطابق بنگلادیش ٹیسٹ ٹیم نے 17 اگست کو پاکستان پہنچنا ہے۔

    یاد رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلا ٹیسٹ راولپنڈی میں 21 اگست کو جبکہ دوسرا ٹیسٹ 30 ستمبر کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔

    واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں 2001 سے اب تک ہوم گراؤنڈ پر 13 بار ٹیسٹ میچز میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئی ہیں جس میں پاکستان ناقابلِ شکست ہے جبکہ ایک ٹیسٹ میچ ڈرا ہوا تھا۔

  • مفتاح اسماعیل کی پی ٹی آئی کے منحرف رکن کو براہ راست پیشکش

    مفتاح اسماعیل کی پی ٹی آئی کے منحرف رکن کو براہ راست پیشکش

    کراچی : وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کے بعد اپوزیشن اور حکومتی نمائندوں کی جانب سے زورو شور سے بیانات کا سلسلہ جاری ہے۔

    دونوں جانب سے اسمبلی میں اراکین کے نمبرز پورے ہونے کے بلند و بانگ دعوے بھی کیے جارہے ہیں اوراراکین کی بولیاں لگانے جیسے الزامات عائد کرنے سے بھی دریغ نہیں کیا جارہا۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں ن لیگ کے رہنما مفتاح اسماعیل نے بھی پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی کو اپوزیشن سے تعاون کرنے کی پیشکش کردی۔

    میزبان وسیم بادامی کی گفتگو کے دوران مفتاح اسماعیل نے پی ٹی آئی کے منحرف ایم این اے احمد حسین دیہڑ سے کہا کہ میں آپ کو آن ایئر آفر کرتا ہوں کہ آئیے اس قوم کا ساتھ دیجئے۔

    مفتاح اسماعیل کا احمد حسین دیہڑ سے کہنا تھا کہ مہنگائی اورغربت کیخلاف تحریک میں اپوزیشن کا ساتھ دیں ہم آپ کو دعوت دیتے ہیں لیکن پیسوں کی آفر ہم کسی کو نہیں کرتے۔

  • افغان کرکٹر نے ٹیم کی کپتانی کیوں ٹھکرا دی؟

    افغان کرکٹر نے ٹیم کی کپتانی کیوں ٹھکرا دی؟

    افغان لیگ اسپنر راشد خان نے افغانستان کی ٹی 20 ٹیم کی کپتانی یہ کہتے ہوئے ٹھکرا دی کہ وہ لیڈر سے زیادہ ایک کھلاڑی کے طورپر ٹیم کے لیے بیش قیمت ثابت ہوسکتے ہیں۔

    22 سالہ لیگ اسپنر کا کہنا ہے کہ میں اپنے دماغ میں پوری طرح واضح ہوں کہ میں ایک کھلاڑی کی حیثیت سے بہتر ہوں، میں ٹیم کے نائب کپتان کے طور پر ٹھیک ہوں اور کپتان کو جو مدد چاہیئے وہ میں دے سکتا ہوں، میرے لیے اس عہدے سے دور رہنا زیادہ بہتر ہے۔

    راشد خان نے کہا کہ میں ٹیم کے لیے ایک کھلاڑی کے طور پر بہترین پرفارمنس چاہتا ہوں اور فی الحال میرا ہدف ورلڈ کپ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ کپتانی سے ٹیم کے لیے میری کارکردگی پر اثر پڑ سکتا ہے، اس لیے میں ایک کھلاڑی کے طور پر خوش ہوں اور بورڈ و سلیکشن کمیٹی جو بھی فیصلہ کریں گے میں اس کی حمایت کروں گا۔

  • وزیر اعظم کی کوششیں رنگ لے آئیں، اربوں ڈالر غیر ملکی سرمایہ کاری کی پیشکش

    وزیر اعظم کی کوششیں رنگ لے آئیں، اربوں ڈالر غیر ملکی سرمایہ کاری کی پیشکش

    اسلام آباد : ملکی معاشی معاملات کی بہتری کیلئے وزیراعظم عمران خان نے کوششیں تیز کردیں، وزیراعظم عمران خان بڑی غیرملکی سرمایہ کاری حاصل کرنے کے قریب پہنچ گئے۔

    اس حوالے سے200عالمی کمپنیوں کے کنسورشیم کی جانب سے 5 ارب ڈالر کی شراکتی سرمایہ کاری کی پیشکش کی گئی ہے، چینی حکومت اور کمپنیوں نے بھی پاکستان میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق پاکستان میں 3 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کو ممکنہ8 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری سے آگاہ کر دیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت گزشتہ ہفتے اجلاس میں اہم پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، راوی اربن ، آئی لینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کے ورکنگ گروپ کے اجلاس میں بھی غور کیا گیا۔

    چینی حکومت اور کمپنیوں کے دونوں منصوبوں میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کیا گیا ہے، وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے متعلقہ حکام نے بتایا کہ 3ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری میں کسی قسم کا قرض شامل نہیں ہوگا، اے این جی سی سی کی جانب سے5ارب ڈالر کی شراکتی سرمایہ کاری کی جائے گی۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے، منصوبے پر جنوری سے کام شروع ہو گا، وزیراعظم نے راوی سٹی منصوبے پر پیش رفت کومزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ راوی سٹی منصوبہ تاریخی طور پراپنی نوعیت کا سب سے منفرد اور بڑا منصوبہ ہے۔

    مذکورہ منصوبے سے بڑے پیمانے پر بیرونی سرمایہ کاری مل سکے گی اس کے علاوہ روزگار کے وسیع تر مواقع اور مقامی و قومی صنعتوں کو ترقی ملے گی، انہوں نے کہا کہ کامیابی کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر کام کیا جائے گا۔

  • امریکی مصنفہ کو موت کے بعد کیا پیشکش ہوئی؟

    امریکی مصنفہ کو موت کے بعد کیا پیشکش ہوئی؟

    ایک بین الاقوامی کپڑوں کا برانڈ ایک آنجہانی مصنفہ کو برانڈ ایمبسڈر بننے کی پیشکش کر کے سوشل میڈیا پر مذاق کا نشانہ بن گیا۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی مصنفہ ارسلا کے لی گوئین 2 سال قبل وفات پا چکی ہیں، وہ افسانوی کہانیاں لکھنے میں خاص مقام رکھتی تھیں جبکہ ان کی متعدد کتابیں بھی شائع کی جاچکی ہیں۔

    ان کی موت کے بعد بھی ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس فعال ہیں جو ان کی ٹیم کی جانب سے چلائے جارہے ہیں۔

    انہی متحرک اکاؤنٹس سے دھوکہ کھا کر کپڑوں کے ایک برانڈ نے انہیں خط لکھ دیا اور اپنا برانڈ ایمبسڈر بننے کی پیشکش کردی۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ارسلہ کے اکاؤنٹ سے یہ خط پوسٹ کیا گیا جس میں کہا گیا کہ ہم اپنی نئی کلیکشن سے آپ کو چند ملبوسات دیں گے تاکہ آپ انہیں پہن کر اپنی تصویر بنائیں اور ہمارے برانڈ کی تشہیر کریں۔

    خط میں انہیں برانڈ ایمبسڈر بننے کی درخواست بھی کی گئی۔

    اکاؤنٹ چلانے والے نے یہ تصویر پوسٹ کرتے ہوئے خط لکھنے والے کو کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ جیسا آپ چاہتی ہیں ویسا ہوسکتا ہے۔

    اس ٹویٹ کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے برانڈ کا مذاق اڑانا شروع کردیا اور ان کی بے خبری پر سخت افسوس کا اظہار کیا۔

  • ترکی کے لیے پیٹریاٹ میزائل کی فروخت سے متعلق امریکی پیشکش ختم

    ترکی کے لیے پیٹریاٹ میزائل کی فروخت سے متعلق امریکی پیشکش ختم

    واشنگٹن:امریکی وزارت خارجہ کے ایک ذمے دار نے بتایاہے کہ انقرہ کی جانب سے روسی 400 میزائل سسٹم خریدے جانے کے بعد ترکی کے لیے پیٹریاٹ دفاعی میزائل سسٹم کی فروخت سے متعلق امریکی پیش کش ختم ہو چکی ہے، یہ میزائل ریتھیون کمپنی ترکی کے لئے تیار کر رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی اور نیٹو عہدیداروں نے کہاکہ روسی ایس 400 میزائل سسٹم نیٹو کے دفاعی نظام سے موافقت نہیں رکھتا ہے اور یہ امریکا اور اس کے اتحادیوں کے زیر استعمال ایف 35 لڑاکا طیاروں کے لیے خطرہ ہے۔

    امریکا نے رواں سال اپریل میں ترکی کوایف 35 طیارے کی تیاری کے پروگرام سے علیحدہ کرنا شروع کر دیا تھا، اس سے قبل ترکی یہ باور کرا چکا تھا کہ وہ ایس 400میزائل سسٹم کی خریداری سے ہر گز پیچھے نہیں ہٹے گا۔

    امریکی وزارت خارجہ کے ذمے دار کے مطابق امریکا نے کئی بار ترکی کو آگاہ کیا کہ اگر اس نے روسی میزائلوں کی خریداری کی جانب سفر جاری رکھا تو پیٹریاٹ میزائلوں کی فروخت کی پیش کش ختم ہو جائے گی اور ہماری پیش کش اب ختم ہو چکی ہے۔

    ادھر پیٹریاٹ میزائل تیار کرنے والی کمپنی ریتھیون کے ترجمان نے امریکی وزارت خارجہ کے ذمے دار کے بیان پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔ ترجمان کے مطابق یہ ایک حکومتی مسئلہ ہے۔

  • امریکی پابندیاں اٹھانے کے بدلے ایران کی اہم پیش کش

    امریکی پابندیاں اٹھانے کے بدلے ایران کی اہم پیش کش

    تہران /واشنگٹن : ایرانی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ایران اپنے جوہری پروگرام کے وسیع تر معائنے کو دائمی صورت میں قبول کرسکتاہے۔

    تفصیلات کے مطا بق ایران نے تجویز پیش کی ہے کہ اگر امریکا تہران پر عائد اقتصادی پابندیوں سے مستقل طور پر دست بردار ہو جائے تو ایران اپنے جوہری پروگرام کے وسیع تر معائنے (اضافی پروٹوکول) کو دائمی صورت میں قبول کر لے گا۔ تاہم امریکا نے اس پیش کش کی سنجیدگی پر شکوک کا اظہار کیا ہے۔

    برطانوی اخبار نے ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کے حوالے سے بتایا کہ انہوں نے نیویارک میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایران اضافی پروٹوکول پر فوری دستخط کر سکتا ہے جو اقوام متحدہ کے تفتیش کاروں کو ایرانی جوہری پروگرام کے پُرامن ہونے کو یقینی بنانے کے لیے زیادہ راستے فراہم کرے گا تاہم اس کے لیے پہلے امریکا کو ایران پر عائد پابندیاں مستقل طور پر ختم کرنا ہوں گی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ایران کی جانب سے پہلے ہی مذکورہ پروٹوکول نافذ ہے لہذا یہ واضح نہیں کہ وہ کون سی رعایت ہے جو جواد ظریف اس تجویز میں پیش کر رہے ہیں، دوسری جانب ایک امریکی ذمے دار نے نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست پر بتایا کہ وہ اس معاملے کو شک کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ایران پابندیوں میں نرمی حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے جب کہ اس کے مقابل کوئی قابل ذکر چیز پیش نہیں کی گئی۔

    امریکی ذمے دار کے مطابق ان (ایرانیوں) کی چال یہ ہے کہ پابندیوں کے حوالے سے کسی بھی ممکنہ نرمی کو حاصل کر لیں جب کہ خود مستقبل میں جوہری ہتھیار کے حصول کی صلاحیت محفوظ رکھیں، ذمے دار نے مزید کہا کہ ایران ایک چھوٹے اقدام کو اس طرح ظاہر کرنے کی کوشش کر رہا ہے گویا کہ وہ ایک بڑی رعائت ہو۔

    انہوں نے واضح کیا کہ ایرانی تجویز سے یورینیم کی افزودگی کا سلسلہ موقوف نہیں ہو گا اور اس سے یمن ، عراق، شام اور لبنان میں ایران کی اپنے ایجنٹوں کے لیے سپورٹ میں کوئی کمی نہیں آئے گی۔

    یاد رہے کہ مذکورہ اضافی پروٹوکول پر 1993 میں دستخط کیے گئے تھے۔

    یہ پروٹوکول تفتیش اور دیگر وسائل کے ذریعے جوہری تنصیبات کے پر امن ہونے کو یقینی بنانے کے حوالے سے ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کے اختیارات میں اضافہ کرتا ہے۔

    سال 2015 میں ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے درمیان طے پانے والے جوہری معاہدے کے تحت تہران پر یہ بھی لازم ہے کہ وہ اضافی پروٹوکول کو مستقل طور پر قبول کرنے کے لیے کوشش کرے،ایسے وقت میں جب کہ امریکا کی جانب سے تہران پر عائد بہت سی پابندیوں کو حتمی طور پر منسوخ کرنے کے حوالے سے پاسداری کی جا رہی ہو۔

  • سعودی شہری نے عطرگلاب کی خاطر 1000 ریال کی نوکری چھوڑ دی

    سعودی شہری نے عطرگلاب کی خاطر 1000 ریال کی نوکری چھوڑ دی

    ریاض : عطر گلاب کی خاطر ملازمت چھوڑنے والے سعودی شہری راشد القرشی نے بتایا کہ عطر گلاب سے تیار کردہ مصنوعات بیرون ملک سپلائی کرتااورلوگوں کویہ ہنر بھی سکھاتا ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق گلاب کے پھولوں ان کےعرق اور ان سے کشید کیے جانے والے عطریات کے شوق نے ایک سعودی شہری کو اس کی ملازمت سےدور اور پسندیدہ مشغلے سے منسلک کردیا، گلاب اور عطر گلاب کے شوق نے راشد القرشی کی شہرت کو چار چاند لگا دیے اور آج اس کے چرچے سمندر پار بھی کیے جا رہے ہیں۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ راشد القرشی نے عرق گلاب اور گلاب کے عطر کے لیے ہزاروں ریال کی ملازمت ترک کی تاکہ وہ پورا وقت اپنے پسندیدہ مشغلے کودے سکے، یہ مشغلہ اسے اس کے آباﺅ اجداد سے ورثے میں ملا ہے۔

    میڈیارپورٹس کے مطابق طائف گورنری کے راشد القرشی نے بتایا کہ اس نے گلاب کے 15 ہزار پھول اکھٹے کیے اور انہیں تانبے کے برتنوں میں ڈال دیا تاکہ ان سے شاہی عطر یعنی گلاب کا عطر کشید کیا جا سکے۔

    ایک سوال کے جواب میں راشد القرشی نے بتایا کہ وہ عطر گلاب سے تیار کردہ مصنوعات بیرون ملک حتیٰ کہ ملائیشیا، انڈونیشیا اور تھائی لینڈ کو بھی سپلائی کرتے ہیں، ان کے تیار کردہ عطریات اور گلاب کی دیگر مصنوعات کی طلب بڑھتی جا رہی ہے۔

    راشد القرشی نے بتایا کہ وہ نہ صرف گلاب سے عرق اور عطر کشید کرتے ہیں بلکہ دوسروں کو بھی یہ فن سکھاتےانہیں مفید مشورے دیتے اور گلاب سے تیار ہونے والی مصنوعات کی تیاری کی مکمل رہ نمائی کرتے ہیں۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ حج اور عمرہ کے سیزن میں حجاج ومعتمرین حضرات ان کے تیار کردہ عطریات اور دیگر مصنوعات کو بہت زیادہ پسند کرتے ہیں۔

  • عیدالفطر کے دن ٹرین میں سفر کرنے والے مسافروں کیلئے بڑی خوشخبری

    عیدالفطر کے دن ٹرین میں سفر کرنے والے مسافروں کیلئے بڑی خوشخبری

    لاہور : وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے عوام کو خوشخبری سناتے ہوئے عید کے دن ریلوے میں سفر کرنے والوں کے لیے آدھے ٹکٹ کا اعلان کردیا، اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلویز شیخ رشید احمد کی جانب سے عید کے پُرمسرت موقع پر ریلوے مسافروں کے لیے بڑا اعلان کیا گیا ہے، جس کے مطابق عید کے پہلے روز پاکستان ریلوے کے ذریعے سفر کرنے والے مسافروں کو تمام ٹرینوں میں پچاس فیصد رعایت دینے کا کہا گیا ہے۔

    اس حوالے سے محمکہ ریلوے کی جانب سے حکم نامہ بھی جاری کردیا گیا ہے، اسپیشل ٹرینوں کے علاوہ مسافروں کی مزید سہولت کے لیے مختلف ٹرینوں میں اضافی کوچز لگانے کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔

    جن ٹرینوں میں اضافی کوچز لگائی جائیں گی ان میں پاک بزنس ایکسپریس، کراچی ایکسپریس اور شاہ حسین ایکسپریس شامل ہیں۔

    مزید پڑھیں : عیدالفطر  پر اضافی رش :  پاکستان ریلوے کا 5خصوصی ٹرینیں چلانے کا اعلان

    واضح رہے کہ پاکستان ریلوے نے عید پر اضافی رش کے پیش نظر پانچ خصوصی ٹرینیں چلانے کا اعلان کردیا ہے ، وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی خصوصی ہدایت پر چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلوے محمد آفتاب اکبرکی منظوری کے بعد باقاعدہ شیڈول جاری کیا گیا۔

  • طالبان کی امریکا کو براہ راست مذاکرات کی پیش کش

    طالبان کی امریکا کو براہ راست مذاکرات کی پیش کش

    کابل : طالبان نے امریکا کوبراہ راست مذاکرات کی پیش کش کردی ، طالبان رہنما ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ کا کہنا ہے کہ امریکی فوج افغانستان سے نکل جائے توامن قائم ہوسکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق افغان میڈیا پرجاری بیان میں طالبان رہنما ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ نے کہا کہ افغانستان میں امن اوراسلامی حکومت کے قیام کے لئے مذاکرات کے لئے دروازے کھلے رکھے ہیں اور امریکا سے براہ راست مذاکرات کو تیار ہیں۔

    ملا ہیبت اللہ کا کہنا تھا کہ امریکا اگر افغان تنازع کا خاتمہ چاہتا ہے تومذاکرات کی میز پر آئے، بات چیت کے ذریعے امریکی اورافغان شہریوں کونقصان پہنچانے والے تنازع کو ختم کیا جاسکتا ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ ہمارے دیرینہ مطالبے پر امریکا اور دیگر غیرملکی فورسز افغانستان سے چلی جائیں توملک میں امن بحال ہوجائے گا۔

    یاد رہے کہ افغان حکومت نے عید الفطر کی آمد کے پیش نظر طالبان کے خلاف کارروائیاں روکنے کا اعلان کیا تاہم ساتھ میں یہ بھی واضح کیا کہ اگر کسی بھی مسلح گروہ کی جانب سے دہشت گردی کی گئی تو سیکیورٹی ادارے بھرپور جواب دیں گے۔

    جس کے بعد طالبان کی جانب سے بھی عید الفطر کے موقع پر تین دن کے لیے جنگی بندی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس جنگ بندی کا اطلاق صرف مقامی فوجیوں کے لیے ہوگا جبکہ نیٹو اور امریکی فوج نے کوئی کارروائی کی تو طالبان اس کا جواب دیں گے۔

    خیال رہے کہ افغانستان میں امریکی افواج کے داخل ہونے کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ طالبان کی جانب سے پہلی بار جنگ بندی کا اعلان کیا گیا جبکہ اقوامِ متحدہ، امریکا اور نیٹو کی جانب سے طالبان کے اعلان کا خیر مقدم کیا گیا ہے تاہم کچھ حلقے حکومت اور مسلح افراد کے اس اعلان کو خفیہ معاہدہ بھی قرار دے رہے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔