Tag: Oil and gas reserves

  • دنیا بھر میں تیل اور گیس کے ذخائر کتنے اور کہاں کہاں ہیں؟ جانیے

    دنیا بھر میں تیل اور گیس کے ذخائر کتنے اور کہاں کہاں ہیں؟ جانیے

    لندن : دنیا بھر میں خام تیل اور ایل این جی کی قیمتوں میں اضافے کے تناظر میں مختلف ممالک نے مقامی سطح پر تیل اور گیس کی پیداوار بڑھانے کی حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ درآمدات پر انحصار کم کیا جاسکے۔

    امریکہ کی جانب سے روسی آئل، گیس اور کوئلے کی درآمدات پر پابندی لگا دی گئی ہے جبکہ برطانیہ اور دیگر یورپین یونین ممالک نے بھی روس سے نکلنے والے تیل اور گیس کے بائیکاٹ کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    برطانیہ کی طرف سے کہا گیا ہے کہ وہ اس سال کے آخر تک روسی تیل پر انحصار کم کر دے گا اور اس کے متبادل کی تلاش جاری ہے۔

    اس سے سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ دنیا روسی آئل اور گیس پر اتنا انحصار کیوں کرتی ہے اور دنیا کے کس ملک میں آئل اور گیس کے کتنے ذخائر موجود ہیں؟

    برطانوی آئل جائنٹ "بی پی” کے مطابق روس میں 107.8 ہزار ملین بیرل تیل اور 37.4 کھرب کیوبک میٹر گیس کے ذخائر موجود ہیں۔

    "بی پی” کے مطابق دنیا میں سب سے زیادہ تیل وینزویلا میں موجود ہے۔ ایک اندازے کے مطابق وینزویلا میں اس وقت 303.8 ہزار ملین بیرل تیل موجود ہے۔ جبکہ سعودی عرب میں 297.5 ہزار ملین بیرل تیل کے ذخائر موجود ہیں۔

    کینیڈا میں 168.1، ایران میں 157.8، کویت میں 101.5، متحدہ عرب امارات میں 97.8، امریکہ میں 68.8، عراق میں 145 اور لیبیا میں 48.4 ہزار ملین بیرل تیل کے ذخائر موجود ہیں جبکہ دنیا کے دوسرے حصوں میں 235.7 ہزار ملین بیرل تیل کے ذخائر موجود ہیں۔

    گیس کے ذخائر

    ’بی پی‘ کے مطابق روس میں اس وقت 37.4 کھرب کیوبک میٹر گیس کے ذخائر موجود ہیں، جبکہ ایران میں 32.1 کھرب کیوبک میٹر گیس کے ذخائر موجود ہیں۔

    قطر میں 24.7، وینزویلا میں 6.3، سعودی عرب میں 6، متحدہ عرب امارات میں 5.9، نائجیریا میں 5.5، ترکمانستان میں 13.6، امریکہ میں 12.6 اور چین میں 8.4 کھرب کیوبک میٹرز گیس کے ذخائر موجود ہیں۔

    بی پی کے مطابق دنیا کے دیگر حصوں میں 35.7 کھرب کیوبک میٹرز گیس کے ذخائر موجود ہیں۔

  • تیل وگیس کی تلاش ، پاکستان کو ایک اور بڑی کامیابی مل گئی

    تیل وگیس کی تلاش ، پاکستان کو ایک اور بڑی کامیابی مل گئی

    کراچی : او ڈی جی سی ایل نے صوبہ خیبر پختونخوا میں تیل اور گیس کے ذخائر دریافت کرلئے ، کمپنی یومیہ11.361 ملین اسٹینڈرڈ مکعب فٹ گیس ،895 بیرل خام تیل فراہم کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کو تیل وگیس کی تلاش کے سلسلے میں ایک اور بڑی کامیابی مل گئی، او ڈی جی سی ایل نے ولی بلاک صوبہ خیبر پختونخوا میں ولی نمبر 1 میں تیل اور گیس کے ذخائر دریافت کرلئے۔

    او ڈی جی سی ایل کے اس کنوں کی گہرائی 4727 میٹر ہے، کمپنی یومیہ 11.361 ملین اسٹینڈرڈمکعب فٹ گیس اور 895 بیرل خام تیل فراہم کرے گی ، کمپنی نے بنوں بیسن کے جنوبی مغربی حصے پر ہائیڈرو کاربن کی تلاش کو مزید بڑھا دیا ہے۔

    یاد رہے رواں سال جنوری میں پاکستان میں تیل اور گیس کی دریافت سے متعلق رپورٹ جاری کی گئی ، رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی میں تیل کی پیداوار میں 6 فیصد کمی ہوئی۔

    رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی میں گیس کی پیداوار میں 4 فیصد کمی ہوئی، دوسری سہ ماہی میں 5 آئل فیلڈز اور 4 گیس فیلڈز شامل ہوئیں۔ خام تیل کی پیداوار 6 فیصد کمی سے 76 ہزار 331 بیرل یومیہ پر آگئی۔

    رپورٹ کے مطابق مردان خیل اور مکوڑی آئل فیلڈز سے پیداوار میں کمی سے خام تیل کی پیدوار میں پچھلے سال کے مقابلے میں 6 فیصد کمی ہوئی، چندا، مرم زئی اور مکوڑی ایسٹ سے خام تیل کی پیداوار میں 5 سے 46 فیصد تک اضافہ ہوا۔

    رواں مالی کی دوسری سہ ماہی میں گیس کی پیداوار 4 فیصد کم ہو کر 3 ہزار 409 ایم ایم سی ایف ڈی رہ گئی، کنڈھ کوٹ اور قادر پور گیس فیلڈ سے 6 سے 18 فیصد ہیداوار میں کمی ہوئی، 4 نئی گیس فیلڈز سے 20 ایم ایم سی ایف ڈی اضافی گیس سسٹم میں شامل ہوئی۔

  • تیل اور گیس کے ذخائر کی تلاش ، پاکستان کو بڑی کامیابیاں ملنے لگیں

    تیل اور گیس کے ذخائر کی تلاش ، پاکستان کو بڑی کامیابیاں ملنے لگیں

    اسلام آباد : پاکستان میں تیل اور گیس تلاش کرنے والی کمپنیوں کو اہم کامیابیاں ملنے لگیں، ایک ماہ میں 5 مختلف مقامات سے نئے ذخائر دریافت کر لئے، نئے ذخائر سے 1040 بیرل خام تیل اور 47 ملین مکعب فٹ گیس یومیہ حاصل کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں تیل اور گیس کے نئے ذخائر کی تلاش کا مشن جاری ہے ، مشن میں تیل تلاش کرنے والی کمپنیوں کو اہم کامیابیاں ملنے لگیں۔

    او جی ڈی سی ایل نے ایک ماہ میں 5 مختلف مقامات سے نئے ذخائر دریافت کر لئے، نئے ذخائر کوہاٹ،شکردرہ اور سکھر کے قریبی علاقوں سے دریافت ہوئے، اے آر وائی نیوز کی ٹیم حقائق جاننے تیل کے نئے ذخائر تک پہنچی۔

    نئےذخائرسے1040 بیرل خام تیل،47 ملین مکعب فٹ گیس یومیہ حاصل کی گئی اور دریافت ہونے والے نئے ذخائر کو قومی سپلائی نیٹ ورک میں شامل کر دیا گیا ہے۔

    ماہرین کو مختلف علاقوں سے مزید تیل اور گیس کے ذخائرکی ممکنہ دریافت کے آثارمل گئے، جس کے بعد او جی ڈی سی ایل نے سروے مکمل کر کے ڈرلنگ کا کام تیز کر دیا ہے۔

    گذشتہ روز خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں تیل وگیس کےنئے ذخائردریافت ہوئے تھے ، نئی دریافت سے 16.12ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی پیداوار اور بیرل 3240یومیہ کنڈنسیٹ تیل حاصل ہوگا۔

    یاد رہے رواں ماہ کے آغاز میں او جی ڈی سی ایل کا کہنا تھا کہ تھل ایسٹ ویل نمبر1 اور بھمبرا کنواں نمبر1 سے دریافت گیس کی کمرشل پیداوارکا آغاز کردیا گیا ہے، جس سے ملک میں گیس پیداوار میں اضافہ ہوگا۔

  • بڑی کامیابی ، پاکستان میں تیل اور گیس کے نئے ذخائر دریافت

    بڑی کامیابی ، پاکستان میں تیل اور گیس کے نئے ذخائر دریافت

    کراچی : خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں تیل وگیس کےنئے ذخائردریافت ہوگئے ، نئی دریافت سے 16.12ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی پیداوار اور 3240بیرل یومیہ کنڈنسیٹ تیل حاصل ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں تیل و گیس کی تلاش میں بڑی کامیابی مل گئی ، ایم او ایل کمپنی نےخیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں تیل وگیس کےذخائر دریافت کرلئے۔

    اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ نئی دریافت سے 16.12ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی پیداوار ہوگی جبکہ 3240بیرل یومیہ کنڈنسیٹ تیل بھی حاصل ہوگا، کمپنی کی جانب سے مزید ٹیسٹنگ جاری ہے۔

    یاد رہے رواں ماہ کے آغاز میں او جی ڈی سی ایل کا کہنا تھا کہ تھل ایسٹ ویل نمبر1 اور بھمبرا کنواں نمبر1 سے دریافت گیس کی کمرشل پیداوارکا آغاز کردیا گیا ہے، جس سے ملک میں گیس پیداوار میں اضافہ ہوگا۔

    مزید پڑھیں : دریافت گیس کی کمرشل پیداوار کا آغاز

    اوجی ڈی سی ایل کے مطابق دونوں دریافتوں سے ملکی زرمبادلہ میں خاطر خواہ بچت ہوگی ، صارفین ،صنعت کی بڑھتی طلب کو بھی پورا کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔

    اس سے قبل کوہاٹ ڈھوک حسین کے مقام پر دریافت گیس کا منصوبہ مکمل کرلیا گیا تھا ، جس کے بعد 12 ایم ایم سی ایف ڈی کی14کلومیٹرطویل لائن ایس این جی پی ایل میں شامل ہوگئی تھی۔

    خیال رہے دسمبر 2019 میں پاکستان پیٹرولیم نے سندھ اوربلوچستان میں تیل اور گیس کی بڑی دریافت کا اعلان کرتے ہوئے پاکستان اسٹاک ایکس چینج کو نئی دریافت سے آگاہ کر دیا تھا ، پی پی ایل کا کہنا تھا کہ خیرپور سندھ میں 2 کروڑ 86 لاکھ کیوبک فٹ گیس دریافت ہوئی اور کنویں سے یومیہ 152 بیرل تیل بھی حاصل ہوگا۔

  • سعودی عرب: تیل اور گیس کے نئے ذخائر دریافت

    سعودی عرب: تیل اور گیس کے نئے ذخائر دریافت

    ریاض: سعودی عرب میں تیل اور گیس کے نئے ذخائر دریافت کرلیے گئے، گزشتہ برس بھی گیس کے 5 بڑے ذخائر دریافت ہوئے تھے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں آرامکو نے شمال مغربی علاقے میں تیل اور گیس کے نئے ذخائر اور وسطی علاقے میں ایک آئل فیلڈ دریافت کیے جانے کا اعلان کیا ہے۔

    سعودی آرامکو کے مطابق سنہ 2020 کی پہلی سہ ماہی کے دوران آئل اور گیس کی 2 نئی فیلڈز دریافت ہوئی ہیں، ان میں سے ایک فیلڈ گیس اور تیل کے ذخائر سے مالا مال ہے جبکہ دوسری صرف آئل فیلڈ ہے۔

    آرامکو کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مملکت کے شمال مغرب میں ایک فیلڈ دریافت ہوئی ہے جہاں گیس اور تیل کے ذخائر بھرے ہوئے ہیں جبکہ وسطی ریجن میں آئل فیلڈ دریافت ہوئی ہے۔

    آرامکو کا کہنا ہے کہ سنہ 2019 کے دوران 2 آئل فیلڈز دریافت کی گئیں جبکہ تیل کے 7 کنویں کامیابی سے تیار کرلیے گئے۔

    سنہ 2019 کے دوران گیس کی تلاش کا بھی کام کیا گیا جس سے صحرا میں گیس فیلڈ دریافت ہوئی اور گیس کے 5 بڑے ذخائر ریکارڈ پر آئے، علاوہ ازیں گیس کے 6 کنویں بھی کامیابی سے تیار کرلیے گئے۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب کی سب سے بڑی تیل کی کمپنی آرامکو نے اپنی پہلی سہ ماہی میں 16.63 ارب ڈالر کمائے ہیں اور 13.4 ارب ڈالر شئیر ہولڈرز میں تقسیم کیے ہیں۔

  • پاکستان  میں تیل اورگیس کے سب سے زیادہ ذخائر سندھ سے ملے ہیں، عمرایوب

    پاکستان میں تیل اورگیس کے سب سے زیادہ ذخائر سندھ سے ملے ہیں، عمرایوب

    اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی کا کہنا ہے کہ 10 سالوں کے دوران تیل اور گیس کے دریافت ہونے والے ذحائر کی تعداد 160 ہے، فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ بھاشا اور مہمند ڈیمز کے فنڈز میں10 ارب 40 کروڑ سے زائد روپے جمع ہوچکے ہیں ۔

    تفصیلات کے مطابق آج بروز جمعہ سینٹ کا اجلاس صادق سنجرانی کی صدارت میں ہوا جس میں وزیر توانائی عمر ایوب خان نے تحریری جواب میں بتایاکہ گزشتہ 10 سالوں کے دوران تیل اور گیس کے دریافت ہونے والے ذخائر کی تعداد 160 ہے۔ انہوں نے کہاکہ سب سے زیادہ ذخائر سندھ سے دریافت کئے گئے،پنجاب میں 13،خیبرپختونخوا میں 13 جبکہ بلوچستان سے 3 ذخائر دریافت کئے گئے۔

    کیکڑا ون نامی زیر سمندر ڈرلنگ سائٹ پر بریفنگ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس مقام پر ڈرلنگ ابھی جاری ہے۔ چار ہزار آٹھ سو میٹر گہرائی تک ڈرلنگ کی جاچکی ہے جبکہ تیل کا کنواں انتہائی گہرے پانیوں میں 5 ہزار چھ سو ساٹھ میٹر کی گہرائی میں موجود ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایکسون موبل کے عہدیداران سے ہونے والی حالیہ ملاقات میں انہیں یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ جلد ہی تیل کا ذخیرہ نکل آئے گا۔

    اسی اجلاس میں چیف جسٹس، وزیراعظم فنڈ برائے تعمیر دیامر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیمز معاملہ پر وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے سینٹ میں تحریری جواب جمع کرادیا ۔ جواب میں بتایاگیاکہ سپریم کورٹ کی ویب سائٹ کے مطابق 10 ارب 40 کروڑ 57 لاکھ 773 روپے بھاشا اور مہمند ڈیمز کے فنڈز میں جمع ہوچکے ہیں ،وزیراعظم کی جانب سے مئی کے مہینے میں اس منصوبے کا انعقاد کردیا جائےگا۔

     انچارج برائے پرائم منسٹر ہاوس نے سینٹ میں تحریری جواب میں کہاکہ پاکستان سٹیزن پورٹل 28 اکتوبر 2019 کو شروع کیا گیابتایاگیا کہ 13 اپریل 6 لاکھ 20 یزار 588 شکایات موصول ہوئیں،4 لاکھ 64 ہزار 562 شکایات حل کردی گئیں ۔

    مجموعی طور پر 75 فیصد شکایات حل کردی گئیں، بتایاگیاکہ صرف 25 فیصد مطلب ایک لاکھ 56 ہزار 26 شکایات اس وقت زیر التوا ہیں۔ یہ بھی بتایاگیاکہ شکایات حل کرنے کیلئے کم از کم 20 اورزیادہ سے زیادہ 40 روزدرکار ہوتے ہیں۔

  • چکوال میں تیل اور گیس کا نیا ذخیرہ دریافت

    چکوال میں تیل اور گیس کا نیا ذخیرہ دریافت

    لاہور: پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ نے صوبہ پنجاب کے ضلع چکوال میں تیل اور گیس کا ذخیرہ دریافت کرلیا۔ کرسال بلاک کے تلہ گنگ ایکس ون سے یومیہ 313 بیرل تیل اور 77 پی ایس آئی گیس حاصل ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیٹرولیم نے پنجاب کے ضلع چکوال میں تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت کر لیے ہیں۔

    ان ذخائر سے یومیہ 313 بیرل تیل اور 77 پی ایس آئی گیس حاصل ہوگی۔

    پی پی ایل، پنجاب کے ضلع چکوال کے مقام کرسال بلاک کے تلہ گنگ ایکس ون کنوئیں کا 100 فیصد حصے دار ہے۔

    تلہ گنگ کنویں کی کھدائی کا آغاز 24 مئی 2018 کو ہوا تھا جہاں سے کنویں سے حاصل شدہ مواد کی جانچ کے دوران کنوئیں سے تیل حاصل ہوا۔

    کنویں کی مزید کھدائی کے بعد بلند شرح پر تیل کے بہاؤ میں اضافے کے امکانات ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے میں پاکستان کے مختلف مقامات پر تیل اور گیس کے نئے ذخائر دریافت کیے جاچکے ہیں۔

    گزشتہ برس سندھ کے علاقے گھوٹکی میں جاری گیس کی تلاش کامیابی سے ہمکنار ہوئی جہاں ماری ڈیولپمنٹ اور لیز ایریا کے شاہین ون نامی ایکسپلوریشن ویل میں قابل ذکر تعداد میں گیس کا ذخیرہ دریافت ہوا۔

    کمپنی کے مطابق ذخیرے میں موجود نئے امکانات کی مختلف سطحوں پر موجودگی کی سیسمک ڈیٹا سے شناخت کی گئی اور کمپنی ان کے لیے آئندہ دو سے تین سال میں ڈرلنگ کا ارادہ رکھتی ہے۔

    اس سے قبل خیبر پختونخواہ میں بھی تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت ہوئے جن سے یومیہ 2800 بیرل تیل اور 19.26 مکعب فٹ قدرتی گیس کا حصول ممکن تھا۔

  • تیل وگیس کے ذخائرسے بھرپورفائدہ حاصل کررہے ہیں، وزیراعظم

    تیل وگیس کے ذخائرسے بھرپورفائدہ حاصل کررہے ہیں، وزیراعظم

    اسلام آباد : وزیر اعظم شاھد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ساڑھے چار سال میں پاکستان نےتیل و گیس کے ذخائر سے فائدہ اٹھایا اور تیل و گیس کی کمپنیوں کو بہترین مواقع میسر ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں تیل و گیس سے متعلق کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، وزیر اعظم نے کہا کہ ہم تمام وسائل کا بھرپور استعمال کررہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ترقی کے ہدف کو پورا کرنے کیلئےتیل وگیس کے زیادہ وسائل درکار ہیں، تیل کے شعبے میں دس فیصد سے زائد کا ہدف حاصل کرنا چاہتے ہیں، اقتصادی شرح نمو کا ہدف چھ فیصد رکھا گیا ہے، پراعتماد ہوں تیل وگیس کی نئی کمپنیاں کارکردگی دکھائیں گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ نو ملین ٹن ایل این جی درآمد کی جارہی ہے، اگلے تین سال میں بیس ملین ٹن ایل این جی درآمد کرینگے، وزیر اعظم شاھد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ سلامتی کے شعبے میں پاکستان نے بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں، سلامتی کی صورتحال بہتر ہونے سے ترقی کے مواقع بڑھیں گے۔


    مزید پڑھیں: گوادرکا اقتصادی زون رواں سال مکمل ہوجائے گا، وزیر اعظم


    علاوہ ازیں وزیراعظم شاہدخاقان عباسی کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے، اجلاس میں ممنوعہ اسلحے پرعائد پابندی سےمتعلق امور کا بھی جائزہ ليا جائے گا، اس کے علاوہ پی او ايف بورڈ ميں فنانشنل ايڈوائزر کی تعيناتی کی منظوری متوقع ہے، اجلاس میں مختلف ممالک کے ساتھ معاہدوں اورايم او يوز کی توثيق کی جائےگی۔