Tag: oil

  • تیل کی پیداوار کم کردیں گے: سعودی عرب کا اعلان

    تیل کی پیداوار کم کردیں گے: سعودی عرب کا اعلان

    ریاض: سعودی عرب نے تیل کی پیداوار میں کمی کا اعلان کردیا، بین الاقوامی منڈیوں میں تیل کی فی بیرل قیمتوں میں اضافے کا خطرہ منڈلانے لگا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی حکام نے اعلان کیا ہے کہ رواں ماہ کے اختتام پر سعودی عرب روزانہ کی بنیاد پر تیل کی پیداوار میں کمی کردے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ سعودی تیل کی پروڈکشن کم ہونے سے تیل کی پیداوار کا حجم دس ملین بیرل یومیہ کی جگہ سات ملین بیرل سے بھی کم ہوجائے گا۔

    سعودی حکام نے تیل کی پیداوار کے کمی کے فیصلے سے اپنے بین الاقوامی کسٹمرز کو آگاہ کردیا ہے، جس کے باعث عالی سطح پر تیل کی فی بیرل قیمتوں میں اضافے کا خطرہ ہے۔

    سعودی عرب کے وزیر توانائی خالد الفالح نے رواں سال فروری میں آگاہ کیا تھا کہ مملکت مارچ میں یومیہ 98 لاکھ بیرل خام تیل پیدا کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے، مارچ میں سعودی عرب کی تیل کی برآمدات کم ہو کر یومیہ 69 لاکھ بیرل ہو جائے گی۔

    سعودی عرب سے تیل کی پیداوار بڑھانے کی درخواست کی ہے: امریکی صدر

    خیال رہے کہ گذشتہ سال دسمبر میں اوپیک ممالک کی تیل کی پیداوار میں نومبر کے مقابلے میں 6 لاکھ بیرل سے زیادہ کی کمی آئی تھی۔

    یاد رہے کہ گذشتہ سال جولائی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ سعودی عرب سے تیل کی پیداوار بڑھانے کی درخواست کی ہے تاکہ عالمی منڈی میں تیل کی کمی کو پورا کیا جاسکے۔

  • وینزویلا بحران: سعودی عرب کو تیل کی عالمی منڈی غیر مستحکم ہونے کا خدشہ

    وینزویلا بحران: سعودی عرب کو تیل کی عالمی منڈی غیر مستحکم ہونے کا خدشہ

    ریاض: وینزویلا میں سیاسی بحران کے پیش نظر سعودی عرب کو تیل کی عالمی منڈی غیر مستحکم ہونے کا اندیشہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ان دنوں جنوبی امریکی ملک وینزویلا میں صدر نکولس مدورو کے خلاف احتجاج جاری ہے جس کے باعث سعودی عرب کو تیل کی تجارت سے متعلق شدید تشویش ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی حکام کا کہنا ہے کہ اویپک کے رکن ملک وینزویلا میں جاری بحران کے سبب تیل کی بین الاقوامی منڈی عدم استحکام کا شکار ہو سکتی ہے۔

    سعودی حکام کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب وینزویلا میں ہونے والی پیشرفت پر نظر رکھے ہوئے ہے اور اس کا تیل کی منڈی کے استحکام پر اثر پڑ سکتا ہے۔

    حکام کے مطابق ملکی معاملات کا حل ہونا معیشت کے ساتھ ساتھ تیل کی عالمی منڈی میں بھی مثبت اثرات مرتب کرے گا۔

    دوسری جانب امریکا نے وینزویلا میں تعینات امریکی سفارت کاروں اور اپوزیشن رہنما جون گائیڈو کے خلاف اقدام کرنے پر صدر نکولس ماڈورو کو خطرناک نتائج کی دھمکی دے دی۔

    اپوزیشن رہنما جون گائیڈو کے خلاف اقدامات وینزویلا کو مہنگی پڑے گی، جان بولٹن

    جان بولٹن کا کہنا تھا کہ ’صدر نکولس ماڈورو کا امریکی سفارتکاروں اور جون گائیڈو کے خلاف اقدام قانون کی حکمرانی حملہ تصور کیا جائے گا، اگر ایسا ہوا تو امریکا بھرپور جواب دے گا‘۔

    خیال رہے کہ گزشتہ دنوں فرانس، نیدرلینڈز اور جرمنی سمیت یورپی طاقتوں نے کہا تھا کہ اگر ماڈورو نے آٹھ روز میں دوبارہ انتخابات نہیں کرائے تو یورپی یونین اپوزیشن رہنما جون گائیڈو کو وینزویلا کا صدر تسلیم کرلیں گے۔

  • مظفر گڑھ میں‌ آئل ٹینکر الٹ گیا، سڑک ٹریفک کےلیے بند

    مظفر گڑھ میں‌ آئل ٹینکر الٹ گیا، سڑک ٹریفک کےلیے بند

    مظفر گڑھ : ڈرائیور کی غفلت کے باعث ڈی جی خان روڈ پر آئل ٹینکر الٹ گیا، پولیس نے متاثرہ جگہ سیل کردی، ہزاروں لیٹر آئل ضایع ہونے لگا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے جنوبی شہر مظفر گڑھ کے ڈی جی خان روڈ پر 40 ہزار لیٹر آئل سے لدا ٹینکر ڈرائیور کی غفلت کے باعث الٹ گیا، جس کے نتیجے میں ڈرائیور زخمی ہوگیا اور ٹینکر سے کروڈ آئل بھی کر ضائع ہونے لگا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد کسی امکانی واقعے سے بچنے کے لئے انتظامیہ کی جانب سے متاثرہ جگہ کو ٹریفک کے لیے بند کرنے کے ساتھ فائربریگیڈ کی گاڑیوں کو بھی جائے وقوعہ پر طلب کرلیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق ٹینکر کو سیدھا کرنے یا تیل کو کسی دوسرے ٹینکر میں منتقل کرنے کے لیے تاحال کوئی اقدامات نہیں کئے گئے ہیں۔

    مزید پڑھیں : بہاولپور: آئل ٹینکر میں آگ لگنے سے 140 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ سنہ 2017 میں عید الفطر سے ایک روز قبل 25 جون کو صوبہ پنجاب کے شہر بہاولپورمیں احمد پور شرقیہ کے نزدیک قومی شاہراہ پر تیل لے جانے والا ٹرک الٹ گیا تھا۔

    ٹرک سے بڑی مقدار میں تیل بہنا شروع ہوگیا جس کے بعد قریبی آبادی موقع پر جمع ہوگئی اور تیل برتنوں میں بھر کر لے جانے لگی۔

    اسی دوران اچانک ٹینکر میں دھماکہ ہوا جس کے بعد وہاں تیل جمع کرتے سینکڑوں افراد لمحوں میں آگ کی زد میں آگئے۔ حادثے میں ٹرک ڈرائیور سمیت ڈیڑھ سو سے زائد افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔

  • بلوچستان کے تیل اور گیس کے ذخائر ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں: دارو خان اچکزئی

    بلوچستان کے تیل اور گیس کے ذخائر ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں: دارو خان اچکزئی

    اسلام آباد: یونائیٹڈ بزنس گروپ کے رہنما اور ایف پی سی سی آئی کے صدارتی امیدوار دارو خان اچکزئی کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے تیل اور گیس کے ذخائر ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے جاری کردہ بیان میں ایف پی سی سی آئی کے صداراتی امیدوار دارو خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے آئل اینڈ گیس سیکٹر میں سرمایہ کاری کا بڑا پوٹینشل موجود ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اس پوٹینشل سے مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کار فائدہ اٹھا سکتے ہیں، قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ بلوچستان کے تیل اور گیس کے ذخائر غیر ملکی توانائی پر انحصار کم کرنے، آئل امپورٹ بل بچانے اور معیشت کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ملک میں گیس کے ذخائر کم ہو رہے ہیں، جس کی وجہ سے مہنگی گیس درامد کی جا رہی ہے اور گیس صارفین کے مسائل میں اضافہ ہورہا ہے۔

    دارو خان اچکزئی کا موقف تھا کہ مہنگی گیس سے کاروباری لاگت بڑھی ہے ، جس سے برامدات بھی متاثر ہو رہی ہیں ، جس کا حل ملکی سطح پر آئل اور گیس کی تلاش کو ترجیح دینے اور اس شعبہ میں سرمایہ کاری بڑھانا ہے۔

  • ایرانی تیل پر امریکی پابندی، بین الاقوامی صارفین متاثر

    ایرانی تیل پر امریکی پابندی، بین الاقوامی صارفین متاثر

    تہران: ایران نے خبردار کیا ہے کہ امریکا کی جانب سے ایرانی تیل پر پابندی کی صورت میں بین الاقوامی تیل کے صارفین متاثر ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کی جانب سے گذشتہ دنوں نئی اقتصادی پابندیاں عائد کی گئی ہیں، جس میں ایرانی تیل کو خاص طور پر ٹارگٹ کیا گیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی حکام نے خبردار کیا ہے کہ اس پابندی کی صورت میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا اور دنیا بھر کے صارفین متاثر ہوں گے۔

    امریکی صدر ٹرمپ نے امریکا میں وسط مدتی انتخابات سے قبل تیل کی قیمتیں کم رکھنے کے لیے ایران سے تیل درآمد کرنے والے آٹھ بڑے ممالک کو پابندیوں سے استثنیٰ دینے کا اعلان کیا تھا۔

    امریکا کی پابندیوں کے بعد ایرانی سرگرمیوں پر کڑی نظر

    البتہ ایران نے اس کے باوجود امریکی اقدام کو عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اسے فوری ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

    دوسری جانب امریکا نے ایران پر نئی اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کے بعد خطے میں ایرانی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنا شروع کردی ہے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ روز امریکی اعلیٰ عہدیدار کا کہنا تھا کہ امریکا تہران پر اقتصادی دباؤ بڑھانے کے بعد اب شام، عراق اور یمن میں ایرانی سرگرمیوں پر بھی توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔

    اس سے قبل بھی متعدد بار امریکا، سعودی عرب اور اسرائیل متعدد مرتبہ ایران کے خطے میں بڑھتے ہوئے اثرو رسوخ کے حوالے سے اپنے خدشات کا اظہار کر چکے ہیں۔

  • امریکا اقتصادی پابندیوں کے ذریعے ایرانی حکومت تبدیل کرنا چاہتا ہے: حسن روحانی

    امریکا اقتصادی پابندیوں کے ذریعے ایرانی حکومت تبدیل کرنا چاہتا ہے: حسن روحانی

    تہران: ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ امریکا ایران پر اقتصادی پابندیاں عائد کرکے موجودہ حکومت تبدیل کرنا چاہتا ہے، ایسے حربے کامیاب نہیں ہوں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے تہران یونیورسٹی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، حسن روحانی کا کہنا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ کے نفسیاتی اور اقتصادی حربے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

    انہوں نے امریکی فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایران پر دباؤ برداشت نہیں کیا جائے گا، ڈونلڈ ٹرمپ نے اقتدار میں آنے کے بعد ایرانی پر نئی اقتصادی پابندیاں عائد کیں۔

    ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ امریکا ایرانی دشمنی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ خیال رہے کہ ایرانی تیل کی فروخت پر پابندی چار نومبر کو عائد کی جا رہی ہے۔

    ایران کی سعودی عرب کو امریکا کے خلاف اتحاد کی پیش کش

    گذشتہ ہفتے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا تھا کہ ایران امریکا سے مذاکرات کے لیے تیار ہے، بشرط یہ کہ مذاکرات جامع اور مربوط ہوں جس پر امریکا خود بھی عمل کرے۔

    یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے ہی ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر طنز کرتے ہوئے کہا تھا کہ سعودی حکومت کو ایران کے ساتھ مل کر امریکا کے خلاف مضبوط اتحاد بنانا چاہیے تاکہ مشرق وسطیٰ کو مضبوط کیا جاسکے۔

    واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ میں سعودی عرب امریکا کا سب سے مضبوط اتحادی ہے دونلڈ ٹرمپ نے اپنے غیر ملکی دوروں کا آغاز بھی سعودی عرب سے کیا تھا۔

  • زیتون کے تیل کا روزانہ استعمال صحت کے لیے مفید

    زیتون کے تیل کا روزانہ استعمال صحت کے لیے مفید

    کھانے میں شامل کیا جانے والا تیل آپ کو بیمار یا صحت مند رکھ سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق روزانہ زیتون کے تیل کا استعمال آپ کو بے شمار فوائد پہنچا سکتا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ کھانا پکانے میں زیتون کے تیل کا استعمال کولیسٹرول کنٹرول میں رکھتا ہے جبکہ کینسر کے خلاف مدافعت بھی پیدا کرتا ہے۔

    یہ ہمارے جسم کو اندرونی طور پر فائدہ پہنچاتا ہے۔

    ایک برطانوی یونیورسٹی میں ہونے والی تحقیق کے مطابق زیتون کے تیل کے استعمال سے دل کی شریانیں بہتر طور پر کام کرتی ہیں اور اس کے مسلسل استعمال سے دل کا دورہ پڑنے کا خطرہ بہت کم ہو جاتا ہے۔

    تحقیق میں کہا گیا کہ روزانہ زیتون کے تیل کا استعمال امراض قلب سے محفوظ رکھ کر دل کو صحت مند رکھتا ہے۔

    زیتون کے تیل میں اومیگا 6 عنصر پایا جاتا ہے جو جسم کو خطرناک بیماریوں میں مبتلا ہونے سے روکتا ہے۔

    علاوہ ازیں زیتون کا تیل بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے اور خون میں صحت مند اور نقصان پہنچانے والے فیٹس کے درمیان توازن برقرار رکھتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • اوپیک تیل کی منڈی پر اثر انداز ہونے سے باز رہے: امریکی صدر

    اوپیک تیل کی منڈی پر اثر انداز ہونے سے باز رہے: امریکی صدر

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ تیل پیدا کرنے والے ممالک کی تنظیم (اوپیک) عالمی تیل کی منڈی پر اثر انداز ہونے سے باز رہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے جاری کردہ بیان میں اوپیک پر شدید تنقید بھی کی ہے، انہوں نے اوپیک کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ تیل کی منڈی پر اثر انداز ہونے سے باز رہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ امریکی صدر نے گذشتہ روز سعودی عرب پر دباؤ ڈالتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ایران کی تیل کی برآمدات میں کمی کو پورا کرنے کے لیے اپنی پیداوار بڑھائے۔

    دوسری جانب سعودی حکومت کہہ چکی ہے کہ ضرورت پڑنے پر تیل کی ترسیل میں اضافہ کیا جا سکتا ہے، امریکا کی جانب سے ایران پر پابندیوں کے اعلان کے بعد سے بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں بتدريج اضافہ ہو رہا ہے۔


    ایران نے تیل کے معاملے پر سعودی عرب کو بالواسطہ دھمکی دے دی


    خیال رہے کہ ایران نے امریکی دباؤ اور تیل کے معاملے پر سعودی عرب کو بالواسطہ دھمکی دیتے ہوئے تیل کی عالمی منڈی میں ایران کی جگہ لینے کو دغا بازی قرار دیا ہے۔

    ایران کے نائب صدر اسحاق جہانگیری کا کہنا تھا کہ ایران کو اپنا تیل فروخت کرنے میں کسی مشکل کا سامنا نہیں ہوگا، عالمی تیل کی منڈی میں ان کی جگہ نہیں لی جاسکتی۔


    سعودی عرب سے تیل کی پیداوار بڑھانے کی درخواست کی ہے: امریکی صدر


    واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ٹرمپ نے ٹوئٹ کے ذریعے کہا تھا کہ انھوں نے سعودی شاہ سلمان سے کہا ہے کہ وہ تیل کی پیداوار میں بیس لاکھ بیرل کا اضافہ کریں تاکہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں ہونے والے اضافے کو قابو کیا جاسکے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سعودی عرب سے تیل کی پیداوار بڑھانے کی درخواست کی ہے: امریکی صدر

    سعودی عرب سے تیل کی پیداوار بڑھانے کی درخواست کی ہے: امریکی صدر

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ سعودی عرب سے تیل کی پیداوار بڑھانے کی درخواست کی ہے تاکہ عالمی منڈی میں تیل کی کمی کو پورا کیا جاسکے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں کیا، ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے ان کی درخواست پر تیل کی پیداوار میں اضافہ کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ایران اور وینزویلا کی صورت حال کے سبب عالمی منڈی میں تیل کی کمی ہو گئی تھی جس کے باعث انہوں نے سعودی فرمانرواں شاہ سلمان سے تیل کی پیداوار بڑھانے کی درخواست کی۔


    سعودی حکومت کا تیل کی پیداوار میں‌ کمی کا اعلان


    امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب تیل کی پیداوار میں تقریباً دو ملین بیرل اضافہ کرے گا، سعودی فرمانرواں شاہ سلمان نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ موجودہ تیل کی قیمتیں بہت زیادہ ہیں۔

    خیال رہے کہ امریکی صدر نے اس بات کی وضاحت نہیں کی کہ سعودی عرب کی جانب سے آیا دو ملین بیرل تیل کی پیداوار میں اضافہ ماہانہ ہوگا یا روزانہ کی بنیاد پر البتہ گذشتہ ہفتے اوپیک ممالک کے اجلاس میں بھی تیل کی پیداوار بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔


    سعودی حکومت کا تیل مہنگا،رعایت ختم، نئے ٹیکس عائد کرنے کا ارادہ


    دوسری جانب سعودی خبر رساں ایجنسی کا کہنا تھا کہ امریکی صدر اور شاہ سلمان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ بھی ہوا جس میں دونوں رہنماؤں نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمت سمیت ملکی معیشت پر بھی تبادلہ خیال کیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی تعطل کا شکار

    ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی تعطل کا شکار

    اسلام آباد: دھرنے کے باعث ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی تعطل کا شکار ہوگئی۔ کراچی میں دھرنے کے باعث صرف 20 فیصد تیل کی سپلائی ہوسکی۔ صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی درالحکومت کے علاقے فیض آباد میں ہونے والے دھرنے کے باعث ملک بھر میں پیٹرول کی سپلائی تعطل کا شکار ہوگئی اور ہر جگہ پیٹرول کا حصول مشکل ہوگیا۔

    لاہور، پشاور، خان پور، فیصل آباد اور دیگر شہروں میں پیٹرول پمپس بند کردیے گئے جس کے باعث صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    آئل ٹینکرز کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے ترجمان کے مطابق کراچی میں راستوں کی بندش کی وجہ سے صرف 20 فیصد آئل ٹینکرز اندرون ملک روانہ ہو سکے۔ سپر ہائی وے پر ٹینکرز کی لمبی قطاریں لگ گئیں جن میں لاکھوں لیٹر تیل موجود ہے۔

    آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے ترسیل کی بحالی کے لیے سیکیورٹی کا مطالبہ کیا ہے۔ آل پاکستان گڈز ٹرانسپوٹرز الائنس نے بھی ہڑتال کا اعلان کر رکھا ہے۔ ہڑتال کے باعث ملک بھر میں سامان کی ترسیل بند ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔