Tag: oil theft

  • سندھ میں سرکاری لائن سے تیل چرانے والے ملزمان کا ریکارڈ ایف آئی اے کے حوالے

    سندھ میں سرکاری لائن سے تیل چرانے والے ملزمان کا ریکارڈ ایف آئی اے کے حوالے

    کراچی: آئی جی سندھ نے صوبے میں سرکاری لائن سے تیل چوری کرنے والے ملزمان کا ریکارڈ ایف آئی اے کے حوالے کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ میں سرکاری لائن سے تیل چرانے پر کارروائی کے لیے اہم پیش رفت ہوئی ہے، آئی جی سندھ کی جانب سے ایف آئی اے انسداد دہشت گردی ونگ کو ایک خط لکھ دیا گیا ہے۔

    خط میں تیل چوروں کے خلاف اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت کارروائی کی سفارش کی گئی ہے، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے بذریعہ خط آئی جی کو تیل چوری کی دستاویزات دی تھیں۔

    آئی جی سندھ نے خط میں لکھا کہ تیل چوری میں ملوث ملزمان کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کی جائیں، انھوں نے خط میں اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ 2010 کا حوالہ بھی دیا، اور لکھا کہ ملزمان سرکاری لائن سے تیل چوری کر کے فروخت میں ملوث ہیں۔

    آئی جی سندھ نے ملزمان کا مکمل ریکارڈ بھی ایف آئی اے کو بھیج دیا ہے، ذرائع کے مطابق سندھ بھر میں 5 سال کے دوران تیل چوری کے 23 مقدمات درج ہیں۔

    ان مقدمات میں گروہ سرغنہ لطف سیال، عبیداللہ اور مہران، گل خان، گل بہار، یونس سمیت 16 افراد نامزد ہیں، ان ملزمان نے تیل چوری کر کے بنگلے، گاڑیاں اور پراپرٹی بھی خریدیں۔

  • تیل کی سرکاری لائن سے چوری دہشت گردی سے مماثل قرار، مقدمات سی ٹی ڈی کو منتقل

    تیل کی سرکاری لائن سے چوری دہشت گردی سے مماثل قرار، مقدمات سی ٹی ڈی کو منتقل

    کراچی: تیل کی سرکاری لائن سے چوری کی وارداتیں دہشت گردی سے مماثل قرار دے دی گئیں، پولیس کے اعلیٰ حکام کی ہدایت پر مقدمات سی ٹی ڈی کو منتقل کر دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ میں سرکاری تیل کی لائن سے چوری کی منظم وارداتیں کی جا رہی ہیں، چند روز قبل بن قاسم کے مختلف مقامات سے تیل چوری کے لیے لگائے گئے کلپ پکڑے گئے تھے اور تیل چوری میں ملوث انتہائی مطلوب ملزم لطف سیال سمیت متعدد ملزمان گرفتار ہوئے تھے۔

    اعلیٰ پولیس حکام کی جانب سے مختلف واقعات سامنے آنے پر سخت نوٹس لیا گیا ہے اور ڈی آئی جی کرائم اینڈ انویسٹگیشن عامر فاروقی نے حکم نامہ جاری کرتے ہوئے بن قاسم تھانے میں درج ہونے والے 2 مقدمات فوری طور پر سی ٹی ڈی کو منتقل کر دیے۔

    حکم نامے میں ڈی آئی جی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پارکو ایک اہم تنصیب ہے، جس سے چھیڑ چھاڑ نہ صرف سنگین جرم ہے بلکہ یہ عمل دہشت گردی کی کارروائی کے مترادف بھی ہے، اس لیے موجودہ ایف آئی آرز میں اس پہلو کی خصوصی چھان بین کی جائے۔

    حکم نامے کے مطابق کیس کی تفتیش ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی کی نگرانی میں کی جائے گی اور تفتیش ایس ایس پی سی ٹی ڈی سے کروائی جائے گی۔

    پولیس ریکارڈ کے مطابق تیل چور گروہ کے سرغنہ لطف سیال کے خلاف سندھ بھر میں 11 مقدمات درج ہیں، جن میں 6 مقدمات بن قاسم، 1 شاہ لطیف ٹاؤن، 2 دادو، ایک خیرپور ناتھن اور کسٹمز کراچی میں بھی مقدمہ درج ہے، حکم نامہ جاری ہونے کے بعد تفتیش کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

  • پارکو پائپ لائن سے تیل چوری میں ملوث مطلوب ملزم زخمی حالت میں گرفتار

    کراچی: شہر قائد کے علاقے بن قاسم میں پارکو پائپ لائن سے تیل چوری میں ملوث مطلوب ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں بن قاسم میں پارکو پائپ لائن سے تیل چوری میں ملوث ملزم پکڑا گیا، ملزم کی شناخت محمد اشرف کے نام سے ہوئی ہے، جو پولیس کو مطلوب تھا۔

    پولیس حکام نے کہا ہے کہ ولی ٹاؤن میں پولیس اہل کاروں اور ملزمان کے درمیان دو طرفہ فائرنگ کے بعد محمد اشرف زخمی حالت میں گرفتار ہوا۔

    پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزم اشرف تیل چوری گروہ کا ماسٹر مائنڈ ہے، مقابلے کے دوران اس کے دیگر ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم نے کلپ کی مدد سے پارکو کی پائپ لائن کو کئی بار نقصان پہنچایا، اس کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔

  • پٹرولیم کمپنی کی لائن سے آئل چوری کرنیوالا گروہ کا ملزم گرفتار

    پٹرولیم کمپنی کی لائن سے آئل چوری کرنیوالا گروہ کا ملزم گرفتار

    کراچی : ملیر پولیس نے ایک ڈرائیور کو آئل ٹینکر سمیت حراست میں لیا ہے، ٹینکر میں لاکھوں روپے مالیت کا پائپ لائن سے چوری کیا جانے والا خام تیل موجود تھا، پانچ ملزمان فرار ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ملیر کے علاقے شاہ لطیف میں پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے پٹرولیم کمپنی کی پائپ لائن سے آئل چوری کرنے والے گروہ کا ملزم حراست میں لے لیا۔

    ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر نے میڈیا کو بتایا کہ چوری کا کروڈ آئل لے جانے والے ٹینکر کو ڈرائیور سمیت پکڑا اور ٹینکر کے ڈرائیور سے پوچھ گچھ کی۔

    ایس ایس پی ملیر کے مطابق ڈرائیور نے بتایا کہ ان کا گروہ پٹرولیم کمپنی کی لائن سے خام تیل چوری کرتے ہیں، ملزم کی نشاندہی پر کھدائی گئی گئی تو پائپ میں لگے غیرقانونی کنکشن پکڑے گئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے دیگر پانچ ساتھی داؤد، دلاور، یاسر، نورلاشاری اور ظہیر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کے مطابق پکڑے گئے آئل ٹینکر میں 5ہزار لیٹر آئل موجود ہے جس کی مالیت 26لاکھ روپے سے زائد ہے۔

    واردات کا مقدمہ پٹرولیم کمپنی کے ایک مجاز افسر کی مدعیت میں شاہ لطیف تھانے میں درج کرلیا گیا ہے، آئل ٹینکر، برآمد کئے گئے پائپ اور دیگر سامان پولیس نے قبضے میں لے لیا۔

  • کرک میں آئل فیلڈ سے 100 ارب روپے کا تیل چوری

    کرک میں آئل فیلڈ سے 100 ارب روپے کا تیل چوری

    اسلام آباد : کرک میں آئل فیلڈ سے سو ارب روپے کا تیل چوری کیا گیا، فی ٹینکر ہزار لیٹر تیل چرایا گیا، ایف آئی اے نے آئل کمپنی کے خلاف تحقیقات شروع کر دیں ہیں۔

    قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم و قدرتی وسائل کا اجلاس ملک امتیاز خان کی صدارت میں ہوا، اجلاس میں انکشاف کیا گیا کہ خیبر کے ضلع کرک کی آئل فیلڈ سے اربوں روپے مالیت کا خام تیل چوری کیا گیا۔

    ایف آئی اے کے ڈائریکٹر نے اپنی تحقیقات سے کمیٹی کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کرک کی آئل فیلڈ سے چوری کے حوالے سے شکایات سامنے آئی تھیں کہ تین طرح سے آئل چوری کیا گیا۔

    ایف آئی اے نے بتایا کہ غیر ملکی آئل کمپنی کے خلاف سو ارب روپے خام تیل چوری کرنے کی تحقیقات جاری ہیں، اب تک ڈیڑھ سو افراد خام تیل چوری کے الزام میں گرفتار کیے جاچکے ہیں، اس چوری میں حکومت اور وزارت پٹرولیم کے اعلیٰ افسران سے لے کر چھوٹے افسران تک ملوث ہیں۔

    ملک امتیار نے کہا کہ ایسی کمپنی کو بلیک لسٹ کیوں نہیں کرتے، قائمہ کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں کمپنی کے حکام سمیت متعلقہ دیگر ڈیپارٹمنٹ کو وضاحت کے لئے طلب کرلیا ہے۔