اسلام آباد :وزیراعظم عمران خان کی بہن کے وکیل سلمان اکرم راجہ کا کہنا ہے کہ علیمہ خان کےذرائع آمدن کسی خیراتی رقم پرمشتمل نہیں، انھوں نے بیرون ملک جائیداد وراثتی جائیدادیں بیچ کربنائی، ان کی بیرون ملک جائیدادوں کی مجموعی قیمت 7.25کروڑروپےہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان کےوکیل سلمان اکرم راجہ نے دبئی میں جائیداد پر ٹیکس سے متعلق پریس ریلیزجاری کردی، جس میں کہا گیا ہے کہ علیمہ خان نے واجب الاداٹیکس کاکچھ حصہ اداکردیاہے، ان کے ذرائع آمدن کسی خیراتی رقم پر مشتمل نہیں، تمام افواہیں اورقیاس آرائیاں غلط ہیں۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ علیمہ خان نے بیرون ملک جائیداد وراثتی جائیدادیں بیچ کر بنائی، بیرون ملک جائیدادوں میں ان کےشوہرکابھی حصہ ہے، پاکستان سے پیسے بینکس کے ذریعے بھجوائےگئے۔
پریس ریلیز کے مطابق علیمہ خان ٹیکسٹائل سےمتعلق کمپنی میں 50فیصدکی حصےدارہیں، کمپنی قانونی تقاضوں کےتحت بنائی گئی،بیرون ملک بینکوں سےقرضےلیےگئے، ان کی بیرون ملک جائیدادوں کی مجموعی قیمت 7.25کروڑروپے ہے۔
مزید پڑھیں : علیمہ خان کے کاروبار اور ٹیکس کی تفصیلات منظر عام پر آگئیں
یاد رہے 15 جنوری کو وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کے کاروبار کی تفصیلات منظر عام پر آئیں تھیں، جس کے مطابق علیمہ خان کے نام پر ایس ای سی پی میں ایک کمپنی رجسٹرڈ ہے جبکہ علیمہ خان کاٹ کام سورسنگ پرائیویٹ لمیٹڈ کی سی ای او ہیں، ان کے دو بیٹے شاہریز اور شیرشاہ کمپنی کے ڈائریکٹر ہیں جبکہ علیمہ خان کا نام ایکٹو ٹیکس پیئر میں موجود ہیں۔
ذرائع کے مطابق علیمہ خان کی کمپنی کاٹ کام نے 2013 میں 20 لاکھ 62 ہزار روپے سے زائد، 2014 میں 24 لاکھ 90 ہزار روپے سے زائد ، 2015 میں 32 لاکھ 82 ہزار روپے سے زائد جبکہ 2016 میں 18 لاکھ 27 ہزار روپے سے زائد ٹیکس ادا کیا۔
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان نے غیرقانونی جائیدادوں کے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا تھا تاثر دینےکی کوشش ہے کہ اثاثے فنڈ ریزنگ کے غلط استعمال سے بنائے گئے، جائیداد قانونی ذرائع آمدن اور خاوند کے اثاثوں کے ذریعہ بنائی گئی۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم کی بہن علیمہ خان نے غیرقانونی جائیدادوں کے الزامات مسترد کردیے
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ شوکت خانم ہسپتال کا آڈٹ انٹرنیشنل فرمز کر چکی ہیں جس جائیداد کا ذکر کیا جا رہا ہے وہ قانونی طریقے سے بنائی گئی، جائیداد قانونی ذرائع آمدن اور خاوند کے اثاثوں کے ذریعہ بنائی گئی۔
وزیراعظم عمران خان کی بہن نے کہا تھا کہ میں 20 سال سے ٹیکسٹائل ایکسپورٹ کے کاروبار میں شامل رہی، کاروبار میں دو ارب روپے سالانہ کی ایکسپورٹس کی گئی، جس سے ملکی معیشت کو فائدہ پہنچا۔