Tag: oil

  • سرکاری لائن سے آئل چوری کے معاملے میں بڑی پیش رفت، ایک اور ٹینکر پکڑا گیا

    سرکاری لائن سے آئل چوری کے معاملے میں بڑی پیش رفت، ایک اور ٹینکر پکڑا گیا

    کراچی: کورنگی کے علاقے سے سرکاری لائن سے بڑی مقدار میں آئل چوری کے معاملے میں جاری تحقیقات میں مزید پیش رفت ہوئی ہے، ایک اور ٹینکر پکڑا گیا ہے اور چند پولیس افسران کے ملوث ہونے کے شواہد بھی ملے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی میں سرکاری لائن سے آئل چوری میں ملوث 6 ملزمان کی نشان دہی پر زمان ٹاؤن سے ایک اور آئل ٹینکر پکڑا گیا ہے، پولیس نے ڈرائیور کو بھی گرفتار کر لیا، پکڑے جانے والے ٹینکر میں 50 ہزار لیٹر کروڈ آئل موجود ہے۔

    ایس ایس پی کورنگی طارق نواز کے مطابق گزشتہ روز پولیس نے بڑے پیمانے پر آئل چوری کرنے میں ملوث 6 ملزمان گرفتار کر کے 25 ہزار کروڈ آئل سے بھرا ٹینکر پکڑا تھا، ان کی نشان دہی پر زمان ٹاؤن سے کروڈ آئل سے بھرا ایک اور ٹینکر پکڑا گیا ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق ملزمان نے آئل چوری کرنے کے لیے ویئر ہاؤس کرائے پر لیا اور اس کے اندر سے کھدائی کر کے سرنگ بنائی، اور 150 فٹ کھدائی کر کے لائن تک پہنچے اور اس پر کلپ لگایا۔


    پٹرولیم لیوی میں 10 روپے لیٹر اضافہ کردیا گیا


    حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان نے ویئر ہاؤس کے اندر سے سڑک کنارے گرین بیلٹ تک کھدائی کی، ملزمان رمضان المبارک کے دوران روز ہزاروں لیٹر آئل چوری کر رہے تھے، پولیس نے سرکار کی مدعیت میں 8 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

    ادھر ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ اعلیٰ پولیس حکام کو 50 ہزار لیٹر کروڈ آئل کی چوری میں چند پولیس افسران اور اہلکاروں کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں، اور کروڈ آئل کی چوری میں ملوث پولیس افسران کو شناخت کر لیا گیا ہے، جس پر اعلیٰ پولیس افسران نے خفیہ تحقیقات شروع کر دی ہے۔

  • ریلوے لائن کے قریب تیل چوروں کی کھودی سرنگ بڑے حادثے سے قبل پکڑی گئی

    ریلوے لائن کے قریب تیل چوروں کی کھودی سرنگ بڑے حادثے سے قبل پکڑی گئی

    کراچی: تیل چوروں نے ریلوے لائن کے قریب لمبی سرنگ کھود دی، تاہم کسی بڑے حادثے سے قبل کوشش پکڑی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق تیل چوروں کی بنائی سرنگ بڑے ٹرین حادثے کی وجہ بنتے بنتے رہ گئی، کراچی میں سرکاری لائنوں سے تیل چوری کرنے والے منظم گروہ کی کوئلہ لوڈنگ اسٹیشن کے قریب تیل چوری کی کوشش پکڑی گئی۔

    تیل چوروں نے ریلوے لائن کے قریب ایک لمبی سرنگ کھود دی تھی، ریلوے ملازم نعیم نے اطلاع ملتے ہی پولیس اسٹیشن لانڈھی میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کروا لیا۔

    بروقت اطلاع ملنے پر کوئلہ لوڈنگ اسٹیشن بن قاسم پورٹ قاسم اسٹیشن کے قریب بڑا ٹرین حادثہ ہونے سے بچا لیا گیا، ایف آئی آر کے مطابق نامعلوم افراد نے ریلوے اسٹیشن بن قاسم پورٹ قاسم اسٹیشن درمیان کوئلہ لوڈنگ اسٹیشن پر ٹریک کے قریب کھدائی کی۔

    تیل چوروں نے ریلوے ٹریک کے قریب گودام کی دیوار کے 20 فٹ اندر سے ریلوے زمین کے نیچے 10 فٹ گہری، ڈھائی فٙٹ چوڑی اور 61 فٹ لمبی سرنگ کھودی تھی جو ریلوے ٹریک کے سلیپروں کے شولڈر تک گئی ہوئی تھی۔

    ریلوے انتظامیہ کے مطابق اگر سرنگ مکمل ہو جاتی تو ریلوے ٹریک بیٹھنے کا خدشہ تھا، جس سے ریلوے کی مال ٹرینوں اور اسٹاف کو بھاری جانی و مالی نقصان کا اندیشہ تھا، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

  • لیڈی ڈیانا کی خوبصورتی کے لیے زیر استعمال نسخہ سامنے آگیا

    لیڈی ڈیانا کی خوبصورتی کے لیے زیر استعمال نسخہ سامنے آگیا

    مختلف اشیاء سے تیار کیے جانے والے تیل کا استعمال نہ صرف متعدد بیماریوں سے محفوظ رکھتا ہے بلکہ بڑھتی عمر کے اثرات کو زائل کرنے کیلیے بھی آزمودہ ہے۔

    ویسے تو روغنیات کو بعض اوقات مضر صحت قرار دیا جاتا ہے جبکہ کچھ پھلوں اور سبزیوں سے حاصل کیے جانے والے تیل صحت اور خوبصورتی دونوں کے لیے بے حد مفید بھی ہوتے ہیں۔

    اس حوالے سے اے آر وائی ڈیجٹل کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں معروف ہربلسٹ ڈاکٹر عیسیٰ نے پھلوں سبزیوں اور میوہ جات کے تیلوں کو ملا کر ایسا مجرب نسخہ ’ایج ریورس آئل‘ بتایا جو صحت مند ہونے کے ساتھ خواتین کی خوبصورتی کا بھی محافظ ہے۔

    صحت و خوبصورتی

    ڈاکٹر عیسیٰ نے دعویٰ کیا کہ یہ وہ نسخہ ہے جو برطانوی شہزادی لیڈی ڈیانا اپنی خوبصورتی کو برقرار رکھنے کیلئے استعمال کیا کرتی تھیں۔

    اس ’ایج ریورس آئل‘بنانے کی ترکیب بتاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ چیز 20 یا 25 سال کی لڑکیوں کیلئے نہیں بلکہ 40 سال سے زائد عمر کی خواتین کیلئے ہے جن کے چہرے کی جلد ڈھیلی پڑ جاتی ہے یا گردن وغیرہ پر لکیریں آجاتی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے بادام کا تیل 60 ملی لیٹر لیں اس میں صندل کی لکڑی کا تیل (صندل ووڈ آئل) کے دس قطرے، پریمیم روز آئل (گلاب کے پھول کا تیل ) کے دس قطرے، لیمن آئل کے تین قطرے، لیوینڈر آئل کے دس قطرے، نیرولی آئل دس قطرے، کیرٹ سیڈ آئل (گاجر کا تیل) دس قطرے، روز میری آئل کے صرف دو قطرے شامل کرکے مکس کرلیں۔

    ڈاکٹر عیسیٰ نے تیل کے استعمال کے بارے میں بتایا کہ رات کو سونے سے قبل منہ دھو نے کے بعد اس کو ہلکا سا چہرے پر لگا کر مساج کریں اور سو جائیں، ان کا کہنا تھا کہ اس کے ساتھ ساتھ آپ نے اچھی خوراک کا بھی خیال رکھنا ہے۔

    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    نوٹ : مندرجہ بالا تحریر معالج کی عمومی رائے پر مبنی ہے، کسی بھی نسخے یا دوا کو ایک مستند معالج کے مشورے کا متبادل نہ سمجھا جائے۔

  • ملک میں قدرتی گیس کی پیداوار میں کمی

    ملک میں قدرتی گیس کی پیداوار میں کمی

    لاہور: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال 27 فیصد زائد تیل امپورٹ کیا گیا، قدرتی گیس کی پیداوار میں 6 فیصد کمی ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی سالانہ رپورٹ جاری کردی گئی، اوگرا کا کہنا ہے کہ مالی سال 21-2020 کے دوران 27.82 فیصد زائد تیل درآمد کیا گیا۔

    اوگرا کا کہنا ہے کہ قدرتی گیس کی پیداوار میں 6 فیصد کمی ہوگئی، قدرتی گیس کی پیداوار کم ہو کر 2 ہزار 6 ایم ایم سی ایف ڈی رہ گئی۔

    اوگرا کے مطابق مقامی ریفائنریز کی پیداوار میں 14.48 فیصد اضافہ ہوا، ریفائنریز میں تیل کی پیداوار سال 21-2020 میں 9.3 سے بڑھ کر 10.66 ملین ٹن رہی۔ مقامی ریفائنریز سے ایل پی جی کی پیداوار میں 25.32 فیصد اضافہ ہوا۔

    اوگرا رپورٹ میں کہا گیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی مانگ میں 12.95 فیصد اضافہ ہوا، پیٹرولیم مصنوعات کی مانگ 17.63 سے بڑھ کر 19.92 ملین ٹن ہوگئی۔

    رپورٹ کے مطابق قدرتی گیس سے پنجاب کو 52 فیصد حصہ یعنی 14 سو 26 ملین مکعب کیوبک فٹ گیس ملتی ہے، سندھ کو 39 فیصد حصہ یعنی 1 ہزار 52 ملین مکعب کیوبک فٹ گیس ملتی ہے۔

    رواں مالی سال کے دوران سندھ کو گیس کی سپلائی میں 40 سے 45 فیصد کٹوتی کی گئی، پختونخواہ کو 12 سے 13 فیصد، بلوچستان کو 11 فیصد اور پنجاب کو گیس سپلائی کی صرف 3 فیصد کٹوتی کی گئی۔

  • عالمی منڈی میں تیل کی کوئی قلت نہیں: سعودی وزیر خارجہ

    عالمی منڈی میں تیل کی کوئی قلت نہیں: سعودی وزیر خارجہ

    ریاض: سعودی خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی کوئی قلت نہیں، البتہ آئل ریفائنری کا دائرہ کار بڑھانے کی ضرورت ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی کوئی قلت انہیں نظر نہیں آرہی، اصل مسئلہ آئل ریفائنری کی پیداواری صلاحیت میں کمی ہے۔

    سعودی وزیر خارجہ نے منگل کو ٹوکیو میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئل ریفائنری کا دائرہ کار بڑھانے کے لیے مزید سرمایہ لگانا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ اوپیک پلس کے مکمل تعاون کے بغیر تیل کی ضروری رسد کو برقرار رکھنا مشکل ہوگا، روس اوپیک پلس کو مکمل کرنے والی طاقت ہے۔

    خیال رہے کہ اوپیک پلس میں تیل برآمد کرنے والے 23 ممالک شامل ہیں، ان میں سے 13 اوپیک کے ارکان ہیں، نومبر 2016 میں تیل منڈیوں کے استحکام کو یقینی بنانے کے لیے اوپیک پلس قائم کی گئی تھی۔

  • سری لنکا کا روس اور قطر سے سستا تیل خریدنے کا اعلان

    سری لنکا کا روس اور قطر سے سستا تیل خریدنے کا اعلان

    کولمبو: شدید معاشی بحران کا شکار سری لنکا نے روس اور قطر سے سستا تیل خریدنے کا اعلان کیا ہے، دوسری جانب ایک امریکی وفد بھی سری لنکا پہنچا ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق سری لنکا نے شدید بحران کو دیکھتے ہوئے روس اور قطر سے سستا تیل خریدنے کا اعلان کیا ہے۔

    وزیر توانائی کانچانا وجے سکیرا کا کہنا ہے کہ پیر کو دو وزیر روس کا دورہ کر کے مزید تیل لینے کے لیے بات کریں گے، وزیر توانائی قطر جا کر تیل کے لیے بھی بات چیت کریں گے۔

    دوسری جانب امریکا کا ایک وفد سری لنکا پہنچا ہے جس میں امریکی محکمہ خزانہ اور امریکی محکمہ خارجہ کے نمائندے شامل ہیں، کولمبو میں امریکی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ مشکل وقت میں سری لنکا کی مدد کے لیے امریکی وفد پہنچا ہے۔

    سفارتکار جولی چونگ نے کہا کہ مشکل وقت میں سری لنکن معیشت کو سہارا دینے کے لیے امریکا ان کے ساتھ کھڑا ہے۔

  • موسم گرما میں بالوں کی چمک برقرار رکھنے کے لیے تیل گھر پر بنائیں

    موسم گرما میں بالوں کی چمک برقرار رکھنے کے لیے تیل گھر پر بنائیں

    موسم کی تبدیلی بالوں اور جلد پر اپنا اثر ڈالتی ہے، موسم کے بدلتے ہی جلد اور بالوں کی حفاظت میں اضافہ کرنا پڑتا ہے تاکہ یہ موسم کے ساتھ ہم آہنگ ہوسکیں۔

    موسم گرما میں بال خشک اور بے رونق ہوجاتے ہیں، ساتھ ہی بالوں کو رنگنے کے لیے استعمال کیے جانے والے کیمیکل بھی بالوں کی صحت کو متاثر کرتے ہیں۔

    لہٰذا بالوں کے لیے ایسے تیل کا استعمال ضروری ہے جو ان کی نشوونما میں مدد فراہم کرے، یہاں پر ایک ایسا ہی تیل بنانے کا طریقہ بیان کیا جارہا ہے جو ان تمام مسائل کو حل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

    اس تیل کو استعمال کرنے کے بعد بالوں کو اچھی دھولیں تاکہ تیل بالوں سے مکمل صاف ہو جائے۔

    تیل کو بنانے کے لیے ایک کھانے کا چمچ زیتون کا تیل، ایک کھانے کا ناریل کا تیل، ایک کھانے کا چمچ شہد اور ایک چائے کا چمچ ایپسن نمک یا میگنیشیئم فلیکس لیں۔

    ان تمام اجزا کو اچھی ملائیں، ناریل کے تیل کو تھوڑا سا گرم کر کے اس میں ایپسن نمک یا میگنیشیئم فلیکس شامل کر کے حل کرلیں۔

    اس تیل کو بالوں میں اچھی طرح لگائیں اور جڑوں میں مساج کریں، تیس منٹ تک لگا رہنے دیں پھر شیمپو سے دھولیں۔

    یہ تیل بالوں کی رونق اور نشونما میں اضافہ کرے گا اور انہیں نرم ملائم اور چمکدار بھی بنائے گا۔

  • وہ تیل جو گرتے بالوں کا علاج ہے

    وہ تیل جو گرتے بالوں کا علاج ہے

    بال گرنا ایک عام مسئلہ بن چکا ہے اور تقریباً ہر دوسرا شخص اس کا شکار ہے، بال گرنے سے روکنے کے لیے جہاں بے شمار ٹوٹکے آزمائے جاتے ہیں وہیں یہ خاص قسم کا تیل بھی خاصا معاون ثابت ہوسکتا ہے۔

    بال گرنے کی کئی وجوہات ہوسکتی ہیں، ان میں غیر متوازن غذا، ذہنی تناؤ، آلودگی اورصفائی کا خیال نہ رکھنا شامل ہے۔

    ان تمام عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں بہتر کرنے کی کوشش کریں اورساتھ ہی گرتے ہوئے بالوں کے لیے ان دو اقسام کے تیل کو ملا کر سر میں مساج کریں۔

    اس تیل کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ یہ مسحور کن خوشبو لیے ہوئے ہے، سونے سے قبل اس کا مساج ایک طرف تو بالوں کو گرنے سے روکے گا جبکہ دوسری جانب اس کی خوشبو نیند کو مزید پرسکون بنائے گی۔

    اس تیل کو بنانے کے لیے ایک کھانے کا چمچ انگور کے بیجوں کا تیل اور چند قطرے لیوینڈرکا تیل لیں، ان دونوں کو اچھی طرح ملا کر سرمیں جہاں بال زیادہ گر رہے ہیں وہاں لگا کر ہلکے ہاتھ سے مساج کریں۔

    بہتر نتائج کے لیے اسے روز استعمال کریں اور صبح شیمپو سے دھولیں۔

  • ایران سے اسمگل شدہ 6 لاکھ بیرل تیل امریکا نے ضبط کرلیا

    ایران سے اسمگل شدہ 6 لاکھ بیرل تیل امریکا نے ضبط کرلیا

    ایتھنز: امریکا نے یونان کے ساحل پر موجود 6 لاکھ بیرل اسمگل شدہ ایرانی تیل قبضے میں لے لیا، تیل لے جانے والا ٹینکر روس کی ملکیت تھا۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق امریکا نے یونان کے ساحل پر موجود ایک ٹینکر سے ایران سے اسمگل ہونے والا 6 لاکھ بیرل سے زیادہ خام تیل قبضے میں لے لیا ہے، یہ اقدام ایران کے خلاف نئی پابندوں کے تحت ہونے والی کارروائیوں کی ایک کڑی ہے۔

    جمعرات کو اس ضبط شدہ تیل کو ٹینکر سے دوسرے بحری جہاز میں منتقل کیا گیا اور اب اسے امریکا لے جایا جائے گا، دا پیگاس نامی اس آئل ٹینکر کو دو وجہ سے نشانہ بنایا گیا۔ ایک یہ کہ یہ ٹینکر روس کی ملکیت تھا اور دوسرا اس میں ایرانی تیل لدا ہوا تھا۔

    امریکا نے 22 فروری کو روس کی جانب سے یوکرین پر حملے سے قبل ہی 5 بحری جہازوں پر بھی پابندیاں عائد کی تھیں، ان جہازوں میں دا پیگاس بھی شامل ہے۔

    یکم مارچ کو اس ٹینکر کو نیا نام لاما دیا گیا اور یہ یکم مئی سے ایرانی تیل کی منتقلی میں مصروف تھا۔

    اس تیل بردار بحری جہاز کو ابتدائی طور پر یونانی حکام نے گزشتہ ماہ جنوبی یونانی جزیرے ایویا کے ساحل پر قبضے میں لے لیا تھا، اس میں عملے کے 19 روسی ارکان بھی سوار تھے۔

    اس وقت یونان نے کہا تھا کہ یوکرین پر حملے کی وجہ سے روس پر یورپی یونین کی پابندیوں کے تحت جہاز کو قبضے میں لیا گیا تھا لیکن بعد میں جہاز کو چھوڑ دیا گیا تھا۔

    تاہم امریکا نے اس ہفتے ایرانی پاسداران انقلاب کے غیر ملکی آپریشن یونٹ قدس فورس کے لیے روس کی مدد سے تیل کی اسمگلنگ اور منی لانڈرنگ کرنے والے نیٹ ورک پر نئی پابندیاں عائد کیں، جس کے نتیجے میں اس آئل ٹینکر کو دوبارہ قبضے میں لے لیا گیا۔

    ایران کی بندرگاہوں اور میری ٹائم آرگنائزیشن نے کہا کہ ٹینکر نے تکنیکی مسائل اور خراب موسم کی وجہ سے یونان کے ساحل کے قریب پناہ حاصل کی تھی اور اس کا سامان ضبط کرنا بحری قزاقی کی واضح مثال ہے۔

    اسمگل شدہ ایرانی تیل کے خلاف ان کارروائیوں سے ایران کے مغربی قوتوں کے ساتھ جوہری معاہدے (مشترکہ جامع پلان آف ایکشن) کی بحالی کی امیدیں دم توڑ رہی ہیں۔

  • پکوڑوں سے اضافی تیل کم کرنے کی آسان ٹپ

    پکوڑوں سے اضافی تیل کم کرنے کی آسان ٹپ

    رمضان المبارک میں پکوڑے افطار کا لازمی جز ہیں، تاہم کچھ لوگ پکوڑے کھانے سے اس لیے گھبراتے ہیں کہ ان میں تیل بہت ہوتا ہے اور اس کو کھا کر وزن بہت بڑھ جاتا ہے۔

    اس سے بچنے کے لیے آج آپ کو ایک آسان ٹپ بتائی جارہی ہے، اگر پکوڑے تلتے وقت گرم تیل میں ایک چٹکی نمک ڈال دیں تو اس سے پکوڑوں میں تیل جذب نہیں ہوگا۔

    اس کے علاوہ بیسن گھولتے وقت اس میں ایک چائے کا چمچ تیل ملا لیں ،اس سے بھی پکوڑوں میں تیل جذب نہیں ہوتا۔

    چاول کے پکوڑے

    چاول کے مزیدار پکوڑے بنانے کی ترکیب مندرجہ ذیل ہے۔

    اجزا

    بیسن: تین چوتھائی کپ

    ادرک باریک کٹی ہوئی: 1 کھانے کا چمچ

    چاول ابلے ہوئے: 2 کپ

    چاٹ مصالحہ: 1 چائے کا چمچ

    ہری مرچ باریک کٹی ہوئی: 1 کھانے کا چمچ

    نمک: حسب ذائقہ

    پیاز باریک کٹی ہوئی: 2 عدد

    ہرا دھنیا باریک چوپ کیا ہوا: 1 کھانے کا چمچ

    تیل تلنے کے لیے: حسب ضرورت

    ترکیب

    ایک پیالے میں بیسن، ادرک، چاول، چاٹ مصالحہ، ہری مرچ، نمک، پیاز اور ہرا دھنیا ڈال کر خوب اچھی طرح مکس کر لیں اور پانی ڈال کر گاڑھا پیسٹ بنا لیں۔

    اب کڑاہی میں تیل گرم کریں اور آنچ درمیانی رکھیں، جب تیل گرم ہو جائے تو ہاتھوں سے یا کسی چمچے کی مدد سے اس آمیزے کو ڈالتے جائیں اور ڈیپ فرائی کر لیں، یہاں تک کہ رنگ سنہرا ہو جائے۔

    مزیدار چاولوں کے پکوڑے تیار ہیں، ٹشو پیپر پر رکھ کر چٹنی کے ساتھ گرم گرم سرو کریں۔