Tag: Official Hajj Scheme

  • سرکاری حج اسکیم میں درخواستیں جمع کروانے والوں کیلئے  اہم خبر

    سرکاری حج اسکیم میں درخواستیں جمع کروانے والوں کیلئے اہم خبر

    اسلام آباد : حج درخواست گزاروں کی آسانی کیلئے بینکوں کو مزید ہدایات جاری کردی گئیں ہیں ، منظور شدہ ویکسین میں سے کسی ایک کی پہلی ڈوز لگوا کر درخواست جمع کراسکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سرکاری حج اسکیم میں درخواستوں کی وصولی جاری ہے ، 22 مارچ تک 26 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں۔

    حج درخواست گزاروں کی آسانی کیلئے بینکوں کو مزید ہدایات جاری کردی گئیں ہیں ، سمندر پار پاکستانی میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ بھی بینک میں جمع کروا سکتے ہیں۔

    سمندر پار پاکستانیوں کو پاکستان پہنچنے کے بعد حج پرواز سے پہلے سرٹیفکیٹ بنوا کر جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے ، منظور شدہ ویکسین میں سے کسی ایک کی پہلی ڈوز لگوا کر درخواست جمع کراسکتے ہیں۔

    وزارت مذہبی امور کا کہنا تھا کہ روانگی سے قبل مکمل ڈوز لگوا کر بینک میں سرٹیفکیٹ جمع کرانا ہو گا ، نادرا کے علاوہ غیر ملکی ویکسین سرٹیفکیٹ بھی قابل قبول ہو گا۔

    حکام نے بتایا کہ نامزد بینکوں کی مخصوص شاخیں 25 اور 26 مارچ کو درخواستیں وصول کریں گی تاہم اسپانسر شپ بھجوانے والے کا عازمین حج سے Blood Relation ہونا ضروری نہیں۔

    وزارت مذہبی امور کے مطابق آسان اکاؤنٹ کی حد 10 لاکھ سے بڑھا کر 15 لاکھ کی جا چکی ہے، حجاج کرام کو سعودی عرب میں قربانی کا کوپن خود خریدنا ہو گا، قربانی کوپن کی رقم 700 تا 1 ہزار ریال تک ہو سکتی ہے اور حج درخواستیں نامزد بینکوں کے ذریعے ہی پراسیس ہوں گی۔

  • سرکاری حج اسکیم : درخواستیں چھ مارچ تک وصول کی جائیں گی، ترجمان مذہبی امور

    سرکاری حج اسکیم : درخواستیں چھ مارچ تک وصول کی جائیں گی، ترجمان مذہبی امور

    اسلام آباد : سرکاری حج اسکیم میں اب تک ایک لاکھ 16ہزار683درخواستیں وصول ہوچکی ہیں، حج درخواستیں چھ مارچ تک وصول کی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق سرکاری حج اسکیم میں درخواستوں کی وصولی کا آج چھٹا دن تھا، اس حوالے سے ترجمان وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ خراب موسم کے باوجود حج درخواستوں کی وصولی کا سلسلہ جاری ہے۔

    اب تک ایک لاکھ 16ہزار6 سو 83حج درخواستیں وصول ہوئی ہیں، درخواست گزاروں کی سہولت کیلئے نامزد بینک کل بھی کھلے رہیں گے۔

    ترجمان مذہبی امور کے مطابق اسٹیٹ بینک نے نامزد بینکوں کو ہفتہ اور اتوار کھلے رکھنے کی ہدایت کی تھی، حج درخواستیں چھ مارچ تک وصول کی جائیں گی۔

    عوام کی سہولت کیلئے درخواست گزاروں کے کوائف وزارت کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردئیے گئے ہیں، تمام درخواست گزاروں کو ان کے کوائف ایس ایم ایس بھی کئے جارہےہیں، ترجمان مذہبی امور نے ہدایت کی ہے کہ درخواست گزار کسی بھی غلطی کی صورت میں متعلقہ بینک سے فوری تصحیح کرائیں۔

    مزید پڑھیں: سعودی حکومت رضامند، پاکستانی حجاج کے لیے دو بڑی خوش خبریاں

    یاد رہے کہ سرکاری اسکیم کے تحت حج درخواستیں حبیب بینک لمیٹڈ،یونائٹیڈ بینک لمیٹڈ، نیشنل بینک آف پاکستان، مسلم کمرشل بینک، الائیڈ بینک لمیٹڈ، زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ، بینک آف پنجاب، بینک الفلاح ،میزان بینک اور حبیب میٹرو بینک کی شاخوں میں جمع کرائی جاسکتی ہے۔