Tag: OIC

  • او آئی سی کو یو این سے مل کر دہشت گرد گروہوں کے خاتمے کے لیے کام کرنا ہوگا: اسحاق ڈار

    او آئی سی کو یو این سے مل کر دہشت گرد گروہوں کے خاتمے کے لیے کام کرنا ہوگا: اسحاق ڈار

    بنجول: گیمبیا میں اسلامی سربراہی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈارنے کہا ہے کہ او آئی سی کو اقوام متحدہ سے مل کر دہشت گرد گروہوں کے خاتمے کے لیے کام کرنا ہوگا۔

    انھوں نے کہا پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ کردار ادا کیا، اس کے باوجود پاکستان کو سرحد پار سے اسپانسرڈ، حمایت یافتہ دہشت گردی کا سامنا ہے۔

    اسحاق ڈار نے کہا او آئی سی کو افغان معیشت بحال، علاقائی روابط کے منصوبوں کے جلد نفاذ میں مدد کرنی چاہیے، او آئی سی عالمی اقتصادی ترقی کی بحالی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

    انھوں نے کہا او آئی سی کا یہ سربراہی اجلاس نازک موڑ پر منعقد ہو رہا ہے، عوام بالخصوص امت مسلمہ کو بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، ان چیلنجز پر او آئی سی کو متحد اور مربوط جواب دینا چاہیے، مغربی کنارے، فلسطینی عوام پر اسرائیل کے وحشیانہ فوجی حملے جاری ہیں، عالمی عدالت انصاف (آئی سی جے) نے اسے ’’قابل تعزیر نسل کشی‘‘ قرار دیا ہے، ریاض میں مشترکہ عرب اسلامی سربراہی کانفرنس نے دور رس فیصلے کیے تھے، فلسطین کی آزادی کے لیے اپنے مقاصد کو عملی جامہ پہنانے کے لیے متحرک ہونا چاہیے۔

    نائب وزیر اعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کو یقینی بنایا جائے، محصور لوگوں کے لیے بلا روک ٹوک انسانی امداد کو یقینی بنایا جائے، اور اقوام متحدہ کے مکمل رکن کے طور پر فلسطین کے داخلے کی حمایت جاری رکھیں، 1967 سے پہلے کی سرحدوں کی بنیاد پر فلسطین کی خود مختار ریاست کا قیام ہونا چاہیے۔

    انھوں نے کہا او آئی سی رابطہ گروپ کے ذریعے عالمی کارپوریٹس کے ساتھ روابط کا طریقہ وضع کیا جائے، قرارداد میں او آئی سی کی جانب سے معیاری پالیسی اقدامات بھی شامل ہونے چاہئیں، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز امت کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل اس معاملے پر تعاون میں ناکام رہتے ہیں، چناں چہ گستاخانہ، اسلام مخالف مواد کے خلاف ضابطے کی پالیسیوں کے اطلاق کو ہم آہنگ کیا جائے۔

  • او آئی سی اجلاس، اسرائیلی مظالم کی شدید مذمت

    او آئی سی اجلاس، اسرائیلی مظالم کی شدید مذمت

    جدہ میں منعقد ہونے والے او آئی سی رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کے غیر معمولی اجلاس میں غزہ پر جاری اسرائیلی مظالم سے متعلق صورتحال پر غور کیا گیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق جدہ میں ہونے والے اجلاس میں سعودی عرب، پاکستان، بحرین، فلسطین اور ایران سمیت دیگر رکن ممالک کے وزرائے خارجہ شریک ہوئے۔

    او آئی سی اجلاس میں موجود وزرا نے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی، غزہ سے اسرائیلی افواج کا انخلاء اور تمام غیرقانونی اقدامات کا سلسلہ اب رکنا چاہئے۔

    جدہ میں ہونے والے اجلاس میں پاکستانی موقف پیش کرتے ہوئے پاکستان کے مستقل مندوب فواد شیر نے غزہ میں اسرائیلی مظالم کی شدید مذمت کی۔

    پاکستان کے مندوب نے غزہ کے لیے انسانی بنیادوں پر فنڈ فراہمی پر زور دیا، اجلاس میں غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

    اسرائیل کو اسلحہ برآمدگی پر کینیڈین وزیرخارجہ کیخلاف مقدمہ

    پاکستان کے مستقل مندوب نے غزہ میں امدادی کارکنوں اور تنظیموں کے داخلے کے لیے اسرائیل پر دباؤ ڈالنے پر بھی زور دیا،اجلاس میں وزرا نے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل پر جنگی جرائم کا تحقیقاتی کمیشن قائم کرنے پر زور دیا۔

  • مشرقی بیت المقدس کیساتھ فلسطینی ریاست کا قیام امن کاواحدراستہ ہے، او آئی سی

    مشرقی بیت المقدس کیساتھ فلسطینی ریاست کا قیام امن کاواحدراستہ ہے، او آئی سی

    او آئی سی کی جانب سے غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے قتل عام کی شدید مذمت کی گئی ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق او آئی سی نے غزہ میں مزید جانی نقصان کو روکنے کے لئے ایک بار پھر غیر مشروط جنگ بندی کامطالبہ کیا ہے۔

    او آئی سی اعلامیے کے مطابق فلسطینی ریاست کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے، خطے میں امن وسلامتی کا واحد راستہ فلسطینی عوام کے حقوق کا تحفظ ہے، مشرقی بیت المقدس کیساتھ فلسطینی ریاست کا قیام امن کاواحدراستہ ہے۔

    دوسری جانب اسرائیل نے جنوبی غزہ کی لڑائی میں ہلاک ہونے والے مزید دو فوجیوں کی تصدیق کردی۔

    براڈکاسٹر 24 کے مطابق اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ اسٹاف سارجنٹ نیریا بیلیٹ اور گیواتی جاسوسی یونٹ کے اسٹاف سارجنٹ آئیڈو ایلی زریھان غزہ کی پٹی کے جنوب میں مارے گئے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ انکلیو کے جنوب میں لڑائی میں گیواتی یونٹ کا ایک افسر اور دو سپاہی بھی شدید زخمی ہوئے۔اس میں کہا گیا ہے کہ 27 اکتوبر کو پٹی پر زمینی حملے کے آغاز کے بعد سے کم از کم 240 اسرائیلی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔

    غزہ میں جارحیت کو 140 روز مکمل، اسرائیلی بمباری میں مزید 100 افراد شہید

    ان کے علاوہ سیکڑوں زخمی ہیں جن میں کئی کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

  • نیویارک میں او آئی سی گروپ نے جموں و کشمیر پر مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا

    نیویارک میں او آئی سی گروپ نے جموں و کشمیر پر مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا

    نیویارک: اسلامی تعاون تنظیم کے رابطہ گروپ برائے جموں و کشمیر نے مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا ہے جس میں یو این قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر کے عوام کے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کی توثیق کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلامک کوآپریشن آرگنائزیشن کے رابطہ گروپ نے نیویارک میں جموں و کشمیر پر گروپ کے اجلاسوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کشمیر میں حریت قیادت، سیاسی کارکنوں، صحافیوں اور انسانی حقوق کے محافظوں کی نظر بندی کی مذمت کی۔

    اعلامیے کے مطابق رابطہ گروپ نے مقبوضہ کشمیر میں اظہار رائے کی آزادی اور بنیادی حقوق اور آزادیوں پر مسلسل پابندیوں پر تشویش کا اظہار کیا، اور جی 20 ٹورازم ورکنگ گروپ میٹنگ سے خود کو الگ کرنے کا فیصلہ کرنے والے ممالک کی تعریف کی۔

    اعلامیے کے مطابق گروپ اجلاسوں میں عالمی سول سوسائٹی اور تنظیموں کو مقبوضہ کشمیر کا دورہ کرنے کی اجازت دینے سے بھارت کے انکار کی مذمت کی گئی، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف آواز اٹھانے پر عالمی رہنماؤں کے کردار، اور مظالم کے خلاف آواز اٹھانے پر انسانی حقوق کی تنظیموں، بین الاقوامی میڈیا کے کردار کا خیر مقدم کیا گیا۔

    گروپ اجلاسوں میں اس امر پر اتفاق رائے کیا گیا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر کے تنازعہ کا حل ناگزیر ہے، اور ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کے حصول کے لیے کشمیری عوام کی جائز جدوجہد کی حمایت کا اعادہ کیا گیا۔

    گلگت بلتستان پر حملے کی تیاری سے متعلق بھارتی سیاسی رہنماؤں کے بیانات پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا، اجلاس میں ایسے بیانات کو علاقائی امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا گیا۔

  • او آئی سی میں سوئیڈن کی خصوصی ایلچی کی حیثیت معطل کر دی گئی

    او آئی سی میں سوئیڈن کی خصوصی ایلچی کی حیثیت معطل کر دی گئی

    جدہ: سعودی عرب میں جاری او آئی سی اجلاس میں سوئیڈن کی خصوصی ایلچی کی حیثیت معطل کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق تنظیم تعاونِ اسلامی (او آئی سی) کا اجلاس سعودی عرب کے شہر جدہ میں جاری ہے، جس میں سوئیڈن کی خصوصی ایلچی کی حیثیت معطل کر دی گئی ہے۔

    سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم نے ڈنمارک میں قرآن پاک کے نسخے کو نذر آتش کرنے کی مذمت کی، انھوں نے کہا کہ اس طرح کی کارروائیاں مذہبی منافرت اور عدم برداشت کو ہوا دیتی ہیں، اور اس طرح کی کارروائیوں کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔

    او آئی سی نے مطالبہ کیا کہ ڈنمارک ایسی اشتعال انگیز کارروائیوں کو روکنے کے لیے اقدامات کرے، اشتعال انگیزیاں شہری اور سیاسی حقوق کے بین الاقوامی معاہدے کی روح کے خلاف ہیں۔

  • او آئی سی کے سیکریٹری جنرل لائن آف کنٹرول کا دورہ کریں گے

    او آئی سی کے سیکریٹری جنرل لائن آف کنٹرول کا دورہ کریں گے

    اسلام آباد: اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی کے سیکریٹری جنرل وفد کے ہمراہ لائن آف کنٹرول کا دورہ کریں گے، وفد ایل او سی پر متاثرین سے بھی ملاقات کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل وفد کے ہمراہ لائن آف کنٹرول کا دورہ کریں گے، سعودی عرب، ترکیہ، مالدیپ، آذر بائیجان، نائیجیریا، سینیگال کے حکام بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔

    وفد کو ایل او سی کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا جائے گا۔

    بین الاقوامی وفد ایل او سی پر متاثرین سے بھی ملاقات کرے گا۔ او آئی سی سیکریٹری جنرل مظفر آباد میں یادگار شہدا کا بھی دورہ کریں گے۔

    وفد کی آزاد کشمیر کی سیاسی قیادت سے بھی ملاقاتیں طے ہیں۔

  • وزیر خارجہ کی اسلامو فوبیا کے خلاف اہم تجاویز

    وزیر خارجہ کی اسلامو فوبیا کے خلاف اہم تجاویز

    نیویارک: وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے اسلامی تعاون تنظیم کے رابطہ گروپ برائے مسلمانان یورپ کے اجلاس میں، مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز اقدامات کی نگرانی کے لیے آبزرویٹری قائم کرنے کی تجویز دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے نیویارک میں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 77 ویں اجلاس کے موقع پر اسلامی تعاون تنظیم کے رابطہ گروپ برائے مسلمانان یورپ کے اجلاس میں شرکت کی۔

    وزیر خارجہ نے او آئی سی کو یورپ سمیت دنیا بھر میں مسلم اقلیتوں کو درپیش مشکلات کے حل کی تجاویز دیں۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ یورپ سمیت دنیا بھر میں مسلمانوں کے خلاف امتیازی سلوک اور نفرت انگیز جرائم کے واقعات کی نگرانی کرنا ہوگی، او آئی سی کو نگرانی کے لیے اپنی آبزرویٹری مزید مضبوط بنانا ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ نگرانی سے رجحانات کو سمجھنے، مؤثر حکمت عملی بنانے اور ٹھوس اقدامات اٹھانے میں مدد ملے گی۔

    وزیر خارجہ نے تجویز دی کہ اقوام متحدہ ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق اور انسانی حقوق کمشنر کونسل آف یورپ سے آبزرویٹری کے قیام کا مطالبہ کیا جائے۔ دونوں اہم اداروں کی آبزرویٹری مسلم دشمنی، مذہبی منافرت اور تشدد کی نگرانی کرے۔

    انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ ہائی کمشنر، کونسل آف یورپ کی آبزرویٹری پالیسی اداروں کو باقاعدگی سے رپورٹ کرے۔

    وزیر خارجہ نے تجویز دی کہ اقوام متحدہ سیکریٹری جنرل پر اسلامو فوبیا پر خصوصی ایلچی یا فوکل پرسن مقرر کرنے پر زور دیا جائے، او آئی سی ارکان، یورپی ممالک کے ساتھ مسلمانوں کو درپیش چیلنجز کو اٹھائیں اور مسائل حل کریں۔

  • او آئی سی کی پاکستان میں سیلاب متاثرین کی  فوری امداد کی اپیل

    او آئی سی کی پاکستان میں سیلاب متاثرین کی فوری امداد کی اپیل

    اسلام آباد: تنظیم تعاون اسلامی (او آئی سی) نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کی فوری امداد کی اپیل کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں بارشوں اورسیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی پر او آئی سی سیکریٹری جنرل نے سیلاب متاثرین کی فوری امداد کی اپیل کر دی ہے۔

    حسین براہیم طہٰ نے اپنے پیغام میں کہا کہ تنظیم کے رکن ممالک، دیگر تنظیمیں اور عالمی برادری پاکستان میں سیلاب متاثرین کی فوری مدد کرے۔

    او آئی سی نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر حکومت پاکستان اور عوام سے اظہار تعزیت بھی کیا ہے۔

    ترک اور ایرانی صدور کا وزیراعظم کو ٹیلیفون، سیلاب سے نقصانات پر اظہارِ افسوس

    واضح رہے کہ برطانیہ نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے 1.5 ملین پاؤنڈز امداد کا اعلان کیا ہے، برطانوی ہائی کمیشن نے کہا کہ اقوام متحدہ رواں ہفتے کے آخر میں پاکستان میں آفت کے باعث ضروریات کا جائزہ لے رہا ہے، توقع ہے کہ منگل کو اقوام متحدہ کی (پاکستان کی امداد کے لیے) اپیل شروع کی جائے گی۔

    پاکستان میں بدترین سیلاب سے نمٹنے کے لیے عالمی رہنماؤں کی جانب سے مدد کی پیشکش ہو رہی ہے، ترک صدر نے وزیر اعظم شہباز شریف کو فون کر کے کہا مشکل وقت میں ترکیہ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے، امدادی سامان لے کر ترک طیارہ روانہ ہو گیا ہے۔

    متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زید النہیان نے وزیر اعظم سے فون پر سیلاب سے تباہی پر افسوس کا اظہار کیا اور ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

    ایران کے صدر نے بھی پاکستان کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کیا، فرانسیسی صدر نے بھی پاکستان کو مدد کی پیشکش کر دی، ٹویٹ میں لکھا پاکستان میں سیلاب سے تباہی پر افسوس ہے فرانس مدد کرنے کے لیے تیار ہے۔

  • بھارت میں حجاب پر پابندی، او آئی سی نے بھی آواز اٹھادی

    بھارت میں حجاب پر پابندی، او آئی سی نے بھی آواز اٹھادی

    اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے بھارت میں حجاب پہننے پر پابندی اور مسلم کش اقدامات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق او آئی سی نے ہندوتوا سوچ کے حامل طبقے کے مسلمانوں کی نسل کشی کے مطالبات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

    او آئی سی جنرل سیکریٹریٹ سے جاری بیان میں بھارت میں حجاب پہننے پر پابندی کے واقعات پر اظہار تشویش کرتے ہوئے بھارتی حکومت سے مسلمانوں کی سلامتی اور فلاح وبہبود کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

    او آئی سی نے بھارت میں حجاب پر پابندی سے متعلق حالیہ پرتشدد واقعات پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مودی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مسلمانوں پر تشدد، نفرت انگیز جرائم پر اکسانے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

    او آئی سی نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے ضمیر کو جھنجھوڑتے ہوئے ان سے بھی بھارت میں اینٹی مسلم مہم کے خلاف موثر اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

    واضح رہے کہ او آئی سی بھارت کی انتہا پسند حکومت کے مسلم کش اقدامات کی کھل کر مذمت کرتی رہی ہے۔

    مزید پڑھیں: بھارت میں مسلم کش فسادات پر او آئی سی نے خاموشی توڑ دی

    گزشتہ سال ہونے آسام میں ہونے والے مسلم کش اقدامات کو او آئی سی نے منظم ظلم وتشدد قرار دیا تھا۔

    یاد رہے کہ بھارتی ریاست آسام میں 25 ستمبر کو غیر قانونی تجاوزات کی آڑ میں دو مسلمانوں کی شہادت پر شدید ردعمل سامنے آیا تھا، واقعے کو ‘حیوانیت کی انتہا قرار دیا گیا تھا۔

  • کانفرنس کے انعقاد پر پاکستان کے شکر گزار ہیں: سیکریٹری جنرل او آئی سی

    کانفرنس کے انعقاد پر پاکستان کے شکر گزار ہیں: سیکریٹری جنرل او آئی سی

    اسلام آباد: اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طحہٰ کا کہنا ہے کہ کانفرنس کے انعقاد پر پاکستان کے عوام اور حکومت کے شکر گزار ہیں، اجلاس سے افغانستان میں انسانی صورتحال میں بہتری آئے گی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طحہٰ، انڈونیشیا، اردن، کرغستان، قازقستان، بنگلہ دیش اور سیرالیون کے وفود اسلام آباد سے روانہ ہوگئے۔

    وزیر مملکت فرخ حبیب اور وزیر مملکت علی محمد خان نے مہمانوں کو الوداع کیا۔

    روانگی سے قبل سیکریٹری جنرل نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کانفرنس کے انعقاد پر پاکستان کے عوام اور حکومت کا شکر گزار ہوں، کانفرنس کامیاب رہی جو ایک خوش آئند بات ہے۔

    سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ اجلاس سے افغانستان میں انسانی صورتحال میں بہتری آئے گی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا افغانستان کے لیے نمائندہ خصوصی تعینات کیا جائے، کل امریکی نمائندہ خصوصی نے افغان وفد سے بھی ملاقات کی۔

    انہوں نے کہا کہ اجلاس کی ایک اور کامیابی افغانستان کے لیے فنڈ کا قیام ہے۔

    وزیر مملکت فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ پاکستان آمد پر سیکریٹری جنرل او آئی سی کے شکر گزار ہیں، افغانستان میں انسانی المیہ جنم لے چکا ہے۔ اس المیے کے سد باب کے لیے او آئی سی کے پلیٹ فارم سے بھر پور آواز اٹھائی گئی۔

    انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کو او آئی سی کے پلیٹ فارم سے بھرپور پیغام گیا ہے، افغانستان کے نمائندہ خصوصی افغان عوام کے لیے فعال کردار ادا کریں گے۔ او آئی سی کے اس غیر معمولی اجلاس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔