Tag: Oil and gas

  • سعودی شہزادے کی اہم پیش گوئی

    سعودی شہزادے کی اہم پیش گوئی

    ریاض : سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے کہا ہے کہ گیس سے تیل کی طرف جانے والے صارفین یومیہ 5 سے 6 لاکھ بیرل کی طلب کرسکتے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شہزادہ عبدالعزیز نے کہا کہ دنیا میں اب توانائی کے شعبے میں قلت پیدا ہو رہی ہے، انہوں نے کہا کہ ممکنہ تبدیلی کا انحصار اس بات پر ہے کہ سردیوں کا موسم کتنا شدید ہوگا اور متبادل توانائی کی قیمتیں کتنی مہنگی ہوں گی۔

    سعودی وزیر توانائی نے توانائی کے نرخوں میں حالیہ اضافے کا باعث بننے والے عوامل کی ایک وسیع رینج کا خاکہ پیش کیا جس میں ہائیڈرو کاربن اور انفراسٹرکچر میں محدود سرمایہ کاری، کم انوینٹری، لاک ڈاؤنز کو اٹھانا اور کوویڈ 19 ویکسین اپ ٹیک ریٹ شامل ہیں۔

    شہزادہ عبدالعزیز نے سی ای آر اے ویک انڈیا انجرنی فورم کو بتایا کہ ’لوگ اچانک اس حقیقت سے بیدار ہوگئے کہ وہ سب کچھ ختم کر رہے ہیں، ان کی سرمایہ کاری ختم ہو گئی ہے، ان کے پاس اسٹاک ختم ہو گئے ہیں اور وہ تخلیقی صلاحیتوں سے باہر ہوگئے ہیں۔‘

    انہوں نے مزید کہا کہ سمندری طوفانوں کی وجہ سے قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے جس نے تیل کی پیداوار  اور  ریفائننگ کو متاثر کیا ہے اور ایک خیال ہے کہ ہمارے پاس شدید سردی کا موسم ہو گا جو ہو سکتا ہے یا نہیں۔‘

    سعودی وزیر توانائی نے کہا کہ اس توقع کی کمی ہے کہ عالمی معیشت اتنی تیزی سے ترقی کرے گی جتنی کہ اب کر رہی ہے۔  انٹرنیشنل انرجی ایجنسی نے گذشتہ ہفتے 2021 اور 2022 کے لیے اپنی عالمی تیل کی طلب میں اضافے کی پیش گوئی کو زیادہ ایڈجسٹ کیا

    جس کی ایک وجہ یومیہ 5 لاکھ بیرل کے متوقع اضافہ ہے کیونکہ بجلی کی پیداوار اور ہیوی انڈسٹری کے شعبے زیادہ مہنگی قدرتی گیس اور کوئلے سے ایندھن کے تیل اور پٹرول پر تبدیل ہوتے ہیں۔

    انٹرنیشنل انرجی ایجنسی نے کہا کہ توانائی کی قلت افراط زر کو روک سکتی ہے اور کوویڈ 19 سے دنیا کی بحالی کو سست کر سکتی ہے۔ شہزادہ عبدالعزیز نے کہا کہ دنیا کو توانائی کی فراہمی کی سیکیورٹی پر توجہ دینی چاہیے اور ماحولیاتی تبدیلی کے خلاف جنگ میں سمجھوتہ نہیں کیا جانا چاہیے۔

  • اٹک اور لورالائی میں تیل اور گیس کی دریافت کے لیے لائسنس جاری

    اٹک اور لورالائی میں تیل اور گیس کی دریافت کے لیے لائسنس جاری

    اسلام آباد: صوبہ پنجاب اور بلوچستان کے شہروں اٹک اور لورا لائی میں تیل اور گیس کی دریافت کے لیے لائسنس جاری کردیے گئے، وفاقی وزیر حماد اظہر کا کہنا ہے کہ ہر کنویں کی دریافت کے علاقے میں سالانہ 30 ہزار ڈالر فلاحی کاموں پر خرچ ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق تیل اور گیس کے ذخائر کی دریافت کے لائسنس کی اجرا کی تقریب ہوئی، تقریب میں وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر کی موجودگی میں معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔

    پیٹرولیم ڈویژن کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 2 کنوؤں کی دریافت کے لیے لائسنس جاری کر دیے گئے۔ اٹک اور لورالائی میں تیل اور گیس کی دریافت کے لیے لائسنس جاری کیے گئے۔

    وفاقی وزیر حماد اظہر کا کہنا تھا کہ ہر کنویں کی دریافت کے علاقے میں سالانہ 30 ہزار ڈالر فلاحی کام پر خرچ ہوں گے، ذخائر کی دریافت میں کامیابی کی صورت میں قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملکی معدنی وسائل کی دریافت کے لیے کوششیں تیز کر دی ہیں، اگلے چند ماہ میں آف شور ایکسپلوریشن لائسنسز کا اجرا بھی کیا جائے گا۔

    وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ حکومت گیس کی درآمد کے لیے نئے ٹرمینلز پر کام کر رہی ہے، مقامی گیس کی دریافت پر بھی ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جارہا ہے۔

  • سعودی حکومت نے عوام کو نئی خوشخبری سنا دی

    سعودی حکومت نے عوام کو نئی خوشخبری سنا دی

    سعودی عرب کے شمالی علاقوں میں تیل اور گیس کی نئی فیلڈز دریافت ہوئی ہیں، سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے بتایا کہ آرامکو نے مملکت کے شمالی علاقوں میں تیل اور گیس کی دو نئی فیلڈز دریافت کی ہیں۔

    سعودی خبررساں ادارے کے مطابق الجوف کے علاقے میں ھضبۃ الحجرۃ گیس فیلڈ اور ابرق التلول آئل فیلڈ اور شمالی حدود ریجن میں گیس فیلڈ واقع ہے۔

    الھضبۃ الحجرۃ گیس فیلڈ سکاکا شہر کے مشرق میں واقع ہے۔ اس سے روزانہ 16 ملین مکعب فٹ گیس نکالی جائے گی۔
    سعودی وزیر توانائی نے بتایا کہ ابرق التلول فیلڈ سے غیر روایتی اعلی درجے کا ہلکا عرب تیل دریافت ہوا ہے۔

    یہ فیلڈ عرعر شہر کے جنوب مشرق میں واقع ہے۔ اس سے روزانہ 3189 بیرل تیل نکلے گا۔ اس کے ساتھ 1.1 ملین مکعب فٹ گیس بھی حاصل ہوگی۔

    ابرق التلول فیلڈ سے2.4 ملین مکعب فٹ گیس روزانہ کی بنیاد پر نکل رہی ہے، یہ 49 بیرل کُنڈینسیٹ گیس سے مالا مال ہے۔

    شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے مزید کہا کہ سعودی آرامکو دونوں فیلڈز میں پیٹرول، گیس اور کُنڈینسیٹ گیس کا جائزہ لیتی رہے گی جبکہ دونوں فیلڈ کے حجم اور رقبے کی نشاندہی کے لیے مزید کنویں کھودے جائیں گے۔

  • سعودی عرب: تیل اور گیس کے نئے ذخائر دریافت

    سعودی عرب: تیل اور گیس کے نئے ذخائر دریافت

    ریاض: سعودی عرب میں تیل اور گیس کے نئے ذخائر دریافت کرلیے گئے، گزشتہ برس بھی گیس کے 5 بڑے ذخائر دریافت ہوئے تھے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں آرامکو نے شمال مغربی علاقے میں تیل اور گیس کے نئے ذخائر اور وسطی علاقے میں ایک آئل فیلڈ دریافت کیے جانے کا اعلان کیا ہے۔

    سعودی آرامکو کے مطابق سنہ 2020 کی پہلی سہ ماہی کے دوران آئل اور گیس کی 2 نئی فیلڈز دریافت ہوئی ہیں، ان میں سے ایک فیلڈ گیس اور تیل کے ذخائر سے مالا مال ہے جبکہ دوسری صرف آئل فیلڈ ہے۔

    آرامکو کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مملکت کے شمال مغرب میں ایک فیلڈ دریافت ہوئی ہے جہاں گیس اور تیل کے ذخائر بھرے ہوئے ہیں جبکہ وسطی ریجن میں آئل فیلڈ دریافت ہوئی ہے۔

    آرامکو کا کہنا ہے کہ سنہ 2019 کے دوران 2 آئل فیلڈز دریافت کی گئیں جبکہ تیل کے 7 کنویں کامیابی سے تیار کرلیے گئے۔

    سنہ 2019 کے دوران گیس کی تلاش کا بھی کام کیا گیا جس سے صحرا میں گیس فیلڈ دریافت ہوئی اور گیس کے 5 بڑے ذخائر ریکارڈ پر آئے، علاوہ ازیں گیس کے 6 کنویں بھی کامیابی سے تیار کرلیے گئے۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب کی سب سے بڑی تیل کی کمپنی آرامکو نے اپنی پہلی سہ ماہی میں 16.63 ارب ڈالر کمائے ہیں اور 13.4 ارب ڈالر شئیر ہولڈرز میں تقسیم کیے ہیں۔

  • تیل و گیس کے شعبوں میں غیرملکی سرمایہ کاری : گزشتہ سال کے دوران نمایاں اضافہ

    تیل و گیس کے شعبوں میں غیرملکی سرمایہ کاری : گزشتہ سال کے دوران نمایاں اضافہ

    کراچی : پاکستان میں تیل وگیس کے شعبہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں گزشتہ مالی سال کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    سرمایہ کاری بورڈ کی جانب سے اس حوالے سے جاری کردہ اعداد و شمارکے مطابق مالی سال 2018-19 میں پاکستان میں تیل وگیس کے شعبہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 308.8 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جومالی سال2017-18 کے مقابلہ میں 60.41 فیصد زیادہ ہے۔

    مالی سال 2017-18 کے دوران پاکستان میں تیل و گیس کے شعبہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 192.5 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

    اعداد و شمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے مہینہ میں ملک میں تیل و گیس کے شعبہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 13.2 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    تیل و گیس ایسا شعبہ ہے جس میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا تناسب زیادہ ہے۔ ملک میں گزشتہ مالی سال کے دوران براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کاحجم 1737.1 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

    گزشتہ مالی سال کے دوران تعمیرات کے شعبہ میں سب سے زیادہ غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ دوسرے نمبر پر تیل وگیس کا شعبہ ہے جس میں سب سے زیادہ براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی ہے۔

  • سمندر میں تیل اور گیس کے ذخائر نہیں ملے، ڈرلنگ روک دی گئی

    سمندر میں تیل اور گیس کے ذخائر نہیں ملے، ڈرلنگ روک دی گئی

    کراچی: تیل وگیس کے ذخائرنہ ملنے کے باعث سمندر میں ڈرلنگ روک دی گئی.

    تفصیلات کے مطابق کیکڑاون میں ڈرلنگ کاکام روک دیا گیا، ذرائع وزارت پٹرولیم نے اس کی تصدیق کی ہے.

    کیکڑاون کے مقام پر5500 میٹرز سے زیادہ گہرائی تک ڈرلنگ کی گئی تھی، مگر ذخائر نہ مل سکے.

    وزارت پٹرولیم کے اعلیٰ‌ حکام نے ڈرلنگ روکنے کی تصدیق کر دی ہے. ابتدائی نتائج سے ڈی جی پیٹرولیم کو آگاہ کردیا گیا۔

    یاد رہے کہ لگ بھگ دس برس قبل بھی اس نوع کی ایک کوشش کی گئی تھی، مگر  وہ بھی ناکام گئی تھی۔

    مزید پڑھیں: پاکستان میں تیل اورگیس کے سب سے زیادہ ذخائر سندھ سے ملے ہیں، عمرایوب

    خیال رہے کہ کیکڑا ون کے مقام پر اٹلی کی کمپنی ای این آئی، امریکی کمپنی ایگزون موبل ڈرلنگ کر رہے تھے، پراجیکٹ میں او جی ڈی سی اور پی پی ایل شامل تھے، ڈرلنگ کے منصوبے پر لاگت کا تخمینہ 10 کروڑ ڈالر  سے زائد ہے۔

    یاد رہے کہ آج ہی شوکت خانم کی فنڈ ریزنگ تقریب میں عمران خان نے کہا تھا کہ  ایک ہفتے میں  ہمیں پتا چل جائےگا کہ سمندرمیں کتنا گیس ہے، امید ہے کہ سمندرسے گیس کے ذخائر مل جائیں گے، گیس دریافت ہوگئی تو اگلے50سال تک قلت نہیں ہوگی.