Tag: officials warn

  • امریکی حکام نے شہریوں پر بڑی پابندی عائد کردی

    امریکی حکام نے شہریوں پر بڑی پابندی عائد کردی

    امریکہ کی ریاست ٹیکساس کے حکام نے سکیورٹی وجوہات کے باعث امریکی شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ موسمِ بہار کی تعطیلات میں میکسیکو جانے سے حتی الامکان گریز کیا جائے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ٹیکساس محکمہ عوامی سلامتی نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ میکسیکو میں منشیات فروش جتھوں کی وجہ سے ہونے والے پُر تشدد واقعات اس ملک کی سیاحت کرنے والے ہر شخص کے لئے شدید خطرہ ہیں۔

    محکمہ عوامی سلامتی کے منتظم ‘سٹیو میک کراو’نے میکسیکو کے پُر تشدد واقعات اور منشیات فروش جتھوں کی کاروائیوں کی طرف توجہ مبذول کروائی اور کہا ہے کہ "ہم، لوگوں سے اپیل کرتے ہیں کہ ان دنوں میکسیکو کی سیاحت سے پرہیز کیا جائے”۔

    واضح رہے کہ مذکورہ وارننگ گذشتہ ہفتے میکسیکو میں داخل ہونے سے مختصر مدت کے بعد اغوا کیے گئے 4 امریکی شہریوں کے واقعے کے بعد دی گئی ہے۔ مذکورہ مغویوں میں سے 2 مردہ اور 2 زندہ امریکہ واپس لوٹے تھے۔

    علاوہ ازیں ملبوسات فروخت کرنے کے لئے میکسیکو جانے والی 3 امریکی عورتیں بھی گزشتہ 2 ہفتوں سے لاپتہ ہیں۔

  • بھارت میں کرونا کی نئی قسم دریافت، حکام نے خبردار کردیا

    بھارت میں کرونا کی نئی قسم دریافت، حکام نے خبردار کردیا

    نئی دہلی : بھارتی شہری کرونا وائرس کی نئی قسم میں مبتلا ہونے لگے، تاہم نئی قسم کے پہلے سے موجود وائرس سے زیادہ خطرناک ہونے کے ثبوت نہیں ملے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پڑوسی ملک بھارت میں مہلک ترین وبا کرونا وائرس کی نئی قسم دریافت ہوئی ہے جسے ماہرین کی جانب سے ’ڈبل میوٹنٹ‘ کا نام دیا گیا ہے۔

    میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ نئی قسم بھارتی ریاست مہارشٹرا میں سامنے آئی، ریاست بھر سے لیے گئے نمونوں میں سے دو سو میں ڈبل میوٹنٹ قسم پائی۔

    بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ تاحال یہ قسم شہریوں میں اتنی بڑی تعداد میں نہیں پایا گیا، اور ابھی تک اس بات کے بھی ثبوت نہیں ملے ہیں کہ کرونا وائرس کی یہ نئی قسم پہلے سے پائے جانے والے وائرس کی نسبت زیادہ خطرناک ہے یا نہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ اس قسم کو ڈبل میوٹنٹ اس لیے کہا جاتا ہے کہ اس میں پہلے سے دریافت شدہ کورونا وائرس کی دو قسموں کی خصوصیات موجود ہیں۔

  • شہری ٹڈی کھانے سے گریز کریں، حکام نے خبردار کردیا

    شہری ٹڈی کھانے سے گریز کریں، حکام نے خبردار کردیا

    ریاض : سعودی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ شہری ٹڈیوں کو کھانے سے گریز کریں کیونکہ ٹڈی دل کے خاتمے کےلیے کیے گئے اسپرے کے باعث یہ زہریلی ہوسکتی ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب مشرقی ریجن میں ٹڈی دل نے حملہ کردیا، ٹڈی دل کے حملے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگئی ہے، جس میں لاکھوں ٹڈیوں کو سڑکوں اور مختلف مقامات پر دیکھا جاسکتا ہے۔

    سعودی عرب کی وزارت ماحولیات و پانی و زراعت نے کہا ہے کہ حکومت ٹڈی دل سے حملوں سے شہریوں کو بچانے کےلیے خصوصی مہم چلارہی ہے اور اس مہم میں عوام کو شریک ہونے کی دعوت دی گئی ہے۔

    وزارت ماحولیات کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ شہری جہاں بھی ٹڈی دل کا حملہ دیکھیں فوری طور پر وزارت ماحولیات کو اطلاع کریں وہ فوری طور پر مناسب اقدامات کریں گے۔

    وزارت ماحولیات نے ان علاقوں میں رہنے والے شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ ٹڈیوں کے خاتمے کے لیے کیے جانے والے اسپرے کی وجہ سے ٹڈیوں کو کھانے سے گریز کیا جائے، سپرے کے باعث یہ ٹڈیاں زہریلی ہوسکتی ہیں۔

    واضح رہے کہ وزارت کی جانب سے گذشتہ ماہ ٹڈی دل حملوں کی پیشگی اطلاع دی گئی تھی۔

    سعودی وزارت کا کہنا تھا کہ یکم تا پندرہ جنوری تک ایک لاکھ چالیس ہزار سے دو لاکھ 55 ہزار ہیکٹر رقبے پر ٹڈیوں کے خاتمے کے لیے اسپرے کیا تھا۔